سال 2015: سیاحت کے لیے بہترین شہر٬ مسلم شہر سرفہرست

قدرت کی خوبصورتی ہو یا بلند و بالا عمارات کا جادو، ٹیکنالوجی سے لیس شاپنگ پلازہ ہو یا تفریحی مقامات پر گھومنے پھرنے کا شوق کس فرد کو نہیں ہوتا تاہم اس کی استطاعت بہت کم لوگوں کو ہوتی ہے مگر پھر بھی جو لوگ رواں برس دنیا کے مختلف شہروں کی سیر کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے دنیا کے دس بہترین شہروں کا انتخاب سامنے آگیا ہے۔ ان شہروں کو سیاحت کے لیے معروف ادارے ٹرپ ایڈوائزر نے دنیا بھر کے لاکھوں افراد کے ووٹوں کی بنیاد پر 2015 کے لیے بہترین سیاحتی مقامات قرار دیا ہے جہاں آپ ٹیکنالوجی، قدامت پسندی، فطری خوبصورتی، برف، سمندر، پہاڑی، جنگلی حیات غرض کہ ہر قسم کے نظاروں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔آج کے آرٹیکل ہم آپ کو ڈان کی شائع کردہ دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے-
 

مراکش
اس فہرست میں سب سے اوپر ہے ایک مسلم افریقی شہر جس نے پہلی مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے اور وہ ہے مراکش۔ اپنے بازاروں اور سپیروں کی بدولت معروف یہ خوبصورت شہر جدت و قدامت کا امتزاج ہے جہاں عرب و افریقی ثقافت باہم مل کر اس شہر کو انوکھا بنا دیتے ہیں۔ یہاں کی موسیقی، ساحل اور لوگوں کا طرز زندگی سب سیاحوں کو مسحور کر کے رکھ دیتا ہے اور اسی وجہ سے یہ رواں برس دنیا کا بہترین شہر کہلانے کا حقدار ٹھہرا ہے۔

image


سیئم ریئپ
سیئم ریپ کمبوڈیا کے شمال مغربی صوبے سیئم ریئپ کا دارالحکومت ہے جہاں موجود اینکور واٹ مندر، کمبوڈیا ثقافتی گاﺅں، اینکور عجائب گھر، اینکور تھوم، پرانا بازار اور تونلے ساپ سمیت متعدد حیرت انگیز جگہیں ہیں جو دیکھنے والوں کو دنگ کرکے رکھ دیتی ہیں اور یہ سیاحت کے لیے دوسرا بہترین شہر قرار پایا ہے۔

image


استنبول
ترکی کے مشہور شہر استنبول کا نام تیسرے نمبر پر آیا ہے، ترکی کا یہ شمال مغربی شہر باسفورس کے ایک جانب یورپ کے علاقے تھریس اور دوسری جانب ایشیا کے علاقے اناطولیہ تک پھیلا ہوا ہے اس طرح وہ دنیا کا واحد شہر ہے جو دو براعظموں میں واقع ہے۔ استنبول تاریخ عالم کا واحد شہر جو تین عظیم سلطنتوں کا دارالحکومت رہا ہے جن میں رومی سلطنت، بازنطینی سلطنت اورسلطنت عثمانیہ شامل ہیں۔استنبول کو ”سات پہاڑیوں کا شہر “ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ شہر کا سب سے قدیم علاقہ سات پہاڑیوں پر بنا ہوا ہے جہاں ہر پہاڑی کی چوٹی پر ایک مسجد قائم ہے، یہاں جدت و قدامت کا امتزاج دیکھنے والوں کے لیے یہاں کا سفر زندگی کا یادگار ترین تجربہ بنا دیتا ہے۔

image


ہنوئی
ویت نام کا دارالحکومت ہنوئی اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہے اور اسے جنوب مشرقی ایشیائی ثقافتی مراکز میں سے ایک مانا جاتا ہے، ایک ہزار سال پرانے اس شہر میں اب متعدد یادگاریں وقت کے ساتھ مٹ چکی ہیں مگر یہاں کی دلچسپ ثقافتی اور تاریخی یادگاریں اب بھی دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ لیتی ہیں، یہاں ایشیائی کے ساتھ فرنچ طرز تعمیر کے شاہکار بھی نظر آتے ہیں جس کی وجہ انیسویں صدی میں ہنوئی کا کنٹرول فرانس کے پاس جانا ہے۔

image


پراگ
پانچویں نمبر پر چیک جمہوریہ کا دارالحکومت پراگ کھڑا ہے جو " سو میناروں کا شہر" اور "شہرِ زریں" کے نام سے بھی مشہور ہے۔ 1992 سے پراگ کا تاریخی مرکز یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقامات میں شامل ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق پراگ کا قلعہ دنیا کے قدیم قلعوں میں سب سے بڑا ہے۔

image


لندن
لندن کسی تعارف کا محتاج نہیں، یہ ان چند شہروں میں سے ایک ہے جہاں ہر سال سب سے زیادہ سیاح رخ کرتے ہیں۔ لندن دنیا کے ممتاز تجارتی، معاشی اور ثقافتی مراکز میں سے ایک ہے اور دنیا بھر میں سیاسی، تعلیمی، تفریحی، صحافتی، فیشن اور فنون لطیفہ پر اس کے گہرے اثرات اس کے بین الاقوامی شہر ہونے کے شاہد ہیں۔ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل چار مقامات کا تعلق بھی لندن سے ہے، جن میں ویسٹ منسٹر محل اور کلیسائے ویسٹ منسٹر، کلیسائے سینٹ مارگریٹ، لندن برج، گرینچ کی تاریخی آبادی اور شاہی نباتیاتی باغیچہ شامل ہیں۔

image


روم
اٹلی کا دارالحکومت روم جسے لگ بھگ ایک ہزار سال تک مغربی دنیا کا سب سے اہم سیاسی مرکز، امیر ترین اور بڑے شہر کا اعزاز حاصل رہا اب بھی اپنے تاریخی آثار کی بناءپر دنیا بھر کے سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے تاہم یہاں کے جدید عمارات اور دریا کے کنارے کی سیر بھی لوگوں میں بہت مقبول ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں افراد تعطیلات منانے کے لیے آتے ہیں اور یہ 2015 کے لیے ساتواں بہترین شہر قرار پایا ہے۔

image

بیونس آئرس
ارجنٹائن کا دارالحکومت بیونس آئرس کے حصے میں آٹھواں نمبر پر آیا ہے، یورپی ثقافت کے بھرپور اثرات کے باعث اسے "جنوب کا پیرس" یا "جنوبی امریکہ کا پیرس" بھی کہا جاتا ہے۔ شہر اپنے شاندار طرز تعمیر، شبینہ زندگی اور ثقافتی سرگرمیوں کے باعث مشہور ہے۔ کاص طور پر تھیٹر، ٹینگو ڈانس اور دیگر ثقافتی سرگرمیاں یہاں کی جان سمجھی جاتی ہیں جبکہ ہر سال اپریل میں یہاں لگنے والا بین الاقوامی کتب میلہ دنیا کے پانچ کتب بڑے میلوں میں سے ایک ہے۔

image

پیرس
محبت کا شہر قرار دیئے جانے والے پیرس نویں نمبر پر کھڑا ہے جو یہاں کی خوبصورتی اور شہرت کو دیکھتے ہوئے حیرت انگیز لگتا ہے کیونکہ عام طور پر یہ اولین پانچ بہترین شہروں میں سے ایک ہوتا ہے، یہ سیاحت کے لحاظ سے دنیا کے معروف ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور سالانہ 4 کروڑ 50 لاکھ افراد پیرس خطے کی سیر کرتے ہیں جن میں سے 60 فیصد غیر ملکی ہوتے ہیں۔ یہاں کی شاندار و تاریخی عمارات، عالمی سطح پر معروف ادارے اور مشہور باغات دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے سیاح کھنچے چلے آتے ہیں۔

image

کیپ ٹاﺅن
جنوبی افریقہ کا شہر کیپ ٹاﺅن 2015 کا بہترین دسواں شہر قرار پایا ہے، کیپ ٹاؤن اپنی مشہور بندرگاہ کے ساتھ ساتھ قرب و جوار کی جغرافیائی خصوصیات کے باعث معروف حیثیت رکھتا ہے، جن میں راس امید اور ٹیبل ماؤنٹین زیادہ اہم ہیں۔

image
YOU MAY ALSO LIKE:

The world's largest travel review site has revealed the world's best travel destinations for this year in its 2015 Travellers' Choice awards. The "Red City" of Marrakesh in Morocco took out the top spot with its mesmerising arrays of markets, gardens, palaces and mosques.