کیا دنیائے فٹ بال میں دولت مند ترین پلیئر کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے ؟

فٹ بال جو کہ عمومی طور پر ساکر کے نام سے معروف ہے، دنیا کا سب سے مقبول ترین کھیل تصور کیا جاتا ہے جس کے دنیا بھر میں مستقل شائقین کی تعدادساڑھے تین ارب نفوس یعنی دنیا کی تقریباً نصف آبادی کے مساوی ہے۔اب اس کھیل نے کمرشیل حیثیت حاصل کر لی ہے اور درجنوں فٹ بالر صرف ایک میچ میں اپنی اعلیٰ پرفارمنس کے باعث راتوں رات لکھ پتی بن چکے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ملٹی نیشنل کمپنیاں ہیں جو اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لئے مقبول اور اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو اسپانسر کرتی ہیں۔ان کمپنیوں میں نائیک، ایڈیڈاس، پیپسی، کوکاکولا اور دیگر بڑی کمپنیاں سر فہرست ہیں۔ برطانوی فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم نے اس کھیل سے ریکارڈ دولت کمائی۔دنیا بھر میں دولت مند ترین لوگوں کی مختلف کٹیگریز میں فہرستیں مرتب کرنے والے مقبول ترین میگزئین '' فاربس'' نے ہر سال کی طرح2014میں بھی فٹ بال کے دولت مند ترین کلبوں کی فہرست جاری کی ہے ۔ تاہم ان کلبوں میں شامل کھلاڑیوں میں پہلی بار ڈیوڈ بیکھم کا نام شامل نہیں ہے کیونکہ انہوں نے انٹرنیشنل فٹ بال سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

ڈیوڈ بیکھم کی فٹ بال سے کمائی ہوئی دولت کا تخمینہ اربوںڈالرمیں لگایا جاتا ہے۔ما نچسٹر یونائیٹڈ اور رئیل میڈرڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے ڈیوڈ بیکھم نے صرف2013میں ایڈیڈاس، سینس بیوری اور سام سنگ سے ڈیلز کے تحت 28.3ملین پونڈزکی اسپانسر شپس حاصل کیں۔ چینی سپر لیگ کے لئے بطور ''سفیر'' انہیں پانچ سالہ معاہدہ کے تحت 50ملین پونڈز کی ادائیگی کی گئی۔ 2013میں پیرس سینٹ۔ جرمین کی جانب سے کھیلتے ہوئے وہ دنیائے فٹ بال کے دولت مند ترین کھلاڑی قرار پائے جب انہوں نے صرف ایک سال میں30.8ملین پونڈز کمالئے۔ اسی سال پیرس میں پانچ ماہ تک فرنچ لیگ کھیلنے کے لئے انہوں نے132,000پونڈز کا معاہدہ کیا .. ڈیوڈ بیکھم نے اپنے20سالہ کیریئر کا آخری میچ18مئی2013کو کھیلا۔ایک محتاط تخمینہ کے مطابق ان کی یومیہ آمدنی20,548پونڈز تھی جو کہ ان کی اہلیہ سابق اسپائس گرل وکٹوریہ بیکھم سے10گنا زائد تھی۔ فاربس کے مطابق '' شاید ہی کوئی فٹ بالر دولت کمانے میں ڈیوڈ بیکھم کا ریکارڈ توڑ سکے۔

ڈیلائٹے کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کی سالانہ کمائی گذشتہ سال54 کروڑ 95 لاکھ یورو تک پہنچ گئی۔ رئیل میڈرڈ کی ٹاپ کمائی کا ایک بڑا کریڈٹ یورپین کپ اور میڈرڈ کے ہی کلب ایتھلیٹکو میڈرڈ کو شکست دے کر چیمپیئنز لیگ جیتنا تھا۔ان فتوحات کے نتیجے میں ریئل میڈرڈ کے نشریات کے حقوق اور اشتہارات کی مد میں ہونے والی آمدن میں9فیصد تک اضافہ ہوا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ریئل میڈرڈ کو لگاتار 10ویں برس دنیا کا امیر ترین فٹبال کلب قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے 20 امیر ترین فٹبال کلبوں کی مجموعی کمائی 14 فیصد اضافے کے بعد 6.2 ارب یورو تک پہنچ گئی ہے۔ڈیلائٹے کے سینیئر مینجر آسٹن ہولی ہان کے مطابق پریمیئر لیگ کے نئے نشریاتی معاہدے کے نتیجے میں آمدن میں بڑا اضافہ ہوا۔درحقیقت 2013-2014 کے دوران پریمیئر لیگ میں شامل تمام کلبوں کی آمدن میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

قبل ازیں مانچسٹر یونائیٹڈ لگاتار آٹھ سال تک امیر ترین کلبوں میں سرفہرست رہ چکا ہے۔تاہم اس سال کمائی کے لحاظ سے مانچسٹر یونائیٹڈ چوتھی سے دوسری، بائرن میونخ تیسری جبکہ بارسلونا چوتھی پوزیشن پر رہا۔دیگر کلبوں بشمول چیلسی، آرسنل، لیور پول،مانچسٹر سٹی کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ٹاپ 20 امیر کلبوں میںسے8 انگلش کلبوں نے نشریاتی حقوق کے ضمن میں1.1 ارب یورو کمائے۔ رپورٹ کے مطابق ریئل میڈرڈ کی آمدنی 518.9 ملین یورو سے بڑھ کر 549.5 ملین یورو تک پہنچ گئی ۔مانچسٹر یونائیٹڈکی 423.8 ملین یورو سے بڑھ کر 518ملین یورو ، بائرن میونخ کی 431.2 ملین یورو سے بڑھ کر 487.5ملین یورو، بارسلونا کی 482.6 ملین یورو سے بڑھ کر 484.6ملین یورو، پیرس سینٹ جرمین کی 398.8 ملین یورو سے بڑھ کر 474.2ملین یورو ،مانچسٹر سٹی کی 316.2 ملین یورو سے بڑھ کر 414.4ملین،چیلسی کی 303.4 ملین یورو سے بڑھ کر 387.9ملین ،آرسنل کی 284.3ملین یورو سے بڑھ کر 359.3ملین اورلیور پول کیآمدنی 240.6 ملین یورو سے بڑھ کر 305.9 ملین یورو تک پہنچ گئی ہے۔

مقبول پرتگالی فٹ بالر کرسٹانو رونالڈو 2014میں دولت مند ترین فٹ بالر قرار پائے۔ان کی دولت کا تخمینہ44ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں سے ہونے والی ڈیلز کے تحت انہوں نے21 ملین امریکی ڈالر کمائے جبکہ تنخواہوں اور انعامات کی صورت میں انہیں23ملین امریکی ڈالر ملے۔بارسلونا کی جانب سے کھیلنے والے لیونل میسی حالانکہ سب سے زیادہ دولت کمانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسری پوزیشن پررہے تاہم کھیل کے میدانوں میں انہیں مقبول ترین فٹ بالر کی حیثیت حاصل رہی۔میسی نے سال2014کے دوران41.3ملین ڈالر کمائے۔انہیں 20.3ملین ڈالر کلبوں کی جانب سے اور انعامات کی صورت میں ملی جبکہ21ملین ڈالر مختلف کمپنیوں کی جانب سے ملنے والی اسپانسر شپس کے ذریعے حاصل ہوئے۔لیونل میسی کو فٹ بال کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی کی حیثیت حاصل ہوئی۔

دنیائے فٹ بال میں ہمہ وقت بہترین اسٹرائیکر کا اعزاز رکھنے والے وائن رونی نے16سال کی عمر میں چمپئینز لیگ میں اپنا پہلا انٹرنیشنل گول کرنے کے بعد سے اب تک حیران کن فٹ بال کھیلی ہے۔سال گزشتہ رونی کی آمدنی21.1ملین ڈالر رہی۔ اس آمدنی کے ساتھ انہیں روئے زمین پر تیسرے دولت مند ترین فٹ بالر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہی نہیں بلکہ رونی 12ٹاپ مقبول ترین ساکر پلیئرز کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کلبوں سے ملنے والی رقم اور انعامات کی صورت میں 18.1ملین ڈالر کمائے جبکہ کمرشیلز اور اسپانسر شپس کی مد میں انہیں تین ملین ڈالر کی آمدنی ہوئی۔ ارجنٹائن کی قومی فٹ بال ٹیم اور مانچسٹر سٹی کی جانب سے بطور اسٹرائیکر کھیلنے والے ڈیگو میراڈونا کے داماد سرجیو آگیورو نے2014میں 20.9ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کر کے گزشتہ سال کے چوتھے دولت مند ترین فٹ بالر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔سرجیو آگیورو نے کلبوں سے اعزازیہ اور انعامات کی مد میں 17.4ملین ڈالر جبکہ کمرشیلز اور اسپانسر شپس کے ذریعے 3.5ملیں ڈالر کمائے۔

گیلاٹاسارے کے لئے فارورڈ کی حیثیت سے کھیلنے والے فٹ بالر ڈیڈیئر ڈروگبا نے چیلسیا کی جانب سے بھی قابل ذکر میچز کھیلے ہیں۔. ڈیڈیئر ڈروگبا نے کلبوں سے ملنے والی رقم اور انعامات کی صورت میںگزشتہ سال15.8ملین ڈالر کمائے جبکہ کمرشیلز اور اسپانسر شپس کی مد میں ان کی آمدنی5ملین ڈالر رہی۔ اس طرح مجموعی طور پر20.8ملین ڈالر آمدنی کے ساتھ انہیں2014 کے پانچویں دولت مند ترین فٹ بالر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔آئیورے کوسٹ نیشنل ٹیم کی جانب سے بطور مڈ فیلڈر اور انگلش سیزن میں مانچسٹر سٹی کی جانب سے کھیلنے والے یایا طورے کو فٹ بال کی دنیا کا چھٹا دولت مند ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے یہ اعزازکلبوں سے ملنے والی رقم اور انعامات کی صورت میں18.2ملین ڈالر جبکہ کمرشیلز اور اسپانسر شپس کی شکل میں 2.5ملین ڈالر کی آمدنی سے حاصل کیا۔ یایا طورے کی سال2014میں مجموعی آمدنی20.7ملین ڈالر تھی۔
.
بارسلونا کے لئے کھیلنے والے نوجوان برازیلین فٹ بالرنیمار سنٹوس57ملین یورو کے عوض بارسلونا ٹرانسفر ہوئے تھے جو کہ ساکر ٹرانسفر کی تاریخ میں 10ویں انتہائی مہنگی ڈیل تھی۔نیمار کو2014 میں دنیا کے ساتویں دولت مند ترین فٹ بالر ہونے کا اعزازحاصل ہے۔ انہوں نے کلبوں سے ملنے والی رقم اور انعامات کی صورت میں10.5ملین ڈالر جبکہ کمرشیلز اور اسپانسرشپس کے ذریعے 10ملین ڈالر کمائے۔ اس طرح سال گزشتہ نیمار نے مجموعی طور پر20.5ملین ڈالر کمائے۔موجودہ فٹ بال کی دنیا میں فرنانڈو ٹوریس کا نام ایک انتہائی ٹیلنٹڈ کھلاڑی کی حیثیت سے لیا جاتا ہے ۔ 20ملین ڈالر کی آمدنی کے ذریعے انہیں 2014کے8ویں دولت مند ترین فٹ بالر کی حیثیت حاصل ہوئی ہے۔ان کی اس دولت میں کمرشیلز اور اسپانسر شپس سے حاصل ہونے والے3ملین ڈالر اور کلبوں سے ملنے والی رقم اور انعامات کی صورت میں حاصل ہونے والی17ملین ڈالر کی رقم شامل ہے۔

سال گزشتہ کے دوران19.7ملین ڈالر کی آمدنی سے2014کے نویں دولت مند ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز رکھنے والے زیاٹن ابراہیمووک ایک سوئیڈش پروفیشنل فٹ بالر ہیں جنہوں نے اسٹرائیکر کی حیثیت سے لیگ 1کلب پیرس سینٹ۔جرمین اور سوئیڈش کی قومی ٹیم کی حیثیت سے مقابلوں میں حصہ لیا۔ وہ قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے 19.7ملین ڈالر کمائے جس میں سے 17.2ملین ڈالر کلبوں سے ملنے والی رقم اور انعامات کی صورت میں حاصل ہوئی جبکہ کمرشیلز اور اسپانسر شپس کی مد میں ان کی آمدنی2.5ملین ڈالر تھی۔ہمہ وقت انتہائی ہینڈسم فٹ بالروں میں ایک نام کاکا بھی ہے۔ برازیلین مڈفیلڈر کی حیثیت سے کھیلنے والے '' کاکا ''کا پورا نام فل ریکارڈو ازیکسن لیٹ ہے۔2014کے لئے دنیا کے ٹاپ10 دولت مند ترین فٹ بالروں میں شامل کاکا نے گزشتہ سال کلبوں سے ملنے والی رقم اور انعامات کی صورت میں13.8ملین ڈالر جبکہ کمرشیلز اور اسپانسر شپس کے ذریعے5.5ملین ڈالر کمائے۔ اس طرح مجموعی طور پر19.3ملین ڈالر کی آمدنی کے ذریعے انہیں گزشتہ سال کے دس دولت مند ترین فٹ بالروں کی فہرست میں 10ویں پوزیشن حاصل ہوئی۔
syed yousuf ali
About the Author: syed yousuf ali Read More Articles by syed yousuf ali: 94 Articles with 70960 views I am a journalist having over three decades experience in the field.have been translated and written over 3000 articles, also translated more then 300.. View More