رمضان بازار۔۔۔ عوامی ریلیف کا بہترین منصوبہ

رمضان کا مبارک مہینہ آتا ہے تو پاکستان میں مہنگائی عروج پر پہنچ جاتی ہے،اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگ جاتی ہیں ،غریب گھرانے سحری و فطاری کو ترستے ہیں ،اشیائے ضروریہ کے نرخ یکدم ڈبل کر دیئے جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا ،دکاندار بھی رمضان کے مہینے میں شیطان کے قید ہونے کے باوجود غریب عوام کا خون چوستے ہیں،مہنگائی کے اس دور میں جہاں غربت کے باعث لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں،خواتین دریاؤں میں چھلانگیں لگا رہی ہیں تو کہیں باپ اپنے بیٹوں کو غربت کے باعث اپنے ہی ہاتھ سے ان کے گلے دبا رہا ہے،کہیں پانی کے ساتھ روزہ افطار ہوتا ہے تو کہیں نمک کے ساتھ،ایسے حالات میں حکومت پنجاب نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شاندار و بہترین اقدامات کئے ہیں،گزشتہ برس کی طرح پنجاب کے ہر شہر میں تحصیل کی سطح پر سستے رمضان بازار لگائے گئے ہیں جن کی مانیٹرنگ خود وزیر اعلیٰ پنجاب نہ صرف خود کر رہے ہیں بلکہ انہوں نے سب وزراء و مشیران کو ،اراکین اسمبلی کو سخت گرمی میں بھی ٹھنڈے اے سی والے کمروں میں روزے گزارنے کی بجائے سستے رمضان بازاروں کے دوروں پر لگایا ہوا ہے تا کہ عوام کو کم سے کم مشکلات ہوں اور سستے نرخوں انہیں اشیائے خوردونوش میسر ہوں۔پنجاب حکومت کے رمضان بازاروں سے نہ صرف غریب لوگوں کو ریلیف ملا ہے بلکہ معاشرے کے ہر طبقے نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ۔ رمضان بازاروں میں اشیاء خوردنوش پر حکومت پنجاب نے جہاں اربوں روپے کی سبسڈی دی ہے وہاں سبزی و فروٹ منڈیوں میں اشیاء کی نیلامیوں کے نظام کو بھی بہتر بنایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل رہا ہے۔ حکومتی نمائندوں کے مطابق رمضان بازاروں میں آخری روزے تک فعال مانیٹرنگ جاری رہے گی اور اس سلسلے میں ہر مجاز شخص کو اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہمیشہ عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی ہے ۔ پنجاب بھر کے 300 سے زائد رمضان بازاروں میں معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ عوامی ریلیف کے لیے رمضان بازاروں میں سستے آٹے کی فراہمی کا تاریخی پیکج وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنی عوام سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گراں فروشی پر قابو پانے کیلئے12ہزارسے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مقرر کئے گئے ہیں۔ پنجاب بھر کے تمام رمضان بازاروں میں 10کلوگرام آٹے کا فی تھیلہ320روپے ، چینی گھی بازار سے10روپے، انڈے فی درجن بازارسے12روپے اور پھل اور سبزیاں بھی عام بازار سے کم قیمت پر رمضان بازاروں میں فراہم کی جارہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سمیت چیف سیکرٹری پنجاب، صوبائی وزرا و دیگر عوامی نمائندگان اور انتظامی مشینری رمضان بازاروں کوعوامی سہولت کیلئے بہتر سے بہتر بنانے میں مصروف عمل ہیں اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر کارکر دگی رپورٹس وزیراعلیٰ تک پہنچ رہی ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی افسران نے ماہِ رمضان کے شروع ہوتے ہی لاہور میں قائم مختلف رمضان بازاروں میں موجود سٹالز پر موجود اشیاء خوردنوش کے معیار کا معائنہ کیا ۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ ، مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوری کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور رمضان کے مقدس ماہ میں ناجائز منافع خوری، ملاوٹ اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی- ماہ مقدس میں عوام کو اشیائے خورونوش کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب نے وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں 300سے زائد رمضان بازار کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں روز مرہ استعمال کی تمام اشیاء سستے داموں فراہم کی جاری ہیں-عوام کو رمضان کے مقدس مہینے میں ناجائز منافع خوری اور غیر معیاری اشیائے خوردنی کی فروخت سے بچانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو متحرک کیا گیا ہے -اس موقع پر انہوں نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں ہر صورت ریٹ لسٹ آویزاں کی جائے اور مقررہ قیمتوں پر عوام اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ حکومت پنجاب کے رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک بہم پہنچائے جاسکیں- حکومت کے رمضان بازار جیسے اقدامات کا مقصد نہ صرف عوام کو ناجائز منافع خوری سے بچانابلکہ کھانے پینے سمیت روز مرہ کے استعمال کی تمام اشیاء کی ایک چھت تلے دستیابی یقینی بناناہے- انہوں نے رمضان بازاروں میں فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش پھلوں ، سبزیوں ، دالوں ، چینی اور آٹے کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ بھی لیا-ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں رمضان پیکج پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد اور عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے سول سیکرٹریٹ لا ہور میں روزانہ کی بنیاد پر منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس میں اس بات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس سال رمضان المبارک کے پہلے نصف عرصے کے دوران پنجاب میں رمضان بازاروں سے متعلق قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے بارے میں شکایات نہ ہونے کے برابر رہی ہے ۔ البتہ اوپن مارکیٹ پر حکومتی کنٹرول موثر بنانے میں ابھی مزید اقدامات کے سختی سے نفاذ کی ضرورت ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے اجلاس کے دوران ہدایات جاری کیں کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں کام کرنے والی ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیا ں بلا تاخیر رمضا ن ا لمبارک کے دو عشرے ختم ہو نے سے پہلے اپنے اپنے اجلاس منعقد کریں اور اس بات کاجائزہ لیں کہ صوبے کے چھوٹے بڑے شہروں کی اوپن مارکیٹس میں دستیاب عام آدمی کی روز مرہ ضرور ت کی اشیاء کی قیمتیں کس حد تک منصفانہ ( Rationalized ہیں ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اوپن مارکیٹ اور رمضان بازاروں میں ناپ تول کیلئے استعمال ہونے والے باٹوں ، اوزان کے پیمانوں اور ترازو (Scales ) کی درستی کے لئے چیکنگ کانظام مزید سخت کردیا گیا ہے تاکہ روزہ داروں کو فروخت کی جانے والی اجناس، سبزیاں ، گوشت اور دیگر اشیاء کے ناپ تول میں کمی کرنے والوں کو پکڑا جا سکے ۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان یوسف نے اجلا س کو بتایا کہ لا ہور کی اوپن مارکیٹ میں گزشتہ ایک سال کے دوران 30ہزار د کانداروں کے خلاف ناپ تول میں کمی کے جرم پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور اس سال بھی رمضان المبارک کے دوران لا ہور کی مختلف مارکیٹس اور رمضان بازاروں میں روزانہ دو اڑھائی سو گراں فروش اور کم تولنے والے افراد گرفتار کئے جارہے ہیں تا کہ ناجائز منافع خوری اور کم تولنے والوں کے بارے میں اﷲ تعالیٰ نے قرآن مجید میں جو سخت وعید بیان فرمائی ہے ، ان جرائم کے مرتکب افراد کو اس کا اسی دنیا میں اندازہ ہو سکے۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ اس سال رمضان المبارک کے پہلے 15دنوں کے دوران 6289279کلو گرام پھل اور سبزیاں رمضان بازاروں میں فروخت ہوئی ہیں جو گزشتہ سال رمضان المبارک کے پہلے 15دنوں میں فروخت ہونے والے پھلوں اور سبزیوں کے مقابلے میں 50فیصد زیادہ ہے ۔حکومت پنجاب کے اس احسن اقدام کو سامنے رکھتے ہوئے دوسرے صوبوں کی بھی غریب عوام کے لئے ایسے سستے رمضان بازار کا انعقاد کرنا چاہئے تھا مگر ایسا نہیں کیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب جو اپنے آپ کو خادم اعلیٰ پنجاب کہلواتے ہیں حقیقت میں ہی خادم اعلیٰ ہیں جنہوں نے سب وزیروں کو عوام کیلئے بازاروں میں بھیجنا شروع کیا اور ناقص اشیاء کو نہ صرف تلف کیا گیا بلکہ مہنگی اشیاء بیچنے والوں پر جرمانے بھی کئے گئے ۔میاں شہباز شریف کو پنجاب کی عوام ایسے ہی اقدامات کی بدولت دعائیں دیتی ہے اور رمضان کا مہینہ تو مبارک مہینہ ہے جس میں دعائیں قبول ہوتی ہیں ،میاں صاحب پنجاب کی عوام کی دعائیں لے رہے ہیں ۔اﷲ کرے باقی صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو بھی ’’عوام‘‘ کے لئے کچھ کرنے کی توفیق ملے۔آمین۔
Muhammad Shahid Mehmood
About the Author: Muhammad Shahid Mehmood Read More Articles by Muhammad Shahid Mehmood: 114 Articles with 70571 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.