خلیفہ ثانی ،خسر پیغمبرﷺ،مراد رسولﷺ،شہید مصلیٰ رسولﷺ حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اﷲ عنہ

خلیفہ راشد ،شہیدِ محراب ومنبر حضرت سیدنا فاروق اعظم رضی اﷲ عنہ کا اسم گرامی ’’عمر‘‘والد کانام خطاب، قبیلہ قریش بنی عدی ،والدہ کانام ختمہ بنت ہشام ، ان کا تعلق قریش کے قبیلہ مخزوم سے تھا۔حضرت سیدنا عمر ابن خطاب رضی اﷲ عنہ کی کنیت ابوالحفص (ابوالاسد) اور لقب ’’فاروق‘‘تھا ۔وہ تاریخ اسلام کی اتنی ولولہ انگیز اور ہمہ جہت شخصیت تھے کہ فاروق اعظم رضی اﷲ عنہ کی سیرت ،اوصاف ، کردار ،بلند حوصلے ،خداداد شجاعت ،غیر معمولی فراست اور کارناموں کو اختصار سے بیان کرنا ممکن نہیں ۔

روایات ثقہ اس معروضی حقیقت کی تائید کرتی ہیں کہ امام عادل مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ راشد حضرۃ سیدنا فاروق اعظمؓ کو رب ذوالجلال نے یہ بارعب وجاہت ،تواناحوصلہ ،بے مثال معاملہ فہمی ، بلند آہنگی ، مضبوط قوت بازو اورظرف نگاہی دین حق کی فصیلیں مستحکم کرنے کیلئے خصوصی طور پر عطا کی تھیں ۔ اگر بالاستیعاب مطالعہ کیا جائے تو ان سوالوں کے جواب ہمیں یکے بعد دیگرے بعثت نبوی اکے بعد شروع ہونے والے عہد رسالت ا سے جناب عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کے قبول اسلام تک ،پھر مکہ کے قریش مخالفین مشرکین کے سامنے خطاب کے لخت جگر فاروق اعظم ؓ کے شمشیر بکف ہونے اور مدینے میں اسلام کی فلاحی ریاست معرض وجود میں لانے کے مسائل میں بھر پور کرداراداکرنے سے مل جاتا ہے ۔

اگرچہ یہ سرکار دوعالم صلی اﷲ علیہ وسلم کے حسن انتخاب کا کمال ہے اور مشیت ایزدی کہ دور اندیشی اور معنی خیز حکمت عملی کا انعام بھی کہ خلیفہ راشد فاروق اعظم ؓ فخر کونین صاحب قاب قوسین نبی کریم ا کی آرزوئے صادق قرار پائے ۔تبریک وتحسین واجب ہے عالم انسانیت پر کہ عرش اور فرش کہاں تک علوم مرتبہ ابن خطاب رضی اﷲ عنہ کی پسندیدگی اور مدحت کے پرچم نہیں لہرائے ۔انعامات خداوندی اور دربارِ رسالت اسے اعزازات گویا ان کے منتظر رہتے تھے ،چنانچہ عشرہ مبشرہ میں ہم ان کا اسم گرامی موجود پاتے ہیں ۔گویا ان ناقابل رشک رفیع الشان دس صحابہ کرامؓ میں وہ بھی شامل ہیں جن کو مولائے کائنات رب ذوالجلال کی رضا پاکر احمد مختار محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وسلم نے اس کا گۂ حیات جنت کی بشارت عطا فرمادی تھی ۔

عمر بن الخطابؓ ننھیال ،ددھیال دونوں طرف کے شجرہ ہائے نسب میں حضور نبی کریم اجمیل الشیم کے اپنے قرابت دار ہیں اور جب شمشیر بکف فاروق اعظم ؓ اپنی ہمشیرہ اور بہنوئی کے گھر قرآن کریم کی تلاوت سنتے ہیں تومشرکین مکہ کے کذب افتراء کا طوفان اپنا رُخ موڑ لیتا ہے اور تیز قدم عمر بن خطاب رضی اﷲ عنہ پیغمبر اسلام کی خدمت میں باریاب ہونے کیلئے دار ارقم کی جانب روانہ ہوگئے ۔ وہاں پہنچ کر مشرف بہ اسلام ہوتے ہیں اوررضائے الٰہی کے مطابق ہر اعتبار سے دین حق کا مضبوط قلعہ بن جاتے ہیں اور اسلام کا بازوئے شمشیر زن کہلاتے ہیں ۔ حتیٰ کہ خانہ کعبہ میں کفار اورمشرکین کی نظروں کے سامنے مسلمان برملا اور بے خطر نماز پڑھنا شروع کردیتے ہیں ،کسی میں جسار ت نہیں ہوتی کہ جو فرزندان توحید کل تک گھروں میں وادیوں میں چھپ کر اﷲ وحدہ لاشریک لہ کے حضور رکوع وسجود کرتے تھے انہیں بیت اﷲ میں نماز پڑھنے سے روکا جاسکے یا کوئی مشرک سردار اور غلام تعرض کرے ۔

جناب نافع رضی اﷲ عنہ نے ابن عمرؓ سے روایت حاصل کی اور ابن عمرؓ حضورانوراکے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ :
’’پیغمبر اسلام صلی اﷲ علیہ وسلم نے حضرت عمر(ابن خطاب رضی اﷲ عنہ )کیلئے دعا مانگی تھی ۔خداوند ! ابن ہشام اور عمر بن الخطاب دونوں میں جسے تو زیادہ عزیز رکھتا ہو اس کے ذریعے اسلام کی دستگیری فرما‘‘

حالات کا رُخ ایسی جہت پر تھا کہ قریش مکہ جمع ہوکر ظہور اسلام کے نتیجے میں پھیلنے والی توحید ورسالت کی روشنی کو عرب معاشرے میں روکنے کیلئے خیالی منصوبے بنا رہے تھے حتیٰ کہ شدت غضب اور جذبہ عناد سے مغلوب ہوکر حضور نبی مکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کے قتل کے ناپاک ارادے تک بات پہنچ گئی تھی ، اُدھر اپنی بہن اور بہنوئی کے گھر قرآن کریم کی مکی سورۃ طٰہٰ کی آیات مبارک کی تلاوت سن کر حضرت عمر فاروقؓ کیلئے رسول کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی دشمنی کی دھوپ اﷲ کی رحمت کی ٹھنڈی چھاؤں میں بدل گئی ۔یہ سحر خیز ،معجزہ نما کلام پہلے کبھی نہ سنا تھا ۔

محمد بن سعد نے داؤد بن الحصین اورامام زہری دونوں سے یہ روایت منسوب کی ہے کہ عمر رضی اﷲ عنہ ایمان لائے تو شوکت اسلام میں اضافہ کا غلغلہ عرش تک بلند ہوا ۔حضرت جبرائیل علیہ السلام یہ مژدہ لے کر آئے :
’’اے محمد صلی اﷲ علیہ وسلم آسمانوں کے مکینوں کو عمرؓ کے حلقہ بگوش اسلام ہونے کا بڑاشدید انتظار تھا ‘‘۔

یہاں اﷲ رب العزت کے کلام مقدس کی آفاقی صداقت ،تاثیر معانی ، لامحدود حکمت آفرینی اور معجز نما دل میں اتر جانے والی وقیع موعظت کا اندازہ بھی بخوبی ہوتا ہے اور دوسری بات یہ کہ اﷲ مالک ومختار نے اپنے محبوب پیغمبر ختمی مرتبت رسول صادق صلی اﷲ علیہ وسلم کی آرزو کس کمال حسن انتخاب سے پوری فرمادی یعنی سیدنا عمرؓ کودین حق اسلام مل گیا اور اسلام کو جری اور جانثار رسول عمر سراپا اوصاف و کمالات اسلام دشمنوں کے بچھائے ہوئے کانٹوں کو اپنے قدموں تلے روندتا ہوا آملا ۔

مستدرک حاکم جلد ۳ فضائل عمر رضی اﷲ عنہ میں مذکور ہے :’’ان خدمات اسلام کے باعث بارگاہ نبوی امیں جوقرب حضرت عمر ؓ کو حاصل تھا وہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے علاوہ کسی صحابی کو نہ تھا ‘‘
آقائے دوجہاں نبی رحمت صلی اﷲ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے :
’’اگر میرے بعد کوئی نبی آنا ہوتا تو وہ عمر بن خطاب ؓ ہوتے ‘‘(مستدرک حاکم )

سیدنا عمر فاروق ؓ کی ولادت مکہ مکرمہ میں حرب فجار اعظم سے چار سال پہلے قبیلہ عدی کے سپہ سالار کی دختر ختمہ کے بطن سے ہوئی ۔
جناب عبداﷲ ابن وہب نے مالک کی یہ روایت بیان کی :
’’ایک رات عمرو بن العاص رضی اﷲ عنہ کو خطاب کے مکان میں روشنیاں سی نظر آئیں دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ خطاب بن نفیل کے گھر لڑکا پید اہوا ہے ‘‘
یہی لڑکا عمر بن خطاب ؓ تھا ۔یہ ہجرت نبوی ا سے 40سال قبل کا دورانیہ تھا۔ (حیات فاروق اعظم ابن جوزی )

اپنے والد کی طرف سے حضرت عمر ؓ کا شجرہ یوں چلتا ہے :خطاب بن نفیل بن عبدالعزیٰ بن ریاح بن عبداﷲ بن ورط بن رزاح بن عدی بن کعب ۔ والدہ کی جانب سے ہاشم بن المغیرہ بن عبداﷲ بن عمر بن مخدوم بن نفیل ۔جناب عمرؓ کوئی 26یا 27برس کی عمر میں مشرف بہ اسلام ہوئے ۔حضرت عمر ؓ نہایت گورے ،بہت بلند قامت اور لحیم شحیم نظر آنے والے شخص تھے ۔بائیں ہاتھ سے بھی دائیں ہاتھ کی طرح کام لے سکتے تھے ، دوڑتے ہوئے گھوڑے پراچک کر بیٹھ جاتے تھے ۔

ابوجاؤ العطاردی کہتے ہیں حضرت عمرؓ دراز قامت ،جسیم ،کم مو ، سفید فام ،آنکھوں میں بے حد سرک ڈورے پڑے ہوئے ،مونڈھوں میں آگے کی جانب خفیف سا جھکاؤ ، بازؤں پر بالوں کی کثرت جو نقاط کے ساتھ سرخی مائل تھی ۔سراپا پر وقار ، رویہ متین ، غیر ضروری ہنسنے ہنسانے سے گریز فرماتے ۔

جناب عمر بن خطاب ؓ جسمانی طور پر طاقتور اور تنو مند تھے اسلئے زور آور بھی خوب ہوگئے لیکن ہجوم کے درمیان کھڑے ہوتے یا گفتگو کرتے جاتے تو صاف نظرا ٓجاتے وہ خطاب کے فرزند عمر آرہے ہیں ۔آواز بھی گرجدار ،لہجہ بھی پاٹ دار ، کبھی غصہ کا ماحول بن جائے توان کی شخصیت گویا اور شعلہ فشاں بن جاتے ،انہیں پڑھنا لکھنا ان کے والد بزرگوار جناب خطاب نے بچپن میں ہی سکھادیا تھا ۔ لڑکپن میں شہ سواری اورپہلوانی کا شوق از خود ہوگیا ۔ عکاظ کے میلے کے دنگل میں کشتی بھی لڑا کرتے تھے

زرقانی میں مذکور ہے کہ جب سرور عالم صلی اﷲ علیہ وسلم نے مکہ کے مسلمانوں کو ہجرت مدینہ کی اجازت دے دی تو ابوحفص عمر رضی اﷲ عنہ نے پہلے خانہ کعبہ کا طواف کیا ۔نماز ادا کی ،پھر مشرکین مکہ کو مخاطب کرکے اپنے سفر ہجرت کا برملا اعلان کیا ۔

ابن اسحاق براء بن عازب رضی اﷲ عنہ کے ذریعے روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضوان اﷲ علیہم اجمعین میں جناب مصعب بن عمیراور مکتوم رضی اﷲ عنہما سب سے پہلے مدینہ پہنچے ۔ان کے بعد حضرت بلال بن رباحؓ ، حضرت سعد اور عماربن یاسرؓ شہر میں داخل ہوئے ۔پھر 20مہاجرین کا ایک چھوٹا سا قافلہ حضرت عمر فاروقؓ کی رہنمائی میں مدینہ پہنچ گیا۔

اپنے آقا احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وسلم کی قیادت میں انہوں نے متعدد غزوات میں حصہ لیا ۔عہدرسالت میں ہی اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی گئی ۔سیدنا ابوبکر صدیق رضی اﷲ عنہ کے دورِ خلافت میں وہ ان کے دست راست اور مدینے کے قاضی بھی رہے ۔مسلمانوں کی اچھی اخلاقی تربیت کے باعث کئی کئی ماہ کوئی مقدمہ عدالت میں نہ آتا تھا ۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اﷲ عنہ کی طبعی وفات کے بعد بار خلافت سیدنا عمر فاروق رضی اﷲ عنہ نے 24 جمادی الثانی سن 13؁ھ کو سنبھالا ۔ان کا دستور حکمرانی پوری قلم روئے اسلامی کیلئے ماضی میں بھی کامیاب تھا ،آج بھی قابل ہے ۔عہد فاروقی رضی اﷲ عنہ میں اسلامی ریاست کی حدود 22لاکھ مربع میل تک فتوحات کے باعث وسیع ہوگئیں ۔خلیفہ عادل ساڑھے دس سال منصب خلافت پر رہے ۔23ہجری کے ایام آخر میں مسجد نبویؐ میں نماز کی امامت کرتے ہوئے ان پر قاتلانہ حملہ ہوا ۔سیدنا فاروق اعظم رضی اﷲ عنہ نے یکم محرم الحرام 24ہجری کو جام شہادت نوش کیا ۔صحابی رسول حضرت صہیب رومی رضی اﷲ عنہ نے نماز جنازہ پڑھائی ۔آقا رحمۃ اللعالمین صلی اﷲ علیہ وسلم کے پہلو میں دفن کئے گئے ۔
Shabbir Ahmed Usmani
About the Author: Shabbir Ahmed Usmani Read More Articles by Shabbir Ahmed Usmani: 10 Articles with 7378 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.