پاکستان کو تنہا سیاستدانوں پر نہیں چھوڑا جا سکتا- تیسرا حصہ

گزشتہ کالم میں موجودہ نظام کے ایک پہلو پر مناسب گفتگو ہو چکی ہے تا ہم دوسرے اہم پہلو کا سر سری جائزہ بھی ضروری ہے ۔ یہ کہنا بے جا نہیں کہ یہ موجودہ نظام آج تک زندگی کے کسی بھی شعبے کے ساتھ انصاف نہیں کر سکا ۔ برصغیر میں موجودہ نظام اُس وقت کے انگریز حکمران کی ضروریات اور تقاضوں کو پورا کرتا رہا اورجہاں کہیں کچھ Deliver کرنا مقصود تھا وہ بھی کیا جاتارہا لیکن اگر یہ معلوم کیا جائے کہ قیام پاکستان سے اب تک بالعموم اور جب سے ملک میں پارلیمانی نظام مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے متعارف ہوا ، اُس سے لے کر آج تک زندگی کے کس شعبے میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی جا سکیں تو یقینا جواب سے مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ ہمارے ہاں موجودہ نظام حکومت کی کوئی قابل ذکر کامیابی تلاش کرنی مشکل کام ہے جبکہ ناکامیوں کی ایک طویل فہرست ہر طرف تیار موجود ہے۔

چند اہم بنیادی امور کا جائزہ لینے سے یہ بات واضح ہو جائے گی کہ موجودہ نظام قیام پاکستان کے مقاصد ، نظریاتی تشخص ،داخلی وخارجی اور دفاعی پالیسیاں ، با مقصد اور ہنرمندتعلیم، صحت ، امن و امان ، عدل وانصاف ، معیشت ، انتظام و انصرام ،قدرتی وسائل کے حصول اوراُن کی منصفانہ تقسیم ،ملکی و غیر ملکی وسائل، صلاحیت اور اہلیت کی بنیا پرروزگار کے مواقع ، ترقیاتی منصوبہ بندی ، دستیاب وسائل کا بہتر استعمال ، سیاسی اور مذہبی رواداری اور ہم آہنگی،جماعتی، گروہی، قبیلائی، لسانی، علاقائی اور صوبائی تال میل اورگڈ گورننس(Good governance) اور ہمچو قسم کے دیگر شعبہ جات میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ ہمارے سیاستدان اور سیاسی جماعتیں مل کر اگرتنہا پاکستان کا تشخص ہی قائم رکھ سکتی تو آج قوم تقسیم در تقسیم اور تفریق در تفریق کے عمل سے دوچار نہ ہوتی۔ اجتماعی تشخص سب کے سر پر ایک چھت کا کام دیتا ہے جس کی عدم موجودگی میں ہر کسی کو اپنے سر چھپانے کے لیے ایک الگ چھتری درکار ہوتی ہے ۔

میرا پختہ یقین ہے کہ اگرسیاستدان اور سیاسی جماعتیں قومی فرائض کی درست طور پر ادائیگی کرتیں تو پاکستان دو لخت نہ ہوتا۔سابقہ مشرقی پاکستان میں پاکستان مسلم لیگ ہی اگر نظریہ پاکستان کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر تی رہتی تو آج نقشہ یکسر مختلف ہوتا۔دنیا بھر میں سیاستدان اداروں کے تال میل،باہمی اعتماد میں اضافے اور محنت و مشقت ، جان فشانی اور اپنی علمی اور فکری ،انفرادی اور جماعتی صلاحیتوں میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ کرتے چلے جاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے بعض سیاستدانوں نے اپنا قد بڑھانے کے بجائے ملک کا قد چھوٹا کرنے کو بہتر سمجھا۔ سانحہء مشرقی پاکستان اس طرز عمل کی ایک واضح مثال ہے ۔ آج بھی اگر پاکستان کا اجتماعی تشخص بحال کیا جا سکے جو کسی بھی صورت نا ممکن نہیں تو کئی گروہی، لسانی ، علاقائی اور صوبائی فتنے اپنی موت آپ مر سکتے ہیں۔

مذکورہ اورغیر مذکورہ بہت سی خرابیاں اس نظام کے ایسے نمایاں پہلو ہیں جن پر کسی مینڈیٹ یا جمہوریت پسندی کا پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔ جمہوریت بہت قابل احترام ہے لیکن اُسے ملکی تقاضوں کے ماتحت کرناوقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہو سکتا ہے کچھ لوگ ملک کو موجودہ جمہوریت کے ماتحت کرنا چاہتے ہوں لیکن میرا پرزور مطالبہ ہے کہ پاکستان میں جمہوریت اور نظام کو ملکی ضروریات اور تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے ۔ مسلک اور فرقے بہت قابل تعظیم سہی لیکن کسی بھی صورت ملک فرقہ بازی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔سیاست اور سیاست بازی اور فرقہ اور فرقہ بازی کے درمیان فرق واضح کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہر مذہبی طبقے کو خود کو اسلام کے اوپر مسلط کرنے کے بجائے اپنے فرقے اور مسلک کوا سلام کے ماتحت اور مذہبی حدود و قیود کے اندر رکھ کر چلنا ہو گا۔ اسلامی تہذیب کا ایک بنیادی مطالبہ دوسروں کو اپنی زبان اور ہاتھ کے شر سے محفوظ رکھنا ہے اور ساتھ ہی سورہ الکٰفرون میں ’’تمہارے لیے تمہارا دین اور ہمارے لیے ہمارا دین ‘‘ کہہ کر اتنی گنجائش پیدا کر دی گئی ہے کہ دنیا کا کوئی سیکولر نظام اس سے زیادہ باہمی رواداری اور احترام کی پیشکش نہیں کر سکتا۔

پاکستان مادر پدر آزاد جمہوریت کا متحمل نہیں ہو سکتااور نہ ہی جمہوریت کو مذہب کا درجہ دیا جا سکتا ہے کہ اُس میں کوئی اصلاح نہ کی جا سکے۔قرآن و حدیث کے سوا یہ تقدس کسی دوسری چیزکو حاصل نہیں۔ سیاسی نظام میں اجتہاد کا دروازہ کھلا رکھنا پڑے گا۔ آج ملک میں کوئی ایک بھی سیاسی جماعت ایسی نہیں جو ملک گیر کہلانے کا حق رکھتی ہو ۔ سب لوگ اپنے اپنے صوبوں اور علاقوں تک محدود ہو گئے ہیں۔اﷲ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ تمام تر اندرونی اور بیرونی مشکلات کے باوجود ہمارا قومی دفاعی ادارہ بڑی حد تک اپنی اصل حالت میں موجود ہے ۔ ایسے حالات میں مسلح افواج پاکستان ملکی یکجہتی اور سلامتی کی واحدمضبوط ضمانت کی حیثیت رکھتی ہیں۔ویسے بھی پاکستان کے دشمن مسلح افواج کو ہی پاکستان سمجھتے ہیں اور اپنے راستے کا واحد بھاری پتھر بھی ۔ وقت اور حالات بھی دشمن کی اسی سوچ کا ثبوت دیتے ہیں۔ افراد ہوں یا ادارے ، ملک و ملت کے بنیادی مقاصداُن کے درمیان ایسی قدرِمشترک ہے کہ وہ سب اپنی اپنی حدود میں تو اپنا کام کرتے ہیں لیکن اجتماعی مفاد میں سب یکجان ہو کر ایک ہی سمت میں سفر کرتے ہیں۔ ایک دوسرے کی کمزوریوں پر پردہ ڈالتے ہیں اور باہمی تجربات اور صلاحیت سے استفادہ کرتے ہیں۔ باہمی تعاون اور عدم مداخلت قدرت کے وہ پسندیدہ اصول ہیں جن کا مظاہرہ چھ ارب انسانی اجسام کی صورت میں روزانہ ہمارے سامنے ہوتا ہے۔ ہر انسانی جسم قدرت کی ایک شاہکار ریاست ہے جبکہ انسانی جسم کے اعضاء اداروں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہر عضواپناطے شدہ کام کرتا ہے، ایک دوسرے کی معاونت اور مدد کرتا ہے لیکن ایک دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کرتا۔ آنکھ عمر بھر دیکھتی ہے ، کان سنتے ہیں، دماغ منصوبہ بندی کرتا ہے ، علیٰ ہذالقیاس تمام انسانی اعضا ء ہر لمحہ ایک دوسرے کی مدد بھی کر رہے ہوتے ہیں اور اپنا کام بھی اور کبھی دوسرے کا کام کرنے کی خواہش نہیں کرتے۔ آنکھ دیکھتی ہے سننے کی ـخواہش نہیں کرتی، کان سنتا ہے دیکھنے کی خواہش نہیں کرتا۔ چلنے کے لیے جب پاؤں اٹھتا ہے تو درست جگہ تلاش کرنے کے لیے آنکھ اُس کی رہنمائی کرتی ہے اور یہ اعضاء لاشعوری طور پر بھی اپنے فرائض مسلسل درست طور پر ادا کرتے ہیں۔ گہری نیند میں بھی انسانی ہاتھ کئی بار جسم سے مکھی اور مچھر اڑانے کی کوشش کرتا ہے۔لیکن خدانخواستہ اگر کہیں سارا جسم ایک ساتھ کوئی خطرہ محسوس کرے تو سر سے پاؤں تک سارے عناصر اور قوتین شعوری اور لا شعوری طور پر یکجا ہو کر اُس خطرے کا مقابلہ کرتے ہیں۔

عدم مداخلت کے اس اصول میں ذرا سی کمی واقع ہو جائے یا کہیں اس کے برعکس ہونے لگے تو اُس کے اثرات بیماری کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔ انسانی جسم اور اُس کی شب و روز کی نقل و حرکت ایک اچھی ریاست کی رہنمائی کے لیے بہترین نمونہ ہے۔پاکستان اسباب اور وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ ہمارے نظام میں کچھ بنیادی تبدیلیاں اور رویوں میں اصلاح ہمیں ترقی کی بڑی منازل طے کروا سکتی ہے۔ میری رائے میں پاکستان دنیا کا انتہائی سخت جان ملک ثابت ہوا ہے ۔ ذرا غور کرنے سے اندازہ ہو سکتا ہے کہ اندرونی اور بیرونی سازشوں میں گرا ہوا جو ملک اس قدر بد نظمی ، بد انتظامی ، افرا تفری، رسہ کشی اور نااہلی، رشوت ستانی ، اقرباء پروری اور بدترین لوٹ مار کے باوجودآج تک نہ صرف قائم ہے بلکہ دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بن سکتا ہے تو اُسے تھوڑی سی اصلاح احوال کے ذریعے شاندار ترقی اور کامیابی کے راستے پر کیوں گامزن نہیں کیا جا سکتا۔

Sardar Attique Ahmed Khan
About the Author: Sardar Attique Ahmed Khan Read More Articles by Sardar Attique Ahmed Khan: 23 Articles with 38051 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.