پاپ میوزک کابادشاہ،شہرہ آفاق امریکی گلوکار مائیکل جیکسن

جس نے عمدہ گلوکاری،موسیقی، اور منفرد اسٹائل کے رقص کرنے کی وجہ سے مقبولیت اور کامیابی کے کئی عالمی ریکارڈ قائم کیئے !
دنیائے فلم میں سب سے مقبول اور کامیاب فلم انڈسٹری ’’ہالی ووڈ ‘‘ کی ہے جس کی بنائی ہوئی فلمیں پوری دنیا کے سینما گھروں میں ریلیز ہوتی ہیں اور پسند کی جاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ہالی ووڈ کے فنکاروں کو ہر جگہ بخوبی جانا پہچانا جاتا ہے،ہالی ووڈ کے اداکاروں اور گلوکاروں کو جو مقبولیت اور کامیابی حاصل ہوئی وہ کسی دوسری فلم انڈسٹری کے فنکاروں کو نہ مل سکی حتیٰ کہ ’’بالی ووڈ‘‘ کی فلم انڈسٹری کو بھی نہیں۔ہالی ووڈ کے فنکاروں کا تذکرہ کیا جائے توگلوکاری کے میدان میں پاپ میوزک کے بے تاج بادشاہ شہرہ آفاق گلوکار مائیکل جیکسن کا نام سر فہرست لیا جاتا ہے جس نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے وہ عزت،شہرت،نام اور مقام حاصل کیا جس کا خواب دنیا کا ہر فنکار دیکھتا ہے۔

امریکی گلوکار مائیکل جیکسن 29 ،اگست1958 کوامریکہ میں Indiana میں پیدا ہوئے ،وہ اپنے ماں باپ کی ساتویں اولاد تھے۔مائیکل جیکسن کا پورا نام ’’مائیکل جوزف جیکسن‘‘ تھا لیکن اسے دنیا بھر میں مائیکل جیکسن کے نام سے شہرت حاصل ہوئی ۔اس نے سب سے پہلے 1964میں اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کرایک میوزیکل گروپ ’جیکسن فائیو‘‘ کے نام سے بنایااوراس گروپ کے تحت اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے ایک موسیقار اور گلوکار کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کیااور کئی سال تک مائیکل جیکسن اس گروپ کے پلیٹ فارم سے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر پروگرام کرتا رہا جس کے بعد1971 میں مائیکل جیکسن نے پہلی بار اپنی تنہا پرفارمینس دی جس کو’’سولو‘‘پرفارمینس بھی کہا جاتا ہے۔مائیکل جیکسن نے اپنی اس سولو پرفارمنس میں ایک گلوکار اور ماہر رقاص کے طور پر اپنی خداداد صلاحیتوں کا کھل کر مظاہرہ کیا جسے ناظرین اور سامعین میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی جس کی وجہ مائیکل جیکن کی سریلی آواز اور رقص کا انوکھا انداز تھا ،مائیکل جیکسن اپنے گانوں کے دوران جس منفرد انداز کا رقص پیش کرتا تھا اس کی وجہ سے شائقین اس کے گرویدہ ہوتے چلے گئے اور1980 کے عشرے میں تومائیکل جیکسن نے اپنی زبردست پرفارمینس کی بنا پر تہلکہ مچا کر اپنے ہم عصر تمام گلوکاروں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا اور ہر جگہ مائیکل جیکسن کے نام کا ڈنکا بجنے لگااور مائیکل جیکسن کی منفرد پرفارمنس کو اتنی زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی کہ دیگر ممالک کے کئی فنکاروں نے مائیکل جیکسن کے اسٹائل کو کاپی کرنا شروع کردیا اس حوالے سے جس فنکار کو بہت شہرت اور کامیابی ملی وہ بھارت کا مشہور رقاص اور اداکار ’’پر دھووا‘‘ ہے جس نے مائیکل جیکسن کے انداز میں’’ بالی ووڈ‘‘ کی فلموں میں رقص کرکے بہت شہرت اور کامیابی حاصل کی۔وہ 1964 سے 2009 تک ایک موسیقار،گلوکار،نغمہ نگار اور رقاص کے طور پر فعال رہا ،یہ دو ر بلاشبہ صرف مائیکل جیکسن کا دور تھا یہی وہ زمانہ تھا جب اسے King of Popکا خطاب دیا گیا۔

شہرت اور کامیابی نے مائیکل جیکسن کواپنے گانوں کی آڈیو اور ویڈیو البمز بنانے کی طرف راغب کیا اور مائیکل جیکسن نے اپنے لائیو شوز کی ویڈیو ز بنوا کر البم کی صورت میں ریلیز کرنی شروع کردیں جس کے بعد مائیکل جیکسن نے مقبولیت کی معراج کو چھو لیا اوراس پر روپوں پیسوں کی برسات شروع ہوگئی اس زمانے میں مائکل جیکن کی البمزریلز ہوتے ہی ختم ہوجایا کرتی تھیں،مائیکل جیکسن کے گانوں کی ویڈیوز Jeanit Billie Beat,اورThriller نے مقبولیت اور فروخت کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے،خاص طو ر پرمائیکل جیکسن کی البم ’’تھرلر‘‘ کی ویڈیو کو تاریخ کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البم کا اعزاز حاصل ہوا ۔مائیکل جیکسن نے اپنی عمدہ پرفارمینس اور منفرد اسٹائل کی وجہ سے 13 گریمی ایوارڈز اور26 ،امریکن میوزک ایوارڈ حاصل کیئے جبکہ مائیکل جیکسن کو ’’آرٹسٹ آف دی سینچری‘‘ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔مائیکل جیکسن نے اپنی اسٹیج پرفارمینس کے دوران کئی نئی ڈانس ٹیکنیکس بھی متعارف کروائیں جس کی وجہ سے اس کے مداحوں میں مزید اضافہ ہوا،مائیکل جیکسن کے ڈانس ’’روبوٹ‘‘ اور’’مون واک‘‘ کو بے انتہا مقبولیت حاصل ہوئی جبکہ کئی بار مائیکل جیکسن کا نام عالمی شہرت یافتہ ریکارڈ بک’’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ‘‘ میں بھی شامل کیا گیا۔

1982 میں اس کی ریلیز ہونے والی البمThriller نے مقبولیت اور فروخت کے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ ڈالے یہی وہ تاریخ ساز البم ہے جس نے مائیکل جیکسن کو بام عروج پر پہنچایااس کے بعد1987 میں اس کی نئی البمDangerous , اور 1997 میں ریلیز ہونے والی البم History نے بھی مائیکل جیکسن پر کامیابیوں اورروپے پیسے کی برسات جاری رکھی اور اس نے دنیا بھر میں اپنے مداحوں کا ایک وسیع حلقہ قائم کرلیایہی وجہ ہے کہ دنیائے موسیقی کے اس شہنشاہ کے گائے ہوئے گانوں اور میوزک البمز پر مشتمل دنیا بھر میں750 ملین ریکارڈز فروخت ہوئے جو ایک ایسا انتہائی منفرد اور ناقابل شکست ریکارڈ ہے جسے اب شاید ہی کوئی دوسرا فنکار توڑ سکے۔

عالمی سطح پر مقبولیت اور کامیابیاں سمیٹنے والا مائیکل جیکسن اپنی نجی زندگی میں کئی تنازعات میں ملوث رہا،ان کے خلاف سب سے بڑا الزام ایک بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کا لگایا گیا لیکن اس الزام سے وہ باعزت بری ہوگئے ۔مائیکل جیکسن کو اپنے چہرے کی متعدد مرتبہ پلاسٹک سرجری اور منفرد انداز کے ہیئر اسٹائل کی وجہ سے بھی شہرت حاصل تھی ۔پاپ میوزک کے حوالے سے وہ دنیاکا سب سے مقبول اور کامیاب فنکار تھا جس کی کاپی کرکے بہت سے نئے فنکاروں نے نام اور پیسہ کمایا لیکن مائیکل جیکسن کی نجی زندگی کو کامیاب قرار نہیں دیا جاسکتا یہی وجہ تھی کہ اتنی شہرت ،کامیابی اور روپے پیسے کی ریل پیل کے باوجود مائیکل جیکسن ایک غیر مطمئن انسان تھااور اکثر مختلف بیماریوں کا شکار رہتا تھا جس کے نتیجے میں 25 جون2009 کو مائئیکل جیکسن صرف50 سال کی عمر میں پراسرا طور پر انتقال کرگیااس کے اچانک انتقال کے بعد اس کے معالج ڈاکٹر’’ کونریڈ مرے ‘‘ کے خلاف مائیکل جیکسن کے قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا ،ڈاکٹر’’ کونریڈمرے‘‘پر الزام تھا کہ اس نے بیماری کے دنوں میں مائیکل جیکسن کی دیکھ بھال اور علاج پراسرار طور پر بہت عجیب و غریب طریقے سے کیا جس کی وجہ سے مائیکل جیکسن کی موت واقع ہوگئی۔

مائیکل جیکسن موسیقی کی دنیا کاایک ایسا نام تھا کہ جس کے ایک لائیو کنسرٹ کے لیئے لوگ شدت سے انتظارکیا کرتے تھے ،اس کے نام پر جس شوکا اعلان کیا جاتا اس کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوجایا کرتے تھے اور جب اس کا کنسرٹ شروع ہوتا تھا تومایئیکل جیکسن ہزاروں لوگوں کواپنی میوزک،گلوکاری اور اسٹائل کے سحر میں اس طرح جکڑ لیا کرتا تھا کہ لوگ بے اختیار ہوکر تھرکنا شروع کردیتے تھے اورمدتوں مائیکل جیکسن کی ناقابل فراموش پرفارمینس کے جادو کا سحر ان پر طاری رہتا تھا۔مائیکل جیکسن اپنی ذات میں ایک ادارے کا درجہ رکھتے تھے ،وہ دنیائے موسیقی کے ایک ایسے سپر اسٹار تھے جس کے گانے اور پرفارمنس کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا تھا ور آج بھی ان کے لاکھوں مداح ان کی ویڈیوز کو دیکھ کر ان کے فن اور شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،پوری دنیا میں کہیں بھی چلے جائیں مائکل جیکسن کا نام سب جانتے ہیں۔ایک بڑے اور مشہور ترین فنکار کے طورپر مائیکل جیکسن بہت زیادہ کامیاب رہے لیکن ان کی نجی زندگی مختلف تنازعات کا شکار رہی اور ان کے حوالے سے نت نئے اسکینڈلز منظر عام پر آتے رہے،ان کے بارے میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ مسلمان ہوگئے ہیں جبکہ ان پر ایک نوجوان لڑکے سے جنسی زیادتی کا الزام بھی لگایا گیالیکن ان تمام باتوں کے باوجود لوگوں کے دلوں میں مائیکل جیکن کی محبت آج بھی موجود ہے اور آج بھی ان کو ایک عمدہ گلوکار اور ماہر فن رقاص کے طور پر بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔جب کے ان کے چاہنے والے ان کو بڑی شدت سے یاد کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ گزشتہ دنوں جب مائیکل جیکسن کے زیر استعمال اشیا کی نمائش کی گئی تواس موقع پر ان کے بہت سے مداحوں نے مائیکل جیکسن کی مختلف اشیا کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی چنانچہ مائیکل جیکسن کی بہت سی چیزیں ان کے چاہنے والوں نے مہنگی ہونے کے باوجود ہاتھوں ہاتھ خریدلیں۔کوئی ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے کچھ بھی کہتا رہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ ایک بے مثال فنکارتھے جن کے لاکھوں مداحوں کو ان کی نجی زندگی سے کوئی سروکار نہیں ہے وہ تو شروع سے اس کے فن کے دیوانے تھے اور آج بھی ہیں۔امریکی فنکاروں میں گلوکار ایلویس پریسلے کے بعد مائیکل جیکسن ہی وہ بے مثال فنکار تھا جسے بے پناہ چاہا گیا ۔ایک عالمی شہرت یافتہ کامیاب موسیقار ،گلوکاراور رقاص کے طور پر مائیکل جیکسن کا نام ان کی لاجواب اور منفرد پرفارمنس کی وجہ سے ہمیشہ زندہ رہے گا۔

مائیکل جیکسن گوکہ22 جون 2009 کو انتقال کرگئے تھے لیکن وہ اپنے مداحوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں جس کا سب سے بڑا ثبوت ان کے چاہنے والوں کی جانب سے سامنے آنے والی مختلف کاوشیں ہیں جن کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کوئی انسان جب لوگوں کے دلوں میں جگہ بنالیتا ہے تو پھر وہ مرنے کے بعد بھی زندہ رہتاہے اور اس کا شمار ان خوش نصیب لوگوں میں ہوتا ہے جنہیں حیات جاوداں ملتی ہے سچ کہا ہے کسی نے کہ: جودلوں کو فتح کرلے وہی فاتحہ زمانہ ۔۔۔۔ ان کے مداحوں نے ان کے نام کو زندہ و تابندہ رکھنے کے لیئے جو کارنامے انجام دیے ہیں ان میں سے صرف ایک کارنامے کا ذکر مائیکل جیکسن کی برسی کے حوالے سے لکھے گئے اس خصوصی مضمون میں کیا جارہا ہے تاکہ لوگوں کو اندازہ ہوسکے کہ مائیکل جیکسن کتنا بڑا فنکار اور کتنا مقبول انسان تھا۔

عالمی شہرت یافتہ پاپ سنگر مائیکل جیکسن کے چاہنے والوں نے اس کے گانوں کی البم ’’مائیکل‘‘کا ایک حیرت انگیز لمبا چوڑا پوسٹر بنا کراپنے پسندیدہ فنکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کی ایک منفرد مثال قائم کی ہے ۔مائیکل جیکسن کی تصویر کا یہ جہازی سائز کا پوسٹر171 فٹ لمبا اور170 فٹ چوڑا ہے جبکہ اس کی بیرونی سطح مجموعی طور پر29.070 اسکوائر فٹ پر مشتمل ہے، PVC کے بنائے ہوئے ایک ٹن وزنی اس انتہائی لمبے چوڑے پوسٹر کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈکی جانب سے دنیا کا سب سے بڑا پوسٹرتسلیم کرتے ہوئے تصدیقی سرٹفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔اس سے قبل دنیا کے سب سے بڑے پوسٹر کا ورلڈ ریکارڈ
Vancouver میں منعقد ہونے والے Winter Olympics 2010کے موقع پر لگائے گئے110 اسکوائر فٹ پر مشتمل ایک پوسٹر کو حاصل تھا جسے مائیکل جیکسن کے پوسٹر’’مائیکل‘‘ نے توڑ کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیاہے۔ مائیکل جیکسن کا یہ پوسٹر اپنے سائز کے لحاظ سے انتہائی منفرد ہے کیونکہ یہ پوسٹر اتنا بڑا ہے کہ اس سے Wembley اسٹیڈیم کی Pitch کے تین چوتھائی حصے کو ڈھکا جاسکتا ہے اوریہ چھRoute Masterبسوں کے برابر لمبااور لندن کےNelson's Column سے زیادہ اونچا ہے۔ ریکارڈ ساز پوسٹر’’مائیکل‘‘ پر مائیکل جیکسن کی جو تصویر پرنٹ کی گئی ہے اسے قادر نیلسن نام کے پینٹر نے (جو اپنی بنائی ہوئی پینٹنگز کے ذریعے مشہور شخصیات کی زندگی کی کہانیاں بیان کرنے کے حوالے سے مقبول تھا )2009 میں تخلیق کیا تھااور یہ ایک اصلی آئل پینٹنگ تھی جسےPVC نے دنیا کے سب سے بڑے پوسٹر کی شکل دے کراسے ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنوادیا۔PVCََ کے بنائے ہوئے ایک ٹن وزنی اور29,070 اسکوائر فٹ پر مشتمل دنیا کے اس سب سے بڑے پوسٹر’’مائیکل ‘‘کوانجینئرز نے تین گھنٹوں کی مسلسل محنت کے بعد ہیتھرو ائیرپورٹ کے مرکزی رن وے پرتقریباً3000 اسکوائر فٹ کے اندرایسی نمایاں جگہ پرلگایا ہے کہ یہ اس ائیر پورٹ پر آنے اور جانے والے ہرہوائی جہاز سے باآسانی دکھائی دیتا ہے، اس انتہائی بڑے سائز کے پوسٹر میں کوئی جوڑ نہیں لگایا گیابلکہ یہ پورا پوسٹرایک ہی ٹکڑے پر مشتمل خام مال سے بنایا گیا ہے جسے قدر دانوں کی طلب کے مطابق تجارتی بنیادوں پر فروخت کرنے کے لیئے بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔ قارئین ! اسے کہتے ہیں بے مثال شہرت،عزت ،محبت اور عقیدت جو مائیکل جیکسن کو حاصل ہوئی ۔
تحریر:فریداشرف غازی ۔ کراچی

 
Fareed Ashraf Ghazi
About the Author: Fareed Ashraf Ghazi Read More Articles by Fareed Ashraf Ghazi : 119 Articles with 125720 views Famous Writer,Poet,Host,Journalist of Karachi.
Author of Several Book on Different Topics.
.. View More