پختگی اور ہماری زندگی

پختگی برداشت ، ثابت قدمی، بے غرضی اور استعداد کا نام ہے۔ پختگی یہ ہے کہ غصہ پر قابو پالینا اور کسی بھی مسلئے کو بغیر کسی تشدد اور تحزیب کے حل کرنے کا دوسرا نام ہے۔ رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود اپنے منصوبہ کی تکمیل کے لیے اپنی محنت کو جاری رکھنا کا نام پختگی ہے۔ نا خوش گواری اور مایوسی کو ترک کر کے ان کا سامنا کرنے کا نام پختگی ہے۔ایک پختہ انسان بڑے فخر کے ساتھ یہ کہنے کے قابل ہوتا ہے کہ ـ "میں غلطی پر تھا۔"

اور جب وہ صحیح ثابت ہوتا ہے تو وہ یہ نہیں کہتا کہ یہ بات میں نے تمہیں بتا دی تھی۔پختگی کا مطلب ہے قابل اعتماد اور ایمان دار ہونا، اپنے وعدہ کو ہر حال میں پورا کرنا، پختگی اس صلاحیت کا نام ہے کہ ہم ان چیزوں کے ساتھ پر امن طور پر رہ سکیں جن کو ہم بدل نہیں سکتے۔اصل میں پختہ انسان کہلانے کے قابل وہ ہی ہوتا ہے جس کے اندر مردانہ اوصاف پائے جائیں۔ جو مفروضات اور خوابوں کی دنیا میں رہنے کو ناپسند کرتے ہوئے سب کچھ اپنے ہاتھوں سے حقیقت میں بدلنے کے خواہش مند ہوں۔ حقیقت ِ واقعہ کا اعتراف کرے، جو رد ِ عمل سے اوپر اُٹھ کر معاملہ کرے، جو اپنے جذبات کو قابو میں رکھ کر اپنے معاملات کو حل کرنے کی صلاحیتیں رکھتا ہو، جس کے اندر نا خوش گواری کو تحمل کے ساتھ عبور کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔ جو لوہے کی طرح قابل اعتماد ٹھوس ہو مگر وقت آنے پر حالات کے ساتھ پگھلنا بھی جانتا ہو۔یہی پختگی انسانیت کا کمال ہے، جس انسان کے اندر یہ خصوصیات ہوں وہی کامل انسان ہے، وہی انسانیت کے اعلیٰ درجہ تک پہنچا ہے۔ ایسے ہی افراد زندگی میں کوئی حقیقی کارنامہ انجام دیتے ہیں۔ اور یہی افراد ہیں جو کسی قوم کو ترقی اور کامیابی کی طرف لے جاتے ہیں
۔
پختہ انسان ہی ہر قسم کے حالات کا مقابلہ بڑی ہمت اور دلیرانہ صلاحیتوں کے ساتھ کر کے زندگی کے تمام امتحانو ں میں سرخرو ہو سکتا ہے۔ پختگی انسان کو مضبوطی اور ہمت فراہم کرتی ہے اور اسی کی وجہ سے ہر قسم کی مشکل منزل کا بغیر کسی ڈر و خوف کے سفر عبور کرنے کی تھان لیتا ہے۔ پختہ انسان کے اندر ہی کچھ کر گزرنے کی صلاحیتیں ہو تی ہیں اور وہ بغیر کسی نفع و نقصان کو سوچے اپنی منزل کو عبور کرنے میں لگا رہتا ہے۔ پختہ انسان کبھی بھی ہمت چھوڑ کر ہا ر تسلیم نہیں کرتا وہ زندگی کی آخری سانس تک اپنی جیت کی جستجو لگا تا ر کرتا رہتا ہے۔ اور وہ دن رات بغیر کسی خوف و ڈر کے ، ہمت و استقدال کے ساتھ اپنی منزل کو حاصل کرنے میں لگا رہتا ہے اور بآلاخر وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو کر ہی اپنی زندگی کے مقصد کو حاصل کر تا ہے۔پختگی انسان کے اندر اُسی وقت پیدا ہوتی ہے جب وہ تلخ تجربات کے سانچے میں ڈھلا ہو، حالات کے تھپڑوں اور زندگی کے نشیب و فراز کو بہت قریب سے سامنا کیا ہو۔ زندگی میں پیش آنے والے موافق و ناموافق حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور کامیابی کے لیے ان تجربات سے استفادہ حاصل کرنے والے پختہ انسان ہی آسانی سے اپنی کامیابی کی منزل زندہ دلی سے حاصل کر کے رہتی دنیا تک اپنا نام اس سیاہی سے روشن کر جاتے ہیں جو کبھی نہ ختم ہونے والی ہو۔ آئیے اپنے اندر کے بزدل انسان کو نکال باہر پھینک دیں اور اپنی کامیابی کی راہوں کی تلاش میں اسطرح نکل جائیں کے کامیابی کے راستے میں حائل تمام رکاؤٹوں کو ڈٹ کر مقابلہ کریں اور رب کی رحمت پر امید رکھتے ہوئے اپنی کامیابی کی کوششیں کریں اور خود کو کامیابی کی راہوں پر کامزن ہو کر اپنی صلاحیتوں کو بھرؤے کار لا کر کامیابی کو اپنی منزل بنائیں۔

Muhammad Jawad Khan
About the Author: Muhammad Jawad Khan Read More Articles by Muhammad Jawad Khan: 113 Articles with 182238 views Poet, Writer, Composer, Sportsman. .. View More