درس نظامی کے امتحانات میں 4ہزارسے زائد طلبہ شرکت کرینگے

image
دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ترجمان کے مطابق تعلیمی سال 2014-15کے سہ ماہی امتحانات کا آغاز جمعرات 27نومبر سے ہوگا جوبلا تعطل 04دسمبرتک جاری رہیں گے۔ امسال شعبہ حفظ وناظرہ، درجات ابتدائیہ، درس نظامی، تخصص فی الفقہ (مفتی کورس) اور تخصص فی الحدیث کے شعبہ ملکی وغیر ملکی 4ہزار 410سے زائد طلباء وطالبات امتحانات میں شرکت کرینگے۔ امتحانات کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ جامعہ کے ناظم تعلیمات شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید خان غوری کو نگراں اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے۔ منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کی زیرصدارت مجلس تعلیمی ومجلس شوریٰ کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں سہ ماہی انتظامات اور تیاریوں کا جائز ہ لیا گیا اور سہ ماہی تعلیمی رپورٹ سے جامعہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کو آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے تمام اساتذہ ومنتظمین کی کوششوں کو سراہا اور مزید محنت کی طرف توجہ دلائی۔ دریں اثناء جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے پاکستان میں جرمن کلچر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کے بیان’’پاکستانی دینی مدارس دہشت گردی میں ملوث نہیں‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر ڈان ٹیڈن کابیان حقیقت پسندی کا اظہار اور مدارس پر الزام لگانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو نہ صرف دیگر مغربی ممالک بلکہ پاکستانی حکمرانوں کے لیے بھی حقیقت کی طرف رہنمائی ہے۔ مدارس کا دہشت گردی سے زبردستی تعلق جوڑنے والوں کی سازشیں پوری دنیا میں ناکام ہوچکی ہیں، حکومت پاکستان فی الفور غیر ملکی طلبہ کے تعلیمی ویزوں پر عائد ظالمانہ پابندی کو ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس خالص تعلیمی ادارے ہیں اور اسلام کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ نائن الیون کے بعد منظم منصوبہ بندی کے تحت پوری دنیا میں مدارس کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا جس کا مقصد عوام الناس کو مدارس اور دینی تعلیم سے دور کرنا تھا۔


Click here for Online Academic Results

About the Author:

مزید خبریں
تعلیمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.