Add Poetry

لوگ میری حالت کو شعر مان لیتے ہیں!

Poet: سدرہ سبحان By: sidra subhan, Kohat

بے کلی کے موسم میں
جب کسی بھی برگد سے
راز کہہ نہیں پاتی
ان ضعیف لمحوں میں
سوزِ جاں سے گھبرا کر
الٹی سیدھی سوچوں کو
ٹوٹے پھوٹے لفظوں سے
آڑھی ترچی سطروں میں
آگے پیچھے کر کر کے
خود سے باتیں کرتی ہوں
آگہی کی بھٹی میں
ہوش کی سلاخوں پر
بے بسی کی شدت کو
الجھنوں کے ایندھن پر
وجد میں لٹا کر میں
زہر یاس چھڑکا کر
درد پھونک دیتی ہوں
پھر بہت تسلی سے
دیدہ و دل وا کر کے
حوصلے کی کھڑکی سے
اس عجیب منظر کو
دیکھ کر تڑپتی ہوں
آگہی کے شعلوں میں
درد رقص کرتا ہے
جلتے بجھتے انگارے
دل کے نہاں خانوں سے
یادوں کے خزانوں کو
کھینچ کر جلاتے ہیں
اور پگھلتا مائع جب
خون میں اترتا ہے
تو طنابِ ہستی کا
ہر ستون گر گر کر
شور کرتا جاتا ہے
جسکی سخت دھاڑوں سے
دل کے کان پھٹتے ہیں
مایوسی کا دھواں بھی
حوصلوں کے دھانے پر
دستکیں بجاتا ہے
ایسے کسی لمحے میں
ضبط ٹوٹ جاتا ہے
غم کا سیاہ لاوہ جب
ذات کو تباہ کرکے
آہ سے نباہ کر کے
آنکھ سے نکلتا ہے
تب ہی شعر بنتا ہے
اور لوگ کہتے ہیں
شعر کتنا اچھا ہے
تم بھی اچھی شاعر ہو!
تب میں سوچتی ہوں کہ
ایسا کیا کیا میں نے
جس سے شعر بن پایا
بے سبب اداسی کو
کیوں یہ شعر کہتے ہیں
ورنہ سچ تو یہ ہے کہ
کیمیا گری میں جب
دن کو رام کرتی ہوں
ادب کی تڑپ میں پھر
اپنی شام کرتی ہوں
کرب کو آہنگ دے کر
ہر زخم کو رنگ دے کر
سر سے سر ملاتی ہوں
ہر لفظ کے ماتھے پر
زندگی کے جھومر سے
روشنی جگاتی ہوں
مجھکو تو فقط اپنے
درد سے عقیدت ہے
سوچنے کی عادت ہے
تب ہی شاید ایسا ہے
درد آہ بن کر جب
میری جان لیتے ہیں
لوگ میری حالت کو
شعر مان لیتے ہیں
 

Rate it:
Views: 833
19 Oct, 2017
Related Tags on General Poetry
Load More Tags
More General Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets