محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیا:حیات وتعلیمات

مزارمقدس محبوب الہی قدس سرہ

سلطان المشائخ خواجہ نظام الدین اولیا قدس سرہٗ جنھیں پیارسے ’’سلطان جی‘‘ اور عظمت شان کی وجہ سے ’’محبوب الٰہی‘‘بھی کہاجاتاہے،آپ ہندوستان میںچشتیہ سلسلہ طریقت کے چوتھے عظیم بزرگ ہیں۔سوانح نگاروں کے مطابق خواجہ فرید الدین گنج شکر قدس سرہٗ معروف بہ’’ بابافرید‘‘ نے سلسلہ چشتیہ کو منظم کیا اور محبوب الٰہی قدس سرہٗ نے اس سلسلے کو ترقی اور بلندی عطاکی۔
نام ونسب:محبوب الٰہی کا اصل نام ’’محمد ‘‘اورلقب ’’نظام الدین‘‘ ہے، جب کہ والد مکرم کا نام’’ احمد‘‘اور والدہ ماجدہ کا نام ’’بی بی زلیخا‘‘ہے۔ آپ نجیب الطرفین سیدہیںاورآپ کا سلسلہ نسب سید حسن بن میر علی بن میراحمد کے واسطے سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچتا ہے۔
آپ کے آباواجداد، بخاراکے رہنے والے تھے جو چنگیزی حملے کے وقت لاہورآئے،اسی لاہور شہر میں آپ کے والدین پیدا ہوئے۔کچھ دنوںبعد آپ کے داداخواجہ علی بخاری اور ناناخواجہ عرب دونوںشہر بدایوں پہنچے اوروہیں مستقل سکونت اختیار کرلی۔
ولادت باسعادت:محبوب الٰہی کی ولادت ہندوستان کے اِسی مشہور شہر بدایوں میں24؍صفرسنہ 636ہجری مطابق 4؍اکتوبر1238 عیسوی میں ہوئی۔آپ جب پیدا ہوئے اس وقت شہر بدایوں علم وفضل کامرکز بھی تھااورمذہبی وروحانی اعتبارسے مشہورِ عالم بھی۔ وہاں کے علما وفضلا عالمی سطح پر قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھیاور یہ شہربدایوں’’ قبۃ الاسلام‘‘کے نام جانا جاتاتھا۔
تعلیم وتربیت:محبوب الٰہی نے ابھی زندگی کی چھ بہاریںہی دیکھی تھیں کہ شفقت پدری سے محروم ہوگئے۔ اس کے بعد آپ کی تعلیم وتربیت کی تمام تر ذمہ داری والدہ ماجدہ بی بی زلیخانے بحسن وخوبی انجام دی۔والدہ ماجدہ دین دار ہونے کے ساتھ انتہائی باہمت اور باحوصلہ خاتون تھیں،جس کا ثبوت یہ ہے کہ غربت و افلاس اور اقتصادی ومالی دقتوں کے باوجوداُنھوںنے آپ کی تعلیم وتربیت کاانتظام کیااورحصول تعلیم میں آپ کا ہر ممکن تعاون دیا۔
محبوب الٰہی کی ابتدائی تعلیم بدایوں میں ہوئی۔مثلاًوہاں آپ نے ناظرہ قرآن کریم اور صرف ونحو کی ابتدائی کتابیں پڑھیں اور مولانا علاء الدین اصولی سے قدوری کادرس لیا۔پھر والدہ ماجدہ کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے دہلی کارخ کیا جو بدایوں کے بعد علم وفضل کامرکز بناہوا تھا۔ یہاں آپ نے خواجہ شمس الدین خوارزمی سے علمی استفادہ کیا اور اُن سے مقامات حریری پڑھی، جب کہ استاذِعصر حضرت مولانا کمال الدین سے علم حدیث میں استفادہ کیا اور اُن سے مشارق الانوار پڑھی۔ اس کے علاوہ کچھ کتابوں کادرس شیخ الاسلام فرید الدین گنج شکر قدس سرہٗ سے بھی لیا۔
محبوب الٰہی خود بیان فرماتے ہیںکہ میں نے چھ پارے کلام اللہ کی تفسیر،تین کتابیں جن میں سے ایک میں پہلے بھی پڑھ چکاتھااوردو کتابیں شیخ الاسلام کے حلقہ درس میں سنیں۔نیزچھ باب ’’عوارف‘‘ کے اور ابوشکورسالمی کی تمہیدیہ سب میں نے اُنھیں سے پڑھیں۔
علمی لیاقت اورحدیث فہمی:محبوب الٰہی اپنی علمی صلاحیت ،زودفہمی اوراپنی دانشوری کی وجہ سے معاصرطلباوعلمامیں ’’بحاث‘‘ ا ور’’محفل شکن‘‘ سے مشہور تھے۔ جب آپ نے بیشتر علوم وفنون جیسے زبان وادب، علم فقہ اورعلم حدیث میں کامل مہارت اور کلی دست گاہ حاصل کرلی تو اپنے وقت کے جیدمحدّث سیدکمال الدین زاہد سے مشارق الانوار پر مباحثہ کیا اور علم حدیث میں صحت سند،واقعات وروایات کی باریکیوںسے آگاہی حاصل کی اورتحقیق کا فن سیکھا۔
محبوب الٰہی کی حدیث فہمی کااندازہ اس واقعے سے لگایا جاسکتا ہے کہ آپ نے ایک بارمولانا وجیہ الدین پائلی سے پوچھاکہ حدیث میں ہے:اصْنَعُوا کُلَّ شَیْء ٍ إِلَّا النِّکَاحَ۔یعنی نکاح کے سوا ہر چیز کرو ۔(مسلم،جواز غسل الحائض)
اس حدیث سے بظاہر معلوم ہوتاہے کہ نکاح حرام ہے۔ مجھے بتائیں کہ اس کا مطلب کیاہے؟مولانا وجیہ الدین پائلی کچھ دیر سوچتے رہے،پھر فرمایاکہ پہلے آپ بیان کریں کہ آپ نے کیا سمجھا؟آپ نے کہا کہ صحابہ کرام نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں عرض کیاکہ جب عورتیں حائضہ ہوجائیں تو کیا ہم ان کا بستر الگ کردیں؟ اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اصْنَعُوا کُلَّ شَیْء ٍ إِلَّا النِّکَاحَ۔ آپ کے اس ارشادکا مطلب یہ ہے کہ کمرکے نچلے حصے میں تصرف نہ کرو،ہاں!اوپر ی حصے میں تصرف کرسکتے ہو۔
بیعت وخلافت:محبوب الٰہی فرماتے ہیں کہ جب میری عمردس یابارہ سال تھی،اس وقت ابوبکرقوال نامی ایک شخص میرے استاذ کے پاس آیااور شیخ بہاء الدین زکریاملتانی کے فضائل ومناقب بیان کرنے لگا۔ اس کے بعدشیخ فریدالدین گنج شکر کے اوصاف ومحامد بیان کرناشروع کیا۔یہ سن کر شیخ فریدالدین گنج شکرکی محبت وعقیدت میرے دل میںگھر کرگئی،یہاں تک کہ ہرنماز کے بعد ان کے نام کا وظیفہ میرا معمول بن گیا۔لیکن لاکھ کوشش کے بعد بھی بابافرید سے ملاقات کی کوئی سبیل نہ نکل رہی تھی،کیوں کہ ایک تووالدہ ماجدہ ضعیفی کے عالم میں تھیں اور دوسرا یہ کہ بہن اوراُن کے بچوں کی دیکھ بھال کی ذمے داری بھی آپ کے سرتھی۔
ایک صبح نمازِفجر کے بعد کسی نے بڑی خوش الحانی کے ساتھ یہ آیت تلاوت کی کہ اَلَمْ یَاْنِ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اَنْ تَخْشَعَ قُلُوْبُہُمْ لِذِکْرِ اللّٰہِ حدید تودل میں دبی عشق کی چنگاری شعلہ کی شکل اختیارکرگئی اوراس طرح آپ سنہ655 ہجری مطابق سنہ1257 عیسوی میں’’ اجودھن‘‘(موجودہ پاکستان) کے لیے روانہ ہوئے، اور سال کی عمر میں بیعت سے شرف یاب ہوئے۔ پھر24؍ سال کی عمرمیں یعنی بیعت کے ٹھیک چار سال بعدسنہ659 ہجری مطابق سنہ1261 عیسوی میں سندخلافت سے بھی نوازے گئے۔
درس وتدریس:بیعت کے بعد محبوب الٰہی دہلی واپس آگئے اور اپنی معاشی ضرورت پوری کرنے کے لیے درس وتدریس کا مشغلہ اختیارفرمایا۔آپ کے شاگردوں میںامیرخسرو ،امیرحسن سجزی اور قطب الدین منور مشہورہیں،جنھیں آپ نے تعلیم وتربیت بھی دی تھی،اور پھر اپنی مریدی میں بھی داخل کرلیا۔
مزید آپ کے درس وتدریس میں مصروف ہونے کی تائیداس سے بھی معلوم ہوتاہے کہ جب شیخ گنج شکر سے اجازت وخلامت مل گئی توآپ نے اپنے شیخ سے پوچھا :میرا شغل درس وتدریس ہے،اس کو جاری رکھوں یا ترک کردوں؟
یہ سن کر شیخ الاسلام گنج شکرنے فرمایاکہ درویش کے لیے علم بہت ضروری ہے ،تم تعلیم دینے کا شغل جاری رکھو۔ اس کے بعد جوچیز غالب آجائے گی اس کی وجہ سے مغلوب چیز خود بخود ترک ہوجائے گی۔چنانچہ ایسا ہی ہواکہ جب معتقدین ومریدین کا ہجوم بڑھنے لگا اور مجاہدات کی کثرت ہونے لگی تو تعلیم وتعلم کا مشغلہ بھی خودبخودبندہوتا چلاگیا۔
ممتازمریدین وخلفا:محبوب الٰہی کے مریدین میں امیروغریب ،محتاج ونادار،وزیروکوتوال اورشاہ وگداہر طرح کے لوگ شامل تھے ،اس لیے آپ کے مریدین کاشمارایک مشکل امر ہے۔البتہ!کچھ تذکرہ نگاروںنے تقریباً 54؍مشہورونامور مریدین وخلفاکاذکرکیا ہے،ان میںسے چند منتخب مریدین وخلفا کے اسمایہاںبھی ذکر کیے جاتے ہیں:۱۔شیخ نصیرالدین محمودچراغ دہلی،۲۔امیر خسرو،۳۔امیر حسن سجزی،۴۔سید رفیع الدین ہارون،۵۔سید حسین کرمانی،۶۔خواجہ سید محمد امام،۷۔شیخ قطب الدین منور،۸۔مولانا حسام الدین ملتانی، ۹۔مولانا فخرالدین زرادی،۱۰۔مولاناعلاء الدین نیلی،۱۱۔مولانا برہان الدین غریب،۱۲۔مولانا وجیہ الدین یوسف،۱۳۔مولانا سراج الدین عثمان معروف بہ اخی سراج،۱۴۔مولانا شمس الدین یحیٰ وغیرہ۔
بادشاہوںسے بے تعلقی:محبوب الٰہی نے دوشاہی خاندانوں کا عہد پایا:ایک غلام حکمرانوںکاعہد، جس میں آپ کے ابتدائی ایام بسر ہوئے ، اور دوسرا خلجی عہدحکومت ،جس میں آپ فضل وکمال کے اعلیٰ مقام پر فائزتھے،پھر بھی حکمرانوں سے لاتعلق رہے۔حالاںکہ شاہانِ وقت کی ہمیشہ یہ خواہش ہوتی تھی آپ ان سے گہرے روابط رکھیں ،لیکن آپ نے ان کی طرف کبھی بھی کوئی توجہ نہیں دی۔
ایک دفعہ بادشاہ نے امتحان کے ارادے سے چندسوال لکھ کر اپنے بڑے بیٹے خضرخاں کے ذریعے محبوب الٰہی کی خدمت میں بھیجااور ان سے جواب کاطلب گار ہوا۔جب وہ سوال نامہ آپ تک پہنچاتو آپ نے اُسے کھولابھی نہیں اور فرمایا:درویشوں کوبادشاہ سے کیا کام۔ ...
جب بادشاہ کو اِس بات کی خبر ہوئی تو وہ خود خدمت میں حاضر ہونے کی اجازت چاہی مگر آپ نے کہلا بھیجاکہ میں غائبانہ دعاکرتاہوں اور غائبانہ دعامیں بڑا اثر ہے۔اس کے بعد بھی بادشاہ نے اصرار کیاتو آپ نے فرمایاکہ اس فقیر کے مکان کے دو دروازے ہیں،اگر بادشاہ ایک دروازے سے داخل ہوگا تو میں دوسرے دروازے سے نکل جاؤں گا۔
خدمت خلق اوربخشش وعنایات:محبوب الٰہی کی خدمت میںکثرت سے تحفے تحائف آتے تھے مگر ان میں سے کچھ بھی بچاکرنہیں رکھتے تھے ،بلکہ سب ضرورت مندوں میں تقسیم کروادیاکرتے تھے۔ روزانہ لاکھوں روپے اور قیمتی سازوسامان آتے تھے لیکن آپ اسی اعتبارسے خرچ بھی کردیتے تھے۔آپ کی عنایات وبخشش کاحال یہ تھا کہ مانوعطاوبخشش کا دریا بہہ ہو۔
ایک بار ایک طالب علم آیا اور اپنی حاجت بیان کی، اس وقت خانقاہ میںاُسے دینے کے لیے ایک بیل کے سواکچھ بھی نہ تھا۔آپ نے وہی بیل اس طالب علم کو نذرکردی۔
محبوب الٰہی نے باقاعدہ اپناایک اصول بنارکھاتھاکہ کس کو کتناوظیفہ دیاجائے۔چنانچہ آ پ غیاث پوراورقرب وجوار میں رہنے والے کو روزوظیفہ دیتے تھے۔ شہرمیں رہنے والے کو ہفتہ واروظیفہ دیتے تھے۔آس پاس کے قصبوں میں رہنے والے کو ماہانہ وظیفہ دیتے تھے اور دوردراز سے آنے والوں کے لیے ششماہی یا سالانہ وظیفہ مقرر کررکھے تھے۔ یہاں تک کہ وفات کے وقت بھی جب لنگرخانے میں کچھ غلہ تقسیم ہونے سے رہ گیاتوآپ سخت ناراض ہوئے اور فرمایا:
انبار خانوںکے دروازے توڑڈالو،یہ غلہ زمین کی مٹی ہے اس کو کیوں رکھاہے۔فقیروں کو بلاو اور اُن سے کہوکہ یہ سب غلہ لے لیںاور ایک تنکابھی باقی نہ چھوڑیں۔
تزکیہ واصلاحات:محبوب الٰہی نے صرف محتاجوں،ضرورت مندوں اور بیکسوں کی خبرگیری کرنے پر ہی اکتفانہیں کیابلکہ ان کے اندر درآئی عملی خرابیوں اور اخلاقی بیماریوں کو بھی دورکیا اور ان کی اصلاح فرمائی۔آپ نے ایک طرف قلب وروح کوپاکیزگی عطاکی تو دوسری طرف سیرت واخلاق کی درستگی بھی فرمائی،اور اس تعلق سے آپ کے نزدیک شاہ وگدا،علماوفقہا،سلاطین و حکمران،عوام وخواص،نوکر پیشہ واہل صنعت سب برابر تھے، کسی کوکسی پر کوئی فوقیت اورامتیاز حاصل نہ تھا۔ایک ایسے ماحول میں جب کہ دین بیزاری اورنفس پرستی عام ہوچکی تھی ،آپ نے لوگوں کے دلوں میںدینی اورعرفانی لہر دوڑا دی جسے ہر کسی محسوس کیااور اس سے متاثر ہوئے بغیر کوئی نہ رہ سکا۔یہی وجہ تھی کہ آپ کی اصلاحی کوششوں کیباعث آس پاس کاماحول حیرت انگیز طورپر اسلام،ایمان، احسان کے رنگ میں رنگ گیاتھا۔
اس کا اثر یہ ہواکہ لوگ مشائخ کی تعلیمات سے اپنی تاریک زندگی کومنورکرنے لگے۔ دنیا اور دنیا داروں کا ذکر اُن کی زبان پرآنابند ہوگیا۔ سلطان علاء الدین بھی اپنے تمام گھر والوں کے ساتھ شیخ کا معتقد اور مخلص ہو گیا۔ کبیرہ گناہوں کو لوگ کفر کے مشابہ تصورکرنے لگے ۔شرم کی وجہ سے مسلمان سود خوری اور کالابازی سے پرہیزکرنے لگے ۔ جھوٹ بولنے اور کم تولنے کا رواج اٹھ گیا۔عوام وخواص کوتصوف اورمشائخ کی کتابوںمیںلطف آنے لگااورہرمحفل ومجلس میں ذوق وشوق سے قوت القلوب،رسالہ قشیریہ،احیاء العلوم، عوارف المعارف جیسی کتابیںپڑھی جانے لگیں۔سنت رسول اوراحکام شریعت کی پاسداری کا اہتمام لوگوں کا معمول بن گیا۔ غرض کہ ایک بار پھرسے جنید وشبلی اوربایزید بسطامی کے عہد کی یاد تازہ ہوگئی تھی۔
تعلیمات وارشادات:محبوب الٰہی فرماتے ہیں:
۱۔ مرد کاکمال چارچیزوں سے ظاہر ہوتاہے:کم کھانا،کم بولنا،کم سونا اورلوگوںسے میل جول کم رکھنا۔
۲۔ ترک دنیایہ نہیں ہے کہ کوئی اپنے آپ کوننگا کرلے، مثلاً لنگوٹی باندھ کر بیٹھ جائے،ترک دنیایہ ہے کہ لباس پہنے اور کھانا کھائے۔البتہ!جو کچھ آئے اسے خرچ کرتارہے،جمع نہ کرے ،اس سے رغبت نہ رکھے اوردل کو کسی چیزسے لگائے نہ رکھے۔
۳۔جب تک تائب توبہ میں سچاہے تونہ اس کاذکرکوئی معصیت کے ساتھ کرسکتاہے اور نہ فسق کے ساتھ اس کانام زبان پر لاسکتا ہے۔ البتہ!اگروہ اس گناہ کی طرف مائل ہوگا تواس کو طلب کرنے میںیقیناًوہ فسق وفجورکرے گا اورلوگ بھی اس کاذکر فسق وفجور کے ساتھ کریں گے۔
۴۔ شروع میں جب لوگ طاعت کاآغازکرتے ہیںتو یقیناًنفس پر گراں گزرتاہے اور مشکل نظرآتاہے لیکن جب کوئی دل سے اس میں لگ جاتاہے تو اللہ تعالیٰ تو فیق عطا فرماتا ہے اوراُس کام کوآسان فرمادیتاہے۔
۵۔ ادب یہ ہے کہ جوبھی آئے مجلس میں جہاں جگہ خالی پائے،بیٹھ جائے اوراگر جگہ نہ ہوتو حلقے کے پیچھے بیٹھے،بیچ میں نہیں بیٹھناچاہیے، جو بیچ میں بیٹھتاہے وہ ملعون ہے۔
۶۔عوام میں یہ دستورہے کہ اچھوں کے ساتھ اچھااور بروں کے ساتھ برا۔لیکن درویشوں کا یہ طریقہ ہیکہ اچھوں کے ساتھ بھی اچھے اوربروں کے ساتھ بھی اچھے۔
۷۔ اللہ تعالیٰ کامعاملہ مخلوق کے ساتھ دوطرح کاہے اور مخلوق کا معاملہ آپس میں تین طرح کاہے۔اللہ تعالیٰ کابرتاو مخلوق کے ساتھ عدل کاہوتاہے یا فضل کا،لیکن مخلوق آپس میں عدل کرتی ہے،یا فضل یاپھرظلم۔اگر مخلوق ایک دوسرے کے ساتھ عدل یافضل کرتی ہے تو اللہ تعالیٰ اس پر اپنافضل فرماتاہے اوراگر مخلوق ایک دوسرے پر ظلم کرتی ہے تو اللہ تعالیٰ اس سے عدل فرماتاہے اور جس سے اللہ عدل فرماتاہے اس کو عذاب میں گرفتارکرتاہے چاہے۔
۸۔اگرکوئی شخص کسی کو نصیحت کرے تو اس کوچاہیے کہ سب کے سامنے نہ کرے کہ یہ فضیحت(رسوائی ) ہوجاتی ہے، اس لییملامت اورنصیحت جو بھی کرنی ہو،وہ اکیلے میں کرے سب کے سامنے نہیں۔
وصال مبارک:خواجہ نظام الدین اولیاقدس سرہٗ نے بتاریخ 17؍ربیع الآخر سنہ 725ہجری مطابق2؍ اپریل سنہ 1325عیسوی دہلی میں وصال فرمایا،اوربستی حضرت نظام الدین دہلی میں مدفون ہوئے۔جہاںسے آج بھی نظامی چشتی فیضان جاری وساری ہے۔(فوائد الفواد،سیرالاولیاء ،نظامی بنسری،تاریخ فرشتہ، تاریخ مشائخ چشت، تاریخ فیروزشاہی، آب کوثر) (ایڈیٹر ماہنامہ خضرراہ ،الہ آباد)

 
Md Jahangir Hasan Misbahi
About the Author: Md Jahangir Hasan Misbahi Read More Articles by Md Jahangir Hasan Misbahi: 37 Articles with 52023 views I M Jahangir Hasan From Delhi India.. View More