ابو الواصف حضرت بابا جی شیر محمد رحمۃ اﷲ علیہ

حافظ محمد عرفان اسلام اویسی ۔۔۔۔۔۔۔نارووال
بزرگان دین کی دینی خدمات جو کہ تاریخ اسلام کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔انکی دینی خدمات کا نتیجہ یہ ہے کہ آج بھی ان کے مزاروں پر رونقیں ہیں ۔ اﷲ کے نیک بندوں اور رسول کریم ﷺ کے سچے عاشقوں کے مزار چاہے جنگل میں ہوں یا پہاڑوں میں، شہر میں ہوں یا صحراؤں میں انکے فیض سے دنیا جہان کے لوگ فائدہ مند ہو رہے ہیں ۔ان کے مزاروں سے عقیدت رکھنے والے ہر سال انکی یادیں مناتے ہیں اور اپنی عقدت کا اظہار کرتے ہیں ۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی حضرت بابا جی شیر محمد رحمۃ اﷲ علیہ قادری چشتی ،صابری قلندری کا87واں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات مورخہ 23اکتوبر 2016ء بروز اتوار آستانہ واصفی محلہ واصف پورہ بڈیانہ شریف میں منائیں جائیگی۔حضرت باباجی شیر محمد رحمۃ اﷲ علیہ 1884ء کو اندر پور موہڑی تحصیل نو رپور ضلع کانگڑہ بھارت میں پیدا ہوئے ۔حضرت بابا جی سرکار کو باغبانی کا بہت شوق تھا ۔اسی کے پیشِ نظر آپ رحمۃ اﷲ علیہ نے ایک باغ لگا رکھا تھا اور اس باغ کے سنٹر میں ایک ککھوں کی قلی بھی ڈال رکھی تھی ۔سارا دن باغبانی کے ساتھ ساتھ آپ رحمۃ اﷲ علیہ کے عقیدت مند اور مخلوق خدا آپ سے فیض یاب ہوتی ۔مگر جب رات ہوتی تو آپ اس قلی میں چلے جاتے ۔جب رات کا پچھلا پہر ہوتا تو قریبی لوگ دیکھتے کہ بابا جی سرکار کی قلی پر نور کی برسات ہوتی ۔آپ رحمۃ اﷲ علیہ ساری ساری رات اپنے اﷲ کے حضور عبادت گذار رہتے ۔بلکہ اکثر اوقات تو نورانی لباس میں ملبوس مخلوق بھی آپکی قلی میں آتی اور محفل کا سماں بن جاتا ۔ جب لوگوں نے پوچھنا بابا جی رات کو بڑی محفل سجی تھی ۔تو آپ رحمۃ اﷲ علیہ نے کہنا آپکو غلط فہمی ہوئی ہے ۔آپ رحمۃ اﷲ علیہ نفی میں رہنا پسند فرماتے تھے ۔1947ء میں جب ملک پاکستان معرض وجود میں آیا تو یہاں ہجرت کر کے تشریف لائے ۔تو کچھ عرصہ آپ رحمۃ اﷲ علیہ نے سیالکوٹ کے محلہ رنگپورہ میں قیام کیا ۔اسکے بعد مستقل سکونت سیالکوٹ پسرور روڈ پر واقعہ قصبہ بڈیانہ میں اختیار کی ۔باباجی سرکار رحمۃ اﷲ علیہ کا روحانی فیض جاری و ساری تھا ۔عقیدت مندوں کی بڑی تعداد آپ کے دینی و روحانی علوم سے فیض یاب ہوتی ۔حضرت بابا جی شیر محمد رحمۃ اﷲ علیہ نے 1960ء میں وفات پائی ۔اپنی وفات سے پہلے ہی آپ نے اپنے صاحبزادے سلطان الشعراء الحاج محمد واصف بڈیانوی رحمۃ اﷲ علیہ کو اپنے فیض عطا کیے اور اپنا سجادہ نشین مقرر کیا ۔آج آپ رحمۃ اﷲ علیہ کا فیض پوری دنیا میں عام ہے اور اﷲ کے فضل و کرم سے آستانہ واصفی پر دینی ،ادبی ،علمی ،روحانی کام جاری و ساری ہے ۔حضرت بابا جی شیر محمد رحمۃ اﷲ علیہ کا سالانہ عرس مبارک اس دفعہ 23اکتوبر2016ء کو منایا جا رہا ہے۔اس سلسلہ میں آستانہ واصفی پر عرس مبارک کی تقریبات کے انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔عرس مبارک کی تمام نشستیں زیر صدارت مرکزی سجادہ نشین آستانہ واصفی صاحبزادہ پیر محمد ظہور واصف بڈیانوی ہونگی ،جبکہ سرپرستی صاحبزادہ محمد صائم واصف بڈیانوی کریں گے ۔ عرس شریف میں ملک بھر اور بیرون ممالک سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شرکت کریگی ۔پروگرام کے مطابق بعد نماز ظہر چادر پوشی،بعد نماز عصر ختم پاک جبکہ بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہو گی ۔عرس مبارم میں مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی سجادہ نشین مرکز اویسیاں نارووال مہمان خصوصی ہونگے ۔ جبکہ ملک بھر سے قرأ ،نعت خوان ،علماء و مشائخ بھر پور شرکت کرینگے ،تقریبات کے آخر میں مرکزی سجادہ نشین آستانہ واصفی صاحبزادہ پیر محمد ظہور واصف بڈیانوی خصوصی دعا فرمائیں گے ۔
Peer Muhammad Tabasum Bashir Owaisi
About the Author: Peer Muhammad Tabasum Bashir Owaisi Read More Articles by Peer Muhammad Tabasum Bashir Owaisi: 85 Articles with 165562 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.