نوٹ منسوخی کی آڑ میں اصل دہشت گردوں کو بچانے کامنصوبہ

بی جے پی اقتدار میں مسلمان چوطرفہ ذہنی بہران کا شکار ہے۔جس طرح طلاق ثلاثہ کی آڑ میں شرعی قوانین میں مداخلت کی کوشش کی گئی با لکل اسی طرح اب نوٹ منسوخی کی آڑ میں مودی حکومت مالیگاؤں بم دھماکہ 2006 میں باعزت بری ہونے والے 8 مسلم نوجوانوں کے خلاف مہاراشٹر حکومت کی ہائی کورٹ میں اپیل مسلم دشمنی کا ثبوت ہے۔ جب کسی معاملے میں مسلم نوجوانوں کو عدالت سے رہائی ملتی ہے تو حکومت اس کے خلاف ضرور اپیل کرتی ہے۔ یہ مسلمانوں کے ساتھ حکومت کی دوغلی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ سناتن سنستھا کے ارکان جب عدالت سے ثبوتوں کی عدم دستیابی کے سبب باعزت رہا ہوجاتے ہیں تو سرکار اسے چیلنج نہیں کر تی ہے اور نہ ہی ان کے خلاف عدالتوں میں پختہ ثبوت پیش کئے جاتے ہیں۔ مالیگاؤں بم دھماکہ 2006 اپنی نوعیت کا ایک منفرد کیس ہے جس میں پہلے مہاراشٹر اے ٹی ایس اس کے بعد سی بی آئی اور پھر این آئی اے نے از سر نو اس معاملے کی تحقیقات کی۔ اس میں یہ واضح ہوگیا تھا کہ مسلم نوجوانوں کا کوئی قصور نہیں ہے بلکہ یہ بم دھماکہ ہندو انتہا پسند تنظیم نے ہی کیا ہے۔ اس کا اعتراف آر ایس ایس پرچارک سوامی اسیما نند نے بھی کیا تھا جس کے بعد ہی این آئی اے نے عدالت میں مسلم نوجوانوں کو ضمانت دے دی تھی اور پھر ان نوجوانوں کو باعزت بری کر دیا گیا تھا۔ قومی سلامتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے باقاعدہ طور پرمالیگاؤں بم دھماکہ 2006 میں ان مسلم نوجوانوں کو کلین چٹ دیدی تھی جس کے بعد ہی عدالت نے انہیں رہا کیا ہے ایسے میں ہائیکورٹ جا کر سرکار کا اس فیصلہ کو چیلنج کر نا کھلی مسلم دشمنی ہے۔ سرکار کی یہ دو رخی پالیسی ہمیشہ ہی رہی ہے۔ مالیگاؤں بم دھماکہ 2008 کی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر سمیت دیگر ملزمین کو راحت دی جا رہی ہے۔ اب تک لیفٹیننٹ کرنل پروہت کو معطلی میں بھی تنخواہ مل رہی ہے اس کے برعکس مسلمانوں کے ساتھ حکومت کا سوتیلا رویہ معنی خیز ہے۔ مودی حکومت نے مالیگاؤں دھماکے کی تحقیقات میں مداخلت کر کے قومی جانچ ایجنسی پر دباؤبنایا ہے جس کی وجہ سے ایک ایک کر کے اس سانحہ کے ملزمان کو چھوڑا جا رہا ہے اور ان کے خلاف مکوکا کو ختم کیا جا رہا ہے۔ اس سے دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی لڑائی کو کمزور کیا جا رہا ہے اور اس سے نہ صرف غلط پیغام جا رہا ہے بلکہ اس سے ہندوستان کی شبیہ اور اس کے عزم کوبھی متاثر کیا جا رہا ہے۔مرکز میں جب سے بی جے پی کی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے تب سے ہی گجرات کے خاطی پولیس عہدیداروں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اب مالیگاؤں دھماکوں میں کورٹ سے ڈسچارج مسلم نوجوانوں کے خلاف حکومت مہاراشٹر کی اپیل پر ہائی کورٹ نے نوٹس جاری کر کے اصل دہشت گردوں کو بچانے کامنصوبہ بنا لیا ہے۔ یہ بات صاف ہو گئی ہے کہ انصاف کی دہائی دینے والے اور ملک میں صاف ستھرا نظام پیش کرنے والے ،اور اچھے دنوں کا خواب دکھانے والے ملک کے آئین کی جس طرح سے دھجیاں اڑا رہے ہیں ۔یہبات اب کسی سے پوشیدہ نہیں رہی ہے جس کی تازہ مثال مالیگاؤں بم دھماکہ معاملے میں ہندو دہشت گردوں اور دہشت پسندوں کے کیس میں نرمی برتنے کے لئے ایک سرکاری وکیل کو ’’ اوپر‘‘ سے ہدایت ملی ہے۔ مالیگاؤں دھماکے کے اصل ملزمین کو ایک ایک کرکے کلین چٹ دیے جانے کے معاملے کے پیچھے مودی حکومت کا ہاتھ ہے۔ یہ انسداد دہشت گردی ٹیم کیسابق سربراہ آنجہانی ہیمنت کرکرے جیسے اعلی شہیدافسران کی توہین ہے ۔ سپریم کورٹ سے اس مسئلے کا نوٹس لے کراصل مجرموں کو سزا دلانے کی اپیل کرنی چاہیے۔
Asif Jaleel
About the Author: Asif Jaleel Read More Articles by Asif Jaleel: 224 Articles with 248964 views میں عزیز ہوں سب کو پر ضرورتوں کے لئے.. View More