احترام رمضان اور میڈیا

 رمضان المارک حصول رحمت باری تعالیٰ کا مہینہ ہے ،عبادت ،ریاضت اور تذکیہ نفس کے لیے موسم بہار کی حیثیت رکھنے والے اس ماہ مبارک کو مسلم معاشرے میں انتہائی تقدس اور اہمیت حاصل ہے ،بلاشبہ فضائل ومسائل رمضان سے آگاہی کے لیے ہر عام و خاص ٹی وی چینلز کو دیکھتا ہے ،اس بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے ٹی وی چینلز نے دوران رمضان نشریات کو خصوصی نام دینے کے ساتھ ساتھ اس کا دورانیہ بھی چوبیس گھنٹے پر محیط کر دیا ہے، خوبصورتی سے سجائے گئے اسٹیج، عظیم الشان سیٹ، لاکھوں روپے مالیت کے انعامات کے انبار،شوبزسے وابستہ شخصیات کا مذہبی سکالر کے طور پر ٹی وی سکرین پر نمودار ہونا ،سحر و افطار کے قیمتی وقت میں کوئز شوز کا پیش کرنے اور اس انداز اپنے اپنے ٹی وی پروگرامز کی ریٹنگ بڑھانے کی دوڑ میں مصروف ٹی وی چینلز نا صرف اس مقدس مہینے کی اصل روح متاثر کررہے ہیں بلکہ نئی نسلوں کے دین تربیت کے بگاڑ کا سبب بھی بن رہے ہیں ۔

اس سال ماہ رمضان سے قبل ہی پیمرا نے اپنی ذمہ داریوں کااحساس کرتے ہوئے تمام ٹرانسمیشنز سے متعلق چند اہم ہدایات جاری کی ہیں ، جن پر تمام ٹی وی چینلز کو عمل کرنا ضروری ہوگا،جن میں درج ہے کہ پروگرامز بنا کسی سکریپ کے یا ادارہ جاتی نگرانی کے محض زیادہ ریٹنگ یا مالی فوائد کے حصول کے لیے تشکیل نہ دیئے جائیں ،تفریحی یا کوئز پروگرام نشر کرنے کی اجازت رات 9 بجے کے بعد ہوگی ،دوران پروگرام انسانی حقوق اور شخصی وقار کا خیال رکھا جائے ،ان پروگرام میں ڈانس، گانے، ورزش جیسے کام پر نہ اکسایا جائے،انعامات ہوا میں اُچھالنے یا پھینک کر دینے پر ممانعت ہوگی ،غیر اخلاقی گفتگو سے پرہیز کریں ،مستند علم رکھنے والوں کو دین سے متعلق گفتگو کے لیے مدعو کیا جائے،پروگرام میں لاوارث بچوں کو بے اولاد افراد کے سپرد کرنے کی اجازت نہیں ،غربت اور مجبوریوں کو پیش کرکے لوگوں کی عزت نفس کو مجروح نہ کیا جائے،پروگرام میں ملبوسات کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ,رمضان ٹرانسمیشن اور معمول کی ٹرانسمیشن میں فرق ہونا چاہے ،رمضان شوز میں پُر تشدد مناظر پیش کرنا منع ہو گاایسے موضوعات پر گفتگو سے اجتناب کیا جائے جس سے فرقہ واریت کو فروغ ملے،پیمرا نے نوٹس میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ ناظرین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری عمل ہوگا جبکہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جب کہ پیمرا نے رمضان نشریات کے ساتھ ساتھ مارننگ شوز اور ڈراموں کی نشریات سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں ،ان میں پروگرام کے موضوع کے انتخاب میں احتیاط، غیر اخلاقی اور غیر معیاری گفتگو سے پرہیز، پاکستان کی یکجہتی اور سالمیت کا خیال جیسے نکات شامل ہیں۔

بحیثیت مسلمان سب پاکستانیوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ احترام رمضان اور شعائر اسلام کے منافی ہر اقدام کے خلاف اپنا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں ،تاکہ نظریہ پاکستان ،اسلامی و مشرقی اقدار کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا قلع قمع ہو سکے۔

Molana Tanveer Ahmad Awan
About the Author: Molana Tanveer Ahmad Awan Read More Articles by Molana Tanveer Ahmad Awan: 212 Articles with 247105 views writter in national news pepers ,teacher,wellfare and social worker... View More