Add Poetry

مجھ کملی کا سنگھار پیا

Poet: فوزیہ رباب By: فوزیہ رباب , Goa India

مجھ کملی کا سنگھار پیا
ان سانسوں کا سردار پیا

تجھ بن در، چھت، دیوار ڈسے
تجھ بن سونا گھر بار پیا

ہر جذبے کی پہچان بھی تو
تو سانول ، تودلدار پیا

ان سر آنکھوں پر حکم ترا
میں مانوں ہر ہر بار پیا

تو ہی میرا غمخوار سجن
میں کرتی ہوں اقرار پیا

اب سانسیں چُور و چُورہوئیں
اب آ مل تو اک بار پیا

اک دکھ نے گھیرا ڈال لیا
اب لے چل نگری پار پیا

ہے من اندر اک آس تری
تُو سانسوں کو درکار پیا

ہر منزل پا کر ہجر ملے
سب راہیں بھی پر خار پیا

تو پاکیزہ سی ایک دعا
یہ دل تیرا دربار پیا

اک سکھ سے سوئے وصل ترا
جانے کب ہو بیدار پیا

پھر چاہت کی اک بات توکر
مت چپ چپ رہ کر مار پیا

تک تک راہیں اب نین تھکے
یہ برسیں زار و زار پیا

اب دے ہاتھوں میں ہاتھ مرے
میں اک تیری بیمار پیا

Rate it:
Views: 1054
09 Oct, 2015
Related Tags on Love / Romantic Poetry
Load More Tags
More Love / Romantic Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets