یومِ قصاص ۔۔ ایک مجوزہ بل پارلمنٹ کی خدمت میں

ہماری تجویز ہے کہ ہر ماہ کے پہلے جمعہ کو یومِ قصاص قرار دیا جائے۔ اور بعد نماز جمعہ پچھلے ماہ عدالتوں سے سزائے موت کی سزا پانے والوں کو بلا تاخیر سرِعام پھانسی چڑھا دیا جائے سرِعام سے مراد صرف مقامی افراد کے سامنے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان بھر میں میڈیا کے ذریعہ یہ پھانسی براہِ راست دکھائی جائے۔ مزید یہ کہ اس بل کے ذریعے صدرِ پاکستان کے پاس رحم کی اپیل کی درخواست کی سہولت کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے جو کہ نہ صرف ان مقدمات کے فیصلوں کی سزاؤں میں تاخیر کا سبب بنتی ہے بلکہ پاکستانی تمام عدالتوں کا مذاق اڑانے کے مترادف بھی ہے۔ کسی مقتول کے ورثا عدالتوں پر اعتماد کرکے اپنا بدلہ لینے سے باز رہیں عدالتوں میں پیسہ خرچ کرکے دھکے کھا کر ایک عدالت سے فیصلہ لیں۔ پھر قاتلوں کے دوسری عدالت میں درخواست دائر کرنے پر دوسری عدالت سے بھی وقت اور پیسے برباد کرکے فیصلہ لیں اور پھر سپریم کورٹ سے بھی اسی عمل سے گزر کر اپنی ایسی تیسی کروا کر فیصلہ حاصل کریں اور یہ فیصلہ صدرِ پاکستان کی میز پر ایک درخواست کی صورت میں جانے کے بعد ایک جنبشِ قلم سے رد کر دیا جائے یا کیسا انصاف ہے۔

حکومت عوام کے لئے محافظ فراہم نہیں کر سکتی۔ پاکستان ہی کی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ایسا ہی ہے۔ لیکن دوسرے ممالک میں قتل اور سنگین وارداتوں کی وہ شرح نہیں جو وطنِ عزیز میں ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں قانون کا خوف ہے سزاؤن کا ڈر ہے۔ جتنی سزا سخت ہوگی اور عدل کا نظام شفاف ہوگا اتنا ہی جرم کرنے کا رجحان کم ہوگا جرائم سے خوف اور نفرت اتنی ہی زیادہ ہوگی۔ اس لئے سزاؤں کو نہ صرف سخت ہونا چاہیئے بلکہ ان کو معاشرے کے دوسرے افراد کے لئے عبرت کا نشان بھی ہونا چاہیئے یہی ایک کارگر حل ہے جس سے اس ملک میں سنگین جرائم کی روک تھام ممکن ہے۔
Dr. Riaz Ahmed
About the Author: Dr. Riaz Ahmed Read More Articles by Dr. Riaz Ahmed: 53 Articles with 40380 views https://www.facebook.com/pages/BazmeRiaz/661579963854895
انسان کی تحریر اس کی پہچان ہوتی ہےاس لِنک کو وزٹ کرکے بھی آپ مجھ کو جان سکتے ہیں۔ویسےکراچی
.. View More