بالوں٬ جلد اور ناخنوں کے مسائل اور ان کا علاج٬ ڈاکٹر بلقیس شیخ

صحت مند جلد اور چمکدار بال انسان کی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ ناخن بھی اس خوبصورتی کا ایک اہم جز ہوتے ہیں اور ساتھ ہی یہ آپ کی اندرونی صحت کے آئینہ دار بھی ہوتے ہیں- لیکن اگر آپ کو ان تینوں میں سے کسی ایک کے معاملے میں بھی مسائل کا سامنا ہو تو آپ کی خوبصورتی ماند پڑنے لگتی ہے- آپ جلد, بالوں یا پھر ناخنوں کے مسائل کا شکار کب بنتے ہیں؟ یا پھر ان سے چھٹکارا کیسے ممکن ہے؟ ان اہم سوالات کے جوابات جاننے کے لیے ہماری ویب کی ٹیم نے معروف ہربلسٹ ڈاکٹر بلقیس شیخ سے خصوصی ملاقات کی- ڈاکٹر بلقیس سے حاصل ہونے والی مفید معلومات آج کے آرٹیکل کے ذریعے ہماری ویب کے قارئین کی خدمت میں پیش ہے-

بال:
ڈاکٹر بلقیس کہتی ہیں کہ ‘‘ آج کل بال گرنے کی شکایت عام پائی جاتی ہے- بالوں کے گرنے کی وجہ ہارمونز کے مسائل, تھائرائیڈ یا خشکی ہوسکتی ہے-
 

image


‘‘ اس کے علاوہ اگر درست غذائیں نہ کھائی جائیں تو بھی بال گرتے ہیں, مثلاً آج کل اسکول جانے والے بچے ناشتہ نہیں کرتے یا صرف دودھ کا ایک گلاس پیتے ہیں اور بعض اوقات تو وہ بھی پیے بغیر چلے جاتے ہیں یا پھر جنک فوڈ کا استعمال زیادہ کرتے ہیں‘‘-

‘‘ سب سے پہلے تو بالوں کی صفائی کا ضرور خیال رکھیں اور روزانہ سر دھوئیں- ہمارے ہاں خصوصاً کراچی میں کھارا پانی زیادہ استعمال ہوتا ہے جو کہ بالوں کو نقصان پہنچاتا ہے- اس سے بال خشک ہوجاتے ہیں, ٹوٹنے لگتے ہیں اور گرتے بھی ہیں‘‘-

‘‘ اگر آپ کو کھارا پانی ہی میسر ہے تو اسے پہلے 10 سے 20 منٹ تک ابالیں- پانی میں جب سفید تہہ نیچے بیٹھ جائے تو ابلنے کے دوران ہی اس میں نیم کے پتے شامل کریں- پانی ٹھنڈا کرنے کے بعد اس میں موجود سفید تہہ اور نیم کے پتے چھان لیں اور باقی پانی سے سر دھوئیں- اس طرح کھارا پانی آپ کے بالوں کو نقصان نہیں پہنچائے گا‘‘-

ڈاکٹر بلقیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘‘ کھارا پانی استعمال کرنے سے قبل ہمیشہ بالوں میں تیل ضرور لگائیں اس سے بھی آپ کے بال کسی حد تک محفوظ رہیں گے‘‘-

‘‘ اگر آپ بہترین بال چاہتے ہیں تو آپ کو چاہیے کہ پروٹین پر مشتمل غذائیں استعمال کریں- اس کے لیے آپ بادام, اخروٹ, دودھ, دہی اور انڈہ استعمال کرستے ہیں‘‘-

‘‘ اگر آپ کے بالوں میں خشکی ہے تو بڑے گوشت اور تلی ہوئی چیزوں سے پرہیز کریں‘‘-
 

image

ڈاکٹر بلقیس کہتی ہیں کہ ‘‘ اکثر بچے مجھ سے سوال کرتے ہیں آپ جنکس سے منع کرتی ہیں جبکہ ان میں پروٹین ہوتے ہیں- میں یہ کہتی ہوں کہ ہر چیز کی زیادتی خراب ہے- آپ کو معدنیات اور وٹامن پر مشتمل اشیا بھی ضرور کھانی چاہئیں- اور وٹامن کے لیے سب سے زیادہ بہتر پھل ہیں‘‘-

‘‘ موسم کے اعتبار سے اس وقت کینو اور نارنگی بہترین پھل ہیں- اگر آپ کو خشکی ہے تو نارنگی کے چھلکوں کو چائے کی پتی کے ساتھ ابال لیں- اس کے بعد اسے چھان کر سر کی کھال پر لگائیں گے تو یہ ایک قدرتی کنڈیشنر کا کام دے گا‘‘-

جلد:
جلد کے حوالے سے ڈاکٹر بلقیس کہتی ہیں کہ ‘‘ جلد چاہے سر کی ہو,ہاتھ کی ہو یا پھر جسم کی ہمارا عکس ہوتی ہے- اکثر ڈاکٹر جلد دیکھ کر ہی سمجھ جاتے ہیں کہ کونسے اعضا درست کام نہیں کر رہے‘‘-

‘‘ آپ جلد پر موجود داغ دھبوں کو ہٹانے کے لیے مرضی لگالیں لیکن جب تک آپ اندرونی علاج نہیں کریں گے, غذاؤں سے دوستی نہیں کریں گے, قدرت کی عطا کردہ چیزیں نہیں کھائیں گے آپ بہتر نہیں ہوسکتے‘‘-

‘‘ سب سے پہلے ہمیں محفوظ شدہ چیزوں کا استعمال ترک کرنا ہوگا, مثلاً انرجی ڈرنکس اور محفوظ شدہ کھانوں سے پرہیز کریں کیونکہ یہ جگر پر بوجھ بن جاتے ہیں- اس کی وجہ سے ہماری جلد خشک ہوجاتی ہے اور اس میں سوزش پیدا ہوجاتی ہے‘‘-

‘‘ اگر آپ جلد کو بہتر رکھنا چاہتے ہیں تو ایسی چیزیں کھائیں جو جلد کے لیے بہترین ہوں اور ایسی چیزیں استعمال نہ کریں جو جگر اور معدہ کو پسند نہ ہوں- صرف زبان کے ذائقے پر مت جائیں کیونکہ ہم صرف وہ کھاتے ہیں جو ہمیں اچھا لگ رہا ہوتا ہے‘‘-
 

image

ڈاکٹر بلقیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘‘ خالی پیٹ سوفٹ ڈرنک کا استعمال ہرگز نہ کریں- سوفٹ ڈرنک ایجاد کرنے والے چونکہ حرام چیزیں کھاتے تھے جو انہیں ہضم نہیں ہوتی تھیں - اس لیے انہوں نے اپنے نظامِ ہضم کو تیز کرنے کے لیے سوفٹ ڈرنک ایجاد کی‘‘-

‘‘ اب چونکہ ہم ایسی چیزیں نہیں کھاتے اور اس کے باوجود بہت زیادہ سوفٹ ڈرنکس استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے اندر تیزابیت پیدا ہوجاتی ہے- یہ تیزابیت معدے کو خراب کرتی ہے اور معدے کی وجہ سے جگر بھی خراب ہوجاتا ہے- جگر کی خراب ہونے کی وجہ سے ہماری جلد خود بخود ہی خراب ہونا شروع ہوجاتی ہے‘‘-

‘‘ اس کے علاوہ ہم جو میدہ وغیرہ کھاتے ہیں اس میں بھی غذائیت موجود نہیں ہوتی اور وہ صرف ہمارے پیٹ کو پھلاتا ہے- آپ کو چاہیے کہ اصلی اناج کو اپنی غذا بنائیں اس طرح آپ کو کسی اور شے کی ضرورت نہیں پڑے گی‘‘-

ڈاکثر بلقیس کہتی ہیں کہ ‘‘ ہم کھانے کے آداب بھی بھول چکے ہیں اور چلتے پھرتے کھانا ہماری عادت بن چکی ہے- لیکن ہماری اس عادت کی وجہ سے بھی متعدد جلد اور بالوں کے مسائل پیدا ہوتے ہیں‘‘-

‘‘ کھانا کھاتے وقت ٹی وی بھی نہ دیکھیں اور نہ ہی لڑائی جھگڑا کریں- سکون کے ساتھ اور سنت کے مطابق کھائیں- کھانے کے دوران پانی اور سوفٹ ڈرنک کا استعمال نہ کریں اور اگر ممکن ہو تو لسی ضرور پئیں- اس سے آپ کا نظامِ ہضم بھی بہتر ہوگا اور جلدی بیماریاں بھی کم ہوجائیں گی‘‘-
 

image

ناخن:
ڈاکٹر بلقیس کا ناخنوں کے بارے میں کہنا ہے کہ ‘‘ ناخنوں کو سلیکون بیوٹی کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ مختلف غذاؤں کے چھلکوں کے عین نیچے پائی جاتی ہے- اور ہم عموماً چھلکے اتار کر کھانے کے عادی ہیں- مثلاً سلیکون بیوٹی کے لیے کھیرا بہترین ہے لیکن ہم اس کا چھلکا اتار دیتے ہیں اس کے علاوہ سیب کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے‘‘-

‘‘ ناخنوں کے لیے سب سے بہترین چیز بادام یا خوبانی کے تیل کا مساج ہے- ان دونوں میں سے کسی کے تیل کا استعمال بھی آپ کے ناخن بڑھانے اور انہیں خوبصورت بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے‘‘-

ڈاکٹر بلقیس کا کہنا ہے کہ ‘‘ ناخن بھی آپ کی اندرونی صحت کے آئینہ دار ہوتے ہیں- ناخنوں کا ٹوٹنا, ان پر نشان آنا یا لائن پڑنا مختلف بیماریوں کی علامت ہوتا ہے‘‘-

‘‘ ناخن پر لائنیں پڑنے کا مطلب ہے کہ آپ کو جگر کا مسئلہ ہے یا ناخنوں پر سفیدی آنے سے آپ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ کو کیلشیم اور معدنیات کی کمی کا سامنا ہے‘‘-

ڈاکٹر بلقیس کا بالوں کے لیے ایک مفید نسخہ:
ایلوویرا اور میتھی ایک کپ میں ڈال کر فریج میں رکھیں- اسے 3 سے 4 دن فریج میں رکھیں اور اس کے بعد دو کپ سرسوں کے تیل میں پکا لیں- اس کے بعد چھان کر اس تیل کو سر میں لگانے سے بال گرنا بند ہوجاتے ہیں اور ساتھ میں بالوں میں چمک بھی پیدا ہوتی ہے-

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

Healthy hair, nails, and skin adds to your beauty, as it depicts the inner health of an individual. If any of these faces issues or problems, beauty fades. The question arises, how these skin related problems occurs? or how we can get rid of them? To answer these questions, HamariWeb team visited renowned Herbalist Dr. Bilquees Shaikh and discussed the issue in detail.