بچوں میں دستوں کی وجوہات اور ان کا علاج٬ ڈاکٹر مبینہ آگبٹوالہ

بچے پھولوں کی مانند نازک ہوتے ہیں اور ان کا خیال بھی پھولوں کی طرح ہی رکھنا پڑتا ہے- ایک چھوٹی سی بیماری یا لاپرواہی بھی ان پھولوں کو مرجھا کر رکھ دیتی ہے- بچوں میں ایک بیماری جو عام پائی جاتی ہے وہ ڈائیریا ہے- اس بیماری بچے دستوں کا شکار ہو کر بالکل کمزور اور نڈھال ہوجاتے ہیں- ڈائیریا کیوں ہوتا ہے؟ اس کی علامات کیا ہیں؟ اور اس کا علاج کیسے ممکن ہے؟ ان تمام اہم سوالات کے جوابات جاننے کے لیے ہماری ویب کی ٹیم نے معروف چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر مبینہ آگبٹوالہ سے خصوصی معلومات حاصل کیں- ہم آج کے آرٹیکل میں ڈاکٹر مبینہ سے حاصل کردہ مفید معلومات قارئین کی آگہی اور شعور کے لیے ان کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں-

ڈاکٹر مبینہ کا کہنا تھا کہ “ آج کل گرمیوں کا موسم ہے اور یہ موسم اپریل سے شروع ہو کر اگست تک رہتا ہے- جیسے ہی گرمیاں آتی ہیں ویسے ہی طرح طرح کی بیماریاں سر اٹھانے لگتی ہیں اور ان بیماریوں میں سرفہرست ڈائیریا یعنی دستوں کی بیماری ہے“-
 

image


“ آپ کو متعدد ایسے بچے دکھائی دیں گے جن میں یہ بیماری پائی جائے گی خصوصاً جن کی عمریں 1 یا 2 سال سے کم ہیں- تاہم بڑے بچوں میں بھی یہ بیماری عام پائی جاتی ہے“-

“ دستوں کی بیماری کو Gestroenteritis بھی کہتے ہیں“ -

ڈاکٹر مبینہ کے مطابق “ عام طور پر آغاز میں اس بیماری میں الٹیاں ہونے لگتی ہیں اور بچہ جو کچھ کھاتا ہے اسے ہضم نہیں کرپاتا اور اسے فوری طور پر نکال دیتا ہے“-

“ یہ الٹیاں عموماً ایک روز تک رہتی ہیں لیکن کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ الٹیاں نہیں ہوتیں اور براہ راست دست شروع ہوجاتے ہیں“-

“ دستوں کی کئی اقسام ہوتی ہیں اور عموماً ان کا رنگ ہرا ہوتا ہے- یہ پانی کی طرح بھی ہوتے ہیں یا پھر ان میں چکناہٹ بھی ہوتی ہے- اور اگر دستوں میں خون آئے تو اسے Dysentery کہتے ہیں“-

ڈاکٹر مبینہ کہتی ہیں کہ “ چونکہ دستوں میں جسم کا پانی خارج ہوتا ہے تو اس صورت میں بچہ بالکل نڈھال ہوجاتا ہے جسے ہم Dehydration کہتے ہیں“-

“ شروع میں جب دست ہوتے ہیں اور جسم سے پانی خارج ہوتا ہے تو بچہ زور زور سے روتا ہے لیکن جیسے جیسے دستوں میں اضافہ ہوتا ہے بچہ روتے روتے نڈھال ہوجاتا ہے٬ اس کی زبان خشک ہوجاتی ہے٬ سر پر موجود تالو اندر کی جانب دھنس جاتا ہے٬ آنکھیں بھی اندر کی جانب دھنس جاتی ہیں اور اب بچے کے رونے سے اس کی آنکھوں میں آنسو نہیں آتے“-

“ اور آپ اگر بچے کی جلد کو اٹھائیں تو وہ واپس اپنی جگہ پر نہیں جاتی اور یہ ڈائیریا کی سب سے واضح علامت ہے-“-
 

image

ڈاکٹر مبینہ کے مطابق “ دست اگر ہلکے ہیں تو بچے کو نمکول دیں اور اس کا گھر پر ہی علاج کریں لیکن اگر دستوں میں اضافہ ہورہا ہے تو اسے ضرور ڈاکٹر کو دکھائیں“-

“ عموماً ماؤں کو شکایت ہوتی ہے کہ ان کا بچہ نمکول نہیں پیتا یا اسے نمکول کا ذائقہ پسند نہیں ہے- یاد رکھیں کہ نمکول دو طرح کے ہوتے ہیں ایک نارمل نمکول اور دوسرا Low Osmolar O.R.S جو کہ مارکیٹ میں بھی دستیاب ہوتا ہے- کوشش کریں کہ بچے کو O.R.S دیں“-

“ نمکول پاؤڈر چار گلاس پانی میں بنائیں اور یہ نمکول 12 سے 24 گھنٹے کے دوران بچے کو مکمل پلائیں- اگر بچہ الٹیاں بھی کر رہا ہے تب بھی اسے چمچ سے پلاتے رہیں“-

“ اگر بچہ نمکول نہیں پیتا تو اسے بازار میں دستیاب تیار شدہ O.R.S بھی پلایا جاسکتا ہے- اس کے علاوہ گھر پر نمکول تیار کرنے کے لیے آپ چار گلاس پانی میں 8 چمچ چینی ڈالی- اب اس میں ایک لیموں٬ ایک چٹکی میٹھا سوڈا اور ایک چٹکی نمک ڈالیں- اب اس تیار کردہ مشروب کو 24 گھنٹے میں بچے کو مکمل پلائیں- اس طرح بچے کی Dehydration کم ہوجائے گی“-

“ ایک اور نمکول جو مارکیٹ میں دستیاب ہوتا ہے اسے Rice Base ORS کہا جاتا ہے- لیکن آپ اسے بھی گھر میں تیار کرسکتی ہیں- اس کے لیے ایک کپ چاول لے کر اس کو چار گلاس پانی میں ڈال کر اس وقت تک پکائیں جب تک کہ وہ نرم نہ ہوجائیں- اب اس میں ایک چٹکی نمک ڈال کر اسے بلینڈر میں بلینڈ کرلیں اور اس کے بعد تیار کردہ پیسٹ کو 24 گھنٹے میں بچے کو مکمل پلائیں- اس سے بھی دستوں میں واضح کمی واقع ہوگی“-

“ جب بچے کو ڈائیریا شروع تو اسے ڈاکٹر کو بھی ضرور دکھائیں لیکن ساتھ ساتھ O.R.S بھی ضرور دیں“-
 

image

ڈاکٹر مبینہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ “ ہر ڈائیریا میں اینٹی بائیوٹک کی ضرورت نہیں ہوتی اور اس بات کا فیصلہ اپنے ڈاکٹر کو کرنے دیں کہ اینٹی بائیوٹک دینی ہے یا پھر کوئی اور دوائی- آج کل اکثر ڈاکٹر ٹیسٹ بھی کرواتے ہیں جس میں دیکھا جاتا ہے کہ جسم میں کتنے فیصد جراثیم موجود ہیں“-

“ آج کل بچوں کو پرو بائیوٹک بھی دی جاتی ہیں- اس میں متعدد اقسام کے Enzymes ہوتے ہیں اور یہ ڈائیریا کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے- قدرتی پرو بائیوٹک دہی ہے- اگر آپ بچے کو دستوں کے دوران دہی اور کیلا کھلائیں گے تو دستوں میں واضح کمی واقع ہوگی“-

“ اس کے علاوہ بازار میں مختلف ساشے کی شکل میں پرو بائیوٹک دستیاب ہوتے ہیں جو کہ پانی یا دودھ میں ملا کر 5 سے 6 دن تک بچے کو دینے ہوتے ہیں- یہ اینٹی بائیوٹک نہیں ہے اور نہ ہی اس کا کوئی نقصان ہے لیکن پھر بھی ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر نہ دیں“-

ڈاکٹر مبینہ کے مطابق “ ہر مرتبہ دستوں میں ڈرپ لگانے کی ضرورت نہیں ہوتی اور اس کا فیصلہ بھی اپنے ڈاکٹر کو ہی کرنے دیں- اس کے علاوہ آجکل لوگ جو کام سب سے زیادہ کرتے ہیں وہ بچے کو زنک سیرپ پلانا ہے“-

“ یہ سیرپ 3 سے 4 دن کے ڈائیریا میں نہیں دیا جاتا اور زنک کا سیرپ عموماً اس ڈائیریا میں دیا جاتا ہے جو 14 دن یا اس سے زیادہ کا ہو“-

“ اور زنک سیرپ 10 دن کے لیے دیے جاتا ہے اور اسے نہ دس دن سے کم پلائیں اور نہ ہی دس دن سے زیادہ“-

ڈاکٹر مبینہ کا کہنا تھا کہ “ زیادہ تر کوشش کریں کہ بچے کو ماں کا دودھ دیں اور اگر دوسرا دودھ دیتے ہیں تو فیڈر کو اچھی طرح دھو کر اور ابال کر دیں- اپنے گھر میں ابلا ہوا پانی٬ منرل واٹر یا پھر کلورین کی گولیاں پانی میں ڈال کر استعمال کریں“-

“ گرمیوں میں عموماً کھانا خراب ہوجاتا ہے اس لیے دن میں کھانا باہر نہ رکھیں کیونکہ اس میں جراثیم پیدا ہوجاتے ہیں- اور فریج میں بھی سوچ کر رکھیں کیونکہ بجلی جانے کی صورت میں بھی کھانا خراب ہوسکتا ہے- بچوں کو ہمیشہ تازہ کھانا کھلائیں“-

“ اگر آپ حفظانِ صحت کے اصولوں پر کام کریں گے تو یقیناً آپ کے بچوں کو دست وغیرہ نہیں ہوں گے“-

“ دست لگنے کی کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہوتی ہے کیونکہ یہ جراثیم کہیں نہ کہیں ضرور آتے ہیں“-

ڈائریا سے بچاؤ کے لیے ویکسینشن وغیرہ کے حوالے سے ڈاکٹر مبینہ کا کہنا تھا کہ “ ہمارے ہاں ڈائریا کا ایک وائرس بہت عام اور اسے روٹا وائرس کہا جاتا ہے- لیکن اس وائرس کی ویکسینیشن بھی ہوتی ہے جو بچوں کو پلائی جاتی ہے- اگر آپ یہ ویکسین اپنے بچے کو پلائیں گے تو آپ کو بچے دستوں میں واضح کمی دکھائی دے گی“-
 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

Children are as sensitive as flowers. Any minor negligence can make them fall sick. The most common disease in children is Diarrhea. This causes dehydration in children resulting in weakness. What is Diarrhea? What are the Symptoms? How can it be treated? HamariWeb team visited famous Child Specialist Dr. Mubina Agboatwala to find out significant information about the disease. This article covers the details of the interview.