دھرنے کے بجائے یوم تشکر؟

پاکستان تحریک انصاف نیاسلام آباد میں دھرنے کا اعلان واپس لے لیا اور اب پی ٹی آئی یوم تشکر منائے گی۔ منگل کو سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کے حوالے سے کمیشن بنانے کا اعلان کیا اور اس کے ٹرم آف ریفرنس TORبھی طے کرنے ک عندیہ دیا ہے جس کے بعد ابتداء میں تو پاکستان تحریک انصاف کے بیشتر رہنما میڈیا پر یہ بات کہتے رہے کہ دھرنا اپنے مقررہ وقت پر ہو ۔ ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کے حوالے سے پیش رفت اپنی جگہ لیکن دھرنا اپنی جگہ ہے۔ لیکن پھر چند گھنٹوں کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے فیصلہ کیا کہ وہ اب دھرنا نہیں دیں گے بلکہ یوم تشکر منائیں گے۔ اس میں دو اہم سوال ہیں کہ چند گھنٹوں کے بعد ایسا کیا ہوا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے دھرنے کو یو م تشکر میں بدلنے کا اعلان کیا۔ اگر یہی بات سپریم کورٹ کی طرف سے ہونے والے اعلان کے بعد کی جاتی تو دھرنا ختم کرنے کا تاثر کچھ اور ہوتا لیکن جب کچھ گھنٹوں کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تو اس سے بہت سے شکوک و شہبات جنم لے رہے ہیں کہ وہ کون سا دباؤ اچانک آیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے دھرنے کو یوم تشکر میں تبدیل کر دیا۔ اسی بات سے ایک دوسرا تاثر یہ ابھرتا ہے کہ شاید پی ٹی آئی کی قیادت نے ہمیشہ کی طرح اس معاملے میں بھی فیصلہ کرنے میں دیر کر دی جس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر تجزیہ کاروں کو اپنے اپنے تجزیئے پیش کرنے کا موقع مل گیا۔اسی حوالے سے دوسرا اہم سوال یہ ہے کہ پی ٹی آئی اچانک کس بات پر یوم تشکر منا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کو ایسی کون سی منزل مل گئی کہ جس کی وجہ سے اس نے یوم تشکر منا نے کا اعلان کر دیا۔کیا ان کے جو دو کارکن مبینہ طور پر شیلنگ سے جاں بحق ہو گئے، اس پر پی ٹی آئی یوم تشکر منا رہی ہے؟ کیا نواز حکومت نے جو پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد کیا اور ریاستی طاقت کا بھر پور استعمال کیا ، کیا اس پر پی ٹی آئی یوم تشکر منا رہی ہے۔ کیا اس بات پر یوم تشکر منایا جا رہا ہے کہ چار دنوں سے ملک کا دارلحکومت لاک ڈان ہوا ہے اور ایک صوبے کو اسلام آباد سے کاٹ دیا گیا؟ کیا پی ٹی آئی اس بات پر یوم تشکر منا رہی ہے کہ اس کی خواتین کارکنوں پر حکومت اور پولیس کی طرف سے تشدد کیا گیا۔ کیا یہ یوم تشکر اس بات کے لئے ہے کہ اسلام آباد کی صورت حال کی وجہ سے ساری دنیا میں ملک کا پہلے سے خراب امیج مزید خراب ہوا؟ کیا پی ٹی آئی جس بنیاد پر دھرنا دے رہی تھی اس کے مقاصد پورے ہو گئے جس پر یوم تشکر منا رہی ہے؟ کیا نواز حکومت ختم ہو گئی؟ کیا نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا؟ اگر ان تمام سوالات کے جوابات نفی میں ہیں تو پھر پی ٹی آئی کو اپنے اس فیصلے کی اسباب بتانے تو ہوں گے ورنہ تجزیہ کاروں اور پاکستان کے عوام کی نظر میں ان کی پوزیشن مزید کمزور ہوگی ۔جہاں تک سپریم کورٹ کی بات ہے تو ن لیگ تو ایک طویل عرصے سے یہ معاملہ سپریم کورٹ میں لے جانے کے لئے تیار تھی۔ ن لیگ کی طرف سے مسلسل یہ بات سامنے آتی رہی کہ سپریم کورٹ پانامہ لیکس پر جو فیصلہ کرے یا ٹی او آرز کے حوالے سے جو بھی حتمی طور پر بات کرے وہ اس کے لئے قابل قبول ہو گی۔ لیکن پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں مقدمہ ہونے کے باوجو د اس پر اعتماد کرنے کے بجائے دھرنے کی بات کی پھر آج اچانک سپریم کورٹ نے ایسا کون سی بات کر دی کہ پی ٹی آئی یوم تشکر منانے کا اعلان کررہی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے یوم تشکر منانے کا اعلان اپنے کارکنوں کو مطمن کرنے کے لئے کیا جبکہ اس معاملے میں کسی تیسری قوت کا عمل دخل بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ اگریہ کہا جائے کہ دو ایجنسیوں کی جنگ میں ایک ایجنسی کو کامیابی ہوئی جبکہ ایک دوسری ایجنسی کو ایک مرتبہ پھر پسپائی ہوئی۔اب سوال یہ ہے کہ یوم تشکر کے بعد عمران خان کیا کریں گے ۔ اگر سپریم کورٹ میں عمران خان کی توقعات کے مطابق معاملات آگے نہ بڑھے یا ان کی توقعات کے مطابق فیصلہ نہ ہوا تو پھر پی ٹی آئی کی پالیسی یا حکمت عملی کیا ہو گی؟
 
Riaz Aajiz
About the Author: Riaz Aajiz Read More Articles by Riaz Aajiz: 95 Articles with 60947 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.