حادثات کا سال 2016

وقت سدا ایک سا نہیں رہتا اور نہ ہی وقت کسی کے تابع ہو کر رکتا ہے تاہم ہمارے اردگرد روزانہ کی بنیاد پر کئی ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں جن کے سبب ہمارے اپنوں کے علاوہ معاشرے کے دیگر افراد پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں جو نا چاہنے کے باوجود تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ ہمارے ذہنوں پر اپنے نقش چھوڑ جاتے ہیں شاید اسی کا نام دنیا ہے سال 2016ابتداء سے لے کر تا دم تحریر ہنگامہ خیز یوں کا سال ہے آج جب اس سال کے ختم ہونے میں چند ایام باقی ہیں گو یکم جنوری سے تا حال کے شب وروز پر نگاہ دھرانے سے تما م واقعات ایک فلم کی صورت میں سامنے دکھائی دیتے ہیں سال 2016کے حوالے سے تاریخ بتاتی ہے

یکم جنوری 2016: شارٹ سرکٹ کے باعث مقبوضہ کشمیر کے چندر کوٹ کیمپ میں کنسڑکشن کمپنی کے 10 مزدور جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو ئے۔
2 جنوری :بھارتی پنجاب میں پٹھانکوٹ کے علاقے میں دہشت گردوں نے ائیرفورس کے بیس پر حملہ کیا، جس کے نتیجہ میں 3 فوجی اور 5 حملہ آور مارے گئے۔
3جنوری :پٹھانکوٹ ائربیس پر دوسرے روز کی جھڑپ میں لیفٹیننٹ کرنل نیرنجن سمیت مزید7 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو ئے۔کرک میں انڈس ہائی وے پر باراتیوں سے بھری کوچ کھائی میں گر ی جس کے باعث گیس سلنڈر دھماکہ سے دولہا، 4 خواتین اور 2 بچوں سمیت 14 افراد زندہ جلے جبکہ 7 افراد جھلس کر زخمی ہو ئے۔
4جنوری :کوئٹہ پولیس ناکے پر فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار سیف اﷲ او رعبدالعزیز شہید ہو ئے جبکہ حملہ آور موقع پر فرار ہو گیا۔ افغانستان کے شہر مزار شریف میں بھارتی قونصل خانے کے قریب دوسرے روز آپریشن مکمل ہوا جس کے دوران 3حملہ آور ہلاک اور 9 زخمی ہو ئے۔
11جنوری:جرمنی میں شدت پسندوں کے حملہ میں 6پاکستانی نژاد شہری اور ایک شامی باشندہ زخمی ہوا۔
12 جنوری:ترکی کے شہر استنبول کے مرکزی سیاحتی مقام سلطان احمد سکوائر پر داعش کے خودکش حملے کے نتیجے میں 10غیرملکی ہلاک جبکہ 15افراد زخمی ہوئے ۔
14جنوری:لوہاری گیٹ کے علاقہ میں گھر میں آگ لگنے سے بہن بھائی، ماں باپ اور 4سالہ بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد زندہ جل گئے۔ آگ لگنے سے 3منزلہ عمارت راکھ کا ڈھیر بن گئی۔
15جنوری: کوئٹہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔
16جنوری:سوائن فلو سے لاہور میں36 جبکہ ملتان اورکراچی میں پانچ پانچ نئے مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔مغربی افریقی ملک برکینافاسو کے دارالحکومت واگاڈوگو میں 2 ہوٹلوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں غیر ملکیوں سمیت 29 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہوئے۔
17 جنوری:لاہور میں میٹرو اورنج لائن ٹرین ٹریک کیلئے کام کرنے والی کرین 11ہزار کے وی تار کو چھونے سے2مزدور جاں بحق اور2شدید زخمی ہوئے۔ اڈیالہ جیل میں 2 گروپوں کے درمیان تصادم سے4 قیدی زخمی ہوئے۔راولپنڈی میں سوائن فلو سے متاثرہ مریضہ کا انتقال ہوا۔ قبائلی رہنما و معروف سیاستدان رکن صوبائی کونسل عبید اﷲ شنواری کے گھر پر خودکش حملے میں14افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔
18جنوری:کوئٹہ کے علاقے مارگٹ میں ایف سی کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملے میں 6اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوا۔
19جنوری:پشاور کے نواحی علاقے کارخانو مارکیٹ میں خاصہ دار فورس کی چیک پوسٹ کے قریب خود کش دھماکے میں پولیٹیکل انتظامیہ کے افسر واہلکاروں سمیت 11 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے۔شورکوٹ میں کینٹ روڈ پر نجی شوگر مل میں بوائلر پھٹنے سے 9 مزدور زندہ جل گئے جبکہ 15 مزدور شدید زخمی ہوئے۔
20جنوری:باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ پروفیسر، 18 طلبہ سمیت 20 افراد شہید اور 11 زخمی ہوئے جبکہ پاک فوج کے کمانڈوز نے جوابی کارروائی کر کے 4دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
23 جنوری:چھانگا مانگا سے پتو کی کی جانب جانے والی وین کا ٹائر پھٹ جانے سے کنال لنک نہر میں جا گری 4خواتین اور ایک بچے سمیت14 افراد جاں بحق اور 9 افراد شدید زخمی ہوئے۔
24جنوری: شمالی وزیرستان میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی بمباری میں17دہشت گردہلاک ہوئے۔سبزہ زار کے علاقہ میں اورنج لائن ٹریک پر کام کے دوران کرین تلے آکر ایک 60 سالہ شخص جاں بحق ہوا۔ برفانی طوفان امریکہ کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے سے 25 افراد ہوئے۔
28جنوری: کوئٹہ میں فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
29جنوری:سعودی عرب میں مسجد کے گیٹ پر نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو ئے۔
3فروری: سبزہ زارمیں گھر میں آتشزدگی سے چار کمسن بہن، بھائی زندہ جل گئے جبکہ ایک بہن شدید زخمی ہو ئی۔
4فروری:سیاچن میں برف کے تودے کے نیچے دب کر 10بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔
5فروری: کوئٹہ کے علاقے سول لائنز ایریا میں منان چوک کے قریب ایف سی کے ٹرک پر خودکش حملے میں تین اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 40 زخمی ہو ئے۔
8فروری:ٹھٹھہ میں ماہی گیروں کی جھونپڑیوں میں آتشزدگی سے 3 خواتین 4 بچوں سمیت 10 افراد زندہ جل گئے۔
9فروری:گوجرانوالہ میں ڈیرہ ملہیاں کے قریب پاک آرمی کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوا۔ حادثے میں پائلٹ اظہر اور معاون پائلٹ کیپٹن احمد شہید ہوئے۔
10فروری:ننکانہ روڈ پر دھند کے باعث تیز رفتار کار ایل پی جی ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 7 کمسن طلبا، 2 خواتین ٹیچرز سمیت 13 افراد زندہ جل گئے، 30 سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے۔معروف ادیبہ اور ڈرامہ نگار ’’بجیا آپا‘‘ فاطمہ ثریا بجیاکا انتقال ہوا۔
25فروری:سینئر اداکار حبیب لاہور میں انتقال کر گئے۔
29فروری:سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کیس میں ممتاز حسین قادری کو اڈیالہ جیل میں پھانسی دے دی گئی۔
8مارچ:سلمان تاثیر کا بیٹا شہباز ساڑھے4 سال بعد بازیاب ہوا۔
16مارچ:ترکمانستان کے صدر دو روزہ دورے پر پاکستان آئے۔پشاور میں سنہری مسجد روڈ کے قریب سیکرٹریٹ کے ملازمین کی بس میں دھماکے سے 17 افراد شہید اور خواتین و بچوں سمیت 55 زخمی ہوئے۔
19مارچ:ترکی کے شہر استنبول کی معروف ترین شاپنگ سٹریٹ میں خودکش بم حملے میں 4 افراد ہلاک اور 12 غیر ملکیوں سمیت 36 افراد زخمی ہوئے۔
22مارچ:بلجیئم کا دارالحکومت برسلز دھماکوں سے لرز اٹھا، جس کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک اور 250سے زائد زخمی ہو ئے۔
27مارچ:گلشن اقبال پارک لاہور میں خود کش دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت69 افراد جاں بحق جبکہ 340 سے زائد ہوئے۔
31مارچ:ترکی کے شورش زدہ شہر دیاربکر میں کار بم دھماکے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک اور 9 شہریوں سمیت 27 زخمی ہو ئے۔لکی مروت کے قریب کار میں دھماکے سے 5 افرادہلاک ہوئے۔
5اپریل:اسلام پورہ کے علاقہ میں تکہ شاپ پر کام کرنے والے سنگدل ویٹر نے3افراد کو چھری سے گلے کاٹ کر قتل جبکہ ایک کوشدید زخمی کر کے فرار ہوا۔
10اپریل:بھارت کی ریاست کیرالا کے ایک مندر میں خوفناک آتشزدگی سے 105 افراد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پشاورمیں شادی والے گھر میں جنریٹر کا دھواں بھرنے سے باپ ، بیٹے سمیت4 افراد جاں بحق ہوئے۔
13اپریل:راجن پورمیں چھوٹا گینگ سے جھڑپ کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت6 اہلکار شہید ہوئے جبکہ 2 ڈی ایس پیز سمیت 25 یرغمال ہوئے۔
فیصل آباد : لاہور سے کہروڑپکا جانیوالی بس کا ٹرالر سے تصادم ہوا جس کے باعث 20 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوئے۔
14اپریل:مصری شاہ کے علاقہ میں 2 منزلہ گھر کی بالائی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں، بیٹی اور 3 بیٹے جاں بحق ہو ئے۔
15اپریل:راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف فوج کی کارروائی سے 40 افراد نے ہتھیار ڈالے۔
10مئی:کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے سامنے پولیس چوکی کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔
18مئی: پشاور کے علاقے متھرا میں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 13 پولیس اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی ہوئے۔
19مئی:مصری ائیر لائن کا طیارہ پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے سمندر میں گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں عملہ سمیت 66 افراد ہلاک ہوئے۔
24مئی: لاہور میں اورنج لائن ٹرین منصوبہ پر کام کرنے والے 7 مزدور دب کر جاں بحق اور 5 مزدور زخمی ہو ئے۔
30مئی:بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناگپور میں ملک کے سب سے بڑے فوجی اسلحہ خانے میں ہولناک آتشزدگی اور دھماکوں سے 2 افسروں سمیت 20 فوجی ہلاک اور19 زخمی ہوئے۔
4جون:باکسنگ کے شہنشاہ لیجنڈ باکسر محمد علی کاانتقال ہوا۔
12جون:امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں واقع کلب میں مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے 50افراد ہلاک اور 53زخمی ہوئے۔ چینی شہر شنگھائی کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر بم دھماکوں کے نتیجے میں4 مسافر زخمی ہو ئے۔
18جون:پاک فضائیہ کا ڈرون طیارہ فنی خرابی کے باعث پکہ ہنڈ کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
22جون:کراچی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے معروف قوال امجد صابری جاں بحق جبکہ ڈرائیور زخمی ہوا۔
25جون:مقبوضہ کشمیر میں سنٹرل ریزرو پولیس کے قافلے پر حملے میں سی پی آر ایف کے 8 اہلکار ہلاک اور 20 زخمی جبکہ جھڑپ میں دو مجاہدین شہید ہوئے ۔
28جون: ترکی کے شہر استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ پر2 خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہوئے۔
30جون: پولیس کیڈٹس کو لے جانے والی دو بسوں کے قافلے پر طالبان کے دو خودکش حملوں میں 30 اہلکار ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہوئے۔
2جولائی:ڈھاکہ میں دہشت گردوں نے خنجر کے وار اور فائرنگ سے4 امریکیوں سمیت22 غیر ملکی ہلاک ہوئے۔
4جولائی: سعودی عرب کے 3شہروں مدینہ منورہ، جدہ اور قطیف میں 24گھنٹے کے دوران 4 خودکش دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 4 سکیورٹی اہلکار اور 2شہری شہیدجبکہ 2اہلکار زخمی ہوئے ۔
8جولائی:چھ دہائیوں تک دکھی انسانیت کے مسیحا بنے رہنے والے فقیر منش، درویش صفت، انسان دوست عظیم عبدالستار ایدھی کا انتقال ہوا۔امریکہ میں دو سیاہ فارموں کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر مظاہروں کے دوران5پولیس افسر ہلاک جبکہ 7 اہلکار اور2 شہری زخمی ہوئے۔چین کے فضائی بیڑے میں سب سے بڑا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ شامل ہوا۔
9جولائی:قوم کے مسیحا عبدالستار ایدھی کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ایدھی ویلج ہوم سپرہائی وے میں سپردخاک کیا گیا ۔ مقبوضہ کشمیر میں حزب کمانڈر برہان وانی سمیت 3 مجاہدین کی شہادت کیخلاف وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے11 مظاہرین شہیداور 200 زخمی ہوئے۔
12جولائی: پاکستان کی معروف علمی اور ادبی شخصیت، پی ٹی وی کے سابق ایم ڈی معروف براڈ کاسٹر آغا ناصر کا انتقال ہوا۔
16جولائی:ترکی میں فوجی بغاوت کے بعد صدر رجب طیب اردگان کی کال پر انقرہ اور استنبول میں لاکھوں ترک شہریوں نے گھروں سے باہر سڑکوں‘ گلیوں میں آکر باغیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
17جولائی: لاہور کے مختلف علاقوں میں دیوار اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو ئے۔
22جولائی:جرمنی کے شہر میونخ کے معروف اولمپیا شاپنگ سنٹر میں فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
24جولائی: داروغہ والالاہور میں اورنج لائن ٹرین منصوبے پر کام کے دوران تیز رفتار ڈمپر کی رکشہ اور موٹر سائیکل کو ٹکر سے 12 سالہ بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوئے۔امریکی ریاست ٹیکساس میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 2 بچوں اور 2 خواتین سمیت 4 افرادہلاک ہوئے۔
25جولائی: جاپان کے شہر دارالحکومت ٹوکیو میں ایک شخص نے معذور افراد کے بحالی مرکز میں چاقو سے حملہ کر دیا جس سے 20 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوئے۔جرمنی کے شہر آنسباخ میں موسیقی فیسٹیول کے دوران ایک شامی پناہ گزین کے خودکش حملے میں 15 افراد زخمی ہو ئے۔
31جولائی:امریکی شہر آسٹن میں فائرنگ کے 2واقعات میں ایک خاتون ہلاک جبکہ 3 خواتین سمیت 4 فراد زخمی ہوئے۔
4اگست:مقبوضہ کشمیر میں جھڑپوں میں مزید 100 زخمی اور 500 گرفتارہوئے جبکہ کرفیو کے باوجود احتجاجی مظاہروں میں نوجوانوں نے سبز ہلالی پرچم لہرائے۔
5اگست: معروف اداکارہ و ہدایت کارہ شمیم آرا کالندن میں طویل علالت کے بعد انتقال ہوا۔
7اگست: مقبوضہ کشمیر کے رہائشی 17 سالہ طالب علم عامر بشیر لون کو درندے بھارتی فوجیوں نے پیلٹ گن کے درجنوں چھرے فائر کرکے نہ صرف چھلنی کیا۔
8اگست: کوئٹہ میں خودکش دھماکے میں سینئر وکلا، کیمرہ مینوں سمیت 71 افراد شہید جبکہ 125 سے زائد زخمی ہوئے۔ 40 وکلاء کی شہادت کی تصدیق ہوئی۔
10اگست:بارش سے بنوں میں تباہی 3 افراد جاں بحق جبکہ50زخمیہوئے۔
11اگست:پاکستان کرکٹ کے پہلے سپر سٹار سابق ٹیسٹ کرکٹر اورلٹل ماسٹر حنیف محمدکاانتقال ہوا۔
14اگست: آزاد کشمیر کے علاقہ پلندری سے ہجیرہ جانے والی باراتیوں کی بس گہری کھائی میں گرنے سے 22 افراد جاں بحق جبکہ 30 شدید زخمی ہوئے۔
16اگست: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین پر فائرنگ سے 6 کشمیری نوجوان شہید اور 30 سے زائد زخمی ہو ئے
17اگست:وادی تیراہ خیبر ایجنسی میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کے 2 دھماکوں میں پاک فوج کے3 اہلکار شہید اور 10 زخمی ہوئے۔
18اگست: خیبر ایجنسی میں آپریشن سے مزید 11 دہشت گرد ہلاک ہو ئے۔ترکی میں 2 پولیس سٹیشنوں اور فوجی کانوائے پر 3 بم حملوں میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک اور 219 زخمی ہو ئے۔
21اگست:ترکی میں شادی کی تقریب میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں 51افراد ہلاک اور94 افراد زخمی ہوئے۔ دہلی گیٹ میں شادی والے گھر میں خستہ حالی کے باعث3منزلہ مکان کی چھت گرنے سے دلہن کی 2 بہنوں اور والدہ سمیت 5 خواتین جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو ئے۔
2ستمبر: مردان میں ضلع کچہری کے احاطے میں خودکش حملے میں 14 افراد شہید اور 65 زخمی ہو ئے۔
6ستمبر:جنوبی وزیرستان کے ایجنسی ہیڈ کوارٹر وانا بازار میں بس اڈے کے قریب بم دھماکے سے چار افراد زخمی ہو ئے۔
10ستمبر:ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن جاری رہا۔مقبوضہ کشمیرمیں مظاہروں سے مزید3 نوجوان شہیدجبکہ150 زخمی ہوئے۔
11ستمبر:پشاور کے نواحی علاقہ تودہ کلے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ویکسی نیشن ٹیم کا سینئر ورکر ڈاکٹر ذکاء اﷲ جاں بحق ہوا۔ سوات کی تحصیل مدین میں شدید بارش اورژالہ باری کی وجہ سے 6 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوئے۔
12ستمبر:بھارت میں پانی کی تقسیم پر بھارتی ریاست کرناٹک میں فسادات میں 46 بسوں، 10 گھروں اور 2 بنکوں کو آگ لگائی گئی ۔
15ستمبر:ملتان میں شیرشاہ جنکشن کے قریب کراچی جانے والی عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 6 مسافر جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہو ئے۔
16ستمبر:قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے سے 5 بچوں سمیت 28افراد شہید جبکہ 31 زخمی ہو ئے۔اترپردیش کے علاقے بجنور میں ہونے والے مسلم کش فسادات میں 4 مسلمان شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہو ئے۔
17ستمبر:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ، پیلٹ گن کی فائرنگ سے 11 سالہ بچہ شہید ہوا۔
18ستمبر: امریکہ کے مختلف شہروں میں ہونے والے 2 حملوں میں 38 افراد زخمی جبکہ ایک حملہ آور کو ہلاک کیا گیا۔
24ستمبر: برلنگٹن کے شاپنگ مال میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو ئے۔
2اکتوبر:مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں بھارتی فوج کے کیمپ پر مسلح افراد کے حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوئے۔
4اکتوبر:کوئٹہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی بس پر فائرنگ سے 4خواتین جاں بحق جبکہ خاتون سمیت2افراد زخمی ہوئے۔
7اکتوبر:مچھ کے قریب ریلوے ٹریک پر دو بم دھماکوں سے جعفر ایکسپریس میں سوار 7 مسافر جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہو ئے۔
8اکتوبر:سرینگر میں بھارتی فوج نے پہلے 12 سال کے جنید احمد کو چھرے مار کر شہید کیا بعد میں اس کے جنازے پر بھی شیلنگ کر دی اور لاٹھی چارج کیا۔
16اکتوبر:پاک افغانستان بارڈر برمل سرہ سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کے پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوا۔
17اکتوبر:رحیم یار خان کی نواحی تحصیل خانپور کے قصبے میں دو مسافر بسوں کے تصادم میں کم سے کم 30 افراد جاں بحق اور 57 سے زائد زخمی ہوئے۔
22اکتوبر:کشمیری رہنما یاسین ملک کی حالت غلط انجکشن لگنے سے انتہائی تشویشناک ہوئی اوردائیں بازو نے کام چھوڑ دیا ۔
23: بھارتی فوج کی پیلٹ گن فائرنگ اور شیلنگ سے مزید 37 افراد زخمی ہوئے۔
24اکتوبر:کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دہشت گردوں نے پولیس ٹریننگ کالج کے ہاسٹل پر حملہ کیا اور زیر تربیت ریکروٹس کو یرغمال بنالیا، دہشت گردوں نے 3 دستی بم بھی پھینکے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گئے جس سے آگ بھڑک اٹھی۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 110اہلکار زخمی ہوئے ۔
25اکتوبر:پولیس ٹریننگ کالج کے ہاسٹل پر خوفناک حملے میں63اہلکاروں کی شہادت کے بعد کوئٹہ میں اداسی کے بادل چھائے رہے۔
26اکتوبر: لاہور کے علاقہ اندرون موچی گیٹ میں زور دار دھماکے کے باعث 4 گھروں کی چھتیں گر گئیں، ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 10 زخمی ہوئے۔
28اکتوبر:آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن پر نکیال سیکٹر سے ملحقہ دیہات پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال گولہ باری و فائرنگ سے 6 شہری شہید جبکہ12 شہری زخمی ہوئے۔
31اکتوبر:وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویزخٹک کی زیرقیادت اسلام آباد آنے والے قافلے اور پولیس میں تصادم سے متعدد کارکن زخمی ہوئے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مقررکیا۔
1نومبر:گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ٹوٹنے والے ناکارہ بحری جہاز میں دھماکے ہوئے آگ بھڑکنے سے16 مزدور جاں بحق اور 59زخمی ہوئے۔
2نومبر:لاہور سمیت کئی شہروں میں سموگ سے9 افراد جاں بحق ہوئے۔پی ٹی آئی نے یوم تشکر منایا۔
3نومبر:کراچی کے مضافاتی علاقے جمعہ گوٹھ کے قریب فرید ایکسپریس کو پیچھے سے زکریا ایکسپریس نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق جبکہ65 سے زائد زخمی ہوئے۔پنڈی بھٹیاں میں تبلیغی جماعت کی بس سے گاڑیاں ٹکراگئیں جس کے باعث 16 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوئے۔ لیبیا کے قریب بحیرہ روم کے ساحل پر تارکین وطن کی دو کشتیاں ڈوب گئیں جس سے 240 افراد ہلاک ہو ئے۔
5نومبر:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم سے 2 نوجوان کشمیری جبکہ 2 خواتین سمیت 50 سے زائد زخمی ہوئے۔
8نومبر:بھارتی فائرنگ سے ماں بیٹی سمیت 3 افراد شہیدجبکہ 5 افراد زخمی ہو ئے۔ افغان مونا لیزا شربت گلہ کو سزا مکمل ہونے پر افغانستان بھجوا دیا گیا۔
9نومبر:وفاقی حکومت نے سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کو ہٹا کر سابق چیف جسٹس سعیدالزماں صدیقی کو گورنر سندھ مقرر کردیا ہے۔ ری پبلکن پارٹی کے رہنما ڈونلڈ ٹرمپ ڈیموکریٹک پارٹی کی ہلیری کلنٹن کو اپ سیٹ شکست دیکر امریکہ کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے۔
10نومبر: امریکہ میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف تیسرے روز بھی مختلف ریاستوں میں ہزاروں افراد نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔
11نومبر:سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نئے گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کے حلف سے قبل ہی دبئی چلے گئے۔ معروف گلوکار اے نیئر انتقال کر گئے۔
12نومبر:بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں درگاہ شاہ نورانی کے احاطے میں دھمال کی جگہ پر خود کش دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 52سے زائد افراد شہید اور110سے زائد زخمی ہوئے۔
14نومبر:اتوار اور پیر کی درمیانی شب کنٹرول لائن کے بھمبر سیکٹر میں بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں پاکستان کے 7 فوجی شہید ہو ئے۔68 برس بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں سپرمون کا شاندار نظارہ کیا گیا۔
17نومبر: پنجاب حکومت اور ترکی کی وزارت صحت کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب شاہی قلعہ لاہور میں ہوئی ترکی کے صدر رجب طیب اردگان وزیراعظم محمد نواز شریف وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ترک فود کے ارکان اور پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
18نومبر:پاکبحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستانی حدود سے مار بھگایا
19نومبر: پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی مورچوں کی جاسوسی کیلئے آنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا ۔
20نومبر:مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے زیارت ماربل میں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جس سے دو اہلکار شہید ہوئے جن کی شناخت سپاہی مسعود شاہ اور ذاکر کے نام سے ہوئی ہے۔بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں مسافر ٹرین کی ایک درجن سے زائد بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث کم از کم 120 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔
21نومبر:لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 2بچوں‘ ایک خاتون سمیت 4 افراد شہید جبکہ 10 زخمی ہو ئے۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل کی امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ کے نتیجہ میں 32 افراد جاں بحق اور 64 زخمی ہو ئے۔
22نومبر: پشاور میں چارسدہ روڈ پر واقع بشیر آباد کے علاقے میں ایف سی کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3 ایف سی اہلکار شہید اور8 افراد زخمی ہوئے۔
23نومبر:بھارتی فائرنگ و گولہ باری سے 10 شہری اور کیپٹن سمیت 3 فوجی جوان شہید ہو ئے۔
24نومبر:ہر بنس پورہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سٹیج اداکارہ قسمت بیگ کو قتل کیا۔
26نومبر: وزیر اعظم محمد نواز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو چیف آف آرمی سٹاف اور جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقررکیا۔
29نومبر:بری فوج کے نامزد سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی چیف کا منصب سنبھالا۔ مقبوضہ کشمیر کے جنوبی خطے جموں میں بھارتی فوج کی شمالی کمان کے ایک کیمپ پر مسلح افراد کے حملے میں دو میجر اور 5 فوجی ہلاک ہو ئے۔
4دسمبر:تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للیتا دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں
5دسمبر:کراچی میں شاہراہ فیصل پر جناح ہسپتال کے قریب واقع ہوٹل ریجنٹ پلازہ میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 5 ڈاکٹرز،4 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق ہو ئے جبکہ عمارت سے چھلانگ لگانے اور دھوئیں کے سبب خواتین اور بچوں سمیت 79 افراد زخمی اور متاثر ہوئے۔
6دسمبر: دہشت گردی سے متاثرہ صوبے خیبرپی کے کی پولیس اہلکار رافعہ بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کا حصہ بننے والی پہلی پاکستانی اور ایشیائی خاتون بن گئیں۔
7دسمبر: چترال سے اسلام آبادجانیوالا پی آئی اے کا مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کرتباہ ہوا۔ طیارہ میں 42 مسافر اور عملہ کے 6 افراد سوار تھے۔ طیارے کے کئی ٹکڑے مضافاتی دیہات میں بکھر گئے جن میں آگ لگی ہوئی تھی۔بدقسمت طیارے میں معروف نعت خوان جنید جمشید اور ان کی اہلیہ اور ڈی سی سوات اسامہ احمدوڑائچ،ان کی اہلیہ اور بیٹی بھی سوار تھے۔
8دسمبر: طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں اسلام آباد منتقل کی گئیں۔ 26 مسافروں کے لواحقین کے ڈی این اے سیمپل لئے گئے۔
11دسمبر: مصر کے دارالحکومت کے قبطی عیسائیوں کے مرکزی چرچ میں بم دھماکے کے نتیجے میں 25افراد ہلاک اور 49زخمی ہوئے۔ نائجیریا کے جنوب مشرقی علاقے اویو میں ایک بشپ کی تقریبِ تقرر کے دوران چرچ کی چھت مہندم ہو جانے سے کم از کم 200سے زائد افراد ہلاک ہو ئے۔
15دسمبر: معروف نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید کو دارالعلوم کورنگی کراچی میں سپرد خاک کردیا گیا
16دسمبر: گریٹر اقبال پارک کا وزیر اعظم نوازشریف نے افتتاح کیا۔
17دسمبر: ترکی کے شہر قیصری میں خود کش کار بم دھماکے میں 13 فوجی ہلاک جبکہ 55 افراد زخمی ہوئے۔
18دسمبر:یمن کے شہر عدن میں ضلع العریش میں داعش کے سوالبہ فوجی اڈے پر خود کش حملے میں 49 اہلکار ہلاک اور 84 زخمی ہوئے۔ردن کے شہر کرک میں مسلح افراد نے قلعے اور پولیس سٹیشن پر حملے کرکے 10 افراد کو ہلاک جبکہ 27 کوزخمی کیا۔
19دسمبر: جرمنی کے شہر میں ایک کرسمس مارکیٹ میں ٹرک نے ہجوم کو روند دیا۔ جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 50 تک زخمی ہو ئے۔
20دسمبر:پاک بحریہ کے ہراول جنگی یونٹ نے شمالی بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا شاندارمظاہرہ کیا۔
Ishrat Javed
About the Author: Ishrat Javed Read More Articles by Ishrat Javed: 69 Articles with 82213 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.