وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی صدر پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں کو عید الفطر کی مبارکباد

Eid al-Fitr greetings
Eid al-Fitr greetings

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے، وزیرِ اعظم نے دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں کو بھی عید الفطر کی مبارکباددی اور کہا کہ عید کے اس پر مسرت و بابرکت موقع پر پاکستان کی بہتری کیلئے آپکے تعاون کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔

وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت میں آپکا تعاون تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے اللہ رب العزت سے دعا کی کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے یہ اتحاد مبارک ثابت ہو اور آئندہ عید الفطر پر پاکستان معاشی طور پر مزید مضبوط اور مستحکم ہو۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ انشا اللہ ہم دن رات محنت سے پاکستان کو اس مقام پر لے جائیں گے، جس کا خواب پاکستان کے معماروں نے دیکھا تھا۔