قرآن حفظ کرنے والی خواتین کو نصیحت

قرآن اﷲ کا مقدس کلام ہے ، اس کتاب سے مسلمانوں کو بے پناہ محبت ہے ، یہ بے چینوں کے لئے سکون وراحت کا سامان ، بیماروں کے لئے نسخہ کیمیا، اندھیر قلب ونظر کیلئے ایمان ویقین کی روشنی ، گمراہ نفس کے لئیسراپا ہدایت کا سرچشمہ اور مومن کے لئے دنیا وآخرت کی کامرانی کا ضامن ہے ۔ مسلمانوں کی قرآن سے شدید محبت کی وجہ سے اس کے یاد کرنے والے بھی ہردور میں کثیر تعداد میں رہے ہیں ۔ دنیا کاایسا کوئی کونہ یا روئے زمین کا کوئی ایسا ٹکرا نہیں ہیجہاں مسلمان رہتے ہوں اور وہاں کوئی حافظ قرآن نہ پایا جاتا ہو۔ مسلمانوں کی قرآن سے اسی بے پناہ محبت کی وجہ سے ہردور میں کفار نے اس کتاب مقدس کو جلانے اور مٹانے کی ناپاک کوشش کی مگر اپنی ناپاک کوشش میں کبھی کامیاب نہ ہوسکے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کتاب کی حفاظت اﷲ رب العالمین نے اپنے ذمہ لے رکھی ہے ۔ کہا جاتا ہے " جسے اﷲ رکھے اسے کون چکھے"۔
نورحق شمع الہی کو بجھا سکتا ہے کون
جس کا حامی ہو خدا اس کو مٹاسکتا ہے کون

اسلام ہی ایک ایسا مذمب ہے جس کی مذہبی کتاب قرآن کے حافظ بے شمار تعداد میں ہرجگہ پائے جاتے ہیں اور کسی مذہب کے اندر مذہبی کتاب اس قدر حفظ کرنے کی مثال نہیں ملتی ۔کفاراسلام دشمنی میں قرآن جلاسکتے ہیں ، دوچار حفاظ کو شہید کرسکتے ہیں مگرلاکھوں کروڑوں حفاظ کے سینوں سیاسے نہیں نکال سکتے ۔یہ اﷲ کا مسلمانوں پر خاص فضل وکرم ہے۔

قرآن کے حفظ کرنے والے جہاں مرد حضرات ہیں وہیں خواتین کی بھی کم تعداد نہیں رہی ہے ۔ آج کل گھریلو اورسماجی مسائل بڑھنے کی وجہ سے عورتوں کے لئے گھر اور قرآن کا حفظ کچھ مشکل مرحلہ نظر آتا ہے ، یہ ان خواتین کی بات ہے جنہیں بچپن میں قرآن حفظ کرنے کا موقع نہیں ملاورنہ توصغر سنی میں حفظ قرآن بہت ہی آسان ہے اور لڑکا ہو یا لڑکی کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے بس سرپرست کی خاصی توجہ کی ضرورت ہے ۔ جس خاتون کی عمر شادی کے قریب ہوگئی یا شادی ہوگئی اور اس عمر میں حفظ قرآن کا شوق پیدا ہوگیا تو کوئی حرج کی بات نہیں ہے ،اس مرحلہ میں بھی کچھ پریشانی کا سامنا کرکے قرآن پاک حفظ کرسکتی ہے مگر کچھ مسائل تو ہیں اسی سبب ہندوستان کے صوبہ بہار سے محترمہ زیبا فاطمہ صاحبہ خاکسار سے پوچھتی ہیں کہ" کچھ مسلم خواتین قرآن حفظ کر رہی ہیں انکے لئے کچھ نصیحت کریں جس سے انکے مقصد میں آسانی ہو کہ باوجود گھر کے کام کاج اور تمام ذمہ داریوں کے وہ قرآن حفظ کر رہی ہیں۔میرا ایک سوال یہ بھی ہے کہ کیا قرآن گھر پر خود سے حفظ کیا جا سکتا ہے یا کسی حافظ کی نگرانی میں ہی حفظ کرنا چاہیے؟ "
اﷲ کی کتاب پڑھنے ، سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کے لئے نازل ہوئی ہے ۔ جو قرآن سے جس قدر وابستہ ہوگا ، اس کے اندرعمل کا جذبہ اتنا ہی بیدار ہوگا۔ اسی لئے ہم دیکھتے ہیں کہ قرآن کے حافظوں کا درجہ بہت بلند ہے۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے:
یُقالُ لصاحِبِ القرآنِ اقرأ وارتَقِ ورتِّل کما کنتَ ترتِّلُ فی الدُّنیا فإنَّ منزلَکَ عندَ آخرِ آیۃٍ تقرؤُہا(صحیح أبی داود:1464)
ترجمہ: صاحب قرآن کوکہا جائے گا کہ جس طرح تم دنیا میں ترتیل کے ساتھ قرآن مجید پڑھتے تھے آج بھی پڑھتے جاؤ جہاں تم آخری آیت پڑھوگے وہی تمہاری منزل ہوگی ۔
یہاں صاحب قرآن سے مراد حافظ قرآن ہے ، حافظ ابن حجر رحمہ اﷲ نے لکھا ہے کہ اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ یہ عظیم ثواب اسی کو ملے گا جس نے قرآن حفظ کیا، اس کی ادائیگی اور قرات کو مستحکم کیاجیساکہ اس کی شان ہے۔(مرعاۃ المفاتیح ،کتاب فضائل القرآن)
صاحب قرآن کے والدین کو قیامت میں نور کا تاج پہنایا جائے گا۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
من قرأ القرآنَ وتعلَّمہ وعمِل بہ ؛ أُلبِسَ والداہ یومَ القیامۃِ تاجًا من نورٍ (صحیح الترغیب: 1434)
ترجمہ : جس نے قرآن پڑھا ،اسے سیکھااور اس پہ عمل کیا تو اس کے والدین کو قیامت کے دن نور کا تاج پہنایاجائے گا۔
ان کے علاوہ صاحب قرآن کے بے شمار فضائل ہیں ، صرف انہیں دو احادیث پہ غور کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ ہرمسلمان مردوعورت کو چاہئے کہ قرآن یاد کرے (جس قدرممکن ہو)، اس کا علم حاصل کرے اور اس پر عمل کرے ۔اس لئے میں اپنی مسلمان بہنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا قرآن حفظ کرنا بہت مبارک عمل ہے ، اس سے دین وآخرت دونوں سنور جائے گی ۔ اپنے دین وعقائد کو درست کرتے ہوئے دین پر صحیح سے عمل کرسکیں گی ، ساتھ ہی دوسری خواتین کی اصلاح بھی بہتر انداز میں کر سکتی ہیں ۔ مثال کے طور پر آپ کیپاس ایک ایسی عورت آئی جو مزاروں پہ جاتی ہے ، غیراﷲ سے فریاد رسی کرتی ہیں ، میت کے لئے نذر مانتی ہے ، قرآن اس کی زندگی میں تعویذ کی حد تک ہے وغیرہ ۔ اس عورت کے سامنے اگر قرآن سے چند آیات پڑھ کر ترجمہ کردیں ، مختصر سمجھا دیں گویالمحہ بھر میں آپ نے اس کے عقیدہ کی اصلاح کردی ۔ماننا نہ ماننا اپنی جگہ آپ نے دعوت کا حق ادا کردیااور یقین کریں قرآن پڑھ کے آپ کا سمجھانا بہت ہی موثر ہوگا،ویسے بھی عورتوں میں اصلاح کی سخت ضرورت ہے ۔
جو خواتین قرآن حفظ کرنا چاہتی ہیں ، ان کے سامنے کئی امور اور مراحل ہوں گے ، کام کاج، شادی بیاہ ، ماں باپ او ر شوہر واولاد وغیرہ ان سب مراحل میں آپ کے لئے دشواری پیش آسکتی ہے ، اس سے پہلے بنیادی طور پریہ سمجھ لینا چاہئیکہ قرآن کا حفظ کرنا بہت بڑے اجر کا باعث ہے مگر ہرمسلمان کو مکمل قرآن یاد کرنا ضروری نہیں ہے ۔ تاہم اتنا ضرور یاد ہو کہ اس کے لئے پنج وقتہ نماز اور تراویح وتہجد میں آسانی رہے ۔ جب آپ مکمل قرآن کریم حفظ کرنے کا ارادہ کریں تو چند باتوں کو ملحوظ رکھیں ۔
(۱)سب سے پہلے نیت خالص کریں اور اﷲ تعالی سے حفظ قرآن میں آسانی کے لئے مدد طلب کریں ۔
(۲)پھر عزم مصمم کرلیں کہ مجھے حفظ کرنا ہے اس کے لئے ایک مناسب وقت متعین کرلیں تاکہ ہمیشہ اس وقت کام کاج چھوڑ کر یاد کرنے لگ جائیں ۔ یاد رہے حفظ کا شوق نہیں ہوگا تو یہ کام مشکل تر ہوجائے گااس لئے شوق کو کم نہ ہونے دیں۔
(۳) اگر آپ کا ناظرہ بہترین ہے اور نہایت دلجمعی سے حفظ کررہے ہیں توگھر میں اپنیسے بھی قرآن یاد کرسکتے ہیں کسی معاون کی اشد ضرورت نہیں ہے لیکن معاون کا ہونا زیادہ اچھا ہے ۔اس لئیآپ کے حق میں بہتر یہی ہیکہ یاد کئے سبق کو سنانے کے لئے ایک اچھی قارۂ کا انتخاب کریں جسے روزانہ سنا سکیں ، روزانہ ممکن نہ ہو تو ہفتے بھر کا سبق ضرور سنائیں مگر دقت نظری کے ساتھ تاکہ جہاں کہیں اصلاح کی ضرروت ہو اس کی اصلاح کرلیں۔
(۴) کوئی قارۂ نہ ملے یا قارۂ کو سبق سنانے میں ناغہ ہوجایاکرے تو موبائل یا کمپیوٹریاٹیپ رکارڈ سے وہ سبق سن لیا کریں ، اس سے حفظ کے ساتھ قرات میں بھی فائدہ ہوگا۔
(۵) حفظ کے لئے ایک ہی مصحف کا انتخاب کریں اور فجر یا عشاء کے بعد کا وقت حفظ کے لئے بہت موزوں ہے اسے چن لیں یا پھرآپ کے لئے جس میں آسانی ہو۔
(۶) ایک اور بات حفظ کے ساتھ یا حفظ کے بعد جب آپ کے لئے آسانی ہو تھوڑا تھوڑا کرکے یاد کئے اسباق کو ترجمہ ومختصر تفسیر سے سمجھنے کی بھی کوشش کرتے رہیں۔
(۷)ایک اہم بات اگر آپ شادی شدہ ہیں تو یاد رہے کہیں حفظ قرآن حقوق کی ادائیگی میں مخل نہ ہواور غیرشادی شدہ ہیں پھر بھی آپ کیذمہ جو کام ہو اسے ادا کرلیا کریں ۔
خواتین اسلا م کی عبرت کے لئے میں یہاں دو واقعہ ذکر رہاہوں ایک واقعہ میرے دور طالب علمی کا ہے ۔ ایک لڑکیکو میں نے دیکھا وہ عالمانہ پڑھائی بھی کررہاہے اوراز خود تھوڑا تھوڑا قرآن یاد کررہاہے ، پھر ہوا یوں کہ وہ ادھر مدرسہ سے فارغ ہوا اور ادھر پورا قرآن حفظ کرلیا۔ اسی طرح ایک دوسرا واقعہ میں نے سعودی عرب کے ریڈیو پہ سنا ، ایک پروگرام ہے اذاعۃ القرآن ، اس کے ذریعہ عصر کے وقت مع القرآن کے نام سے ایک عصری پروگرام چلتاہے جس میں پہلے سے طے رہتا ہے کہ آج مشارکین کو فلاں جگہ سے فلاں جگہ کی آیات ترتیل سے سنانی ہیں ۔ ایک دن تقریبا پچاس سال کی عمر کی عورت نے قرآن سنایا ، پھر ریڈیو والے نے پوچھا کہ کتنا قرآن یاد ہے ؟ تو انہوں نے بتایا کہ میں آنکھوں سے اندھی ہوں اور ٹیپ رکارڈ سے سن سن کر میں نے گھر میں تئیس سپارے حفظ کرلئے ۔ بس چند پارے باقی بچ گئے ہیں۔میرے آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے ۔ سعودی عرب میں رہتے مجھے اندازہ ہوا کہ یہاں عام طور سے مردوں کو جتنا قرآن یاد ہوتا ہے اتنا اپنے یہاں بہت سے مولوی کو بھی یاد نہیں رہتا ہے ۔ یہی حال سعودی کی خواتین کا بھی ہے ، ان میں بھی حفظ قرآن عام ہے ۔ اﷲ تعالی ہمارے سماج کے مردوخواتین کوبھی اس کا جذبہ دیاور حفظ کرے والی تمام عورتوں کے کام اور حفظ میں آسانی پیدا فرمائے آمین۔

Maqubool Ahmad
About the Author: Maqubool Ahmad Read More Articles by Maqubool Ahmad: 315 Articles with 308748 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.