صدرُ الافاضِل کی کرامت

حضرتِ مولانا منظور احمد صاحِب گَھوسوی علیہ رحمۃ اللہ القوی اپنامُشاہَدَہ بیان فرماتے ہیں کہ صاحِبِ خَزائنُ العِرفان صدرُ الافاضِل علامہ مولیٰنا سیِّد محمد نعیم الدّین مُراد آبادی علیہ رحمۃ اللہ الھادی کاروزانہ کا معمول تھا کہ نَماز مَحَلّہ کی مسجِد میں باجماعت ادا فرماتے ، آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے مسجِد جانے سے قَبل ہی ایک چار فٹ کے سما وَ ر (سماوَر تانبے یا پیتل کے اس دوہرے برتن کو بولتے ہیں جس کے اندر آگ جلتی ہے اور باہر پانی گرم ہوتا یا چائے پکتی ہے)میں چائے کا سامان ڈال دیا جاتا اور آگ جلا دیجاتی ۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ جب نَماز پڑھ کر واپَس تشریف لاتے، چائے تیاّر ہو جاتی۔ آ پ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ بیٹھک میں تشریف فرما ہوجاتے اور دیکھتے ہی دیکھتے عقیدت مندوں کی اچّھی خاصی بِھیڑ جمع ہو جاتی۔ عام طور سے پچاس سے دوسو آدمیوں تک کاہجوم ہوتا اور کبھی کبھی تو آنے والوں کی اتنی کثرت ہوتی کہ بیٹھک اور باہَری دالان دونوں میں بِالکل جگہ نہ رہتی۔آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے تشریف رکھتے ہی خُدّام چائے سے بھرا ہوا ایک کپ، پِرَچ(یعنی چھوٹی طشتری)میں لگا کر چائے کی پیالی پر ایک پاؤ(یعنی بسکُٹ)رکھ کر آپ کی خدمت میں پیش کرتے۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ وہ پیالی اپنے دستِ مبارَک سے اُٹھا کر اپنے دائیں بیٹھنے والے کو دیدیتے ، اِسی طرح چار چھ پیالیاں خود تقسیم فرماتے، بَقِیَّہ پورے مجمع کو خُدّام اِسی طرح ایک ایک پاؤ (یعنی بسکُٹ)اور ایک ایک پیالی چائے تقسیم کرتے ایک پیالی چائے اور ایک پاؤ (یعنی بسکُٹ)کے ساتھ آپ بھی تناوُل فرماتے۔ گویا یہ صبح کا ناشتہ ہوتا تھا۔

حضرت مولاناسیِّد منظوراحمد صاحِب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ وُثوق کے ساتھ فرماتے ہیں کہ حاضِرین کم ہوں یا زِیادہ میں نے یہ بات خاص طور سے نوٹ کی وُہی ایک سَماوَر کی چائے روزانہ آنے والے تمام آدَمیوں کے لئے کافی ہوتی کبھی ایسا نہیں ہوا کہ حاضِرین کی تعداد زیادہ ہو گئی تو مزید انتِظام کرنے کی ضَرورت محسوس کی ہو۔ حضرت مولانا سیِّدمنظور احمد صاحِب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا مذکورہ بالا بیان اِس بات کیطرف واضِح اشارہ دے رہا ہے کہ یہ حضرتِ صدرُ الاْفاضِل رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے معمولاتِ یومِیّہ کی کرامتوں میں سے ایک انتِہائی کریمانہ کرامت ہے۔(مُلَخَّصاًتاریخِ اسلام کی عظیم شخصیت صدر الافاضل ص ۳۳۳تا۳۳۴،تنظیم افکار صدر الافاضل بمبئی)

ہم کو اے عطّاؔر سُنّی عالموں سے پیار ہے
اِن شاءَ اللہ عَزَّوّجَلَّ دوجہاں میں اپنا بیڑا پار ہے
Nasir Memon
About the Author: Nasir Memon Read More Articles by Nasir Memon: 103 Articles with 180203 views I am working in IT Department of DawateIslami, Faizan-e-Madina, Babul Madinah, Karachi in the capacity of Project Lead... View More