معذور افراد کی جسمانی، ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے توجہ کی ضرورت ہے،ایوب ملک

معذور افراد کی جسمانی، ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے توجہ کی ضرورت ہے،ایوب ملک

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):انسانی حقوق کے کارکن ایوب ملک نے معذور افراد کے جسمانی اور ذہنی معیار زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اتوار کو ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معذور افراد (پی ڈبلیو ڈیز) کو متعدد ساختی اور نظریاتی چیلنجز کا سامنا ہے جن کا ان کی حقیقی زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سماجی داغ اکثر معذور افراد میں ان کی معذوری کی بجائے خراب ذہنی صحت کی وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی ذہنی صحت کو فروغ دینے کے طریقوں اور معذور افراد پر توجہ دے کر اس کو کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حال ہی میں کچھ حوصلہ افزا اقدامات اٹھائے گئے ہیں، جیسے کہ پی ڈبلیو ڈیز کے لیے خصوصی شناختی کارڈ متعارف کرانا تاکہ وہ بہت سی رعایتوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔

سرکاری دستاویزات میں ‘معذور’، ‘جسمانی طور پر معذور’ یا ‘ذہنی طور پر معذور’ جیسی توہین آمیز اصطلاحات کا استعمال کرنا بھی اب قانونی نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پالیسی ساز ی اورشہریوں کی ذہنیت میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی ضرورت ہے ۔