طویل القامت پاکستانیوں کے قومی و عالمی ریکارڈ

اونچا لمبا قد ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے۔ ہمارے وطن پاکستان میں اوسط قد 5 فٹ 4 انچ سے لیکر 5 فٹ 10 انچ تک ہے، جو لوگ اس سے زیادہ لمبے ہوتے ہیں تو وہ سینکڑوں کے مجمع میں الگ ہی نظر آتے ہیں، لیکن کچھ لوگوں کا قد اتنا لمبا ہوجاتا ہے کہ وہ سب کی نظروں میں نمایاں ہوجاتے ہیں۔ آج ہم پاکستان کے ایسے ہی کچھ اونچے لمبے قدآور لوگوں کا تعارف آپ کے سامنے رکھیں گے۔
 

عالم چنا (7.8فٹ)
عالم چنا کا تعلق پاکستان کے صوبہ سندھ سے تھا۔ وہ 1953میں ضلع دادو کے شہر سہون میں پید اہوئے۔ ایک لحاظ سے یہ پاکستان کے پہلے لمبے ترین انسان بھی تھے۔1981میں دنیا کے سب سے لمبے انسان ڈان کوہلر کے انتقال کے بعد گنیز بک آف ورلد ریکارڈ میں انہیں دنیا کا سب سے لمبا انسان تسلیم کیا گیا، اس وقت ان کا قد 8 فٹ 1انچ ریکارڈ کیا گیا، تاہم 1985میں گینیز بک نے یہ کہہ کر ان سے اعزاز واپس لے لیا کہ عالم چنا کا اصل قد 8 فٹ 1انچ سے کم ہے، لیکن 1990میں ایک بار پھر انہیں دنیا کا سب سے لمبا انسان تسلیم کرلیا گیا جب ان سے لمبے دونوں انسانوں کا انتقال ہوگیا۔ عالم چنا کی غیر معمولی قامت کو ان کے گھر والوں کی طرف سے بچپن میں ہی محسوس کرلیا گیا تھا۔ 26 سال کی عمر تک ان کا قد بڑھتا رہا۔ 2 جولائی 1998کو عالم چنا نیو یارک کے ایک ہسپتال میں صرف 45 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

image


نصیر سومرو:(8.1 فٹ)
نصیر سومرو کا تعلق بھی صوبہ سندھ کے شہر شکار پور سے ہے۔ 1975میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہونے والے نصیر سومرو کی بڑھتی ہوئی جسامت نے ان کے والدین کو خوف زدہ کردیا تھا تاہم بعد میں وہ نصیر کا خصوصی خیال رکھنے لگے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے 2000 میں انہیں دنیا کے سب سے لمبے انسان کا اعزاز دیا۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ان کا قد 8 فٹ 1 انچ ریکارڈ کیا گیا۔ نصیر سومرو کی شلوار قمیض کے لیے 14 میٹر کپڑا لگتا ہے، جبکہ وہ 19 انچ سائز کا جوتا پہنتے ہیں۔

image


اعجاز احمد (7.10 فٹ)
1976 پیدا ہونے والے اعجاز احمد کا تعلق پنجاب کے ضلع بھکر کے علاقے دریا خان سے ہے۔ ان کا قد 7.10 فٹ ہے جب کہ خود ان کا دعویٰ ہے کہ ان کا قد 8.4 فٹ ہے لیکن ان کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ ایک کسان خاندان سے تعلق رکھنے والے اعجاز احمد ایک حادثے میں اپنی کولہے کی ہڈی تڑوا بیٹھے، اس کے علاج اور آپریشن کے بعد جزوی معذوری کا شکار ہوگئے اور ان کی سیدھی ٹانگ ان کی الٹی ٹانگ سے چھوٹی ہوگئی ، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ وہ نہ صرف لاٹھی کے سہارے کے بغیر چل نہیں سکتے بلکہ انہیں سیدھے پیر میں خصوصی طور پر بنایا گیا بہت موٹے تلے والا جوتا پہننا پڑتا ہے تاکہ وہ چلنے میں توازن برقرار رکھ سکیں ۔

image


اورنگ زیب خان (7.6فٹ)
امریکہ میں مقیم اورنگ زیب خان کا تعلق بھی بہاول پور پاکستان سے ہے۔ ان کا قد 7 فٹ 6 انچ ہے۔ انہیں امریکہ کے سب سے لمبے انسان ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ 400 پونڈ وزنی اور 20 نمبر کا جوتا پہننے والے اورنگزیب خان کو امریکہ میں پیار سے مہذب دیو ( Gentle giant ) کہا جاتا ہے۔

image


آزاد خان مسعود (7.5فٹ)
آزاد خان مسعود کا تعلق خیبرپختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے سراؤ گاہ سے ہے۔ ان کا قد 7 فٹ 5 انچ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

image


حق نواز نور محمد (7.5فٹ)
پنجاب کے علاقے خیر پور ٹامے والی سے تعلق رکھنے والے حق نواز نور محمد کو پاکستان کا سب سے کم عمر لمبا ترین انسان کا اعزاز دیا جاسکتا ہے۔ ان کا قد 7.5 فٹ ہے، جب کہ خود ان کا دعوی ٰ ہے کہ ان کا قد 7.7انچ ہے۔

image


محمد نواز مزاری (7.3فٹ)
ان کا تعلق بھی صوبہ سندھ کے چھوٹے سے شہر گھوٹکی سے ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ پاکستان کے سب سے لمبے انسان ہیں اور ان کا قد 7 فٹ 10 انچ ہے۔ لیکن ان کے بھی اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی اور ان کا قد ریکارڈ کے مطابق 7.3فٹ ہے۔

image


غلام شبیر (7.3فٹ)
فیصل آباد کے نزدیکی علاقے سانگرہ سے تعلق رکھنے والے غلام شبیر ایک کسان خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ان کا قد 7.3 فٹ ہے۔ ابتداء میں یہ کھیتی باڑی کا کام کرتے تھے، بعد ازاں انہوں نے ایڈورٹائزنگ اور ماڈلنگ کے شعبے کو اختیار کیا۔ انہیں دنیا کے سب سے لمبے ماڈل ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی ان کا نام دنیا میں سب سے بڑے جوتے پہننے والے فرد کے طور پر درج کیا گیا ۔

image


محمد ریاض (7.3فٹ)
محمد ریاض کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔ 7 فٹ 3 انچ طویل قد کے حامل محمد ریاض کے بارے میں زیادہ تفصیلات دستیاب نہیں ہیں تاہم یہ پاکستان کے پانچویں سب سے لمبے انسان ہونے کے دعوے دار ہیں-

image

محمد عرفان (7.1 فٹ)
6 جون 1982 کو پید اہونے والے پاکستانی فاسٹ بالر محمد عرفان تو عالمی سطح پر پہچانے جاتے ہیں۔7 فٹ 1 انچ طویل قد کے حامل محمد عرفان کو دنیائے کرکٹ کے اب تک سب سے طویل قامت کرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان سے پہلے ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر جیول گارنر اور آسٹریلین بالر بروس ریڈ مشترکہ طور پر سب سے طویل کرکٹر کا اعزاز رکھتے تھے۔ ان دونوں کا قد 6 فٹ 8 انچ تھا، محمد عرفان 7.1فٹ قد کے ساتھ دنیا کے سب سے طویل قامت کرکٹر ہیں۔

image

زینب بی بی (7.2فٹ)
فیصل آباد کے قریبی علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والی زینب بی بی کو پاکستان کی سب سے لمبی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔7 فٹ 2 انچ طویل قد کی حامل زینب بی بی کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں 2003 میں دنیا کی سب سے طویل قامت خاتون کے طور پر درج کیا گیا ۔ زینب بی بی نے 2009میں انگلینڈ میں پناہ کی درخواست دیدی تھی ، ان کا کہنا تھا کہ غیر معمولی قد کے باعث مقامی لوگ ان کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں، ان پر فقرے کستے ہیں ، کئی دفعہ ان پر پتھر پھینکے گئے اور ایک آدھ دفعہ تو ان کے کپڑے بھی کھینچے گئے، ان وجوہات کی بنا پر وہ واپس اپنے وطن نہیں جانا چاہتی ہیں۔ تاہم ان کی یہ درخواست منظور نہیں کی گئی ۔

image

عبدالوحید (7.4فٹ)
24 سالہ عبدالوحید کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 فٹ 4 انچ طویل قد کے حامل عبدالوحید جب رینجرز کے بھرتی آفس پہنچے تو رینجرز حکام نے انہیں بھرتی کرنے میں دیر نہیں لگائی۔ عبدالوحید کا سینہ 42 انچ اور پاؤں کا سائز 18انچ ہے۔

image
YOU MAY ALSO LIKE:

Even though average height of men in Pakistan is 5'8'' and of women is 5'4'', yet there are many 6 feet tall people commonly seen in Pakistan. But somewhere in small towns in Pakistan, there live giants human beings who are much tall than average heights and are much tall than other people of their age. There are a number of Pakistanis who hold record for being tallest in certain categories. Check this of tallest Pakistanis.