ہماری ویب رائٹرز کلب کی جانب سے پروفیسرسحر انصاری کو ستارہ امتیاز دیئے جانے پر پروقار تقریب کا اہتمام

ہماری ویب کا شمار پاکستان کی ان بڑی ویب سائٹ میں ہوتا ہے، جو آج پوری دنیا میں نہ صرف اردو بلکہ اسلامی معلومات،تعلیمات ، خبروں ، فیچرز انٹرویوز، مضامین شاعری،اور دیگر موضوعات پر اطلاعات اور معلومات کی فراہمی میں اولیت رکھتی ہے۔ ہماری ویب کا ایک اعزاز یہ بھی ہے کہ اس نے اردو مضامین لکھنے والوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی ہے، بلکہ پندرہ ہزار سے زائد لکھنے والوں کا ایک پلیٹ فارم بھی مہیا کیا ہے، جس پر وہ آزادی اور آسانی سے اپنے خیالات کا اظہار کرسکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ پر اردو مضامین جو مختلیف موضوعات پر ہیں، ان کی تعداد ایک لاکھ دس ہزار ہے، جس میں ہر روز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اب اردو میں سرچ کرنے پر ہماری ویب کے مضامین کی بڑی تعداد نظر آتی ہے۔ ہماری ویب پرسالانہ دو کروڑ 48 لاکھ وزیٹرز وزٹ کرتے ہیں ۔یعنی روزانہ یہاں ستر ہزار کے لکھ بھگ وزیٹرز ہیں۔ ہماری ویب نے پاکستان بھر کے نئے لکھنے والوں کے لیئے ہماری ویب رائیٹرز کلب کی داغ بیل بھی ڈالی ہے۔ جو تیزی سے نئے لکھنے والوں کی رہنمائی، تربیت کے فرائض بھی انجام دے رہا ہے۔ ہماری ویب نے لکھنے والوں کی ای بکس شائع کرنے کا بھی سلسلہ شروع کیا ہے، اب تک اس طرح کی تیس ای بکس شائع ہوچکی ہیں۔ جو اردو کی دنیا میں ایک منفرد اور قابل قدر کارنامہ ہے۔ گزشتہ دنوں ہماری ویب نے ای بکس کے دوسرے مرحلے پر پندرہ مصنفین کی ای بکس کی رونمائی اور ملک کے معروف شاعر و ادیب جناب پروفیسر سحر انصاری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے ان کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں “ ستارہ امتیاز “ دیئے جانے پر ایک پروقار تقریب منعقد کی۔ جس میں لکھنے والوں کو شیلڈ اور ہماری ویب کے کارڈ بھی دیئے گئے۔ہماری ویب کے سی ای او اور ہماری ویب رائٹرز کلب کے چیئرمین ابرار احمد نے اس کا اہتمام کیا۔ہماری ویب رائٹرز کلب کے تاسیسی جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے میرے لئے یہ ایک اعزاز ہے۔ تقریب کا آغاز کلام پاک کی تلاوت سے ہوا۔ ہماری ویب کے کالم نگار ڈاکٹر شیخ ولی خان المظفر نے تلاوت کی اس موقع پر چیئرمین رائٹرز کلب ابرار احمد نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری ویب اپنے قیام کی ابتدا سے ہی اپنے معزز کالم نگاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف اقدامات کرتی آئی ہے- اور اسی سلسلے میں ہماری ویب کی جانب سے رواں سال کے آغاز میں آن لائن لکھنے والوں کا ایک فورم بھی تشکیل دیا گیا تھا جس کا نام “ ہماری ویب رائٹرز کلب “ رکھا گیا تھا- آج اس کی یہ دوسری تقریب ہے۔ابرار احمد نے تقریب میں شرکت کرنے والے کالم نگاروں اور مہمانِ خصوصی پروفیسر سحر انصاری صاحب کا شکریہ ادا کیا انھوں نے تقریب میں پروفیسر سحر انصاری جیسی علم و ادب سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ شخصیت کی موجودگی کو ہماری ویب٬ ہماری ویب رائٹرز کلب اور ہماری ویب پر لکھنے والوں کے لیے قابلِ فخر اور انتہائی اعزاز کی بات قرار دیا۔ ابرار احمد نے اس موقع پر جنوری 2016 میں ہماری ویب رائٹرز کلب کے الیکشن کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔تقریب میں رائٹرز کلب کے صدر جناب ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی نے مہمان خصو صی کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے شرکاءاور پروفیسر سحر انصاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر سحر انصاری کی شخصیت اور ان کے کارناموں سے علم و ادب سے تعلق رکھنے والے بخوبی واقف ہیں۔حکومتِ پاکستان کی جانب سے پروفیسر سحر انصاری کو ان کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے “ ستارہ امتیاز “ سے نوازا جانا نہ صرف پاکستان بلکہ ادبی حلقوں کے لیے بھی انتہائی اعزاز کی بات ہے۔تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سحر انصاری نے ہماری ویب کی جانب سے اردو کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو خوب سراہا-پروفیسر سحر انصاری کا کہنا تھا کہ “ ہماری ویب رائٹرز کلب حقیقی معنوں میں اردو کی خدمت کا حق ادا کر رہا ہے اور مجھے ابرار احمد جیسے نوجوانوں کو اردو کی خدمت کرنے والے اداروں سے وابستہ دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہوتی ہے“-تقریب میں ہماری ویب رائٹرز کلب کی جانب سے پروفیسر سحر انصاری کو اعزازِ توصیفی کے طور پر شیلڈ پیش کی گئی-اس تقریب کا ایک اور شاندار مرحلہ ہماری ویب کی تخلیق کردہ “ ای بک “ کی رونمائی کا بھی تھا- اس موقع پر ہماری ویب کی جانب سے مزید 15 کالم نگاروں کی تیار کردہ “ ای بک “ کی رونمائی کی گئی۔تقریب میں جن کالم نگاروں کی ای بک متعارف کروائی گئیں انہیں شیلڈ سے بھی نوازا گیا جو کہ مہمانِ خصوصی پروفیسر سحر انصاری نے کالم نگاروں کو پیش کیں۔جن کالم نگاروں کی ای بک شائع کی گئی ان میں،ڈاکٹر ظہور احمد دانش ،سید انور محمود،ڈاکٹر شیخ ولی خان المظفر،محمد احمد ترازی،محمد انور،راشد اشرف،قادر خان ،ثنا غوری،جاوید صدیقی،نغمہ حبیب پشاور،مسرت اللہ جان - پشاور،روشن خٹک پشاور،محمد شفیق احمد خان کوٹ ادو،ذوالفقار علی بخاری راولپنڈی،پروفیسر رفعت مظہر - لاہور شامل تھے۔تقریب میں ایک اور انتہائی اہم مرحلہ رائٹرز کلب کے ممبران کو ان کے ممبر شپ کارڈ کا اجرا کا بھی تھا- تقریب میں ہماری ویب کی جانب سے چند ممبران کو ان کے کارڈ بھی پیش کیے گئے- تاہم یہ کارڈ کے اجرا کا پہلا مرحلہ تھا لیکن ہماری ویب جلد از جلد کارڈز کی تقسیم کے عمل کو مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔تقریب میں شریک کالم نگاروں نے ہماری ویب کی اس تقریب کو بے انتہا سراہا اور اسے ہماری ویب رائٹرز کلب کا ایک حوصلہ افزا اقدام قرار دیا اور ساتھ ہی اپنے ہر قسم کے تعاون کا بھی بھرپور یقین دلوایا۔تقریب میں نوجوان شاعر عثمان جامعی نے بھی شرکت کی۔تقریب میں نظامت کے فرائض رائیٹرز کلب کے جنرل سیکریٹری عطا محمد تبسم نے انجام دیئے۔
Ata Muhammed Tabussum
About the Author: Ata Muhammed Tabussum Read More Articles by Ata Muhammed Tabussum: 376 Articles with 383739 views Ata Muhammed Tabussum ,is currently Head of Censor Aaj TV, and Coloumn Writer of Daily Jang. having a rich experience of print and electronic media,he.. View More