علیشہ حجاب گولڈ میڈل اور دھن چوراسی کی حقدار ٹھہریں

چکوال پریس کلب کے روح رواں اور چیئرمین خواجہ بابر سلیم محمود (تمغہ امتیاز) کی خصوصی کاوش سے ایک خصوصی تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد ایک محنت کش جابر عباس کی ہونہار بیٹی علیشہ حجاب کو عظیم سماجی شخصیت راجہ مجاہد افسر کی طرف سے گولڈ میڈل اور نقد 5 ہزار روپے انعام اور چکوال کا سب سے بڑا سول ایوارڈ دھن چوراسی دینا مقصود تھا۔ اس خصوصی تقریب کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چکوال ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ملک نے کی جبکہ چکوال چیمبر آف کامرس کے سابق صدر قاضی محمد اکبر، معروف ماہر تعلیم سید منیر حیدر شاہ، ممتاز عالم دین پیر عبد الشکور نقشبندی، تنظیم ’’پودا‘‘ کی ریجنل منیجر ناہیدہ عباسی نے خصوصی خطاب کیا۔ ابتدائیہ کلمات بزرگ صحافی و جنرل سیکرٹری چکوال پریس کلب محمد خان عاقل نے پیش کئے جبکہ خطبہ استقبالیہ خواجہ بابر سلیم محمود (تمغہ امتیاز) نے اپنے مخصوص انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 ستمبر کا دن چکوال کی تاریخ کا ایک روشن دن ہے۔ چکوال کی مٹی بڑی زرخیز ہے، چکوال غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین ہے۔ چکوال میں فروغ تعلیم میں راجہ مجاہد افسر جیسی شخصیات کا بہت بڑا کردار ہے۔ آج کی تقریب ایک محنت کش کی بیٹی علیشہ حجاب کو گولڈ میڈل اور چکوال کا سب سے بڑا دھن چوراسی دینا مقصود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کو کریڈٹ دینا ضروری سمجھتا ہوں کہ انہوں نے چکوال میں شرح خواندگی کو 86.6% تک پہنچا دیا۔ انہوں نے بطور خاص راقم الحروف کا بھی ذکر کیا جس کی وجہ سے اس سے پہلے نرگس گل اور آج علیشہ حجاب اربابِ اختیار کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ چکوال چیمبر آف کامرس کے سابق صدر قاضی محمد اکبر نے مفصل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم کو اپنے بچوں کو ٹیکنیکل تعلیم کی طرف لانا ہو گا۔ بچوں کو آئی ٹی انجینئر اور ٹیکسٹائل انجینئر بنانا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کلرک بہت پیدا کر لئے اب ہمیں اپنے مستقبل کو بہتر بنانا ہو گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہماری کوشش ہے کہ جو بھی باصلاحیت بچہ یا بچی ہو اُس کو ہم تعلیمی سپورٹ کریں۔ ہمیں بچوں کو تعلیمی تربیت سے روشناس کرانا ہو گا۔ چکوال میں بچے لمز کے بچوں سے کم نہیں ہیں ان کے اندر بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے بطور خاص راقم الحروف کا ذکر کیا کہ تعلیمی میدان میں ان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ اس کے بعد معروف ماہر تعلیم سید منیر حیدر شاہ کو دعوتِ خطاب دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پڑھانے کا کام ایک آرٹ ہے۔ ایک ہزار سے اُوپر نمبر لینا انتہائی مشکل ہوتا ہے اور یہ وہی بچہ حاصل کرتا ہے جو بہت محنتی اور ذہین ہوتا ہے اور اس میں اُس کے والدین اور اساتذہ کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔ چکوال کی مٹی بہت زرخیز ہے مگر چکوال میں ٹانگ کھینچنے کا بہت رواج ہے اس کی نفی ہونی چاہئے۔ اس کے بعد تنظیم ’’پودا‘‘ کی ریجنل منیجر ناہیدہ عباسی کو دعوتِ خطاب دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک قومی کانفرنس منعقد کر رہے ہیں جس میں تعلیم کی آگاہی پر بات ہو گی۔ میں چاہتی ہوں کہ جاوید ملک اور علیشہ حجاب اس میں شرکت کریں۔ انہوں نے راقم الحروف کی تعلیمی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب اور میڈیا بہت بڑی طاقت ہوتے ہیں۔ ہماری معاشرے میں تعلیم کا بہت بڑا کردار ہے اور چکوال کا نام تعلیم کے حوالے سے پورے پاکستان میں گونجنے لگا ہے۔ اس کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چکوال ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ملک نے انتہائی خوبصورت انداز میں خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی چند دن پہلے ایگزیکٹو ایجوکیشن کانفرنس میں جاوید ملک اور نبیل انور ڈھکو کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور چکوال کا نام تعلیم کے حوالے سے بڑا مقبول ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے تعلیم کو بہت اہمیت دینا شروع کر دی ہے اور آپ دیکھیں گے کہ آنے والے وقت میں تعلیم کی وجہ سے پاکستان خوشحال ترین ملک بن جائے گا۔ آخر میں اس تقریب کے روح رواں عظیم سماجی کارکن راجہ مجاہد افسر نے اپنے مخصوص انداز میں خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اب تک 42 گولڈ میڈل دے چکا ہوں اور میرے تمام گولڈ میڈل اصلی ہوتے ہیں اور میں اڑھائی یا تین ہزار والا گولڈ میڈل نہیں دیتا۔ اب تک لاتعداد ایوارڈز دے چکا ہوں۔ میرے نام کے ساتھ کبھی بھی سابقہ نہیں آئے گا۔ میں جب تک زندہ ہوں خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ مجھے غریبوں کی مدد کرتے ہوئے خوشی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے بطورِ خاص راقم الحروف کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے طارق لودھی صاحب نے بتایا کہ چکوال شرح خواندگی میں پہلے نمبر پر آگیا ہے تو مجھے بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ملہال مغلاں کی ایک بچی ثناء جاوید کو بھی گولڈ میڈل دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کچھ عرصے پہلے اخبار میں صرف اخبار پڑھی تھی کہ چکوال کی بچی نمرہ ممتاز نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے تو میں نے اُسی وقت سکول فون کر کے گولڈ میڈل دینے کا اعلان کیا اور کمیونٹی سنٹر میں وہ انعام دیا بھی۔ میں کبھی بھی وہ اعلان نہیں کرتا کہ جو میں پورا نہ کر سکوں۔ میں لوگوں کی خدمت اپنی جیب سے کرتا ہوں۔ لوگ مجھے کہتے ہیں کہ آپ انتخابات میں حصہ کیوں نہیں لیتے تو میں اُن کو جواب دیتا ہوں کہ اُن کی منزل جیل ہوتی ہے۔ مجھے غریب عوام کے دلوں میں بسنا ہے۔ تقریب کے آخر میں علیشہ حجاب کو راجہ مجاہد افسر نے گولڈ میڈل دیا جبکہ خواجہ بابر سلیم محمود نے چکوال کا سب سے بڑا سول ایوارڈ دھن چوراسی دیا۔ تقریب میں شعبہ تعلیم اور تقریب شعبہ جات سے معززین علاقہ نے خصوصی شرکت کی۔ مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز کے نمائندگان تقریب میں موجود تھے۔ اﷲ تعالیٰ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔

Javed Iqbal Anjum
About the Author: Javed Iqbal Anjum Read More Articles by Javed Iqbal Anjum: 79 Articles with 56825 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.