موضوعات سائنس اور آیات قرآنی(حصہ اول)

سائنسی ایجادات ہماری زندگی کی ایک اہم ضرورت بن چکے ہیں اگر یہ ایجادات نہ ہوں تو ہمارا زندگی گذارنا مشکل ہو جائے گا مثال کے طور پر لائٹ ایک اہم ضرورت ہے نہ ہو تو ہم اندھیرے میں کوئی بھی کام نہیں کر پائیں گے ،موبائیل آج کے حالات کے لحاظ سے ایک اہم ضرورت بن چکا ہے اگر موبائیل نہ ہو تو زندگی گذارنا مشکل ہو جائے گایہ اور بات ہے کہ حد سے زیادہ کسی چیز کا استعمال نقصان دہ ہوتا ہے اگر آپ غور کریں تو ایسی بہت سی مثالیں آپ کو مل جائیں گی جن نئی ایجادات کے بغیر گذارا مشکل ہے لیکن جب ہم سائنس دانوں سے سوال کرتے ہیں کہ آپ کا کس کے بغیر گذارا نا ممکن ہے تو وہ کہتا ہے کہ ہمارا مسلمانوں کے ’’قرآن ‘‘کے بغیر گذارا مشکل ہے یہ قرآن پاک کی آیات ہی ہیں جنہوں نے ہماری سائنس کو نئی نئی ایجادات کرنے پر مجبور کر دیا ہے ابھی ہمارا موضوع یہ نہیں ہے ورنہ میں آپ کو بتاتا کہ نئی نئی ایجادات ہیں کیا جن کو سن کر انسان کہتا ہے نہیں یہ تو ممکن ہی نہیں ہے لیکن جب دیکھتا ہے تو ماننے پر مجبور ہو جاتا ہے اور اُن سائنس دانوں کی تعریفیں شروع ہو جاتی ہیں بے شک وہ تعریف کے قابل ہیں کیوں کہ انہوں نے ایک چیز کو سمجھا اور پھر تحقیق کی اور نئی ایجادات کر کے دیں لیکن ہمیں یہاں اﷲ کا بھی شکر ادا کرنا چاہئے کیوں کے اﷲ نے اُن کو راستہ دیکھایا ہے کہ دیکھو یہ کام ایسے بھی ہو سکتا ہے لیکن اﷲ کا شکر ادا کرتا کوئی نظر نہیں آتا اسی بات کو لے کر میں نے اس آرٹیکل کو لکھا ہے جس کی یہ پہلی قسط ہے سائنسی موضوعات میں سے کوئی بھی ایک موضوع لیا جائے گا اور قرآن پاک میں سے آیات اُن پر بیان کر دی جائیں گی تا کہ سائنس پڑھانے والے ٹیچرز صرف سائنس کی تحقیقات ہی نہ بتائیں بلکہ اﷲ کی کتاب میں اُس تحقیق کے بارے میں کیا ذکر ہے وہ بھی بتا سکے سائنسی موضوعات تو بہت زیادہ ہیں ایک ایک کر کے کوشش کی جائے گی کہ آیات بیان کی جائیں اور یہاں صرف آیت کا ترجمہ ،سورہ،اور آیت نمبر دیا جائے گا آپ کو موضوع پڑھاتے ہوئے اس آیت کو کب اور کہاں بیان کرنا ہے یہ آپ کو خود طے کرنا پڑے گا ۔آج کا موضوع مندرجہ ذیل ہے:
زمین اور آسمان کا ذکر قرآن پاک میں:
’’اس میں شک نہیں کہ آسمانوں اور زمین کی تخلیق اور رات دن کے آنے جانے میں عقل مندوں کے لئے بہت سی نشانیاں ہیں جو لوگ اُٹھتے بیٹھتے،کروٹ لیتے(غرض ہر حال میں)اﷲ کا ذکر کرتے ہیں اور آسمان و زمین کی بناوٹ (کے بارے )میں غور و فکر کرتے ہیں (تو بے اختیار)کہہ اٹھتے ہیں (کہ)ہمارے پالنے والے (یقیناً)تو نے اسے بے سبب پیدا نہیں کیا ۔تو پاک و پاکیزہ ہے پس ہمیں عذاب جہنم سے محفوظ رکھ۔‘‘(سورہ آل عمران آیت ۱۹۰۔۱۹۱)
۲)’’وہی خدا ہے جس نے سات آسمان پیدا کیے اور اس قدر زمینیں بھی‘‘(سورہ طلاق آیت ۱۲)
۳) ’’بے شک تمہارا پالنے والا وہی ہے جس نے صرف چھ دنوں میں آسمان اور زمین کو پیدا کر دیا۔پھر عرش(کے بنانے)پر آمادہ ہوا‘‘
(سورہ اعراف آیت ۵۴)
۴)’’(اے رسول ؐ)کہہ دو کہ کیا تم اس ذات کا انکار کرتے ہو جس نے زمین کو دو (۲)دنوں میں خلق فرمایا۔اس نے زمین پر پہاڑ بنائے اور اس میں برکت عطا کی اور اس میں مختلف غذائی مواد رکھا یہ سب کچھ چار(۴)دنوں میں تھا پھر اﷲ نے آسمان کی تخلیق کا ارادہ کیا جب کہ وہ دھوئیں کی شکل میں تھا ۔پس اسے اور زمین کو حکم دیا کہ وجود میں آؤ اور صورت اختیار کرو چاہے خوشی سے چاہے مجبوراً۔تو انہوں نے کہا ہم اطاعت کرتے ہیں ۔اس وقت انہیں سات آسمانوں کی صورت دو(۲) دنوں میں پیدا کیا۔‘‘(سورہ حم سجدہ،آیات ۹ تا ۱۲)
۵)’’وہ(اﷲ)وہی ہے جس نے تمہارے(فائدے کے لئے)زمین کو بچھونا بنایا اور تمہارے لئے اس میں سے راہیں (راستے)نکالے اور اسی نے آسمان سے پانی برسایا ۔ہم ہی نے اس پانی کے زریعہ مختلف اقسام کی گھاس نکالی تا کہ تم خود بھی کھاؤ اور اپنے چوپایوں کو(بھی)چراؤ۔کچھ شک نہیں کہ اس میں عقل مندوں کے واسطے(قدرت خدا کی)بہت سی نشانیاں ہیں ۔ہم نے اسی زمین سے تم کو پیدا کیا اور (مرنے کے بعد)اسی میں لوٹا کر لائیں گے اور اسی سے دوسری بار (قیامت کے دن)تم کو نکال کھڑا کریں گے‘‘
(سورہ طہ۔آیات ۵۳۔۵۴۔۵۵)
۶)’’کیا تم لوگوں نے اپنے اُوپر (موجود)آسمان پر نظر نہیں ڈالی کہ ہم نے اسے کس طرح بنایا اور پھر اسے آراستہ بھی کر دیا
(سورہ ق آیت ۷)
۷)’’اور ہم نے آسمان (یعنی کائنات کو)دست قدرت سے بنایا اور ہم اسے(مزید)پھیلاتے رہتے ہیں(سورہ الذاریات آیت ۴۷)
۸)’’اور ہم نے آسمان کو چھت بنایا جو ہر طرح محفوظ ہے اور یہ لوگ اس (یعنی اﷲ)کی نشانیوں سے منہ پھیر رہے ہیں‘‘
(سورہ الانبیاء آیت ۳۲)
۹)اس نے آسمانوں کو پیدا کیا بغیر ستونوں کے(سورہ لقمان آیت ۱۰)
۱۰)اﷲ تو وہ ہے جس نے آسمانوں کو جنہیں تم دیکھتے ہو بغیر ستونوں کے قائم کر دیا(سورہ الرعد آیت ۲)
۱۱)اور وہی (اﷲ) آسمان کو تھامے ہوئے ہے اور وہ اس کے حکم کے بغیر زمین پر نہیں گر سکتا(سورہ الحج آیت ۴۵)
۱۲)’’اﷲ ہی تو ہے جس نے سات آسمان پیدا کئے اور انہی کے برابر زمینیں بھی ۔ان میں اﷲ کا حکم نازل ہوتا رہتا ہے تا کہ تم لوگ جان لو اﷲ (ہی)ہر چیز پر قادر ہے‘‘(سورہ طلاق آیت ۱۲)
۱۳)آسمانوں اور زمینوں میں (خدا کی قدرت)کی کتنی نشانیاں ہیں جن پر یہ لوگ (دن رات)گذارہ کرتے ہیں
(سورہ یوسف آیت۱۰۵)
۱۴)کیا ان لوگوں نے زمین کی طرف بھی (غور)سے نہیں دیکھا کہ ہم نے ہر رنگ کی عمدہ عمدہ چیزیں اسمیں کس کثرت سے اُگائی ہیں ۔بے شک اس میں بھی قدرت خدا کی بڑی نشانی ہے مگر ان میں سے اکثر ایمان لانے والے نہیں (سورہ شعراء آیت۷۔۸)

آیات تو اور بھی بہت ہی ہیں لیکن ہمارا مقصد صرف یہ ہے کہ ایک آئیڈیا اپنے مسلمان بھائیوں کو دیا جائے کہ کس طرح ہم سائنس میں آیات کو ڈال سکتے ہیں اور جب بھی سائنس پڑھاتے ہوئے زمین و آسمان کا ذکر کریں تو ان آیات میں سے کوئی ہی بھی آیت کے زریعے بچوں کو سمجھا سکتے ہیں کہ جو بات سائنس آپ کو آج بتا رہا ہے اﷲ نے وہ بات رسول ؐ کے دور میں ہی بتا دی تھی نشاء اﷲ ہماری کوشش ہو گی کہ ہر روز سائنس کے ایک نئے موضوع کے ساتھ آیات کو بتایا جائے خدا ہماری اس عبادت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔
Shahid Raza
About the Author: Shahid Raza Read More Articles by Shahid Raza: 162 Articles with 236468 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.