ڈر

جب دل میں ڈر پیدا ہو جاتا ہے تو انسان بزدلی کی جانب مائل ہو جاتا ہے اورمنفی سوچ انسان کو شرمسار کر دیتی ہے،یہی میری اس کہانی کا مرکزی خیال ہے۔
فرہاددل کا مریض تھا اور جب اُس کی صبح آنکھ کھولی تو کمرے میں کوئی نہ تھا۔اُس پر خوف طاری ہو گیا تھا کہ شاید آج پھر مہرین اُس سے رات کی لڑائی کے بعد سویرے سویرے ہی میکے چلی گئی ہے۔فرہاد پر گھبراہٹ طاری ہو گئی۔اس نے محسوس کیا ہے کہ وہ انجانے خوف کی وجہ سے بستر سے اُٹھ بھی نہیں پا رہا ہے۔اس نے اپنی تمام طاقت صرف کر دی اوربالآخر بستر سے اُٹھ ہی گیا۔اُس کا سربہت سے اندیشوں کی وجہ سے پہلے ہی چکرا سا رہا تھا۔جب اُس نے دروازے کو کھولنے کی کوشش کی تو وہ کھل ہی نہیں پا رہا تھا۔فرہاد ایک دم سے ہی زمین پر بیٹھ گیا اور مہرین کو پکارنے لگا۔فرہادکے جسم سے جان جیسی نکل رہی ہو،وہ لرزناشروع ہوگیا کہ مہرین اُس کو کمرے میں بند کر کے چلی گئی ہے اور وہ بھوک پیاس سے مر جائے گا،کسی کو دنوں تک خبر نہیں ہوگی۔فرہاد کو اپنے بچپن سے آج تک کی سب باتیں یاد آ رہی تھیں۔فرہاد سوچ رہا تھا کہ آج اُسکی موت واقع ہو جائے گی اورکبھی مہرین سے بے وفائی کا بدلہ نہیں لے پائے گا۔یہی نہیں اُس کو اپنے اُن افسران پر بھی غصہ آرہا تھا جس کی وجہ سے کئی بار اس کوملازمت سے نکالنے کی دھمکی دی ہوئی تھی۔وہ اپنی ملازمت بچانے کے خوف سے سچ نہیں بول پایا تھا۔فرہاد نے دل ہی دل میں مہرین کو کوسنے دیے تھے کہ وہ اذیت ناک موت کے لئے ذرا سی بات پر چھوڑ گئی ہے،حالانکہ وہ تو اس سے بہت محبت رکھتا تھا،مگر وہ اپنی ضدی فطرت کی بدولت اس سے لاپروائی برتنے کا مظاہرہ کرتی تھی۔فرہاد نے ہمت سے کام لیتے ہوئے دروازے کو اس بار باہر کی جانب کھولنے کی بجائے جب اندر کی طرف کھینچا تو وہ کھل گیا۔اس کے ساتھ ہی اسکا سارا ڈر ختم ہوگیا،اُس نے پریشانی میں یہ بات یاد نہ رکھی تھی کہ دروازہ اندر کی جانب کھلتا ہے۔اس نے جب سامنے کیچن کی طرف نظر ڈالی تو مہرین اس کے لئے ناشتہ بنا رہی تھی۔اس کی طرف دیکھ کر وہ مسکرائی تھی مگر فرہاد نظریں جھکا کر غسل خانے کی جانب چل پڑا،اس کی اب اتنی سکت نہ رہی تھی کہ وہ مہرین کی نظروں کی تاب لا سکتا،وہ ٹھنڈے پانی کو چہر ے پر ڈال کر اپنے خوف کو دھونے لگ گیا۔
 
Zulfiqar Ali Bukhari
About the Author: Zulfiqar Ali Bukhari Read More Articles by Zulfiqar Ali Bukhari: 392 Articles with 478797 views I'm an original, creative Thinker, Teacher, Writer, Motivator and Human Rights Activist.

I’m only a student of knowledge, NOT a scholar. And I do N
.. View More