انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ، پولیو کا خاتمہ ہم سب کا قومی، اخلاقی، دینی اور سوشل فریضہ ہے،ڈاکٹرندیم جان

Federal Minister of National Health Dr. Nadeem Jan
Federal Minister of National Health Dr. Nadeem Jan

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیربرائے قومی صحت ڈاکٹرندیم جان نے کہا ہے کہ رواں سال کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغازہوگیا ہے، پولیو کا خاتمہ ہم سب کا قومی، اخلاقی، دینی اور سوشل فریضہ ہے۔

پیر کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹرندیم جان نے کہا کہ پیر سے رواں سال کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے جس میں 4 کروڑ 45 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کا قومی، اخلاقی، دینی اور سوشل فریضہ ہے۔پاکستان اور افغانستان کے علاوہ دنیا بھر کے بچے پولیو سے محفوظ زندگی گزار رہے ہیں ۔

پولیو کا مرض پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔ دنیا بھر کے ممالک نے اسی پولیو ویکسین کی بدولت پولیو کے مرض کو شکست دی ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہاکہ پولیو کے خاتمے کیلئے اپنے بچوں تک پولیو ویکسین کی رسائی پہلے سے بھی زیادہ اہم ہے۔ پولیو کے خاتمے کا عزم لیے ہمارے 4 لاکھ سے زائد پولیو ہیروز آپ کے دروازے پر روشن اور صحند مند مستقبل کی دستک دیں گے۔ پولیو ہیروز اپنی جان کی بازی لگا کر آپ کے معصوم بچوں کے مستقبل کو سنوار رہے ہیں ان کی عزت کریں اور ان سے مکمل تعاون کریں۔