پاکستان سپر لیگ کے دلچسپ واقعات۔۔!!

پی ایس ایل 2016ء اور2017ء کے میچز کے دوران کھلاڑیوں کے اہم واقعات پر مبنی خصوصی رپورٹ
پاکستان سپر لیگ‘ ایک ایسی لیگ ہے جس پر دنیا کی نگاہیں جمی ہوئی ہیں اور اس کے انعقاد میں کرکٹ کے فروغ کا سنہری مستقبل دیکھاجارہا ہے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے سیزن کی طرح دوسرا سیزن بھی اپنی مکمل آب و تاب کامیابی کی منازل طے کررہاہے۔پی ایس ایل سیزن2اب اپنے فیصلہ کن موڑ پر آچکا ہے۔یہ وہ لیگ تھی جس کے بارے میں خدشات کا ایک انبار تھا، لیکن دنیا نے دیکھا کہ اپنے ملک میں انعقاد نہ ہونے کے باوجود PSL نے کامیابی کے ہر معیار کو عبور کیا۔ اِس میں ہر وہ رنگ اور روپ دیکھنے کو ملا جو کسی بھی لیگ کی کامیابی کے لیے یقینی ضمانت ہوتا ہے، اِس لیے اس امر میں تو کوئی شبہ ہی نہیں ہے کہ پاکستان سپر لیگ کامیاب ہوگئی ہے۔

فی الحال اس لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں لیکن آئندہ برس اس میں آٹھ ٹیموں کی شرکت کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس سے بہت سے نئے کھلاڑیوں کو شرکت کا موقع ملے گا اور نئے ٹیلنٹ کے سامنے آنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے جس سے ملک میں کھیل کے میدانوں میں رونقیں لوٹ آنے کی امیدیں مزید قوی ہو جائیں گی۔کھلاڑیوں کے مالی معاملات بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ نئے کھلاڑیوں کی کرکٹ میں دلچسپی اور نیا ولولہ پیدا ہوگا۔ اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ جس چیز کی کمی ہے وہ یہ ہے کہ عالمی معیار کے نئے کھلاڑی سامنے نہیں آ رہے کیونکہ دہشت گردی کی فضا سے نئی نسل کھیلوں سے دور ہٹتی جا رہی ہے۔یہ سچ ہے کہ کچھ مستحق کھلاڑیوں کو مواقع فراہم نہیں کئے جاتے ،کچھ کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے،کچھ سے بے رخی برتی جاتی ہے اور کچھ کو ذاتی پسند و نا پسند کی بھینٹ چڑھا دیا جاتا ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ موبائل،میڈیا اور انٹر نیٹ کی بہتات نے نوجوانوں کی سر گرمیوں کا رخ بدل کر رکھ دیا ہوا ہے اور پھر سکول ،کالج اور یونیورسٹیوں میں اس کھیل سے عدم دلچسپی کی وجہ سے نئے کھلاڑی پیدا نہیں ہو رہے۔پی ایس ایل اپنی سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔TVکی چکا چوند ،شہرت اور گلیمر کی آرزو نوجوانوں کو اس جانب راغب کرنے میں اہم کردارا ادا کرے گی اور یوں اس خلا کو پر کرنے میں مددگار ہو گی جس سے پاکستانی کرکٹ دوچار ہے۔

یہ بات افسردہ کرنے کے لیے کافی ہے کہ اس بار بھی پی ایس ایل کے میچز پاکستان کی بجائے دیار غیر میں منعقد ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بہت کم پاکستانیوں کو سٹیڈیم میں بیٹھ کر اپنے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے کھیل سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا،گو کہ عالمی کھلاڑیوں کی شرکت نے اس لیگ کو اور بھی دلچسپ بنا دیا ہے۔ پی ایس ایل کی کامیابی کے لیے جس طرح میڈیا اور حکومت نے اپنی توانائیوں کا بھر پور استعمال کیا ہے وہ لائقِ صد تحسین ہے۔زیر نظر فیچر میں اس بار راقم آپ کو پی ایس ایل 2016ء اور2017ء کے مقابلوں کے دلچسپ لمحات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔سب سے پہلے تو پاکستان سپر لیگ 2016ء کے دلچسپ لمحات ملاحظہ کریں؛

پاکستان سپر لیگ 2016ء کے دلچسپ لمحات
پلے آف مقابلوں سے قبل پی ایس ایل سیزن 1 میں کئی یادگار مقابلے کھیلے گئے اور ان میں کئی دلچسپ لمحات ایسے تھے جنھیں دوبارہ یاد کرتے ہیں:
PSLسیزن 1کا انمول لمحہ
پاکستان سپر لیگ 2016ء پہلی قومی لیگ ہونے کی وجہ سے اس میں کئی ریکارڈ ایسے ہیں جو دوبارہ کبھی نہیں بن سکیں گے۔جیسے؛
٭……پی ایس ایل کا پہلا چھکا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شرجیل خان نے مارا جبکہ لیگ کی پہلی انفرادی سنچری مکمل کرنے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔
٭……پابندی کے بعد دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے والے محمد عامر کو پی ایس ایل میں پہلی بار لگاتار تین وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
٭……لیگ میں فائنل سے قبل سب سے زیادہ اسکور عمر اکمل نے کیے۔
٭……سب سے منفرد بات یہ ہے کہ پی ایس ایل کا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہواتھا جبکہ فائنل بھی انہیں کے درمیان ہوگا۔
٭……لیگ کی سستی ترین ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے پہلے فائنل تک پہنچی۔

پہلی ہیٹ ٹرک
اس دلچسپ لمحے سے پہلے آپ کو بتاتے چلیں کہ 2016ء کے پی ایس ایل سیزن 1 میں محمد عامرکو شامل کو کافی بحث و مباحثہ کے بعد شامل کیا گیا تھا جو سپاٹ فکسنگ کی سزا بھگتنے کے بعد بین الاقوامی سطح پر اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے۔پاکستان سپر لیگ کا پہلا بڑا مقابلہ، روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہورقلندر دبئی میں مدمقابل آئے۔ بھی لیگ میں عوام کی دلچسپی قائم ہی ہوئی تھی کہ محمد عامر نے لاہور قلندرز کے خلاف ہیٹ ٹرک کرکے جوش کو عروج پر پہنچا دیا۔ اس ہیٹ ٹرک کی بدولت کراچی کنگز نے لاہور کو 125 رنز تک محدود کردیا اور باآسانی 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ محمد عامر نے اس دوران ڈیوین براوو، زوہیب خان اور پھر کیون کوپر کو آؤٹ کیا۔ وہ ابھی تک واحدباؤلر ہیں جنہیں ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل ہوا۔

یادگار6وکٹیں
کراچی کنگز کی ٹیم نے بدترین کارکردگی دکھائی اور 8 مقابلوں میں صرف 2میں فتوحات حاصل کیں لیکن اس کے باوجود قسمت کے بل بوتے پر کراچی پلے آف میں پہنچ گیا۔ کراچی کنگز کے روی بوپارااِن میچز میں ابھر کر سامنے آئے۔ انہوں نے کئی مقابلوں میں کراچی کو کامیابی کے بہت قریب پہنچایا بلکہ لاہور قلندرز کے خلاف مقابلے میں تو انہوں نے تن تنہا کراچی کو جتوایا۔ اس میچ میں روی بوپارانے برق رفتارچار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر ناقابل شکست 71 رنز بنائے اور کراچی کو 178 رنز تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد روی بوپارا نے باؤلنگ میں صرف 16 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور لاہور کو 155 رنزپر فارغ کردیا۔71 رنز اور 6 وکٹوں کی یہ کارکردگی پی ایس ایل کی تاریخ کایادگار لمحہ تھا۔

جب سکوربورڈ پر 200کا ہندسہ بنا
ٹی20طرز کی کرکٹ بنی ہی اس لیے ہے کہ کم وقت میں زیادہ سکور کرکے حریف ٹیم کو دباؤ میں لایا جائے اور اس مقصد کے حصول کے لیے بلے باز حریف باؤلرز کی جم کر دھلائی کرنے کی کوشش میں بلند و بانگ چھکے یا مسلسل چوکے لگاتے ہوئے کبھی کامیاب تو کبھی لاچار بن جاتے ہیں۔پاکستان سپر لیگ 2016ء کے ابتدائی مقابلوں میں جب چھکے اور چوکے کم لگے تو شائقین نے مایوسی کا اظہار کیا لیکن جوں جوں لیگ آگے بڑھتی رہی، رنز بھی بڑھتے رہے یہاں تک کہ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شاندار مقابلہ بھی دیکھنے کو ملا۔ اس میں لاہور کی مقابلے پر گرفت مضبوط تھی جس نے کرس گیل اور اظہر علی نے افتتاحی شراکت داری ہی میں 108 رنز جوڑ لیے۔ گیل کے 37 گیندوں پر 60 اور اس کے بعد اظہر علی کے 61 اور عمر اکمل کے 55 رنز نے لاہور کو کو 201 رنز تک پہنچا دیا۔ یہ متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں کسی بھی ٹی 20 مقابلوں میں دوسرا موقع تھا کہ کسی ٹیم نے اتنا بڑا مجموعہ اکٹھا کیا ہو۔اس سے قبل2014ء میں آئی پی ایل کے میں چنئی سپر کنگز نے کنگز الیون پنجاب کو 206 رنز کا ہدف دیاتھا۔بہرحال بات ہورہی تھی‘پی ایس ایل2016ء میں201کے ہدف کی،اس مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار تعاقب کے بعد آخری اوور کی آخری گیند پر ہدف کو پا لیا۔ اس میں اوپنر بسم اﷲ خان کے 55 رنز کے بعد آخری لمحات میں محمد نبی کے 12 گیندوں پر 30 رنز سب سے نمایاں رہے۔ محمد نبی نے آخری گیند پر درکار تین رنز کے لیے چوکا لگا کر کوئٹہ کو مقابلہ جتوایا۔

ایک مایوس کن منظر
پی ایس ایل2016ء میں شائقین کرکٹ کو محظوظ کرنے کے لیے ہر عنصر موجود تھااور مقابلے نہایت خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے تھے۔کھلاڑیوں کی کارکردگی کے علاوہ شائقین کا جوش وخروش دیدنی تھا۔ایک میچ میں کوئٹہ گلیڈ ایٹرز اور پشاور زلمی مدمقابل تھیں کہ احمد شہزاد اور وہاب ریاض کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل کا واقعہ پیش آیا،یہ نہایتمایوس کن منظر تھا۔ گو کہ مقابلہ سنسنی خیز ثابت نہیں ہوا لیکن وہاب ریاض اور احمد شہزاد کا تصادم ناخوشگوار لمحہ تھا۔ احمد شہزاد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو برق رفتار آغاز فراہم کیا۔ وہ دو چھکے لگا چکے تھے اور وہاب ریاض کے اوور کی پہلی گیند کو بھی خوبصورتی سے چھکے کے لیے روانہ کردیالیکن وہاب ریاض کی اگلی ہی گیند پراحمد شہزاد کلین بولڈ ہوگئے۔ چھکا کھانے کے بعد اگلی ہی گیند پر وکٹ لینے کا وہاب ریاض کا جوش اور اس پر آؤٹ ہونے پر احمد شہزاد کا غصہ، جب دونوں آپس میں ٹکرائے تو چنگاری بھڑک اٹھی۔ نازیبا جملوں کا تبادلہ ہوا یہاں تک کہ معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔ دیگر کھلاڑیوں کی مداخلت سے معاملہ ختم ہوا۔ اس واقعہ پر دونوں کھلاڑیوں پر جرمانے بھی ہوئے ۔ اسی مقابلے میں شاہد آفریدی نے بہترین کارکردگی دکھائی،انہوں نے صرف 7 رنز کے عوض کوئٹہ کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پشاور زلمی کے ایک بزرگ کھلاڑی کی کارکردگی
کراچی کنگز کے لیے پشاور زلمی کے خلاف آخری مقابلہ ’’مارو یا مر جاؤ‘‘ کی حیثیت رکھتا تھا۔ جیت گیا تو پلے آف میں، ہار گیا تو لاہور کے رحم و کرم پر۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دم خم نظر نہ آیا اور کراچی بمشکل 153 رنز کا ہدف دے سکا۔ پشاور کے لیے یہ ہدف ہرگز مشکل نہ تھا لیکن جب 69 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تو مقابلہ کراچی کے حق میں چلا گیا۔ 9 اوورز میں پشاور کو 80 رنز کی ضرورت تھی جہاں 41 سالہ بریڈ ہوج آئے جو سیزن میں اپنا پہلا مقابلہ کھیل رہے تھے اور 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے صرف 45 گیندوں پر 85 رنز بنائے اور 19 ویں اوور میں ہی پشاور کو ہدف تک پہنچا دیا۔ اسامہ میر کو لگائے گئے مسلسل تین چھکے دن کی سب سے خوبصورت جھلک تھے۔

پاکستان سپر لیگ 2017ء کے دلچسپ لمحات
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کا آغاز دبئی میں ایک شاندار افتتاحی تقریب میں ہوا۔پاکستان کے کئی نامور گلوکاروں کی بہترین پرفارمنس اور آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ اس رات کو یادگار بنانے کے لیے کوئی موقع نہیں چھوڑا گیا۔تاہم اس یادگار رات میں کئی لمحات توجہ کا مرکز بنے، جن میں سے کچھ نے باالخصوص متاثر کیا۔

افتتاحی تقریب کے بہترین لمحات
پاکستان سپرلیگ کا دوسرا سیزن شایان شان انداز میں شروع ہوا۔سپورٹس سٹی کے پرشکوہ اسٹیڈیم میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں روشنی ، رقص اور موسیقی کے ذریعے پاکستان کی رنگا رنگ ثقافت کا جشن منایا گیا۔پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کے مظاہرہ کیا گیا۔ قومی ترانے کے بعد فلائنگ ڈرمرز نے اپنا کمال فن دکھا کر داد سمیٹی۔یہ آتش بازی اس رات کا سب سے بہترین لمحہ تھی ۔تقریب میں روشنی بکھیرتے ڈریس پہن کر ڈرمز بجاتے اونچائی سے زمین پر آنا، کافی متاثر کن تھا۔ پھر تقریب یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ اس موقع پر ہر صوبے کے ثقافتی ڈانس اور گانوں نے خوب داد وصول کی۔اس موقع پر چار صوبائی زبانوں میں گانے بجائے گئے، جہاں ثقافتی ملبوسات پہنے ڈانسرز نے سٹیج پر شاندار رقص پیش کیا۔افتتاحی تقریب میں ٹورنامنٹ میں شریک پانچوں ٹیموں کے 105 کرکٹرز اور آفیشلز نے 20 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے مارچ پاسٹ کیا۔ ایونٹ کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی پاکستان کا قومی لباس شلوار قمیض پہن کر تقریب میں شرکت کے لیے آئے ۔

افتتاحی میچ میں باؤلرز کی پٹائی کے بعدجملہ سازی
پی ایس ایل 2 کے افتتاحی میچ میں پشاور زلمی کے کامران اکمل نے اپنی کلاس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 183کے اسٹرائیک ریٹ سے 88 رنز بنا ئے۔ایسا لگ رہا تھا کہ کامران اکمل کا بلا گیند روکنا بھول گیا ہے جو ہر گیند کو آسمان پر بھیجنے کے تیار تھا ۔ مایہ نار پاکستانی سپنرسعید اجمل کی 14 گیندوں پر انہوں نے 32 رنز بنائے، جن میں تین چھکے اور دو چوکے بھی شامل تھے۔ کامران جب باؤلرز کی پٹائی کر رہے تھے تو دبئی سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی سفیر اور مقبول گلوکارہ مومنہ مستحسن نے یونائیٹڈ کے حامیوں کے حوصلے یہ کہہ کر بڑھائے کہ’’گرتے ہیں شہسوار ہی میدان جنگ میں‘‘۔

ائین مورگن کا آؤٹ
30سالہ انگلش ون ڈے ٹیم کے کپتان ائین مورگن کا ٹیسٹ کیریئر 2012ء میں سعید اجمل کی باؤلنگ کی نذر ہوگیا تھا۔ رواں پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی کٹ پہنے مورگن جب کھیلنے آئے تو مصباح الحق نے گیند سعید اجمل کو تھما دی اور 2012ء میں امارات میں جو ہوا تھا،اس بار بھی وہی ہوا۔ سعیداجمل کی دوگیندیں سرسری انداز میں کھیلنے کے بعد انگریز ون ڈے کپتان بوکھلا گئے اورتیسری گیند پر بولڈ ہوگئیاور تیسرے امپائر کی مداخلت پرآؤٹ قرار پائے۔یہ ایک دلچسپ لمحہ تھا جسے دیکھنے والے ہی سمجھ سکتے ہیں کہ ائین مورگن کی حالت کیا تھی۔

ون مین آرمی
کرس گیل ایک ایسا کھلاڑی جس کا بلّا چل پڑے تو پھر کسی دوسرے کی ضرورت باقی نہیں رہتی اور وہ’’ون مین آرمی‘‘ہی نیا پار لگانے کے لیے کافی رہتی ہے لیکن جارح مزاج بلے بازکرس گیل اور پی ایس ایل کے درمیان کوئی اچھا ناطہ نہیں بن سکا۔رواں پی ایس ایل میں ابتدائی پانچوں مقابلوں میں گیل کراچی کنگز کے لیے کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے تھے،اور ان5میچز میں کل 30 رنز ہی بناسکے۔پہلے5میچز میں11، 2، 5، 10 اور 2 رنز کی اننگز گیل کے شایان شان نہیں تھیں لیکن گیل پی ایس ایل کے پہلے سیزن کی طرح ناکام ثابت ہوئے لیکن گیل کی ٹیم کراچی کنگز پر اگر مگر والی کیفیت چھائی تو اکیلے گیل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 5چھکوں اور2چوکوں سے مزین ایسی جارحانہ اننگ کھیلی‘جس کی وجہ سے گیل خود بھی مطمئن ہوگئے اور کراچی کنگز کو بھی سکھ کا سانس ملا۔آؤٹ آف فارم گیل کی یہ اننگ ایونٹ کادلچسپ لمحہ تھا۔

دلچسپ مکالمہ
متحدہ عرب امارات میں پاکستان سپر لیگ کا دوسرا سیزن آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ میچز مزید سخت اور دلچسپ ہوتے جارہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب چار ٹیمیں ناک آؤٹ راؤنڈ میں جائیں گی۔ابتدائی مرحلہ کے ایک میچ میں لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائٹیڈکے خلاف جیت کے لیے آخری اوور میں چھ رنز درکار تھے اور ان کی دو وکٹیں باقی تھیں محمد سمیع کی پہلی گیند پر عامر یامین آؤٹ ہو گئے لیکن اگلی گیند پر گرانٹ ایلیٹ نے محمد سمیع کو ایک بلند وبالا چھکا لگا کر قلندرز کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس دلچسپ مقابلے کے بعد پشاورزلمی کی جانب سے کھیلنے والے فاسٹ بولر وہاب ریاض کی اہلیہ نے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ’’کیا دلچسپ مقابلہ تھا، لاہور قلندرز مبارک ہو، اب پاکستان سپر لیگ میں کوئی بھی ٹیم آگے بڑھ سکتی ہے اور فائنل تک پہنچ سکتی ہے‘‘،وہاب ریاض نے اہلیہ کے ٹویٹ میں جواباً ٹویٹ کیا کہ’’جان‘‘ باقی ٹیموں کی فکر چھوڑو پشاور زلمی کی فکر کریں۔ آپ کو پشاور زلمی کو سپورٹ کرنا ہوگا ورنہ لاہور صرف تین گھنٹے دور ہے۔

وہاب ریاض کی ٹویٹ کے جواب میں ان کی اہلیہ نے ٹویٹ کیا،’’میں پشاور زلمی ہی کو سپورٹ کر رہی ہوں ویسے بھی آخر میں جیت تو پاکستان ہی کی ہونی ہے اور ویسے بھی جان آپ میری فکر نہیں کریں بس آخری دو میچوں میں جیت کو یقینی بنائیں ورنہ آپ کو لاہورمجھ سے پہلے ہی واپس جانا پڑے گا‘‘۔

دو اننگز کا مکالمہ
پاکستان سپر لیگ میں بہترین کارکردگی پرشاہد آفریدی اور ان کی اہلیہ نادیہ شاہد کے درمیان دلچسپ ٹوئٹ کا تبادلہ ہوا جو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاہد آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 45 رنز بنائے جس کی وجہ سے پشاور زلمی کامیابی سے ہمکنارہوئی تو دوسری جانب بوم بوم کے مداح بھی بہت محظوظ ہوئے۔

شاہد آفریدی کی اہلیہ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے جیت کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ’’ الحمداﷲ! مجھے اپنے خوبصورت شوہر پر فخر ہے جب کہ آفریدی نے بھی اہلیہ کی ٹویٹ کے جواب میں دلچسپ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ پر بھی فخر ہے اور میں نے ہمیشہ 2 اننگز کھیلی ہیں جس میں ایک مداحوں کی خوشی کے لیے اور دوسری آپ کی خوشی کے لیے‘‘۔

’’گرو‘‘ کی گروگیری
سر ویوین رچرڈز ان دنوں پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے’’گرو‘‘کا کردار ادا کر رہے ہیں اور کوئٹہ کے کھلاڑیوں کی اس سے زیادہ اور کیا خوش قسمتی ہوسکتی ہے کہ انھیں ایک عظیم بیٹسمین کے وسیع تجربے سے مستفید ہونے کا بھر پور موقع ملا ہے۔کرکٹ کا گرو’’سر ویوین رچرڈز‘‘ پاکستان سپر لیگ کے بارے میں مثبت سوچ رکھتے ہیں اور انھیں توقع ہے کہ پاکستان کا نوجوان ٹیلنٹ اس لیگ سے ابھر کر سامنے آئے گا۔رچرڈز اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے اور ان کا مورال بلند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کوئٹہ کے کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے چھکا یا چوکا مارنے پر رچرڈز اپنے مخصوص انداز میں مکا لہراتے ہوئے تمام ٹیم انتظامیہ کے افراد کے ہاتھوں پر ہاتھ مارتے ہیں اور اسی طرح جب حریف ٹیم کا کوئی کھلاڑی آؤٹ ہوتو اپنی سیٹ سے اٹھ کر زبردست طریقے سے داد دیتے ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہر میچ میں ٹی وی کیمرہ مینوں نے جو جو انداز ویوین رچرڈز کے دکھائے وہ واقعی دیکھنے کے قابل تھے۔

پش اپس
ویسے توپاکستانی ٹیم کے سپر سٹارمصباح الحق کے پش اپس تو مشہور ہوئے تھے لیکن اس بار جیت کے بعد پش اپس کس نے لگائے؟؟

رواں پی ایس ایل میں کراچی کنگز ایونٹ کی ایسی ٹیم ثابت ہوئی جسے جیتنا نہیں آرہا تھا،کامیابیوں کو ترستی ٹیم نے اپنے ابتدائی3میچز سنگاکارا کی قیادت میں ہار دیئے،جارح مزاج بلے بازکرس گیل بھی آف کلر نظر آئے سوائے بابر اعظم کے کوئی کھلاڑی کارکردگی نہیں دکھا رہا تھا کہ ایسے میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا بھی دشوار ہوچکا تھا لیکن ہمت مرداں مدد خدا کے مصداق لاہور قلندرزاور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعدویسٹ انڈین کیرون پولارڈ کے برق رفتار چھکوں کی مدد سے کراچی کنگز نے فتح حاصل کی اور اس لمحے دلچسپ واقعہ یہ ہوا کہ کیرون پولارڈنے فتح کا مشن مکمل کرتے ہی پش اپس لگاکر خوشی کا اظہار کیا جب کہ ان دونوں سنسنی خیز مقابلوں میں جیت کے بعد کھلاڑی اور مینجمنٹ خوشی سے نہال ہوگئے۔
٭……٭
ان دلچسپ واقعات سے آراستہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاداگر پاکستان سپر لیگ کا انعقاد پاکستان میں ہوتا تو یقینی طور پر اس کا بہت بڑا فائدہ پاکستان کرکٹ اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو ہوتا،پاکستان کے میدان ویران پڑے ہوئے ہیں جہاں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی جارہی۔بہرحال ہمیں امید رکھنی چاہیے کہ آئندہ سال پی ایس ایل کا میلہ8ٹیموں کے ساتھ وطن عزیز کے میدانوں میں سجایاجائے گا۔

Box
پی ایس ایل 2017ء کا مایوس کن لمحہ
سری لنکا کے خلاف شارجہ اور دبئی میں چوکوں اور چھکوں سے شہرت پانے والے اور سابق اوپنرسعید انور کی طرح پرکشش سٹروکس اور فطری صلاحیتوں کے مالک نو آموزپاکستانی اوپنر شرجیل خان اپنے بین الاقوامی کیریئر کے اوائل ہی میں اچھی کارکردگی سے شائقین کرکٹ کے دل موہ لیے۔گزشتہ پی ایس ایل کا پہلا چھکا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شرجیل خان نے مارا جبکہ لیگ کی پہلی انفرادی سنچری مکمل کرنے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے جب کہ حالیہ PSLمیں شرجیل خان اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے پہلے مقابلے میں شریک ہوئے اور صرف ایک رنز پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور آغاز ہی میں چند مشتبہ افراد سے ملاقات کے الزام میں شرجیل خان کو دبئی سے واپس پاکستان بھیج کر انکوائری کا آغاز کیا گیا جب کہ دوسری طرف شرجیل کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈکے خالد لطیف بھی سپاٹ فکسنگ کی زد میں آگئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جارح مزاج بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرکے انہیں متحدہ عرب امارات سے پاکستان واپس بھیج دیا جبکہ دبئی میں ہوٹل لابی کے اندر ایک مشتبہ شخص کے ساتھ مبینہ مشکوک رابطوں کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کی مبینہ خلاف ورزی پر پی ایس ایل سے معطل ہونے والے شرجیل خان اور خالد لطیف کو تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کیا۔تادم تحریر ان کھلاڑیوں پرانکوائری کا آغاز ہوچکا ہے اور اگر ان پر الزامات ثابت ہوگئے تو اِن پر تاحیات پابندی بھی لگ سکتی ہے۔پاکستان کے جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین شرجیل خان اورخالد لطیف ان بدنام زمانہ25 عالمی کرکٹرزکی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں جنہیں گزشتہ 17 برسوں کے دوران میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے سبب سزا کا سامنا کرنا پڑا۔

دونوں کھلاڑیوں پر پابندی سے ناصرف اسلام آباد یونائیٹڈکے لیے صدمہ تھی بلکہ پی ایس ایل کی انتظامیہ کے لیے دکھ کی بات تھی۔اس واقعے کوپی ایس ایل 2017ء کا مایوس کن لمحہ قرار دیا جاسکتا ہے۔
٭٭٭
ڈیک:
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کے مظاہرہ کیا گیا۔ قومی ترانے کے بعد فلائنگ ڈرمرز نے اپنا کمال فن دکھا کر داد سمیٹی۔یہ آتش بازی اس رات کا سب سے بہترین لمحہ تھی ۔تقریب میں روشنی بکھیرتے ڈریس پہن کر ڈرمز بجاتے اونچائی سے زمین پر آنا، کافی متاثر کن تھا

سر ویوین رچرڈز اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے اور ان کا مورال بلند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کوئٹہ کے کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے چھکا یا چوکا مارنے پر رچرڈز اپنے مخصوص انداز میں مکا لہراتے ہوئے تمام ٹیم انتظامیہ کے افراد کے ہاتھوں پر ہاتھ مارتے ہیں

کرس گیل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 5چھکوں اور2چوکوں سے مزین ایسی جارحانہ اننگ کھیلی‘جس کی وجہ سے گیل خود بھی مطمئن ہوگئے اور کراچی کنگز کو بھی سکھ کا سانس ملا۔آؤٹ آف فارم گیل کی یہ اننگ ایونٹ کادلچسپ لمحہ تھا

گزشتہ پی ایس ایل کے ایک میچ میں کوئٹہ گلیڈ ایٹرز اور پشاور زلمی مدمقابل تھیں کہ احمد شہزاد اور وہاب ریاض کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل کا واقعہ پیش آیا،یہ نہایتمایوس کن منظر تھا۔ گو کہ مقابلہ سنسنی خیز ثابت نہیں ہوا لیکن وہاب ریاض اور احمد شہزاد کا تصادم ناخوشگوار لمحہ تھا
 
Rehman Mehmood Khan
About the Author: Rehman Mehmood Khan Read More Articles by Rehman Mehmood Khan: 38 Articles with 39386 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.