خون میں ڈوبا عید کا چاند

رمضان المبارک کا مہینہ اپنی رحمتوں برکتوں اور بارونق ساعتوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے ،دنیا بھر میں عید کی خوشیاں منائی جارہی ہے،عرب سمیت متعددممالک میں عید ہوچکی ہے اور ہندوستان ،پاکستان سمیت کئی ممالک میں آج عید الفطر کی نماز ادا کی جارہی ہے، عیدسعید اﷲ رب العزت کی جانب سے ایک عظیم تحفہ اور خوشیوں بھر تہوار ہے جسے دنیا بھر کے مسلمان بغیر کسی مذہبی تفریق کے مناتے ہیں لیکن صد افسوس کہ رمضان کے اخیر عشرہ میں کچھ ایسے واقعات پیش آئے جس نے عید کے چاند کو خون میں نہلادیا ، عالم اسلام کے متعدد ممالک میں پیش آئے دہشت گردانہ واقعات نے عید سعید کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کردیا ،ترکی ،سعودی عرب ،عراق ،افغانستان ،بنگلہ دیش جیسے ممالک میں ہوئے حملوں نے مسلمانوں سے ان کے تہوار کی رونقیں چھین لی ،اسلامی خلافت کی دعویدا ر تنظیم داعش نے رمضان المبارک کے دوزخ کی آگ سے خلاصی والے عشرہ میں قتل عام کا بازار گرم کرکے اپنی اسلام دشمنی اوراصلی حقیقت کا ایک مرتبہ پھر واضح ثبوت پیش کردیا کہ یہ تنظیم مسلمانوں کے لباس میں منافقین اور دشمنان اسلام کی جماعت ہے ،اس کا مقصد مسلمانوں کا قتل عام ،مسلم ممالک کی تباہی ،عالم اسلام کا انتشار اورمذہب اسلام پر بدنما داغ لگاناہے ، روز اول سے یہ تنظیم اپنے اس مشن میں مصروف ہے اور شایداسی لئے پوری دنیا کے اتحاد اورسپر پاو طاقتوں کی کوششوں کے باوجود داعش کے قدم مسلسل بڑھتے جارہے ہیں ، عالم اسلام کی ابھرتی ہوئی طاقت اور ایک مضبوط مسلم ملک ترکی میں داعش کے حملے تسلسل کے ساتھ جاری ہیں ،گذشتہ دنوں تاریخی شہر استنبول میں اتاترک انٹرنیشل ایئر پورٹ جیسے حساس مقام پر خودکش حملہ کرکے پچاس سے زائد لوگوں کو موت کی نیند سلادیا گیا ،جبکہ تین سو سے زائد افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے ،قبل ازیں گذشتہ چھ ماہ میں وہاں تین سے زائد بڑے دہشت گردانہ حملے ہوچکے ہیں۔سعودی عرب کا شمار دنیا کے پرامن ملکوں میں ہوتاہے لیکن داعش کے منظر عام پر آنے کے بعدسے وہاں بھی مسلسل تشدد اور دہشت گردانہ واقعات پیش آنے شروع ہوگئے ہیں،گذشتہ دنوں تاریخی شہر جدہ اور ایک دوسرے شہر میں مسجد کے قریب حملہ کیا گیا جس میں کئی لوگوں کے موت کی اطلاع ہے ،ان سب کے ساتھ شہر رسول صلی اﷲ علیہ وسلم مدینہ منورہ کے بارے میں بھی یہ کہاجارہاہے کہ وہاں دہشت گردانہ حملہ ہواہے تاہم بعض ایجنسیوں کے توسط سے یہ خبریں آرہی ہیں وہاں شارٹ سرکٹ سے دھماکہ ہواتھا،دہشت گردانہ حملہ کی خبر افواہ پر مبنی ہے ،اس واقعہ کا دہشت گردانہ حملہ سے کوئی تعلق نہیں ہے،شہر رسول پرامن ہے اور رہے گا(انشاء اﷲ تعالی) ۔ان ہی دنوں بغداد میں ایک دھماکہ کرکے 150 سے زائد بے گناہوں کو ہلاک کردیا گیا ،رمضان کے اسی اخیر عشرہ میں بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ اور افغانستان کی راجدھانی کابل میں بھی دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں جن تمام کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے اور اسلام کے نام پر رمضان المبارک جیسے مہینے میں ان بے گناہ مسلمانوں کو اس نے قتل کیا ہے۔

داعش کی حقیقت کیا ہے ؟کون سی طاقتیں اس کی پشت پناہی کررہی ہیں ؟کون لوگ اس کے پس پردہ ہیں ؟کہاں سے اس کی فنڈنگ ہورہی ہے ؟کہاں سے اسے ہتھیار فراہم ہورہے ہیں؟اور کیوں یہ تنظیم مسلم دنیا میں خوفناک تباہی مچارہی ہے ؟ یہ سب چیزیں اب مخفی نہیں رہ گئی ہے،بارہا ایسے ثبوت مل چکے ہیں جن سے داعش کی اصلیت کا پتہ چل چکا ہے ،خود داعش کے کرتوت نے واضح کردیاہے کہ اسلام کے لبادہ میں اسلام کو بدنام کرنے اور یہ پیغام دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ مسلمان قتل کے خوگر اور خون کے پیاسے ہیں ،جس رمضان کو پرامن مہینہ کہتے ہیں اس میں بھی یہ قتل وغارت کو روا رکھتے ہیں اور بے دردی کے ساتھ انسانیت کا خون بہاتے ہیں۔

رمضان المبارک کے اخیر عشرہ میں داعش کے ذریعہ کئے گئے قتل عام کے ساتھ مصر نے بھی بدترین تاریخ رقم کردی ،جس طرح امریکہ نے عید الاضحی کے دن عراق کے سابق صدر صدام حسین کو تختہ دار پر لٹکاکر پور ی دنیا کے مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ کیاتھا اسی طرح ایک مسلم ملک مصر نے اخوان المسلمین کی رہنماخاتون اسماء خطیب کو رمضان کے اخیر دن میں عید سے صرف ایک روز قبل پھانسی دیکر ملت اسلامیہ کے درمیان صف ماتم بجھادیا،عید کی خوشیاں تقسیم کرنے اور مبارکباد پیش کرنے کے بجائے ایک رہنما اور اسلام پسند خاتون کی پھانسی کا ماتم کیا گیا ،فیس بک پر ملت کے نوجوانوں نے عید کی مبارکباد پیش کرنے کے بجائے مصر کے ظالم حکمراں کے اس کالے کرتوت پر اپنی تعزیت ظاہر کی کیوں کہ جشن عید منانے کا کوئی جواز نہیں رہ گیا ہے۔

رمضان المبارک کے اخیر عشرہ میں میں اندوہناک خبروں کے ساتھ ایک اچھی خبر یہ آئی کہ ترکی نے اسرائیل کو اپنے فیصلے کے مطابق سفارتی تعلقات بحال کرنے پر مجبور کردیا ہے جس کے نتیجے میں دس ہزار ٹن اشیاء سے لدا بحری جہاز گذشتہ روزغزہ پہونچ گیا جس میں عید الفطر کے موقع سے تمام چیزیں دستیا ب تھی ، ترکی حکومت کی جانب سے یہ صرف فلسطینی مسلمان نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کیلئے ایک تحفہ ہے اور دیگر مسلم ملکوں کیلئے درس عبرت بھی ،مسئلہ فلسطین پوری ملت اسلامیہ کا مسئلہ ہے ،ان کا غم ہمارا غم ہے اوران کی خوشی ہماری خوشی ۔

عید الفطر اﷲ رب العزت کی جانب سے ایک عظیم انعام ہے ،خوشیاں منانے اور گلے شکوے دورکرنے کا دن ہے ،اس کا پیغام اتحادیکجہتی کا قیام ہے ،عید سعید کے مبارک موقع پر ہم آپ تمام قارئین کو دل کی اتھاگہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ،آپ کی نیک خواہشات کا بصد احترام کرتے ہیں اور آپ کی دعاؤں میں اپنی بھی شرکت کے چاہتے ہیں ۔
Shams Tabrez Qasmi
About the Author: Shams Tabrez Qasmi Read More Articles by Shams Tabrez Qasmi: 214 Articles with 163579 views Islamic Scholar, Journalist, Author, Columnist & Analyzer
Editor at INS Urdu News Agency.
President SEA.
Voice President Peace council of India
.. View More