سالانہ میڈیا کانفرنس2017

قلم کار ہونا کوئی عام بات نہیں بلکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے ۔ نفسا نفسی کے اس دو رمیں ذاتی مفاد کو پس پشت ڈال کر غیر جانبداری سے ملکی و قومی مسائل اور ان کے حقائق سامنے لانا ، ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کرنا اور وقت کے فرعونوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کلمہ حق کہنا کسی بھی سچے قلم کار کی پہچان ہوا کرتی ہے۔اس سارے عمل میں قلم کار کو بہت سی رکاوٹوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پاکستان میں سیاسی و مذہبی برداشت و رواداری کاشدید فقدان پایا جاتا ہے۔صبر اور میانہ روی بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے جس کی وجہ سے معاشرہ ایک ہیجانی کیفیت سے دو چار ہے ۔ذاتی مفاد کی خاطر دوسرے لوگوں کو تکالیف پہنچانا اور نیچا دکھانا عام ہوچکا ہے۔ برابری کے حقوق بہت کم لوگوں کو میسر آتے ہیں۔سفارش کلچر اور اقربا پروری کا سلسلہ عام ہوچکا ہے اور ہر ادارہ کرپشن کا گڑھ بنا ہوا دکھائی دیتا ہے۔روشن خیالی اور لبرل ازم کے نام پر مذہبی حدود کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ روشن خیالی کے اس نشے سے متاثر ہو کر نئی نسل بے راہ روی کا شکار ہوتی جارہی ہے۔ان تمام معاملات کو کس طرح سلجھایا جا سکتا ہے ؟ سیاسی و مذہبی عدم برداشت کو کس طرح ختم کیا جاسکتا ہے؟ کیا فطرت شتر بے مہارآزادی کی قائل ہے یا خالق فطرت کے قائم کردہ اصولوں کی پابندی لازمی ہے؟ معاشرے میں سیاسی و مذہبی توازن کیسے قائم کیا جاسکتا ہے؟ ان تمام سوالوں کے جواب تلاش کرنے کے لیے پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ کے پلیٹ فارم سے ایک میڈیا کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ(پی ایف سی سی ) جو کہ وطن عزیز کے تمام صوبوں کے طول عرض سے تعلق رکھنے والے سینئرو نامور قلم کاروں کی نمائندہ تنظیم ہے، نئے قلم کاروں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ معاشرتی مسائل و حقائق سامنے لانے اور بذریعہ قلم ان کے حل کے لیے کردار ادا کرنے اور معاشرے میں رواداری کو فروغ دینے پر یقین رکھتی ہے ۔

شاندار ، پروقار سالانہ میڈیا کانفرنس کا انعقاد 18 مارچ 2017 بروز ہفتہ الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں کیا گیاجس میں سیاسی و مذہبی برداشت و رواداری کو فروغ دینے اورسیاسی و مذہبی توازن قائم کرنے کے لیے تجاویز کے حصول کی خاطر ملک بھر سے سینئر قلم کاروں ، اینکر پرسنز اور نامور علمی و ادبی شخصیات کو ایک چھت تلے جمع کیا گیا۔کانفرنس کا آغازتلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ عبد الرؤف سمرا نے نے حاصل کی۔تلاوت قرآن پاک کے بعدپاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ (پی ایف سی سی) کے مرکزی صدر احتشام جمیل شامی نے تنظیم کاتعارف اور سال 2016 کی کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔ملک بھر سے معروف و مقبول ، قدآور قلم کاروں اور صحافیوں نے ملک میں سیاسی و مذہبی عدم برداشت کے خاتمے کے لیے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ جناب امجد اسلام امجد، مبشر علی زیدی،عامر خاکوانی، مولانا امیر حمزہ، راغب نعیمی ،ڈاکڑ اطہر خرم،ڈاکڑ عارفہ، سید قیصر محمود،پروفیسر رئیس فاطمہ،حمیرا اطہر، عقیل عباس جعفری،عارف خٹک، وجاہت مسعود اورمنصور مانی نے پاکستان میں سیاسی و مذہبی عدم برداشت کے عنوان پر اظہار خیال کیا ۔ملک بھر سے صحافی و قلم کار شخصیات نے وطن عزیز میں سیاسی و مذہبی عدم برداشت کے خاتمے کے لیے مدلل گفتگو کی ۔سو لفظی کہانی کے امام مبشرعلی زیدی کا آئٹم نمبر اور عارف خٹک کی مزاحیہ تقریر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔جناب زاہد علی رضا اور محترمہ عرشی عباس صاحبہ نے نقابت کے فرائض ادا کیے اورتقریب کو آخر تک جاندار بنائے رکھا جبکہ کراچی سے آئی ہوئیں محترمہ طاہرہ عالم و شکیلہ شیخ صاحبہ نے راقم کی معاونت سے تقسیم ایوارڈز اور سرٹیفیکیٹ برائے شرکت کی تیاری وتقسیم کی ذمہ داری بطریق احسن نبھائی۔کانفرنس کے حسین لمحات کو ہمیشہ کے لیے محفوظ کرنے میں آصف قمر صاحب کی خدمات قابل ذکر ہیں۔

الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں ہونے والی اس سالانہ میڈیا کانفرنس میں پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ ( پی ایف سی سی )کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مقابلہ مضمون نویسی بعنوان ’’ آگے بڑھو پاکستان‘‘ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے قلم کاروں میں دس دس ہزار روپے نقدی اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں جوکہ نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کی بہترین مثال ہے۔ صدر مملکت جناب ممنون حسین صاحب کی الحمرا آمد پر سکیورٹی کے مسائل و پروٹوکول کی وجہ سے پروگرام کا انعقاد بر وقت ممکن نہ ہوسکا۔دو ماہ ایڈوانس بکنگ کے باوجود انتہائی نا مساعد حالات ، پروٹوکول بسلسلہ آمد صدر مملکت، سکیورٹی ایشوز اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے الحمرا آرٹص کونسل میں میڈیا کانفرنس کا انعقاد ناممکن ضرور دکھائی دے رہا تھا مگرنغمانہ خورشید ( بیا جی) کی کاوشوں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ۔ دو گھنٹے پروگرادیر سے شروع ہونے کے باعث دور دراز علاقوں سے آنے والے بہت سے کالم نگاروں کومجبوراً واپسی کا رخ اختیار کرنا پڑا تاہم اس پریشانی کے باوجود تقریباً 150 سینئرزو جونیئرز کالم نگار اور صحافیوں نے تقریب کو رونق بخشی ۔ملک بھر سے معروف و مقبول کالم نگارو صحافی حضرات کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔ الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں ہونے والی اس کانفرنس میں سال 2016 میں لکھے گئے کالموں میں سے بہترین کالموں پر خصوصی ایوارڈ بھی دیئے گئے جواحتشام جمیل شامی ، یعقوب غزنوی،منصور مانی،زاہد رضا،پروفیسر رئیس فاطمہ،ندیم نظر،راجہ منصور اصغر،اعجاز احمد لودھی،مسرت اﷲ جان،خالد خان،راشد اعوان،بلال عالم،نقیب تران،شبیر رکشانی،حافظ شیرانی،فہیم اختر،عامر جان حقانی اور اسرار الدین کے حصے میں آئے ۔جبکہ ستارہ آمین کومل ، ذیشان انصاری، عمران احمد راجپوت اور راقم سمیت دیگر کالم نگاروں کو بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔تقریب میں معروف صحافی و کالم نگار ندیم نظر ، سینئر صحافی جناب اعجاز بٹ ، نامورکالم نگار مرزا محمد یٰسین بیگ ، معروف نقاد حسیب اعجاز عاشر ، کالم نگار و شاعر الطاف احمد ،معروف ادیب و مذاح نگار حافظ محمد مظفر محسن ، صحافی و کالم نگارڈاکٹر عطاالودود ،مسلم فاتحین سیریز سمیت سو سے زائد کتب کے مصنف عبد الصمد مظفر ( پھول بھائی) ، سفیر ادب حاجی محمد لطیف کھوکھر ،ماہر تعلیم جناب مہر شوکت علی ،فرخ شہباز وڑائچ ، وسیم عباس ، ایم ایم علی ، شاہد محمود ، صابر صدیقی ، آچر خاصخیلی ، ڈاکٹر تنویر سرور ، شفاعت علی مرزا، علی رضا ، مزمل فیروزی ، سبط حسان ، راشد علی راشد ، فہیم علی، ریاض پرنس ، مروا ملک ، فریحہ ، سدرہ گل مہک ، مقدس اعوان سمیت دیگر قلم کاروں نے شرکت کی ۔

سالانہ میڈیا کانفرنس میں کراچی سے پندرہ رکنی کالمسٹ ٹیم کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگادیئے جبکہ کے پی کے و گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے صحافی و کالم نگاروں کی بھرپور شرکت نے تقریب کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ ( پی ایف سی سی) کے پلیٹ فارم پر منعقد ہونے والی اس میڈیا کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اعتدال پسندی اور میانہ روی ہی معاشرے میں برادشت اور محبت کی فضا قائم کر سکتی ہے۔تقریب کے آخر میں شرکاء میں سرٹیفیکٹ تقسیم کیے گئے اوربہترین کھانے سے ان کی تواضح کی گئی۔تقریب ہر لحاظ سے کامیاب رہی اور راقم سمیت تمام شرکاء کوبہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ کامیاب تقریب کے انعقاد پر پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
 

Malik Muhammad Shahbaz
About the Author: Malik Muhammad Shahbaz Read More Articles by Malik Muhammad Shahbaz: 54 Articles with 39811 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.