جیوے جیوے پاکستان اور جمیل الدین عالی

ادیب قوموں کابہت بڑاسرمایہ ہوتے ہیں کیونکہ یہی وہ شخصیات ہوتی ہیں ،جومعاشرے کے ہرپہلو اورہرسرگرمی پرعمیق نظریں رکھتی ہیں اورہمارے لئے نئے راستوں کے انتخاب ،ہماری سوچوں کی آبیاری اورزندگی گزارنے کے لئے جو ش ، ولولہ اورمیدن عمل کے انتخاب میں ہماری مددکرتے ہیں۔ایسی ہی ایک عظیم ہستی ـ’’جمیل الدین عالی ‘‘ بھی تھے۔جن کی شخصیت کسی تعارف کے محتاج نہیں۔بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر، جنہوں نے شاعری کے ساتھ ساتھ تنقید، صحافت، کالم نگاری اوراردوادب کے فروغ کے لئے گراں قدرخدمات انجام دیں۔جمیل الدین عالی جنوری 1926کو مرزاغالب ومیرتقی میرکے مسکن اورابراہیم ذوق وداغ کے مولداردوادب کے عظیم سکول، دہلی میں پیدا ہوئے اوراس پرمستزادمولودی عبدالحق کی شاگردی ورابن انشااورقدرت اﷲ شہاب کی رفاقت تھی اوریہی وہ عوامل تھے، جن کی بدولت مرحوم جمیل الدین عالی ایکسویں صدی کے دوسرے عشرے تک اردوادب پرچھائے رہیں۔جمیل الدین عالیٰ کے والدین مرزاغالب اورخواجہ میردرد کے خانوادوں میں سے تھے اوریہی فیضان ساری زندگی جمیل الدین عالی کے ساتھ رہا۔پاکستان آنے کے بعدیہاں کے نہ صرف ہوکر رہ گئے بلکہ پاکستان کی مٹی سے محبت کاحق انکے قلم نے بخوبی اداکیاہے۔انکے لکھے ہوئے ملی نغمے آج تک قلب کوگرمانے اورروح کو تڑپانے کے کام آتے ہیں۔’’جیوے جیوے پاکستان ‘‘ آج تک ہرپاکستانی کی زبان پرہوتاہے۔کوئی جمیل الدین عالی کے نام سے واقف ہویانہ ہولیکن انکے لکھے ہوئے نغمے ہرکوئی گاتاہے اوروطن کی مٹی سے محبت کااظہارکرتاہے۔جگ جگ جئے میراپیاراوطن، سوہنی دھرتی اﷲ رکھے قدم قدم آبادتجھے، ہم مائیں ہم بہنیں ہم بیٹیاں،جونام وہی پہچان پاکستان پاکستان اوراتنے بڑے جیون ساگرمیں تونے پاکستان دیا، جیسے شہرہ آفاق ملی نغمے لکھ کر انہوں نے وطن دوستی کاثبوت دیا۔ ان کا تخیل انکی حب الوطنی کاثبوت ہے اوران کی عظمت کاآئنہ دارہے۔بے شک جمیل الدین عالی ہم میں سے نہیں رہیں لیکن انکی شاعری اورنثرکے ایک ایک لفظ میں جمیل الدین عالی کا عکس نظرآتاہے اوراس نے انہیں ابدی زندگی دی ہے۔مختلف ادبی انجمنوں سے وابستہ رہنے کے علاوہ انجمن ترقی اردوسے منسلک رہیں اوراردوزبان وادب کی ترویج اورترقی میں اہم کرداراداکیا۔جمیل الدین عالی نے اپنی زندگی کابہت بڑاحصہ کالم نگاری میں صرف کیا۔ انہوں نے پاکستان کے بڑے بڑے اخبارات کے لئے کالمز لکھے ، جن کے مجموعے ’’دعاکرچلے ‘‘ اور ’’صداکرچلے‘‘ کے نام سے شائع ہوئے ہیں۔مرحوم جمیل الدین عالی نے اردوادب کے لئے گراں قدرخدمات انجام دیں ۔ اس سلسلے میں انہوں نے انجمن ترقی اردو اوراردوڈکشنری بورڈ کاپلیٹ فارم منتخب کیا۔ مزید پاکستان رائٹرزگلڈکے توسط سے ادیبوں کے لئے خصوصی ایوارڈ زکااجرا بھی انہوں نے کیاتھا۔ پاکستان سے محبت کاثبوت مرحوم جمیل الدین عالی نے صرف اپنی شاعری اورنثرکے ذریعے ادانہیں کیابلکہ عملی زندگی میں بھی ہرلحاظ سے وطن دوستی کاثبوت دیا۔انہوں نے پاکستان کے کئی سرکاری محکموں میں بطورسرکاری آفسر اوربیوروکریٹ رہ کر وطن کی خدمت کی ہے جبکہ 1951میں انہیں اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو میں فیلوبھی منتخب کیاگیاتھا۔جمیل الدین عالی نے زندگی کے ہرشعبے میں طبع آزمائی کی۔ شاعری میں نظمیں، غزلیں ، دوہے اورنثرمیں سفرنامے، مضامین اورکالم نگاری کے ذریعے انہوں نے اردوادب میں بہت بڑاسرمایہ چھوڑاہے۔ اسکے ساتھ ساتھ انہوں نے سیاست میں بھی قدم رکھاتھا۔اس سلسلے میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اورمتحدہ قومی مومنٹ کے ٹکٹوں پرانتخابات بھی لڑے تھے ۔ متحدہ قومی مومنٹ کی طرف سے وہ سینٹ کے ممبربھی بنے تھے۔ جمیل الدین عالی کے عظیم اورناقابل فراموش خدمات کے صلے میں ان کو کئی اعزازات سے نوازاگیاتھا، جن میں ستارہ امتیاز، آدم جی ادبی ایوارڈاورکمال فن ایوارڈ شامل ہیں۔ مرحوم جمیل الدین عالی کی زندگی کاچراغ پیرکے روز 23نومبر2015کواس وقت گل ہواجب وہ کراچی کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ پورے پاکستانی قوم اوراردوادب سے شغف رکھنے والے دنیاکے کسی بھی کونے رہنے والے ہرفردکے لئے جمیل الدین عالی کی موت ایک سانحہ سے کم نہیں۔ ہم ایک عظیم شخصیت ، ایک بہت بڑے نام سے محروم ہوگئے۔ اس صدمے کو بھولنے میں ہمیں صدیاں لگیں گی۔ہردور میں پاکستان کوعزت دلانے والے جمیل الدین عالی آج ہم میں نہیں رہیں۔ اﷲ تعالیٰ انکی مغفرت فرمائے اورانہیں عظیم درجات عطافرمائے۔آمین
MP Khan
About the Author: MP Khan Read More Articles by MP Khan: 107 Articles with 108041 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.