دفاع وطن کے لئے قوم متحد ہے……!

 دہشت گردی کے خلاف چیلنجز کا سامنا ہویا بھارتی انتہاء پسندی کا مقابلہ یاکہ امریکہ کی دھمکیاں، جب بھی کبھی دفاع وطن کا معاملہ آیا ہے پاکستان کی بہادر فوجی و سول قیادت اور پوری پاکستانی قوم ایک جسم و جان کی مانند ایک صفحے پر متحدہوتی ہے ۔ اور ان کا یہ اتحاد اقوام عالم کو واضع پیغام دیتا ہے کہ پاکستانی قوم ہر طرح کے کٹھن حالات کا مقابلہ کرنا، اور ملک دشمن عناصر کو ناکوں چنے چبوانا جانتی ہے۔ پاک فوج کے جانباز سپا ہی دفاع وطن پر ہرگز کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔آج کے مضبوط پاکستان کا دفاع لاکھوں شہداء کے خون سے عبارت ہے ، یہی وجہ ہے کہ ماہ ستمبر کے آغاز کیساتھ ہی عوام پاکستان کے دل ودماغ، ارواح و اجسام پاک فوج کے بہادر شہیدوں ، جانبازسپاہیوں اورغازیوں کی یادوں کی روشنی اور خوشبو سے معطر ہوجاتے ہیں، ان شہدا ئے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے چھ ستمبر کا دن، عوام پاکستان اور مسلح افواج کی جانب سے یوم شہداء اور یوم دفاع وطن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔وہ چھ ستمبر کا ہی دن تھا جب پاکستان کا ازلی دشمن بھارت پاکستان کو ختم کرنے کے لیے چڑھ دوڑا تھا،امتحان اور آزمائش کی ہر گھڑی اور ہر موقع کی طرح اس وقت بھی اﷲ تعالیٰ کی خصوصی مدد اہل حق و اہل پاکستان کے شامل حال رہی ، اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتی پاکستان کی بہادر بری ، بحری اور فضائی افواج نے دشمن کے وار روکنے کے لئے اپنے سینے ڈھال بنا دیے۔ اس مو قع پر شہریان پاکستان کے رویے بھی بے مثال تھے، ادھر بھارتی حملہ ہوا ، ادھر تمام اختلافات ختم ۔ اہل زر نے اپنا مال و دولت، اہل فن نے اپنا کسب و کمال، اہل قلم نے اپنے الفاظ و جذبات اور اہل دل نے اپنی وفائیں اور دعائیں سب پاکستان کے لیے وقف کردیں۔ہر ہر پاکستانی ’’ میرا سب کچھ میرے وطن کا ہے‘‘ کی عملی تفسیر و تصویر بن گیا۔ہر محاذپر گھمسان کا رن پڑا ، پاکستان کے بہادر بیٹوں نے زمین ، فضاء اور سمندر میں ہر معرکہ اور ہر مورچے میں دشمن کے دانت کٹھے کئے، اورالحمد اﷲ افواج پاکستان اور اہل پاکستان اور محبان پاکستان سرخرو و سرفراز ٹھہرے۔

آج ایک بارپھر پاکستان کو امریکی دھمکیوں، ملک دشمن عناصر اور پاکستان کی ترقی کے دشمن بھارت کی جارحیت کا سامنا ہے ، لیکن پاکستان کے دشمن یاد رکھیں کہ آج افواج پاکستان اور عوام پاکستان میں دشمن کا بھر پور مقابلہ کرنے کا پہلے سے کہیں زیادہ جذبہ بیدار ہے۔ پوری پاکستانی قوم جنرل قمر جاوید باجوہ جیسے بہادر سپاہ سالار کی قیادت پر فخر کرتی ہے، اور پوری قوم ہر مشکل موڑ پر بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے شروع کئے گئے ہر فوجی آپریشن کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ پاکستان کے لئے اس سے بڑی کوئی کامیابی نہیں ہو سکتی کہ ہمارے سب سے بڑے دشمن راہ راست پر آرہے ہیں، سرحد پار بیٹھی قوتیں جانتی ہیں کہ پاکستان کے حالات اب پہلے جیسے نہیں۔ماضی میں ملک دشمن عناصر نے دہشت گردی کی بہیمانہ وارداتوں میں معصوم شہریوں کا قتل عام کرکے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں ہمیشہ رخنہ ڈالا، اور ملک کو معاشی و اقتصادی ترقی میں پھلنے پھولنے نہ دیا جس پر افواج پاکستان سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے دہشت گردوں کے خلاف کئی بڑے آپریشن کرچکی ہے، جن میں آپریشن خیبر فور، آپریشن رد الفساد، آپریشن ضرب عضب ، نیشنل ایکشن پلان ، آپریشن راہ راست، آپریشن المیزان، راہِ حق اورآپریشن راہِ نجات قابل ذکر ہیں۔ ان تمام آپریشنز میں سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کیخلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں،پچانوے فیصد سے زائد دہشت گردوں کا قلع قمع ہوا ، اور غیرملکیوں سمیت دہشت گرد تنظیموں کے متعدد اہم کمانڈرز ان آپریشنز میں مارے گئے، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن، گاڑیوں اور دوسرے سامان حرب سمیت دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ ہوئے ۔ ان آپریشنز میں پاک فوج کے بہادر جوانوں، افسران اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں اور سول شہریوں سمیت 73 ہزار سے زائد افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنادیا ہے ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی غیرمعمولی فعالیت اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت ترین کاروائی کے احکامات سے جہاں پوری قوم کا حوصلہ بلند ہوا وہیں پاک فوج کا مورال بھی بلند ہوا ہے، اس وقت قبائلی علاقے میں پاکستان کے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار کے قریب ہے، پاک آرمی کے لڑاکا جیٹ طیارے، گن شپ ہیلی کاپٹر اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔ جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی اور زمینی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کا نام و نشان ختم کیا جارہا ہے۔ ان آپریشنز کے ذریعے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے سیکورٹی فورسز، رینجرز اور مسلح افواج کی دلیری اور شجاعت قابل دید ہے۔ آج پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی سرحد پر رینجرز دہشت گردوں کیخلاف نبرد آزماہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ امن و امان کے قیام کے لئے پاک فوج کے آپریشنز کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق کاروئیاں کی جا رہی ہیں جو کسی خاص صوبے کے افراد کے خلاف نہیں ، کیونکہ دہشت گرد وں کا کوئی مذہب اور صوبہ نہیں ہوتا ، آپریشن ردالفساد کے نام میں ہی پیغام ہے کہ ہم نے فسادی لوگوں کو رد کرنا ہے اور پاکستان میں امن و استحکام کو واپس لانا ہے۔ ردالفساد ملک میں فساد پھیلانے والوں کیخلاف ہے، اس آپریشن میں سہولت کاروں کو ختم کرنا ، فسادیوں کو پاکستان سے باہر نکال پھینکنا، اور ملک کو غیرقانونی اسلحہ سے پاک کرنا ہے ۔ جبکہ نٹیلی جنس بنیاد وں پر دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن میں متعدد غیرملکیوں سمیت دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو ہلاک اور گرفتار کیا گیاہے۔ آج متحدپوری پاکستانی قوم پاک فوج اور مسلح سیکورٹی فورسز کے شہدوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ہمارے محفوظ کل کے لیے اپنا آج قربان کیا ۔ دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ پاک فوج کے ان بہادر سپاہیوں کو سلامت اور سربلند رکھے جو برف زاروں ، ریگزاروں ، اور کہساروں پر اہل پاکستان کو دشمن کے شر سے محفوظ رکھنے کے لیے سینے سپر ہیں۔
 

Rana Aijaz Hussain
About the Author: Rana Aijaz Hussain Read More Articles by Rana Aijaz Hussain: 995 Articles with 712075 views Journalist and Columnist.. View More