سیکولر یورپی تہذیب کا ایک اور بیمار تحفہ

(یکم دسمبر ایڈزکے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تحریر)
بسم اﷲ الرحمن الرحیم

ایڈز ایک متعدی مرض ہے جوانسان کے مدافعاتی نظام کو بری طرح پامال کردیتا ہے اورانسانی جسم میں بیماریوں کے جنگ لڑنے کی صلاحیت جس کے باعث انسان اس دنیامیں زندہ رہتاہے ،ایڈزاس صلاحیت کوکو رفتہ رفتہ بالکل ختم کرچھوڑتی ہے۔ایڈزکی بہت بڑی وجہ کثرت زناہے۔ایک حدیث نبوی ﷺ کے مطابق ’’جب زناعام ہوجائے گا تو ایسی بیماریاں جنم لیں گی جن کاعلاج نہیں ہوگا‘‘پس سیکولرمغربی تہذیب کے غلبے کے بعدسے ایک سے ایک نت نئی بیماریوں نے قبیلہ بنی نوع انسان کے گھرکو تاک لیاہے اور سرتوڑ کوششوں کے بعد ایک بیماری کاعلاج ابھی دریافت ہونے پاتاہے تو دوسری جان لیوابیماریاں سر اٹھالیتی ہیں۔ایک محتاط اندازے کے مطابق کم و بیش سواچارکروڑ افراداس موذی مرض کے جراثیموں کاشکارہیں جن کی بہت بڑی تعدادامریکہ اور یورپ کے علاقوں سے تعلق رکھتی ہے جودنیامیں ’’ترقی یافتہ‘‘ممالک کہلاتے ہیں یاپھردوسرے نمبر پر ان ممالک میں یہ مرض زیادہ پایاجاتاہے جہاں ترقی یافتہ ممالک کے لوگ ’’سیروتفریح‘‘کے لیے جاتے ہیں،وجہ صاف ظاہر ہے۔

انسانی تاریخ میں ایڈزسے زیادہ تیزی سے پھیلنے والے کسی اورمتعدی مرض کی نشاندہی نہیں ہوسکی۔1981میں سب سے پہلے یہ مرض دریافت ہوااوراس مرض کے حامل امریکہ اور کیلیفورنیاکے ہم جنس پرست لوگ تھے،خاص طور پر مرد ہم جنس پرست افراد بری طرح سے اس مرض میں گرفتار ہیں اور اس کے پھیلنے کا سبب بھی بن رہے ہیں جب کہ ہم جنس پرست عورتوں میں یہ شرح نسبتاََ کم ہے۔دنیاکے دوسرے حصوں میں جنس مخالف کے ساتھ ناجائزتعلقات بھی اس مرض کا سبب ہیں۔ایڈزکے مریض یامریضہ کے ساتھ جوبھی لطف اندوز ہوتاہے وہ اس مرض کا لازمی شکار ہوجاتاہے۔محسن انسانیت ﷺ کا قول کس قدر درست اور سچاہے کہ طبی تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ کے مطابق ایڈززدہ افراد کے ساتھ صرف جنسی تعامل سے ہی یہ مرض پھیلتاہے ،محض ہاتھ ملانے سے،گلے ملنے سے،ایک ہی برتن یاتولیہ استعمال کرنے سے یاایک ہی بیت الخلا کے استعمال سے یہ مرض کسی دوسرے کو لاحق نہیں ہوتا۔

ایڈز کے جرثوموں(HIV)کی آمدکہاں سے ہوئی؟؟یہ ایک بہت بڑاسوال تھا جوطبی ماہرین کے لیے ایک ناقابل حل معمہ بن چکاتھا۔بہت تحقیق و جستجو کے بعد اور بہت زیادہ انسانی و مالی وسائل کے صرف ہونے کے بعد پتہ چلا کہ اس مرض کے جراثیم دراصل افریقہ میں بن مانس کی ایک نسل کے اندر پائے جاتے ہیں اور اس نسل کے جانوروں کے ساتھ کسی انسان نے اس حد تک جنسی قربت اختیار کی کہ اس جانور سے یہ جراثیم انسان کے اندر اور پھر دیگر انسانوں میں نفوذ کرتے چلے گئے اورسالوں کے بعد1999میں اس حقیقت تک رسائی حاصل ہوئی اوران تحقیقاتی اداروں کے مطابق 1940اور1950کے عرصے دوران یہ مرض اس جانور سے انسانوں میں منتقل ہوا۔قرآن مجید نے سورۃ فرقان کے اندرانسان کی اس گری ہوئی خباثت پر بہت خوبصورت تبصرہ کیاہے کہ ’’کیا تم نے اس شخص کے حال پر غورکیاجس نے اپنی خواہش نفس کو اپنا خدابنالیاہو ؟؟کیاتم ایسے شخص کوراہ راست پر لانے کا ذمہ لے سکتے ہو؟؟کیاتم سمجھتے ہو کہ ان میں اکثر لوگ سنتے اور سمجھتے ہیں؟؟یہ تو جانوروں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بھی گئے گزرے‘‘(آیات43,44)۔

جس کو ایڈز کا مرض لاحق ہو جائے توپہلے مرحلے میں ابتدائی ایک سے تین ہفتوں کے دوران اسے عام سی بیماریاں لاحق ہونے کی شکایت رہتی ہے جیسے گلے کی خراش،نزلہ زکام،جلد میں خارش ،بخار،سردرد،تھکاوٹ اور مسلسل بے آرامی و بے چینی وغیرہ،یہ ابتدائی شکایات بعض اوقات چار ہفتوں تک بھی جاری رہ سکتی ہیں۔اس دوران انسانی جسم ان ایڈز کے جرثوموں (HIV)کے ساتھ جنگ تو کرتاہے اور انہیں کبھی کبھی کمزور بھی کرپاتا ہے لیکن ختم نہیں کرسکتا۔ایڈزکے مریض کادوسرامرحلہ کافی طویل ہوتاہے اور بعض اوقات دس سالوں تک بھی محیط ہوجاتاہے۔اس دوسرے مرحلے میں مریض کی صحت اگرچہ بہت اچھی رہتی ہے اوردیکھنے میں وہ تندرست و توانا نظر آتاہے اور بظاہر اسے کوئی عارضہ بھی لاحق نہیں ہوتا لیکن ایڈز گھن کی طرح اسے چاٹتی رہتی ہے اور اندر ہی اندر بیماریوں سے بچاؤ کا مدافعاتی نظام تباہ و برباد ہوتارہتاہے۔اس دوسرے مرحلے کی سب سے خطرناک بات یہ ہے مریض کو اپنے مرض کا پتہ ہی نہیں چلنے پاتاکہ وہ علاج کراسکے۔ایڈز کے تیسرے مرحلے کے مریض کا وزن گھٹنا شروع ہوجاہے،اسے وقفے وقفے سے بخارآتے ہیں،پیچش لاحق رہتی ہے،گلا مسلسل شکایت کرتارہتاہے،زبان اور منہ بھی بدذائقہ رہنے لگتے ہیں اور خواتین بھی اپنی مخصوص بیماریوں میں مبتلا رہنے لگتی ہیں۔یہ تیسرامرحلہ اگرچہ جان لیوا نہیں ہوتا لیکن مریض کے لیے بہت صبر آزما ضرور ہوتاہے۔آخری مرحلے میں بعض لوگ ایڈز کے باعث کینسر جیسے موذی مرض میں بھی گرفتار ہوجاتے ہیں۔ہوشربابات یہ ہے کہ بچے بھی اس مرض کا شکار ہیں کیونکہ سیکولرازم کی جنسی آزادی نے انسانوں کی اس قیمتی متاع کو بھی معاف نہیں کیااور بچوں میں یہ مرض بڑوں کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیلتاہے کیونکہ ان کا مدافعاتی نظام ویسے ہی ابھی کمزور ہوتاہے اور ان جرثوموں کا مقابلہ نہیں کرپاتا۔خاص طور پر ایڈزکاشکانومولود بچے دوسال سے زیادہ سانس نہیں لے سکتے اور بلآخر موت کاخونخوار آسیب انہیں ہڑپ کرجاتاہے۔

عالمی ادارہ صحت کے حوالے سے 2007کے اعدادوشمار کے مطابق سال کے آغاز میں ساڑھے تین کروڑمرد،تین کروڑ سے زائد عورتیں اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد بچے اس مرض کا شکار تھے،اس سال کے دوران ڈھائی کروڑ بالغ اور دوکروڑ سے کچھ زائد بچے اس مرض کا شکار ہوئے جن میں سے چارلاکھ بیس ہزار افراد جان کی بازی ہار گئے اور باقیوں میں سے اکثریت زندگی سے مایوس ہو کر اپنے وسائل کا ایک بہت بڑا حصہ اس بیماری کے علاج پر روزانہ خرچ کرتے ہیں۔بھارت میں اس وقت کم و بیش چالیس لاکھ لوگ اس بھیانک مرض کے جرثوموں کا شکار ہیں جبکہ چین کے اندر ایڈز کا پھیلاؤ سب سے کم ہے کیونکہ ان کی قیادت نے کثرت زناکاسبب بننے والے انٹر نیٹ کلبوں کو بہت پہلے ریاستی قوت سے بزوربند کرادیاتھااوریوں انکی نوجوان نسل ایک بہت بڑی تباہی سے بچ گئی۔ ان حقائق سے آنکھیں کھل جانی چاہییں کہ انسانوں کی کتنی بڑی تعداد ’’سیکولرازم‘‘کی آزادیوں کی بھینٹ چڑھتی چلی جارہی ہے اور آنکھوں میں دھول جھونکنے کاعمل ہنوزجاری ہے اور ایڈز کی بین الاقوامی کانفرنوں کے انعقاد کے باوجود بھی ابھی تک واپسی کا سفر شروع نہیں ہوسکا۔اقوام متحدہ کے ایڈز سے روک تھام کے ادارے نے خبر دار کیاہے کہ اگر اس رفتار سے بڑھتے ہوئے اس مرض کو باگیں نہ ڈالی گئیں تو بہت جلد یہ کل انسانیت کو اپنے جبڑوں میں کس لے گا۔

یورپ کے ’’دانشوروں‘‘نے ایڈز سے بچاؤکے متعددطریقے تجویز کیے ہیں مثلاََ جنسی تعامل کے دوران غبارے استعمال کیے جائیں تاکہ ایڈزکے جراثیم جہاں سے دوسرے جسم میں منتقل ہوتے ہیں وہاں کے راستے بندہوں،بعض ’’سیکولرعقلمندوں‘‘نے تجویز کیاکہ خواتین یامرداپنی شرمگاہوں میں وہ خاص کریم استعمال کریں جسے مخصوص اصطلاح میں’’ جیلی‘‘کہاجاتاہے جس سے جنسی اعضاء کی جلد یں ایک دوسرے کو مس نہیں کرتیں اوریوں’’سیکس ورکر‘‘ایک دوسرے سے محفوظ رہتے ہیں لیکن اس جیلی کے استعمال کے لیے مناسب ہے کہ وہ دوسرے کے علم میں نہ ہوکیونکہ اس سے شائد لذتوں کی تکمیل نہیں ہوپاتی یہ اور اس طرح کے کئی اخلاق باختہ طریقے جو متعدد سائٹس پر اس مضمون کی تیاری کے دوران پڑھے گئے اس قابل نہیں ہیں اس تحریر کا حصہ بنائے جا سکیں اوراس بیماری کی تحقیق و علاج پر خرچ ہونے والے اخراجات کا تو تخمینہ ہی آسمان سے باتیں کررہاہے بلینزاورٹریلینزکی رقومات ہیں جو دنیاکی بہترین کرنسیوں میں اداکی جاتی ہیں تاکہ اس بیماری سے بچاؤ کی کوئی موثرتدابیروادویات تیار کی جا سکیں۔

تف ہے ان یوررپ کے ’’اہل دانش‘‘پرکہ درخت کو اکھاڑنے کے لیے اسکی جڑ پر وار نہیں کرتے اور صرف پتے اور شاخیں ہی کاٹ کر سمجھتے ہیں کہ یہ بیماری ختم ہوجائے گی جبکہ وہ درخت پہلے سے زیادہ تیزی سے پھیلنے لگتاہے۔قرآن مجید نے واضع طورپر انسانیت کو ’’حکم‘‘دیاہے کہ زنا کے قریب بھی نہ جاؤاور پھر یہ بھی کہ دیا کہ زمانے کی قسم کل انسان نقصان میں ہیں اور اس نقصان سے صرف وہی بچ سکتے ہیں جوایمان لائے ہوں نیک عمل کرتے ہوں اور حق و صبر کی تاکید و تلقین کرتے ہوں۔جب تک آزادی نسواں کے نام پر آزادی زناکا خاتمہ نہیں کیا جاتا،جب تک کمرشل ازم کے نام پر اشتہارات میں خواتین کی نمائش پر پابندی نہیں لگائی جاتی،جب تک سیکولرازم کے نام پر ذہنی و فکری آوارگی کو پابندوحی الہی نہیں کیاجاتااور جب تک انبیاء علیھم السلام کے عطاکردہ خطوط پر خاندانی نظام دوبارہ استوار نہیں کیا جاتا اس وقت تک کسی طرح کا بھی اخلاق و قانون انسانوں کو اس جنجال اور اس بھنور سے باہر نہیں نکال سکتا۔عقل و خرد کے اس تجربے میں یورپ بہت تیزی سے مانی ازم کی طرف بڑھ رہاہے لیکن انسانیت کی فوزوفلاح و کامیابی و کامرانی اسی میں ہے کہ وہ خطبہ حجۃ الواداع کی ٹھنڈی چھاؤں میں آجائے کہ اس کے علاوہ سب راستے دنیاوآخرت کی آگ کی طرف دھکیلنے والے ہیں۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Dr Sajid Khakwani
About the Author: Dr Sajid Khakwani Read More Articles by Dr Sajid Khakwani: 470 Articles with 516304 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.