اورسیز نوجوانوں کو عربی کی شدید ضرورت

عرب دنیا میں کام اور روزگار کے مواقع لا تعداد ہیں،ہمارے یہاں کے لاکھوں نوجوان حصولِ رزقِ حلال کے لئے عرب ملکوں میں بر سرِ روزگار ہیں،تعلیم کے مواقع بھی وہاں بہت ہیں،پاکستانیوں سے وہاں محبت کی جاتی ہے ،انہیں ترجیح دی جاتی ہے،ابھی کل ہی کراچی میں سعودی کونسلیٹ جنرل جناب محمد عبد اللہ عبد الدائم سے ہماری ایک غیر رسمی ملاقات تھی،ان کے ساتھ سٹراٹیجک امور کے ماہر فیحان العصیمی بھی تھے،قونصلر جنرل کا کہناتھا:پاکستان اور پاکستانیوں سے بے پناہ محبت ہمارے دلوں میں ہے،ان میں ٹیلینٹ بہت ہے،طاقتور اور جفاکش بھی ہیں،حرمین شریفین،عرب دنیا،عربی زبان اور عرب اقوام کا احترام ان کے رگ وپے میں ہے،حج اور عمرہ میں مقاماتِ مقدسہ سے قلبی لگاؤ ان کے انگ انگ سے ظاہر باہر نظر آرہا ہوتاہے،ائمہ حرمین شریفین سے والہانہ عقیدت کے مناظر مکہ مدینہ میں واشگاف نظر آتے ہیں،مدینہ یونیورسٹی ،جامعہ ام القریٰ اور جامعۃ الامام محمد بن سعود الاسلامیہ (ریاض) میں پاکستانی طلبہ مثالی ہوتے ہیں،قرآن وسنت کے علوم ومعارف کے حصول کے لئے ان کی کاؤشیں دیدنی ہوتی ہیں، زائرین حرمین شریفین میں سے پاکستانی ہی ہیں جن کے متعلق ہمارے اداروں کو لا اینڈ آرڈر کے حوالے سے ہمیشہ اطمینان ہوتا ہے،ان کی طرف سے قانون شکنی یا بے حرمتی کا سوال کبھی پید نہیں ہوتا،ان کا مزید کہنا تھا:ہمارے یہاں سعودی عرب اور تمام خلیجی ممالک میں پاکستانی ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں،اسی لئے انہیں وہاں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے۔لیکن اس کے بعدایک ٹھنڈی اور طویل آہ انہوں نے بھری،اور پھر کہنے لگے: ان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں عربی نہیں آتی،اس کمزوری کی وجہ سے آپ کے بہت سے قابل افراد دیگر غیرملکیوں کے مقابلے میں پیچھے رہ جاتے ہیں،مار کھاجاتے ہیں،انہوں نے کہا: کام کرنے والے،تعلیم حاصل کرنے والے اور حج وعمرہ میں زیارتوں کے لئے آنے والے ان سب کی اگر محدود پیمانوں میں بھی کچھ تربیت ہو،علیک سلیک وغیرہ تک عربی انہیں سکھائی جائے،تو ان تمام میدانوں میں ان کی عملی ،روحانی اور فکری کارکردگی کو چار چاند لگ جائیں گے،ان کی شکایتیں بھی کسی سے نہ ہونے کے برابر ہوجائیں گی اور ان سے بھی دیگروں کی شکایات میں خاصی کمی آجائیگی،نیز یہ دوسروں سے بآسانی مستفید ہوسکیں گےاور ان سے بھی دوسرے بڑی آسانی سے استفادہ کرسکیں گے،یوں خیر کے تبادلے میں تیزی اور ترقی ہوگی ،جبکہ شر کے روک تھام میں جانبین کو مدد ملے گی،یہ جتنی سہولت سے اپنا مافی الضمیر اور مدّعیٰ سمجھا سکیں گے،اتنی ہی سہولت سے اگلے کو بھی سمجھ پائیں گے،ان میں بہت قابل نوجوانوں کو وہاں زبان شناسی کی بِناپر اچھے اچھے عہدے بھی مل جائیں گے،کنسلٹنسی میں بھی آسکیں گے،اسلامی تعلیمات اپنی اصل شکل میں ان کی عقل ودانش میں گھر کر سکیں گی، یہ لوگ تب ہی اس کی حلاوت اور میٹھاس سے محظوظ ہوسکیں گے،مگر عربی کےبغیر یہ وہاں کی تپتی ہوئی دھوپ میں کسی انڈین یا کورین مدیر کے ماتحت نہایت مشقت کے کاموں میں لگے پسینے میں شرابور ہوں گے،پاکستان میں اپنے دوستوں اور گھر والوں کو جب فون کریں گے،یا یہاں سے کسی کا فون سنیں گے تو شکایتوں کے انبار لگادیں گے،خود بھی پریشان اور دوسروں کو بھی حیران کریں گے۔ آخر میں مجھ سے کہنے لگے آپ ان نوجوانوں پر ترس کھاکر ان کے لئے کچھ کریں۔ میں نے کہا: ایک تو آپ کا یہ پیغام ان تک پہچاؤں گا،دوسرا یہ کہ عربی کی اہمیت وضرورت کو اجاگر کرنے کی کوششوں میں اضافہ بھی کریں گے،پر ایک کام آپ کریں،اور وہ یہ کہ امریکہ،برطانیہ اور کنیڈا کی طرح عرب دنیا کے ویزوں کے لئے لیگنویج سرٹیفیکیٹ کم سے کم ترجیحی شرطوں میں رکھیں، جس سے انہوں نے اتفاق کیا،مزید بہت سے باہمی دلچسپی کی باتیں بھی ہوئیں۔
اسی سلسلے میں پچھلے دنوں ہم نے کے پی کے گورنمنٹ سے بھی بات کی کہ میٹرک کی تعلیم میں عربی کو اختیاری کے بجائے لازمی مضمون قراردیاجائے،کچھ ساتھیوں نے اسی موضوع کے متعلق جناب شہباز شریف سے ملاقات کی،انہوں نے تو حامی بھری ہے،اعلان نہیں کیا،البتہ پی ٹی آئی کے دوست علی الاعلان اس مطالبے کی منظوری اہمیت وضرورت کی وجہ سےکرنے جارہے ہیں،مفتی سعید خان اور نعیم الحق اس میں کردار ادا کررہے ہیں۔

کوریا جیسے ایک غیر مسلم ملک نے میٹرک تک عربی لازم کی ہوئی ہے،تائیوان نے بھی ان کے فارمولے کو لینے کے لئے ان سے حکومتی سطح پر رابطہ کیا ہے،کورین نوجوان اس وقت بلادِ عرب میں اچھی پوسٹوں پر آر ہے ہیں،اللہ کرے ہمارے یہاں کے حکمرانوں کی سمجھ میں یہ بات آجائے تو اس سے ملک وملت دونوں کو مادی وروحانی طورپر بہت فائدہ ہوگا۔

Dr shaikh wali khan almuzaffar
About the Author: Dr shaikh wali khan almuzaffar Read More Articles by Dr shaikh wali khan almuzaffar: 450 Articles with 814267 views نُحب :_ الشعب العربي لأن رسول الله(ص)منهم،واللسان العربي لأن كلام الله نزل به، والعالم العربي لأن بيت الله فيه
.. View More