مطالعے کے فن میںSQ5Rایک موثر تکنیک

مطالعہ علم کو جلابخشتا ہے۔مطالعہ کو علم و دانش کی معدن کہاجاتا ہے۔مطالعہ ذہن کو بنجر پن سے محفوظ رکھتا ہے۔مطالعہ نہ صرف طالب علموں کے لئے نفع بخش ہوتا ہے بلکہ اساتذہ بھی اس کے ثمرات سے فیض و حظ اٹھاتے ہیں۔ مطالعہ نہ صرف اساتذہ بلکہ طلباء کے علم میں ترو تازگی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار انجام دیتا ہے۔طلباء مطالعہ کی صحت مند عادات کو اپناکر اپنے علم میں نہ صرف دن دگنی رات چوگنی ترقی کر سکتے ہیں بلکہ اپنی یاداشت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔مطالعہ ایک فن ہے ۔طلباء فن مطالعہ کے اسرار و رموز سے آشنا ہوکر اپنے تحصیل علم کے سفرکو پرکیف اور آسان بنا سکتے ہیں۔مطالعہ،پڑھنے سے پیشتر،دوران مطالعہ اور اختتام، ہر مرحلہ میں فکر خیزی پر منحصر ہوتا ہے۔عام طور پرمطالعہ کی دو اقسام ہوتی ہیں۔(1)عام مطالعہ(casual reading) (2) سنجیدہ مطالعہ(serious reading) ۔اخبارات ،رسائل و جرائد اور دیگر مواد جس کے نہ بھی پڑھنے سے کوئی فرق نہیں پڑھتا ہے کو عام مطالعہ کہاجاتا ہے۔کیونکہ ان رسائل و جرائد میں چھپنے والے مواد کو یا درکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔طلباء کے لئے چھپنے والے تعلیمی رسائل بھی اسی زمرے میں آتے ہیں۔اس کے برعکس ایسا مواد یا کتب جن میں موجود معلومات کو بازیافت کرنے اوراعادہ کرنے کی ضرورت درپیش ہوتی ہے ۔خاص طورپر طلباء کو اس مطالعہ کی سخت حاجت ہوتی ہے۔مطالعہ کی اس قسم کو سنجیدہ مطالعہ یا (serious reading) سے تعبیر کیا جاتا ہے۔

SQ5Rفن مطالعہ کی ایک خاص تکنیک ؛طالب علموں میں سنجیدہ مطالعہ کی عادات کو فروغ دینے اور مستحکم کرنے کے لئے ماہرین نفسیات و تعلیم نے کئی سود مند طریقہ وضع و ایجاد کیئے ہیں۔مطالعہ کو استحکام بخشنے والے جدید طریقوں میں ماہرین تعلیم و نفسیات کا SQ5R(ایس ،کیو،فائیو(پانچ) آر)کا طریقہ بہت ہی کار گر اور سود مند ثابت ہوا ہے۔اپنی اثر انگیزی کی وجہ سے مطالعہ کے طریقےSQ5R کو عالمی سطح پر بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ اس مضمون کے ذریعہ اساتذہ اور طلبا ء کو مطالعہ کے نہایت موثر طریقہ کارSQ5R سے متعلق معلومات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ اساتذہ اپنے شاگردوں کو اس فن سے آراستہ کرتے ہوئے ان کے تعلیمی سفر کو آسان اور موثر بنائیں۔

SQ5R ایس کیو فائیو آ ر ۔کسی بھی طالب علم کے لئے درسی کتب کے اسباق کو پڑھنا جہا ں مشکل ہوتا ہے وہیں اسباق کو سمجھنے میں بھی ان کو نہایت دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔دوران مطالعہ ذہنی عدم ارتکاز(concentratrion) کی وجہ سے طلباء اسباق کو سمجھنے اور مطالب و مفاہیم سے آشنائی پید ا کرنے میں عام طور پر ناکام رہتے ہیں۔ ذہنی عدم ارتکاز کی شکایت عام طور پر اکثر طلباء میں پائی جاتی ہے۔ماہرین تعلیم و نفسیات نے مطالعہ کو اثرافرینی اور انہماک و ارتکاز کی خوبیوں سے لیس کرنے کے لئے ہی SQ5R کی حکمت عملی کو وضع کیا ہے۔اس طریقہ کار کو اپناتے ہوئے طلباء اپنے مطالعہ کو بہتر بناسکتے ہیں اور اپنی یاداشت کو استحکام فراہم کرتے ہوئے طلباء اپنی زندگی میں فقید المثال کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔طلباء کے زیر مطالعہ مضامین خواہ وہ طبیعات (physics) ،کیمیاء (chemistry) ،حیاتیات (biology) ،ریاضی(mathematics) ،معاشیات(economics) ،تاریخ(history)ہو یا پھر ہوابازی یعنی ہوائی جہاز کو اڑانے کی تعلیم و تربیت ہی کیوں نہ مطالعہ کےSQ5Rطریقہ کو استعمال کرتے ہوئے طلباء نفس مضمون کو دیرپا ذہن نشین رکھ سکتے ہیں اور موضوع کی تفہیم میں بھی یہ طریقہ کار بہت ہی کارگر ہے۔

SQ5R طریقہ کار کیا ہے؛دراصل SQ انگریزی لفظ Surveryجائزہ یا سرسری مطالعہ اور Question سوال کا مخفف ہے۔اور یہ طریقہ کار پانچ آر(R) پر مشتمل ہوتا ہے جس کو درجہ ذیل میں بیان کیا جارہاہے۔S=Survey(مطالعہ برائے جائزہ اسباق)،Q=Questionnaire(سوالنامے کی تیاری)،R=Read(جامع مطالعہ)،R=Recite(قرات ،بلند خوانی)،R=Review(اعادہ یا دوبارہ جائزہ لینا)،R=Remember(یاد رکھنا)،R=Reproduce( اکتساب شدہ معلومات کو امتحان میں اپنے الفاظ اور اپنے انداز میں پیش کرنا)

S = Survery کو احاطہ کرنا ، مطالعہ برائے جائزۂ سبق بھی کہا جاتا ہے۔سبق کو اس کی پہلی سطر سے آخری سطر تک جائزہ لیتے ہوئے احسن طریقہ سے نفس مضمون اور موضوع کا ادراک کرتے ہوئے کیئے جانے والے مطالعہ کوSurvey یا مطالعہ برائے جائزہ کہاجاتا ہے۔پہلی سطر سے آخری سطر تک انجام دیا جانے والا surveyیامطالعہ برائے جائزہ نہ صرف طلباء کو سبق کے نفس مضمون کو سمجھنے میں معاون ہوتا ہے بلکہ اس طریقہ کار کو اپناتے ہوئے طلباء مضمون نگار کے مافی الضمیر کو بھی بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔ مطالعہ جائزہ کے ذریعہ طلباء سبق میں پوشیدہ مقاصد و مطالب سے آگہی حاصل کر لیتے ہیں۔سبق کی تفہیم کے لئے سود مند سوالات کے جوابات بھی مطالعہ برائے جائزہ سے حاصل ہوجاتے ہیں۔سبق کے مطالعہ کے بعد ضروری ہوتا ہے کہ طلباء سبق کے عنوان پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔کسی بھی سبق اور مضمون کا خلاصہ اس کے عنوان میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ہمیں یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ اخبارات ،رسائل و جرائدکے اکثر عنوان موضوع اور مضمون سے انصاف نہیں کر تے ہیں لیکن اسکول اور کالجوں کے درسی کتابوں میں سبق ،مضمون اور موضوع کے عنوان اکثر موضوع پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہیں۔طلباء عنوان کے مطالعہ اور غور و خوص کے بعد اپنی توجہ سبق کی ذیلی سرخیوں(sub heading) پر مرکوز کریں۔ذیلی سرخیوں کے تحت دیئے گئے مواد کا مطالعہ کریں۔سبق میں معنویت و اثرافرینی کی خاطر تصاویر ،نقشے اور خاکے پیش کیئے جاتے ہیں۔اگر سبق میں تصاویر ،نقشے اور خاکے موجو د ہوں تب طلباء خاکوں ،تصویروں اور نقشوں کی اہمیت و حقائق سے آشنائی پیدا کریں اور ان میں پنہاں اسرار و معلومات کی جانچ و تحقیق کریں۔سبق سے متعلق تصویروں ،خاکوں اور نقشوں کے مصور اکثر سبق کا دو تا تین مرتبہ مطالعہ کرتے ہوئے سبق کے مقاصد اور مطالبات کو سمجھتے ہوئے سبق کے خلاصے کو اپنے خاکوں ،نقشوں اور تصاویر کے ذریعہ پیش کرتے ہیں۔تصاویر ،خاکے اور نقشے سبق اور مضمون کی تفہیم میں نہایت معاون ہوتے ہیں۔بعض اوقات صرف ایک تصویر،نقشہ اور خاکہ ہی تما م سبق کے خلاصے کو عمدگی سے پیش کر نے کے لئے کافی ہوتا ہے اور سبق کو سمجھنے میں کافی مددگار ثابت ہوتا ہے۔طلباء نقشوں ،خاکوں اورتصاویر پر توجہ مرکوز کرنے کے بعد اپنی توجہ سبق میں موجود جلی حروف (Italic words) پر مبذول کریں۔جلی حروف کے ذریعہ قلم کار اور مضمون نگار اہم نکات کو واضح کرتے ہیں۔ جلی حروف کے ذریعہ طلباء مضمون کو سمجھنے اور اہم نکات کے استحضار میں کامیابی حاصل کر لیتے ہیں۔اسباق میں اکثروبیشتر مخصوص اصطلاحات کی تعریف(definition)،نظریات(theories)یا اقوال (quotations)کو جلی حروف میں پیش کیا جاتا ہے جیسے’’گیڈر کی سو سالہ زندگی سے شیر کی ایک دن کی زندگی بہتر ہے۔‘‘

SQ5Rترکیب میں survey جائزہ مطالعہ یا سرسری مطالعہ کے بعد سوالنامے یا questionnaireکی تیار ی بہت اہم ہوتی ہے۔سبق ونفس مضمون کے ادراک اور تفہیم میں سوالنامہ questionnaire کو اکتسابی عمل میں بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔سرسری مطالعہ کے دوران یا اختتام پر طلباء کے ذہنوں میں کئی سوالات سر اٹھاتے ہیں۔طلباء اپنے ذہنوں میں رقصاں سوالات کو فوری ضبط تحریر میں لائیں۔ایک سوال کو تحریر کرتے ہی جوا بلکھنے کی جگہ چھوڑ کر دوسرے سوالات کو تحریر کرتے جائیں۔سوالات کی وقعت اور اہمیت پر طلباء قطعی توجہ نہ دیں۔سبق کی تفہیم میں جو بھی سوال ان کو کارآمد لگے ان کو تحریر کرتے جائیں۔ کسی بھی سوال کو اٹکل پچو نہ سمجھیں۔طلباء کے تیار کردہ سوال ضروری نہیں کہ بامعنی اور با مقصد ہوں اور ان میں گہرائی اور گیرائی بھی پائی جائے۔نیوٹن اگر اسی طرح سوچتا تو پھر زمین کی قوت کشش (gravational power) کوکبھی دریافت نہیں کر پاتا ۔نیوٹن کا تجسس اور انداز فکر سب سے ہٹ کر اور انوکھاتھا۔ نیوٹن نے سوچا کہ درخت سے سیب جب گرتا ہے تو کیوں وہ زمین کی طرف ہی آتا ہے آسمان کی طرف پرواز کیوں نہیں کرتا ۔اسی نرالی سوچ نے دنیا کو زمین کی قوت کشش سے واقف کروایا ۔ طلباء ہر وقت سوالات کی معنویت اور مقصدیت پر اہمیت نہ دیں کبھی کبھی اس سے قطع نظر بھی سوالات کوترتیب دیں تاکہ تحقیق کے نئے زاویے سامنے آسکیں۔ طلباء کے سوالات مقصدیت اور معنویت سے ضروری نہیں کی پر ہوں۔سوالات کی ترتیب کے دوران کب(when)،کون(who) ،کیا(what) ،کہاں(where)،کیوں(why)اور کیسے(how)کا بکثرت استعمال کریں۔کب،کون،کیا،کہاں،کیوں اور کیسے سوالات کے جوابات کو لازمی طور پر لکھیں۔ان سوالات کے جوابات بے معنی اور مہمل بھی ہوسکتے ہیں لیکن طلبا اس حقیقت سے قطع نظراس کام کو بڑی دلجوئی اور یکسوئی سے انجام دیں۔سوالات ترتیب دیتے وقت طلباء ایسے الفاظ کو بھی تحریر میں لائیں جن کے معنی و مفاہیم سے وہ نابلد ہوں۔ایسے الفاظ کو تحریر کرنے کے بعد ان کے معنی و مفاہیم کو لغت (dictionary) میں تلاش کریں اور ان کواستعمال کرنا سیکھیں۔اسی طرح ذیلی سرخیوں(sub headiings)کے پہلو میں اور ہر پیراگراف کے نیچے یا پہلو میں اہم نکات کو تحریر کریں تاکہ اعادہ کے وقت سہولت ہو اور وہ پریشانی اور وقت کے ضیاع سے محٖفوظ رہیں۔

1R(read)(1) :1Rیعنی مطالعہ برائے جائزہ کے بعد پھرسے پڑھناSQ5Rتکنیک میں بہت ہی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔مطالعہ برائے جائرہ اورسوالوں کو مرتب کرلینے کے بعد طلباء کو سبق کے متعلق آگہی پیدا ہوجاتی ہے۔سبق سے آگہی کے باوجود ان کے ذہنوں میں کبھی چند چھوٹے اور کبھی بڑے خدشات و شبہات پائے جاتے ہیں جو کہ سبق کی تفہیم میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔لیکن مطالعہ برائے جائزہ کے بعد پھر سے سبق کو پڑھنے سے اس طرح کے شک و شبہات رفع ہوجاتے ہیں۔ طلباء اپنے سوالنامے میں ایسے سوالات کو شامل کریں جو سبق کی افہام و تفہیم میں آسانی پیدا کر سکیں۔ان امور یا مشقوں کی انجام دہی کے بعد سب سے اہم کام طلباء ان الفاظ کو خط کشیدہ (underline) کرنا ہوتا ہے جنھیں وہ بہت ہی اہم سمجھتے ہوں۔الفاظ کو خط کشیدہ کرنے کے لئے پنسل،پین،یا پھر رنگین پین(sketch pens) کا استعمال کریں۔اہم الفاظ اور سطور کو خط کشیدہ کرنے سے الفاظ اور نکات نمایا ں دکھائی دیتے ہیں اور جب کبھی صفحات کو الٹا جائے یہنکات آسانی سے نظر میں آجاتے ہیں اور آسانی سے نہ صرف ان کا اعادہ ہوجاتا ہیبلکہ وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ معلومات بھی ذہن نشین ہوجاتی ہیں۔2R(Rcite)(2)قرات:عبارت ،سوالات کے جوابات ،اہم الفاظ اور نکات کی صحت مند تلفظ کے اور بلند آواز سے کی جانے والی شخصی بلند خوانی کو قرات(Rcite)کہاجاتا ہے۔سبز ی خوری جانور جیسے گائے بھینس اور بھیڑ وغیرہ چارہ کھانے کے بعد کھائی ہوئی تھوڑی تھوڑی غذا کو وقفہ وقفہ سے معدے سے منہ میں لا کر پھر سے چباتے ہیں تاکہ غذا اچھی طرح سے ہضم ہوکر جزو جسم بن جائے۔بالکل اسی طرح سے طلباء بھی اکتساب شدہ معلومات کا تھوڑے تھوڑے وقفے کریں تاکہمعلومات کو تقویت اور استحکام نصیب ہوپائے۔(3)آموختہ یا اعادہ 3R(Review) ؛جو بھی مواد پڑھایامطالعہ کیا جاتا ہے فطری طور پر اس کا 80% ہم بھول جاتے ہیں۔80%بھول جانے کے باوجوداکثر لوگ ما باقی 20% مواد کو بھی یا د نہیں رکھ پاتے ہیں۔اسی لئے مطالعہ اسباق کے دوران اہم نوٹس ،اہم نکات اور سبق کا خلاصہ(synopsis) تحریر کرنا سود مند ہوتا ہے۔اہم نکات، نوٹس اور سبق کے خلاصہ (synopsis) کو رات کے اوقات میں سونے سے پہلے ذہنی طور پر دہرانے اور اعادہ کرنے سے معلومات ذہن نشین ہوجاتے ہیں۔خلاصہ سبق اور اہم نکات کو ذہن میں ترو تازہ رکھنے کے لئے ابتدامیں ہر دودن کے بعد دہرانا یا ان کا اعادہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔دو ہفتے تک اسی طر ح ہر دودن کے بعد گزشتہ معلومات کو دہرانے کے بعد اب دو دن کے بجائے ایک ہفتہ تک کے بعد معلومات کو دہرا یا جائے اسی طرح یہ عمل چار ہفتوں یعنی ایک ماہ تک انجام دینے کے بعد معلومات کو اب ایک ہفتہ کے بجائے ایک مہینیکے بعد دہراتے رہیں تاکہ معلومات ذہن میں تازہ ر ہیں۔اس اعادہ کے لئے صرف دس منٹ کا وقت درکار ہوتا ہے۔امتحان کے وقت SQ5Rکے آخری 3Rکی تکنیک پر عمل کرتے ہوئے طلباء باآسانی امتحان کی موثر طریقے سے تیار ی سرانجام دے سکتے ہیں۔اعادہ ،آموختہ یا دہرائی (review)سے نہ صرف معلومات ذہن میں تازہ اور محفوظ رہتے ہیں بلکہ طلباء نہایت آسانی سے ایک بڑی کامیابی درج کرواسکتے ہیں۔ (4)یادرکھنا4R(Remember)؛طلباء 1تا 3آر(R)پر عبور حاصل کرتے ہوئے بغیر کسی سعی و کاوش کے اسباق کو یاد رکھنے اور اعادہ کرنے پر قادر ہوجاتے ہیں۔ مطالعہ کے لئے طلباء خو اہ کو ئی بھی طریقہ کار استعمال کریں لیکن اس طریقہ کار کو SQ5Rکے تحت لائیں اور خاص طور پر طلباء مذکورہ بالا 3R پر عمل آوری کے ذریعے اپنے اسباق ،اہم نوٹس ،سوالات و جوابات اور دیگر معلومات کو یا د رکھنے کے قابل ہوجائیں گے۔(5)اپنے الفاظ میں تحصیل شدہ معلومات کو پیش کرنا5R(Reproduce)؛آخر میں تما م حاصل شدہ معلومات اور علم کو امتحان میں اپنے الفاظ اور اپنے اندازمیں پیش کرنا ہوتا ہے۔طلباء سائنسی ،غیر سائنسی اور ادبی نظریات کو اپنے اندازمیں بہتر الفاظ میں پیش کرتے ہوئے عظیم کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

ماہرین تعلیم و نفسیات کے بموجب اکتساب یا سیکھنے کے عمل(آموزش )کے عموما تین اقسام ہوتے ہیں۔ (1)بصری اکتساب(2)(visual learning)سمعی اکتساب (3)(Auditory learning)
اور (3) لمسی اکتساب یا عضلاتی اکتساب(Kinesthetic learning)۔بہر ے اور سماعت سے معذور افراد پہلے اور تیسرے (ؓبصری اور لمسی اکستاب) ذرائع اکتساب سے 100%اکتساب کو ممکن بناتے ہیں۔بینائی سے محروم افراد (نابینا) دوسرے اور تیسرے (سمعی اور لمسی اکتساب) کے ذریعہ اکتسابی سرگرمیوں کو انجام دیتے ہیں۔یہ معذور افراد اساتذہ کی جانب سے پڑھائے گئے اسباق کو بصارت سے متصف افراد سے بہتر یا د رکھ پاتے ہیں کیونکہ ان میں سمعی اور لمس کی صلاحیتیں بصارت رکھنے والے افراد سے 50%زیادہ پائی جاتی ہیں۔ایک عام آدمی مذکورہ بالا اکتساب کے تینوں طریقوں کو اپناتے ہوئے حیرت انگیز کارنامے انجام دے سکتا ہے۔اﷲ رب العزت نے ہم کو سمعی ،بصری اور لمسی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔اب یہ ہمار ا کام ہے کہ اکتساب کے تینوں طریقوں کو ہم کیسے بروئے کار لاتے ہیں۔طلبا اکتساب کے مذکورہ تین طریقوں اور مطالعہ کے SQ5Rطریقے پر عمل پیرا ہوکر نابغہ روزگار (Genius)افراد کی فہرست میں اپنا نام درج کرسکتے ہیں۔
farooq tahir
About the Author: farooq tahir Read More Articles by farooq tahir: 131 Articles with 237439 views I am an educator lives in Hyderabad and a government teacher in Hyderabad Deccan,telangana State of India.. View More