سینیٹ۔ٹکٹ برسات ۔راولپنڈی

جیسے جیسے مارچ قریب آرہاہے ایوان بالا کے انتخابات کے حوالے سے ماحول میں گرمی آرہی ہے۔پنجاب کی گیارہ کی گیارہ نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ ن کی کامیابی کے واضح آثار ہیں۔فی الحال تک مسلم لیگ ن نے چھ ٹکٹ راولپنڈی ڈویژن کو دیئے ہیں۔جن میں سینئیر سیاستدان اور بزرگ لیگی راہنما راجہ ظفر الحق ،پرویز رشید،جنرل (ر) عبدالقیوم ،چوہدری تنویر خان اور نجمہ حمید شامل ہیں۔مسلم لیگ ن سندھ کے رانما نہال ہاشمی کو بھی پنجاب سے منتخب کروایا جا رہا ہے جنہوں نے اپنا ووٹ راولپنڈی میں رجسٹرڈ کروایا ہے۔اس لئے ان کو بھی راولپنڈی ڈویژن کا امیدوار قرار دیا جا سکتا ہے۔

پنجاب سے ن لیگ کے امیدواران ایوان بالا پر نظر دوڑائی جائے توجنوبی پنجاب سے ڈیڑھ سو کے لگ بھگ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہونے کے باوجود وہاں سے سرائیکی پس منظر کا کوئی امیدوار نظر نہیں آتا۔جو یقینا سرائیکی وسیب ایسے پسماندہ علاقہ سے زیادتی کے مترادف ہے۔

بات ہو رہی تھی راولپنڈی سے امیدواران ایوان بالا کے حوالے سے۔مسلم لیگ ن کے نصف سے زائد امیدواروں کا تعلق راولپنڈی سے تعلق ہونے کا پس منظر جاننے کے لئے ضروری ہے کہ قارئین کو بتایا جائے ضلع راولپنڈی میں کی انتخابی پوزیشن کیا ہے اور ماضی میں کیا تھی۔قومی انتخابات 2002میں ضلع راولپنڈی سے مسلم لیگ ن ایک قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔2008کے انتخابات میں چھ قومی اور نو صوبائی اسمبلی کی نشستیں مسلم لیگ ن کے حصہ میں آئیں جبکہ بعد ازاں مسلم لیگ ق کے یونینفیکیشن بلاک کے ذریعے اور دو اور ممبران صوبائی اسمبلی مسلم لیگ ن کا حصہ بنے۔2013کے انتخابات میں چار قومی اور آٹھ صوبائی نشستوں پر مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کی ۔یوں 2013کے انتخابات میں عمومی فضا مسلم لیگ ن کے حق میں ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن نے 2008کے انتخابات کی نسبت دو قومی اور تین صوبائی نشستیں کم حاصل کیں۔2008کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک قومی اور دو صوبائی جبکہ مسلم لیگ ق نے تین صوبائی نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن ان دونوں پارٹیوں کے اتحاد کے باوجود 2013میں ایک بھی نشست حاصل نہ کرسکیں۔2013میں ضلع راولپنڈی میں مسلم لیگ کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف نے دو قومی اور چھ صوبائی نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ قومی اسمبلی ایک نشست پر شیخ رشید نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کامیابی حاصل کی۔

امید واثق یہ ہے کہ یہی ہے کہ درجہ بالا حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے مسلم لیگ ن نے ایوان بالا کے زیادہ ٹکٹ راولپنڈی کو دیئے ہیں تاکہ پارٹی کی گرتی ہوئی ساکھ کو روکا جا سکے اور راولپنڈی کو دوبارہ مسلم لیگ ن کے لئے اور محفوظ کیا جائے۔شنید یہ بھی ہے کہ راجہ ظفر الحق کو چیئرمین کو ایوان بالا نامزد کیا جائے گا۔’’خلق خدا‘‘ ان امیدواران ایوان بالا کو دیکھتے ہوئے اپنے اپنے اندازے قائم کر رہی ہے۔ جن کی حقیقی ہونے میں شک کیا جانا بعید از قیاس معلوم ہوتا ہے۔

تین امیدواروں کے حوالے سے یہاں کچھ پس پردہ عوامل پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔سب سے پہلے بزرگ اور سینیئرسیاستدان راجہ ظفر الحق کے حوالے دیکھتے ہیں۔راجہ ظفرالحق اس قبل بھی ایوان بالا کے رکن ہیں۔راجہ ظفر الحق کے بیٹے راجہ محمد علی حلقہ پی پی 2سے اس وقت رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔راجہ محمد علی 2002میں بھی رکن صوبائی رہ چکے ہیں۔2013کے انتخابا ت میں راجہ محمد علی کی مخالفت وہاں سے امیدوار قومی اسمبلی اور موجودہ وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کھل کی ۔شاہد خاقان عباسی نے حلقہ پی پی 2سے مٹور ہی سے آزاد امیدوار راجہ صغیر کی کھلم کھلا حمایت کی اور یہ مخالفت تا حال جاری ہے جو مستقبل میں ن لیگ کے لئے نقصان دہ ہے۔عوامی حلقے یہ بھی کہتے ہیں کہ راجہ محمد علی کو کوئی صوبائی وزارت نہ دینا بھی راولپنڈی کی ن لیگ کے اندورنی اختلافات کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں۔ ان تمام شکوک و شبہات کو رفع کرنے اور اختلاف کو دبانے کے لئے راجہ ظفرالحق کو دوبارہ ممبر ایوان بالا اورامید ہے کہ چیئرمین ایوان بالا ہوں گے۔سنیارٹی اور پارلیمانی تجربہ کی بنیاد پر راجہ ظفرالحق ہی اس وقت مسلم لیگ ن کے پاس موزوں چیئرمین ایوان بالا ہو سکتے ہیں۔

جنرل (ر) عبدالقیوم سابق گورنر پنجاب،سابق چیئرمین پی او ایف واہ اور سابق چیئرمین اسٹیل ملز رہ چکے ہیں۔ان تمام عہدہ جات پر سابق جنرل نے ایک اچھا منتظم ہونے کی حتی المقدور کوشش کی ہے۔جس میں کافی حد تک کامیاب رہے ہیں۔یہ تمام عہدہ جات جنرل قیوم کو سابق آمر جنرل مشرف نے ودیعت کیئے تھے۔سابق آمر جنرل مشرف کو آرٹیکل چھ کے تحت سزا دلوانا میاں برادران کی دلی خواہش ہے البتہ مشرف کے کئی ایک حواری اس وقت میاں برادران کے نفس ناظقہ بنے ہوئے ہیں۔راقم کا خیال یہ ہے کہ جنرل (ر) قیوم کو چکوال میں معروف صحافی و سیاستدان محترم المقام ایاز امیر کے نعم البدل کے طور پر سامنے لایا جا رہا ہے۔جنرل(ر) قیوم ایک اچھے منتظم ہو سکتے ہیں لیکن ایاز امیر کا نعم البدل قطعا نہیں۔

سب سے حیرت انگیز ٹکٹ سابق ایم پی اے اور محترمہ کلثوم نواز کے راولپنڈی کے اولین جلسہ کے میزبان چوہدری تنویر خان کا ہے۔چوہدری تنویر اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کے اختلافات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔2013کے انتخابات میں چوہدری تنویر کے آبائی حلقہ پی پی چھ کو چوہدری نثار علی خان کی ضد کی وجہ سے اوپن رکھا گیا تھا اور یہاں سے چوہدری نثار علی خان آزاد امیدوار کی حیثیت سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہو ئے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں جن نشستوں پر دھاندلی پر اصرار کر رہی ہے ان میں سے یہ حلقہ بھی شامل ہے۔ان اختلافات کی بنیاد پر چوہدری تنویر خان ایک عرصہ سے ن لیگ کی سیاست سے کنارہ کش تھے۔ان اختلافات کو ن لیگ کی پنڈی میں شکست کو ایک وجہ سمجھا جا رہا ہے ۔شاید انہی اختلافات کا ازالہ کرنے ک ے لئے میاں برادران نے چوہدری تنویر خان کو ٹکٹ دیا ہے۔اسی بنیاد پر ’’خلق خدا‘‘ میں یہ چہ میگوئیاں چل رہی ہیں کہ شاید اسی وجہ سے اپنے حالیہ دورہ کلرسیداں میں چوہدری نثار علی خان اپنی حکومت کے خلاف ہی پھٹ پڑے اور حکومت کو ناکام قرار دیدیااور یہاں تک کہا کہ میں حکومت میں ہونے کے باوجود اپوزیشن کا کردار کا ادا کر رہا ہوں ۔اندر کی خبر رکھنے والے کہہ رہے ہیں کہ اس ٹکٹ کے علاوہ راجہ قمرالاسلام ایم پی اے حلقہ پی پی پانچ کی بطورچیئرمین ایجوکیشن ٹاسک فورس تعیناتی بھی اہم ہے۔یہ چیئرمین شپ صوبائی وزیر کے ہم پلہ ہوتی ہے۔اس تعیناتی پر چہ میگوئیاں اس لئے ہو رہی ہیں کہ ایم پی اے مذکور کو حلقہ میں ایک بے اختیار رکن اسمبلی متصورکیا جاتا رہا ہے۔ علاقہ میں تمام اہم ترقیاتی منصوبہ جات پر چوہدری نثار علی خان کی تختیاں لگی ہیں جبکہ ان کے افتتاح بھی غیر منتخب افراد کرتے رہے ہیں۔راجہ قمرالاسلام کے ذاتی ووٹ بینک کا علاقہ کی سڑک کی صورتحال کچی سڑک سے بھی بدتر ہے۔جس کی از سر نو تعمیر کا مطالبہ اہلیان علاقہ متعدد بار کر چکے ہیں اس اہم معاملہ پر تاحال شنوائی نہ ہوئی ہے۔بادی النظر میں یہی منظر تشکیل پا رہا ہے کہ ن لیگ ان اختلافا ت کو ختم کرنا چارہی ہے جبکہ ان اختلافات کا بنیادی مرکز چوہدری نثار علی خان کی ذات کو سمجھا جاتا ہے۔چوہدری تنویر کا ایوان بالا کا ٹکٹ ،راجہ قمرالاسلام کی بطور چیئرمین ٹاسک فورس تعیناتی اور چوہدری نثار کا اپنے حلقہ کے دورہ کے موقعہ پر میڈیا اور عوامی اجتماعات میں اپنی حکومت پر تنقید حالا ت کا رخ تبدیل ہوتا محسوس ہو رہا ہے۔ واﷲ اعلم بالصواب۔

Raja Ghulam Qanbar
About the Author: Raja Ghulam Qanbar Read More Articles by Raja Ghulam Qanbar: 23 Articles with 16773 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.