طاہرہ قاضی شہید ۔بہادری،فرض شناسی اور قربانی کی اعلیٰ مثال

۱۶ دسمبر۲۰۱۴ء ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ۔دل کو ہلا دینے ، خون کو گرمادینے ، دماغ کو ماعوف کردینے والا سانحہ پیش آیا۔ آرمی پبلک اسکول پشاورکے معصوم بچوں کو دہشت گردوں نے بے دردی، سفاکی اور بے رحمی سے خون میں نہالا دیا۔۱۳۲ معصوم بچے اوردیگر ۹ افراد شہید کر دیئے گئے۔ اسکول کی پرنسپل طاہرہ قاضی نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بہادری، فرض شناسی اور قربانی کی اعلیٰ مثال پیش کی۔کہا جاتا ہے کہ فوجی کمانڈوز آپریشن کے دوران انہیں دہشتگردوں کے شکنجے سے بہ حفاظت باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن وہ یہ کہہ کر دوبارہ اسکول میں واپس چلی گئیں کہ میں اپنے اسکول کے بچوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی ۔ جس کے نتیجے میں درندہ صفت دہشتگردوں نے بے رحمی ، صفاکی، بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں زندہ جلادیا۔ طاہرہ قاضی نے جرٔت اور قربانی کی جو تاریخ رقم کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ رات گئے تک ان کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا کہ وہ کہاں ہیں آیا زندہ ہیں یا انہیں بھی دہشتگردوں نے شہید کردیا ہے۔ کافی تلاش کے بعد جب اسکول میں پڑی ہوئی لاشوں کو دیکھا گیا تو ان میں ایک لاش طاہرہ قاضی کی بھی تھی جن کی شناخت بھی نہیں ہو پارہی تھی کیونکہ جلنے سے ان کی لاش مسخ ہوچکی تھی۔ ان کے لواحقین نے ان کے ذیوارات سے انہیں پہچانا۔ طاہر ہ قاضی نے شہادت کے مرتبہ پر فائز ہو کر پوری قوم کو یہ سبق دیا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی بھی مشکل آئے ہمیشہ اپنے فرض کو مقدم رکھا جائے، ظلم و جبر کے سامنے فرار ہونے سے بہتر ہے کہ اس کے سامنے ڈٹ جایا جائے حتیٰ کہ اپنی جان چلی جانے کا اندیشہ ہو تو اس کی بھی پروانہ کی جائے۔

دہشتگردوں کی سفاکی، بر بریت اور درندگی کا اندزہ اس بات سے لگ یا جاسکتا ہے کہ اسکول کے ایک طالب علم جو قسمت سے زندہ بچ گیا کا کہنا تھا کہ ان کی پرنسپل کو ان کے سامنے آگ لگائی گئی۔ دہشتگرد بچوں سے ان کے نام پوچھتے اور ان کے والد کے پیشے کے بارے میں سوال کرتے۔ جن کا تعلق پاک افواج سے ہوتا انہیں اسی وقت بے رحمی سے ختم کردیا جاتا۔ طاہر ہ قاضی کے بارے میں یقینا ان کے پاس معلومات ہوں گی کہ ان کے شور کرنل(ریٹائر) قاضی ظفر اﷲ ہیں ۔اسی وجہ سے انہوں نے طاہرہ قاضی کے ساتھ انتہائی بربریت کا سلوک کرتے ہوئے طالب علموں کے سامنے انہیں جلا کر شہید کردیا۔دہشتگروں کا یہ عمل انہیں جنت میں لے جائے گا ۔کس قدر گمراہ ہیں اور لاعلم ہیں ان کے سربراہ اور یہ دہشتگرد خود ۔ یہ عمل کرنے والے مسلمان تو کیا انسان بھی کہلانے کے لائق نہیں۔

طاہرہ قاضی گزشتہ ۱۵ سال سے آرمی پبلک اسکول و کا لج میں درس و تدریس سے وابستہ تھیں۔اس اسکو کی پرنسپل مقرر ہونے سے قبل وہ اسی اسکول کی جونئیر ٹوڈ برانچ کی پرنسپل بھی رہ چکی تھیں۔ان کا تعلق لنڈی ارباب سے تھا۔لنڈی ارباب پشاور سے بہت نذدیک صرف ۱۵ منٹ کی مسافت پر ایک چھوٹا سا گاؤں ہے۔طاہر ہ قاضی اور ان کے شوہر کرنل(ریٹائر) قاضی ظفر اﷲ کا تعلق اسی گاؤں سے ہے۔ اس گاؤں میں زیادہ تر احمد زئی، قاضی، ارباب، فتح خان خیل اور گورگشت آباد ہیں۔اس گاؤں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس گاؤں سے پشاور شہر کے علاوہ پشا ور کے اہم جگہوں جن میں ائر پورٹ، رنگ روڈ شامل ہے کو راستہ جاتا ہے۔زراعت اور چھوٹی صنعتوں سے وابستگی اس گاؤں کے لوگوں کا ذریعہ معاش ہے۔گاؤں لنڈی ارباب چپلی کباب کے لیے بھی مشہور ہے۔طاہرہ قاضی کو ۱۵دسمبر ۲۰۱۲ء کو ’پرنسپل آف دی ائر ‘ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔جو اس بات کا ثبوت ہے کہ طاہرہ قاضی ایک اچھی استاد ہونے کے ساتھ ساتھ اچھی منتظم بھی تھیں۔

فرض شناسی کی حسین مثال طاہرہ قاضی نے پیش کرکے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ اگر موت کے سائے واضع طور پر نظر آرہے ہوں ظلم و بر بریت کے سامنے ڈٹ جایا جائے ، اپنے فرائض سے غفلت نہ برتی جائے۔ طاہر قاضی کو بہ حفاظت درندوں کے شکنجے سے نکال لیا گیا تھا وہ فوجی کمانڈوز کے کہنے پر باہر تو چلیں آئیں لیکن ان کے ضمیر نے یہ گوارہ نہ کیا کہ وہ اپنے معصوم بچوں ، اساتذہ اور اسکول کے دیگر عملے کودہشتگردوں کے رحم و کرم پررہنے دیں ۔ وہ یہ دیکھ آئیں تھیں کہ دہشتگرد سفاکی کے ساتھ انہیں شہید کر رہے ہیں انہوں نے واپس اسکول کے اندر جانے کا فیصلہ کیا حالانکہ انہیں احساس ہوگا کہ ان کے اس عمل سے ان کی اپنی جان بھی جاسکتی ہے۔ پھر بھی وہ واپس چلی گئیں۔ اپنے بیٹے احمد قاضی سے ٹیلی فون پر آخری گفتگو کرتے ہوئے کہ ’فون بند کرو میں نے بچوں کے والدین کو اطلاع کرنی ہے‘ ۔ سر پر موت کے سائے مڈ لا رہے تھے اور طاہرہ قاضی اپنے فرائض کی انجام دہی میں فکر مند تھیں۔ان کے بیٹے نے درست کہا کہ انہیں اپنی ماں کی اس قربانی پر فخر ہے۔ احمد قاضی نے یہ بھی کہا کہ ان کی ماں کو جلایا نہیں گیا۔ ہوسکتا ہے ایسا ہی ہوا ہو اور بیٹے نے اپنی ماں کا آخری دیدار کرتے ہوئے ایسا محسوس ہوا ہو۔ طاہر قاضی کی اس بے مثال قربانی پر پوری قوم کوان پر فخر ہے۔ حقیقیت یہ ہے کہ انہوں نے فرض شناسی اور قربانی کی لازوال مثال پیش کر کے پوری اساتذہ برادری کا ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔طاہر ہ قاضی کی جرٔت اور بہادری پر پوری قوم کاانہیں سلام۔
Prof. Dr Rais Ahmed Samdani
About the Author: Prof. Dr Rais Ahmed Samdani Read More Articles by Prof. Dr Rais Ahmed Samdani: 852 Articles with 1272268 views Ph D from Hamdard University on Hakim Muhammad Said . First PhD on Hakim Muhammad Said. topic of thesis was “Role of Hakim Mohammad Said Shaheed in t.. View More