محبت رسول ؐ میں جان بھی قربان ہے

فخرموجودات سالار انبیاء پیغمبر امن صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ ہمارا تعلق ایمان ،اطاعت اوراتباع کے بعد چوتھی بنیادی شرط آپ کے ساتھ ہماری محبت ہے دین اسلام میں وہ ایمان یا وہ اطاعت قابل قبول نہیں ہے جس کی بنیاد محبت پر نہ ہو ایسی اطاعت جس کی جڑوں میں محبت رسول کا جذبہ موجود نہ ہو اسے بادی النظر میں نفاق سے تعبیر کیا جاتا ہے ایسی اطاعت کو محض رسمی یا ریا پر مبنی اطاعت سمجھا جاتا ہے اﷲ تعالیٰ کو اپنے رسول سے ایسی محبت مطلوب ہے جس میں نفاق اوردکھلاوے کا شائبہ تک نہ ہو بلکہ محبت دنیا مافیہا ہی نہیں بلکہ اپنی جان سے بھی زیادہ رسول عربی خاتم النبین صلی اﷲ علیہ وسلم سے ہو،ارشادنبوی صلی اﷲ علیہ وسلم ہے کہ تم میں سے کوئی شخص مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اس کے نزدیک اس کے باپ، اس کے بیٹے، اور دوسرے تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔اﷲ تعالیٰ نے قرآن حکیم میں ارشاد فرمایا ہے ’’کہہ دو کہ اگر تمہارے باپ، تمہارے بیٹے، تمہارے بھائی، تمہاری بیویاں، تمہارے خاندان اور مال جو تم نے کمایا ہے اور تجارت جس کے گر جانے کا تمہیں اندیشہ ہے اور مکانات جو تمہیں پسند ہیں، اگر یہ ساری چیزیں تم کو اﷲ اور اس کے رسول اور اس کی راہ میں جہاد سے زیادہ عزیز ہیں تو انتظار کرو یہاں تک کہ اﷲ اپنا فیصلہ صادر کر دے‘‘ سیدنا عمربن خطاب رضی اﷲ عنہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ محوگفتگو ہیں توجناب عمر رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں یارسول اﷲ ؐ مجھے اپنی جان کے علاوہ آپ سے ساری کائنات بڑھ کر محبت ہے رسول اﷲ ؐ نے فرمایا تمہارا ایمان مکمل نہیں ہے سیدنا عمرؓ فرماتے مجھے کل کائنات اوراپنی جان سے بھی زیادہ آپ ؐ سے محبت ہے یہ سن کرارشاد فرمایا اے عمر! ا ب تمہارا ایمان مکمل ہوا ہے ،محبت رسول ؐ کے سامنے ہر چیز کی محبت پست اورآقا علیہ الصلوۃ والسلام کی محبت سب سے بلندہے،حب رسول ؐ کا تقاضا تو یہی ہے کہ اگر اس سے خود اس کا اپنا نفس اس مسلک کی مخالفت میں مزاحم ہوتا ہے تو وہ اسکی مخالفت کرتاہے، اگر دوسرے اس سے مزاحم ہوتے ہیں تو ان کو بھی خاطر میں نہیں لاتا، یہاں تک کہ اس کے بیوی بچوں اور اعزا و اقارب کے مطالبات بھی اگر اس کے اس منہج کے مطالبات سے کسی مرحلہ پر ٹکراتے ہیں تو وہ حب رسول ؐ میں وہ تمام مطالبات ٹھکرا دیتاہے جو اس کی محبت میں حائل ہوتے ہیں کیونکہ حب رسول ؐ صرف حروف اورجملوں کا مجموعہ نہیں ہے اورنہ ہی اس کا تعلق جذبات کے ساتھ ہے اس کا تعلق مابعد ایمان اطاعت رسول صلی اﷲ علیہ وسلم سے ہے جیساکہ ارشاد نبوی ؐ ہے کہ جس نے میری سنت سے محبت کی، اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے مجھ سے محبت کی، وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔یعنی ایمان کے بعد عمل محبت کی پہلی شرط ہے اگر محبت بلا عمل ہو اوریہ الفاظ تک محدود ہو تو پھر اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ ایسا ایمان اﷲ تعالیٰ کے ہاں مقبول نہیں ہے ارشاد نبوی ؐ ہے میری تمام امت جنت میں جائے گی مگر جو جنت میں جانے سے انکار کرے حضرات صحابہ کرام ؓ نے سوال کیا یا رسول اﷲ ؐ جنت میں جانے سے کون انکار کرسکتاہے آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں جائے گا جس نے میری نافرمانی کی گویا اس نے جنت میں جانے سے انکار کیا ۔سطوربالا سے یہ بات اظہرمن الشمس واضح ہوگئی ہے کہ نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ ہمارا ایمانی تعلق اس وقت تک استوار نہیں ہو سکتا جب تک اس ایمان کی بنیاد، اطاعت، اتباع اور محبت پر نہ ہو۔ وہیں مختلف اشارات سے یہ بات بھی نکلتی ہے کہ اطاعت بلا محبت کے نفاق، اور محبت بلا اطاعت و اتباع کے بدعت ہے یہ بات کہ اطاعت بلا محبت کے نفاق ہے، سطوربالا میں اس کی وضاحت ہوچکی ہے حوالی مدینہ کے بہت سے بدو اسلام کی سیاسی طاقت بڑھ جانے کے بعد اسلامی احکام و قوانین کی ظاہری اطاعت کرنے لگے تھے لیکن یہ اطاعت محض سیاسی مصالح کے تحت تھی، اﷲ اور رسول کی محبت اور اس ایمان کا نتیجہ نہیں تھی جس کی اصلی روح اخلاص و اعتماد ہے جیسے ہی ان اعراب نے اپنے نقلی ایمان کا ڈھنڈورا پیٹا اﷲ تعالیٰ نے ان کے ایمان کی اصلی حیثیت اہل ایمان پر اشکار کردی ’’اور یہ اعرابی لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہم ایمان لائے ہیں ان سے کہہ دو کہ تم ایمان نہیں لائے ہو البتہ یہ کہو کہ ہم نے اطاعت کر لی ابھی ایمان تمہارے دلوں کے اندر داخل نہیں ہوا ہے۔‘‘دوسرے مقام پر اﷲ تعالیٰ نے محبت رسول ؐ کی حقیقت کو مزید احسن پیرائے میں بیان کیا ہے ’’کہہ دیجئے اگر تم اﷲ تعالیٰ سے محبت کے دعویدار ہو تو پھر میری اطاعت کرو اﷲ تعالیٰ تم سے محبت کرے گااورتمہیں بخش دے گا ،تمہارے گناہ معاف کردے گا۔‘‘اطاعت رسول ؐ سے محبت ،بخشش اور گناہوں کی معافی کو مشروط کردیا گیا ہے یعنی ببانگ دھل محبت کا دعوی ،لمبی لمبی تقاریر ،وضاحتیں ،لچھے دار مست والست اشعار صوفیانہ رنگ ،راہبانہ ڈھنگ ،عالمانہ بودوباش کیوں نہ اختیار کرلی جائے اگر زندگی کے شب وروز میں اطاعت مصطفی صلی اﷲ علیہ وسلم کا رنگ موجود نہیں ہے تو ان کی یہ محبت بالکل بے معنی محبت ہے اور اگر انہوں نے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ محبت کرنے کے کچھ ایسے طریقے بھی ایجاد کر لیے ہیں جو صریحاً آپ کی سنت کے خلاف ہیں تو یہ اسی طرح کی بدعت ہے جس طرح کی بدعت نصاری نے حضرت عیسی علیہ الصلوۃ والسلام کی محبت میں کی تھی کہ ان کو پیغمبر کی بجائے خدا سمجھ لیا تھا حضرات صحابہ کرام ؓ نے جس طرح خاتم النبین ؐ سے محبت فرمائی اسی انداز میں محبت کی جائے گی تو ہی حقیقی معنوں میں ایمانی لذت وسرور حاصل ہوگا حضرات صحابہ کرام ؓ اپنی جانیں قربان کردیتے مگر فخرموجودات ؐ کے تلووں میں ایک کانٹے کا چبھنا بھی گوارا نہ کرتے تھے اپنے جسم تیروں سے چھلنی کروالیتے مگر آپ ؐ کا ایک بال بھی بیکا نہ ہونے دیتے مائیں اپنے بیٹے ،شوہر ،باپ اوربھائی سب کچھ قربان کرکے محبوب خدا ؐ کی سلامتی کی آرزوئیں رکھتی تھیں بقول شاعر:
نہ جب تک کٹ مروں میں خواجہ یثرب کی حرمت پر
خدا شاہد ہے کامل میرا ایماں ہو نہیں سکتا۔

Rashid Ali
About the Author: Rashid Ali Read More Articles by Rashid Ali: 56 Articles with 66234 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.