ادبی مجلہ سہ ماہی نوادر،جلد 15،شمارہ1-2،جنوری تا جون 2015

ادبی مجلہ سہ ماہی نوادر،جلد 15،شمارہ1-2،جنوری تا جون 2015 تبصرہ نگار :غلام ابن سلطان
مجلہ نوادر گزشتہ پندرہ برس سے باقاعدگی سے شائع ہو رہا ہے۔لاہور سے شائع ہونے ولا یہ رجحان ساز ادبی مجلہ ڈاکٹر سید نظیر حسنین زیدی اور سید مسعود الحسنین زیدی کی یاد میں شائع ہوتا ہے۔ان دنوں بیگم شاہین زیدی اس مجلے کی مدیرہ ہیں۔مجلہ نوادر کا تازہ شمارہ حال ہی میں شائع ہوا ہے۔ دو سو اڑتالیس صفحات پر مشتمل اس شمارے میں حمد ،نعت،تنقید و تحقیق ،افسانے ،غزلیں،تجزیاتی مطالعات،سفر نامہ،یاد رفتگان،تبصرہء کتب اور مجلہ نوادر کی مجلس ادارت کو ملنے والے مکاتیب شامل ہیں۔مجلہ نوادر کا امتیازی وصف یہ ہے کہ پاکستان کے ممتاز ادیب اس کے قلمی معاونین میں شامل ہیں۔مجلس ادارت نے نئے لکھنے والوں کو بھی نمائندگی دی ہے ۔اس سلسلے میں تخلیقات کے انتخاب میں کڑے معیار کو پیشِ نظر رکھا گیا ہے۔مجلہ نوادر نے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عصری آگہی پروان چڑھانے کی مقدور بھر کوشش کی ہے۔ویب سائٹ کی تیاری اور ای میل کے استعمال سے اس مجلے کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔اس مجلے کی ویب سائٹ اور ای میل ایڈریس درج ذیل ہے:
www.quarterlynawader.com/E.mail:[email protected]
اپنی روایات کو بر قرار رکھتے ہوئے اس بار بھی مجلہ نوادر میں نئی تخلیقات کا خرمن موجود ہے۔تنقید و تحقیق کے حصے میں پانچ وقیع مضامین شامل ہیں جو ڈاکٹر نظیر حسنین زیدی،ڈاکٹر انور سدید ،مہ جبیں قیصر ،ڈاکٹر سکندر حیات میکن اور مسعود تنہا کی فکر پرور تنقید وتحقیق کا ثمر ہیں۔ حصہ افسانہ میں پانچ نئے افسانے موجود ہیں جو ڈاکٹر محمد مستمر،نجیب عمر ،ڈاکٹر ریاض توحیدی،محمد کاشف حنیف اورآدم شیر کی تخلیق ہیں۔شاعری کے حصے میں سہیل غازی پوری،غالب عرفان،اعتبار ساجد،ڈاکٹر قاسم جلال،نسیم سحر،ڈاکٹر ایوب ندیم،ڈاکٹر فیصل کمال حیدری،نجیب عمر ،کرشن پرویز،آفتاب خان،شبیر ناقد،آسناتھ کنول،فدا شیرازی اور شاہین زیدی کی غزلیں شائع ہوئی ہیں۔اس شمارے میں پانچ اہم تجزیاتی مطالعے شامل ہیں جو ڈاکٹر سلیم آغا قزلباش،حسن عسکری کاظمی،نسیم انجم،منیر احمداور شاہین زیدی نے پیش کیے ہیں۔سلمیٰ اعوان کے لکھے ہوئے روس کے سفر نامے سے چند اوراق اس مجلے کی زینت بنے ہیں۔یہ سفر نامہ مصنفہ کی بصیرت ،مشاہدے اور تجربات کی دلکش لفظی مرقع نگاری پر مبنی ہے۔یاد رفتگان میں غلام شبیر نے ممتاز معالج ڈاکٹر محمد کبیر خان (مرحوم)کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔کتابوں پر تبصرے میں سہیل غازی پوری کی کتاب تضمین اوراحمد سعید کے ظریفانہ مضامین ’’بلاوجہ‘‘ پر نامور ادیب اور مجلہ فکر نو لاہور کے مدیر مسعو دتنہا کے بصیرت افروزتبصرے شامل ہیں۔اس کے علاوہ تحسین فاطمہ کی تصنیف ’’سید منصور عاقل کی ادبی خدمات‘‘ اورنسیم انجم کے ناول ’’پتوار‘‘ پر شاہین زیدی مدیرہ نوادر کے تبصرے شائع ہوئے ہیں۔ مجلہ نوادر کے قارئین کا حلقہ بہت وسیع ہے ۔مجلس ادارت کو ملنے والے ممنونیت اور تحسین کے جذبات سے معمور خطوط کے مطالعہ سے قارئین کے ذوق اور مجلے کے معیار کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔نوادرات کے عنوان سے جن مشاہیر کے خطوط مجلے میں شامل ہیں ان میں شبیر ناقد،آفتاب خان،ڈاکٹر سید قاسم جلال،اسد اعوان،طفیل اختر،غالب عرفان،نجیب عمر ،ڈاکٹر سکندر حیات میکن،مہ جبیں قیصر،آسناتھ کنول اور علامہ سید محمد عون نقوی شامل ہیں۔ادبی مجلہ نوادر قابل ِمطالعہ ادبی مواد سے لبریز ہے ۔اس کی ترتیب و اشاعت میں مجلسِ ادارت جس خلوص اور محنت سے کام لے رہی وہ لائق تحسین ہے۔
Ghulam Ibn-e-Sultan
About the Author: Ghulam Ibn-e-Sultan Read More Articles by Ghulam Ibn-e-Sultan: 277 Articles with 607550 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.