بصارت سے محروم لیکن بصیرت افروز……نابینا افراد

 دنیا بھر کے نابینا افراد کو ماہ اکتوبر کا شدت سے انتظا ر رہتا ہے کیونکہ ماہ اکتوبر کے وسط میں نابینا افراد کا عالمی دن ’’ یوم سفید چھڑی ‘‘ منایا جاتا ہے ، اور اس دن منعقد ہونے والے پروگرام نابینا افراد کے لئے انتہائی پر مسرت ہوتے ہیں ۔اقوام متحدہ کے زیر اہتمام سفید چھڑی کے تحفظ کا عالمی دن ’’انٹرنیشنل وائٹ کین ڈے‘‘ ہر سال پندرہ اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔انیس سو تیس میں فرانس کے شہر پیرس میں عام لاٹھیوں کو سفید رنگ دے کر اس دن کو متعارف کرانے کی روایت ڈالی گئی تھی اور پندرہ اکتوبر انیس سو پینسٹھ سے عالمی علامتی دن کے طور پر اسے اقوام متحدہ کے چارٹر میں باضابطہ طور پر شامل کرلیا گیا۔ پاکستان میں یہ دن پہلی بارپندرہ اکتوبر انیس سو بہتر کو منایا گیا۔اس وقت دنیا بھر میں پینتالیس ملین افراد آنکھوں کی روشنی سے محروم ہیں جبکہ سب سے زیادہ نابینا افراد بھارت میں ہیں جن کی تعداد دوکروڑ سے زائد ہے۔ پاکستان میں تقریباً بیس لاکھ افراد بینائی سے مکمل طور پر محروم ہیں یہاں اندھے پن کی شرح 1.08 ہے، جبکہ پاکستان میں جزوی طور پر نابینا افراد کی تعداد تقریباًساٹھ لاکھ کے قریب ہے، پاکستان کی سترہ فیصد آبادی ذیابیطس کی شکار ہے جو اندھے پن کی ایک اہم وجہ ہے۔سفید چھڑی کا عالمی دن منانے کا مقصد نابینا افراد کو درپیش مسائل اور مشکلات کے متعلق معاشرے کو آگاہی فراہم کرنا اور دنیا کو یہ باورکرانا ہے کہ معذور افراد بھی تھوڑی سی توجہ کے ساتھ ایک ذمہ دار اور مفید شہری ثابت ہوسکتے ہیں۔سفید چھڑی تو نابینا افراد کو چلنے پھرنے میں تحفظ فراہم کرتی ہے تاہم سفر زیست کے لیے تعلیم، روزگار، صحت اور آبادی میں اضافہ توجہ طلب مسائل ہیں۔یوم سفید چھڑی کے حوالے سے چیئرمین بلائینڈ ایسوسی ایشن پاکستان قاضی نوید ممتاز کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں کے علاوہ نجی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ نابینا لوگوں کو روزگار فراہم کرنے میں معاونت کریں۔ 15اکتوبر کا یہ خاصہ ہے کہ 1999ء تک یہ دن بھر پورانداز سے منا یا جاتا رہا ، اورسرکاری اور نجی سطح پر منانے کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے لیکن پھر دنیا کے سرمایہ دار اداروں نے اس دن پر شب خون مارا اور اس دن کو گلوبل ہینڈ واشنگ ڈے یعنی ہاتھ دھونے کا دن مقرر کروادیا جس کا مقصد شعور کی بیداری کے نام پر اپنی مصنوعات کی تشہیر اور خود کو سماجی حیثیت میں سامنے لانا تھا۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ یوم سفید چھڑی پر کمرشل پر ست میڈیا گلوبل ہینڈ واشنگ ڈے کے اشتہارات کی چکاچوند میں ایسا غرق ہوا کہ نابینا لوگوں کو اپنے دن پر صرف ڈھائی منٹ کوریج کی خیرات ملتی ہے، کیونکہ نابینا اداروں کے پاس تشہیر کیلئے پیسہ نہیں اس لیے ان کے مسائل آگے پہنچانے والا کوئی نہیں حکومتی سطح پر بھی یہ دن نظر انداز ہوتا رہا ہے۔ جبکہ معاشرے کے پڑھے لکھے افراد بھی نابینا افراد کو حافظ جی کہہ کر بلاتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان حالات میں میڈیا کواپنی قومی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے نہ صرف نابینا لوگوں کے مسائل اجاگر کرنا چاہئے بلکہ نابینا افراد کی کارکردگی بھی سامنے لانا چاہئے۔ اس کے علاوہ سرمایہ دار کمپنیوں کو بھی سوچنا چاہئے کہ انہوں نے ایک عظیم مقصد کیلئے منانے والے دن کے ساتھ جو زیادتی کی ہے وہ اس کا ازالہ کریں تاکہ معاشرے کا یہ طبقہ جو بظاہر فیوز بلب کی مانند دکھائی دیتا ہے ، اقوام عالم کی تھوڑی توجہ اور حوصلہ افزائی انہیں ایسے روشن چراغ میں تبدیل کرسکتی ہے جو معاشرے کے دیگر افراد میں بصیرت کا نور پھیلانے کا باعث بنے اور نابینا افرا کی تاریخ ایسے لوگوں سے خالی نہیں۔ حماس کا بانی کوئی سرمایہ دار یا جاگیر دار نہیں بلکہ ایک نابینا مجاہد تھا جو آج کے عرب حکمرانوں سے بہتر اور برتر تھا ۔ پاکستان بھر کی بلائینڈ ایسوسی ایشنز اس دن کو پرجوش انداز سے منانے کے لئے مختلف شہروں میں رنگا رنگ پروگرام منعقد کررہی ہیں جن کا مقصد نابینا افراد کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر تک نابینا افراد کے مسائل سے آگاہ کرنا اور نابینا افراد میں موجود قابلیت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ نابینا افراد کے مسائل حل ہوسکیں ، ان کو آسانیاں میسر آئیں اور وہ ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار با حسن و خوبی ادا کرسکیں۔ بظاہر بصارت سے محروم نظرآنے والے لوگ چشم بصرت رکھتے ہیں ان کے دل کی آنکھیں روشن، ان کے دماغ سوچ رکھنے والے اور قدرت کی نشانیوں کے عکاس ہوتے ہیں ان افراد کی صلاحیتوں کو استعمال میں لاکر انہیں سوسائٹی کا اہم ستون بنایا جاسکتا ہے۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Rana Aijaz Hussain
About the Author: Rana Aijaz Hussain Read More Articles by Rana Aijaz Hussain: 995 Articles with 719104 views Journalist and Columnist.. View More