لغات واصطلاحات(٤)

سوال: ہمارے والدِگرامی وِفاق المدارس العربیۃ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ اور جامعہ خیرالمدارس ملتان کے مدیر ہیں،آ پ کے توسط سے روزنامۂ جنگ نے ‘‘لغات واصطلاحات’’ کا ایک مفید سلسلہ شروع کیا ہے،برائے مہربانی طلبہ،علماء اور عوام میں اہل مدارس کے حوالے سے مستعمل لغات واصطلاحات( جیسےطالب،حافظ،فاضل،محقق،مدقق) پر تفصیل سے روشنی ڈال کر شکریہ کا موقع دیں،والسلام۔احمد حنیف جالندھری،ملتان۔
جواب:طالب ،طَلِیب ج طَلَبہ وطُلَباء :تلاش کرنے والا ،طلب علم میں مصروف شخص ،کسی تعلیمی ادارے کابا قاعدہ طالب علم ،اردواورپشتو میں اس کی جمع طالبان ہے ،جو عربی میں صرف دو( تثنیہ )کے لئے آتاہے ،فی زمانہ یہ ایک شہرۂ آفاق تنظیم ’’طالبان‘‘کا نام میڈیا کے ذریعے پڑچکاہے، افغانستان کے ملاّ محمد عمر اس کے بانی وامیرسمجھے جاتے تھے، لیکن حقیقت میں اس نام کی تنظیم کسی نے رجسٹرڈ کرائی ہے نہ ہی کسی باٖضابطہ اجلاس میں اس کی منظوری دی گئی ہے،بلکہ افغان مجاھدین روسی انقلاب کے بعد جب باہمی نزاعات میں الجھ کررہ گئے، تو وہاں کے دینی مدارس کے طلبہ نے ایک قسم کی انقلابی تحریک چلاکر ملک کی باگ ڈور سنبھالی ،انہیں دیکھ کر عام لوگوں کی زبان پر تھا ،’’طالبان آگئے ،طالبان آگئے’’ ۔حافظ ،ج حُفّاظ : حفاظت کرنے والا ،قراآن کریم از بر یا د کرنے والا ،چونکہ نابینا بچوں کو قدیم زمانے میں حفظ قرآن ہی کرایا جاتاتھا ،اس لئے عرف عام میں نابیناؤں کو علی سبیل العموم ’’حافظ جی ‘‘کہا جانے لگا۔احادیث کا معتد بہ ذخیرہ مع سندوروایات حفظ کر نے والا ، جیسے حافظ ابن حجر عسقلانی ،’’حفیظ ‘‘اﷲ تعالی کے ننانوے ناموں میں سے ایک خوبصورت نام ۔قاری ،ج قُرّاء :کسی بھی تحریر کو پڑھنے والا ، حفظ قرآن کے بعد دوسالہ تجوید وقراء ت کورس کا فاضل ۔

مولوی، مولانا : مولی بمعنی آقا، یا مولٰی (اللہ تعالیٰ) کی طرف منسوب: اﷲ والے ،بر صغیر میں یہ لفظ مسجد ومدرسہ سے متعلق حضرات کیلئے مستعمل ہے ،بعض لوگ ہر داڑھی والے کو مولوی کہتے ہیں، عالمِ عرب میں مولوی کے لیے لفظِ’’مُطَوَّع‘‘اور ایران میں’’حُجَّۃالاسلام‘‘زبان زدِ عام ہے ،یا یوں کہیئے کہ اس کے آخر میں (ی) نسبتی نہیں ،واحد متکلم کی ہے اور یہ لفظ ‘‘مولای’’ ہے،میرے بوس،میرےسر،پھر مولانا کا معنی ہوگا ،ہمارے بوس اور ہمارے سر۔مولوی صاحب : سرجی۔ملاّ:ج ملالی ،یہ مولوی کی تصغیر۔ مھتمم:چانسلروپرنسپل۔ناظم:ڈائریکٹر۔

عالم،ج عالِمین ،علماء : جاننے والا ،سمجھ بوجھ رکھنے والا ،سائنس داں،اصطلاح میں درس نظامی کی تکمیل کر نے والا ۔’’علیم‘‘، باری تعالی کا نامِ گرامی ہے ۔
فاضل،ج فضلأ:عرف عام میں مدارس کے تحصیل علم سے فارغ حضرات کو فضلاء بھی بولاجاتا ہے ،۔فاضل اور صاحب الفضیلۃ ،گریجویٹ ،بیچلراور بی اے پاس کو کہاجاتا ہے،ان کی سند شَہَادَۃُ الفَضِیلَۃ ہے ،ایم اے پاس کو(ماسٹر کا معرّب )ماجِستَیر کہتے ہیں ،علماء کی سند’’ شہادۃالعالِمیۃ‘‘ ڈگری آف ماسٹر کاترجمہ ہے ،یعنی عا لِمیت (بکسر اللام ) کی سند۔

مفتی،ج مفتِین : فتوی دینے والا ،مستفتی ،:فتوی طلب کرنے والا ۔درس نظامی کے بعد فتوی نویسی کا دویا تین سالہ کورس مکمل کرنے والے کو مفتی کہتے ہیں ،یہ اور اس طرح کے دوسالہ کورسز دینی مدارس وجامعات میں مختلف فنون وعلوم ،مثلاً تفسیر ، حدیث، فقہ ،ادب عربی ،اور تقابل ادیان وغیرہ کے علماء وفضلاء کو کرائے جاتے ہیں ،اس سند کے حامل کو متخصص اور اس مرحلۂ تعلیم کو تخصص کہاجاتا ہے ، یہ ایم فل کے برابر ڈگری ہوتی ہے ،بعض اوقات اسی متخصص سے اگلے سالوں میں کسی فن میں طویل تحقیقی مقالۂ مشیخت بھی تیار کرایا جاتاہے ، یوں اسے پی ایچ ڈی اور ڈاکٹریٹ(دکتوراہ) کامساوی بھی سمجھاجاسکتاہے ۔
شیخ، بوڑھا/علامہ، بہت جاننے والا: آخری مرحلے پر پہنچنے والے طالب علم کوعلامہ (ڈاکٹر)کہاجاسکتاہے ، البتہ علاّم کا اطلاق صرف اﷲ تعالی کے ساتھ خاص ہے ، اسی علامہ کو شیخ، ج( شیوخ ومشائخ ) بھی کہتے ہیں ،مہارتِ تامہ کے بعدشیخ التفسیر، شیخ الحدیث اور شیخ الادب وغیرہ ان ہی میں سے بنتے ہیں۔نیز شیخ عربوں کے خان اور چودھری کی طرح ایک لقب ہے،بوڑھے کے لیے بھی بولاجاتاہے۔اصطلاح میں’’شیخ الاسلام‘‘ اور مفتیٔ اعظم مترادف و ہم معنی الفاظ ہیں،جو بنیادی طورپروائس چانسلر،چئیرمین اوروزیرِمذہبی امور کے مانند مرکزی حکومت یا کسی ہیئتِ بالاسے منظور شدہ انتظامی القاب ہیں، شیخ الاسلام کی ابتدا و انتہا ترکوں کی خلافتِ عثمانیہ میں ہوئی، ان سے قبل وبعد یہ عہدہ کسی کے پاس نہیں رہا۔مفتی ٔ اعظم بطورِحکومتی منصب مصر ،سعودیہ، قطروغیرہ میں اور بطورصرف لقب بر صغیر پاک وہند میں مستعمل ہے،ایران میں اس عہدے پر ’’رہبر‘‘ ہوتاہے،لیکن اس کے اختیارات لا محدود ہیں۔

حضرت اور حضور،ج حضرات :مرد،جناب کے معنی میں (مؤنث مذکر دونوں کے لئے)،عالم ، صاحب ،بزرگ ، کسی ادارے کا سربراہ،پیر ومرشد ۔جبکہ اعلی حضرت اورسماحۃ الشیخ دونوں پیرانِ پیر ،شیخ الکل،شیخ المشائخ،آیۃاﷲ اور استاذ الاساتذہ کے معنی میں ہیں،ان سب سے آگے بڑھنے والے کے لئے ’’اِمام، پیشوا‘‘کا لفظ مستخدَم ہے،نماز میں جماعت کرانے والے حضرات بھی امام اسی لئے کہلاتے ہیں کہ سب سے آگے ہو تے ہیں ۔

مجتھد ، ج مجتھدین ،:اجتھاد کر نے والا، محنت کرنے والا ، قرآن وحدیث کی کلیات کومدنظر رکھکر پیش آمدہ جزئیات کے متعلق شریعت کے احکام معلوم کر نے والا ، اجتھاد کے مترادف الفاظ :قیاس ،استنباط اور استقراء بھی ہیں ، کسی فقہی مذھب کا مقلِّد جب اجتھاد کرتاہے ،تواسے مجتھد فی المذھب اور غیر مقلد کو مجتھد مطلق کہاجاتاہے۔

مجدِّد، ج مجدّدین : تجدید کرنے والا، دین کا اِحیاء کرنے والا ، جب کوئی شخص ،خاص مکان یا زمان اور بعض علوم وفنون کی تجدید کرتاہے تو اسے مجدّد جزئی اور اگر عمومِ زمان ومکان اور جمیع اسلامی علوم کی تجدید کا کوئی بیڑا اٹھا تاہے، تواسے مجدّد کلی کہا جاتاہے ،جیسے مجدد الف ثانی شیخ احمد سر ہندی ۔ حدیث شریف میں مجددین کی صفات وتفصیلات وافر مقدار میں موجود ہیں ، ایک روایت میں انہیں انبیاء ؑ سے صرف ایک درجہ کم قرار دیاگیاہے ، سابق مرسلین علیہم الصلاۃ والسلام کے بعد ان سے مرتبے میں کم انبیاء تجدید دین کا کام کرتے تھے ،اس امت میں تجدید واحیائے دین کی ذمہ داری علماء پر عائد کی گئی ہے ،چنانچہ یہ اس امت کا خاصہ ہے ، اسی لئے آپ ﷺ نے فرمایا :میری امت کے علماء بنی اسرائیل کے انبیاء کے برابرہیں۔اﷲ تعالٰی ان القاب کے تمام حاملین کو قول وفعل میں تضاد سے بچائے۔
Dr shaikh wali khan almuzaffar
About the Author: Dr shaikh wali khan almuzaffar Read More Articles by Dr shaikh wali khan almuzaffar: 450 Articles with 811787 views نُحب :_ الشعب العربي لأن رسول الله(ص)منهم،واللسان العربي لأن كلام الله نزل به، والعالم العربي لأن بيت الله فيه
.. View More