سیرت و شہادت سیدنا حضرت عمر فاروقؓ

عمرؓ کے ایمان سے اسلام کوشوکت ملی
اہل ایمان کوسکونِ قلب کی دولت ملی
جانشین رسول ،امام العادلین ،امیرالمؤمنین،ناصردینِ مبین،فاتح اعظم سیدُناعمرفاروقؓ کی ولادت باسعادت واقعہ فیل کے تیرہ ۱۳برس بعدمکۃ المکرمہ میں ہوئی آپؓ کانام ’’عمر‘‘لقب’’فاروق‘‘کنیت’’ابوحفص‘‘ ہے۔آپؓ کے والدکانام خطاب اوروالدہ کانام حنتمہ بنت ہشام بن مغیرہ ہے ۔آپؓ کاشمارعشرہ مبشرہ صحابہ کرام میں ہوتاہے ۔عشرہ مبشرہ وہ صحابہ کرام جنہیں آقاﷺ نے ان کی حیات میں ہی جنت الفردوس کی بشارت دی تھی آپؓ کاخاندان اپنی ذاتی وخاندانی وجاہت کے اعتبارسے نہایت ممتازاوربلندمرتبہ کاحامل تھا۔آپؓ کاسلسلہ نسب آٹھویں پشت میں حضورنبی کریم ﷺ سے جاملتاہے ۔آپؓ کاسلسلہ نسب ’’ عمربن خطابؓ بن نفیل بن عبدالعزیٰ بن رباح بن عبداﷲ بن قرط بن زراح بن عدی بن کعب بن لوئی ہے‘‘۔آپ ؓ کاحلیہ مبارک،عادات ،رہن سہن بلکہ زندگی کاہرایک پہلوحضورنبی کریمﷺ کے اسوۂ حسنہ کانمونہ تھا۔روایات میں آپؓ کاحلیہ مبارک کچھ یوں ہے ۔’’گندمی رنگ،سفیدی اورسیاہی کاامتزاج،جس میں ہلکی سرخی نمایاں تھی،رخسارزیادہ بھرے ہوئے نہ تھے ،داڑھی مبارک گھنی،درازقدجوہزاروں آدمیوں میں بھی نمایاں نظرآئے ،جسم دبلاپتلاچال میں متانت ،سرمبارک کے بال ہلکے ،شخصیت میں ایسارعب کہ جودیکھے وہ متاثرہوئے بغیرنہ رہ سکے ــ‘‘۔

فضائل و مناقب
حضرت ابن عباسؓ سے مروی ہے کہ جب حضرت عمرفاروقؓ اسلام لائے تومشرکین نے کہاآج ہماری طاقت آدھی ہوگئی اس وقت حضرت عمرؓ کے حق میں یہ آیت کریمہ نازل ہوئی (تفسیرمظہری ،درمنثور)ترجمہ’’اے غیب کی خبریں بتانے والے اﷲ تمہیں کافی ہے اوریہ جتنے مسلمان تمہارے پیروہوئے۔(الانفال)
حضرت ابوسعیدخدری ؓ سے مروی ہے کہ حضورنبی کریمﷺنے فرمایا’’میرے صحابہ کوبُرامت کہواگرتم میں سے کوئی احدپہاڑکے برابربھی سوناخرچ کردے توپھربھی وہ ان کے سیربھریااس سے آدھے کے برابربھی نہیں پہنچ سکتا(بخاری)حضرت عبداﷲ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ حضورنبی کریمﷺ نے فرمایا’’جس نے میرے صحابہ کوگالی دی تواس پراﷲ تعالیٰ کی ،تمام فرشتوں اورتمام انسانوں کی لعنت ہے‘‘۔حضرت ابوسعیدخدریؓ سے روایت ہے کہ حضورنبی کریمﷺ نے فرمایا’’ہرنبی کے لئے دووزیرآسمان والوں میں سے اوردووزیرزمین والوں میں سے ہوتے ہیں ۔سوآسمان والوں میں سے میرے دووزیر،جبرائیل ؑومیکائیل ؑہیں اورزمین والوں میں سے میرے دووزیرابوبکرؓاورعمرؓ ہیں۔(ترمذی)حضرت عبداﷲ بن حنطبؓ سے روایت ہے کہ حضورنبی اکرمﷺ نے حضرت ابوبکراورحضرت عمرؓ کودیکھاتوفرمایا:یہ دونوں (میرے لئے)کان اورآنکھ کی حیثیت رکھتے ہیں‘‘۔(ترمذی) آقاﷺ کاارشادگرامی ہے ۔’’اگربالفرض(میں خاتم النبین نہ ہوتااور) میرے بعدکوئی نبی ہوتاتووہ (حضرت)عمربن خطاب(رضی اﷲ تعالیٰ عنہ)ہی ہوتے ۔(جامع ترمذی،مسندامام احمد)حضرت جابربن عبداﷲؓ فرماتے ہیں ’’میں نے امیرالمومنین حضرت سیدناابوبکرصدیقؓ سے بڑھ کرکسی کورعایاکے حق میں بہتراورمہربان نہیں دیکھااورامیرالمومنین حضرت سیدعمرفاروقؓ سے بڑھ کرکسی کوکتاب اﷲ(قرآن پاک)کاعالم ،دین کافقیہہ ،حدوداﷲ کانافذکرنے والااوررعب ودبدبہ والانہیں دیکھاہے۔(اسدالغابہ)

قبول اسلام
آقاﷺ نے جس وقت نبوت کااعلان کیااس وقت آپؓ کی عمرقریباًستائیس برس تھی ۔آقاﷺ نے جب توحیدکی دعوت دی توآپؓ نے ابتداء میں اس دعوت کوقبول کرنے سے انکارکردیا۔آقاﷺ نے اﷲ عزوجل سے دعافرمائی ’’یااﷲ!عمربن خطاب ؓ یاعمربن ہشام دونوں یادونوں میں سے ایک کے ذریعے اسلام کی خدمت فرما‘‘۔آقاﷺ کی دعاشرف قبولیت کوپہنچی اورحضرت سیدناعمرفاروقؓ دائرہ اسلام میں داخل ہوئے ۔حضرت سیدناعمرفاروقؓ چالیس مردوں اورگیارہ عورتوں کے بعداسلام لائے ۔آپؓ کے قبولِ اسلام سے پہلے آپؓ کے بہنوئی حضرت سعیدبن زیدؓ اورآپؓ کی ہمشیرہ حضرت فاطمہ بنت خطاب ؓ بھی دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے تھے ۔انہوں نے قبولِ اسلام کوخاندان کے دیگرلوگوں اورحضرت سیدناعمرفاروقؓ سے چھپارکھاتھااسی طرح حضرت سیدناعمرفاروقؓ کے خاندان کے ایک اورشخص حضرت نعیم بن عبداﷲ ؓ بھی اسلام قبول کرچکے تھے ۔آپؓ اسلام قبول کرنیوالوں کے ساتھ نہایت سختی سے پیش آتے ۔ایک دن آپؓ اسی کیفیت میں نیام سے تلوارنکالے جارہے تھے کہ راستے میں حضرت نعیم بن عبداﷲ ؓ سے ملاقات ہوئی ۔حضرت نعیم بن عبداﷲؓ نے جب آپؓ کواس حالت میں دیکھاتوپوچھاکیوں عمرؓ کہاں کاارادہ ہے ؟آپؓ نے کہامیں محمدﷺ کوقتل کرنے کی غرض سے چلاہوں ۔حضرت نعیم بن عبداﷲ نے حضرت سیدناعمرفاروقؓ کی بات سن کرکہاکہ عمرؓ!تمہیں تمہارانفس دھوکہ دے رہاہے تم کیاسمجھتے ہوکہ اگرتم نے محمدﷺ کوقتل کردیاتوبنی عبدمناف تمہیں چھوڑیں گے ،تم زمین پرچلنے کے قابل بھی نہ رہوگے اورمحمدﷺ کوقتل کرنے سے پہلے اپنے گھرکی خبرلوتمہاری بہن اورتمہارے بہنوئی نے اسلام قبول کرلیااورانہوں نے حضورﷺ کی پیروی اختیارکرلی ہے ۔حضرت سیدناعمرفاروقؓ نے جب یہ بات سنی توراستہ بدل کراپنی بہن حضرت فاطمہ بنت خطابؓ کے گھرروانہ ہوگئے ۔آپؓ کی بہن اوربہنوئی کے گھراسوقت حضرت خباب بن الارت ؓ موجودتھے جوانہیں سورۃ طہٰ کی تعلیم دے رہے تھے حضرت سیدناعمرفاروقؓ کے قدموں کی آہٹ سن کرحضرت سعیدبن زیدؓ نے حضرت خباب بن الارت ؓ کوگھرکے ایک کونے میں چھپادیا۔آپؓ گھرمیں داخل ہوئے اورپوچھاتم لوگ ابھی کیاپڑھ رہے تھے؟آپؓ کی بہن نے کہاکچھ بھی نہیں ۔آپؓ نے کہاکہ میں نے خوداپنے کانوں سے تم دونوں کوکچھ پڑھتے سناہے اورمجھے یہ بھی معلوم ہواہے کہ تم دونوں نے محمد(ﷺ )کے دین کی پیروی اختیارکرلی ہے آپؓ نے یہ کہتے ہی اپنے بہنوئی حضرت سعیدبن زیدؓ کے منہ پرطمانچہ دے مارا۔حضرت فاطمہ ؓ بن خطاب شوہرکوبچانے کے لئے آگے بڑھی توآپؓ نے ان کودھکادے ماراجس سے ان کاسرپھٹ گیااورخون بہناشروع ہوگیا۔آپؓ کے بہنوئی نے آپؓ کے جلال کی پرواہ کئے بغیرکہاکہ ہاں !ہم نے اسلام قبول کرلیاہے اورآقاﷺ پردل وجان سے ایمان لے آئے ہیں ۔آپؓ نے جس وقت حضرت سعیدبن زیدکاسخت لہجہ اوربہن کابہتاہواخون دیکھاتوقدرے شرمندہ ہوگئے اورکہنے لگے اچھامجھے بھی وہ صفحات دکھاؤجوتم پڑھ رہے تھے میں تمہیں پڑھ کرواپس کردوں گا۔حضرت فاطمہ بنت خطابؓ نے کہاکہ ان صفحات کوکوئی ناک شخص نہیں چھوسکتااس کے لئے پہلے تمہیں غسل کرناہوگاحضرت سیدناعمرفاروقؓ نے غسل کیااوراپنی بہن اوربہنوئی سے اوراق کامطالبہ کیا۔آپؓ کی بہن نے خودسورہ طہٰ کی تلاوت شروع کی جب وہ اس آیت کریمہ پرپہنچیں ۔(ترجمہ)’’بے شک میں ہی اﷲ ہوں اورمیرے سواکوئی دوسرامعبودنہیں اسلئے تم میری عبادت کرواورمیری ہی یادمیں نمازپڑھاکرو‘‘۔توحضرت سیدناعمرفاروقؓ کی آنکھوں سے آنسونکل گئے اورکہنے لگے کس قدراچھااورعظمت والاکلام ہے ۔آپؓ بے اختیارپکاراُٹھے۔اشھدان لاالٰہ الااﷲ واشھدان محمدرسول اﷲ حضرت خباب بن الارت ؓ جوکہ گھرمیں چھپے ہوئے تھے انہوں نے جب آپؓ کی زبان سے یہ کلمات سنے توباہرنکل آئے اورکہنے لگے عمرؓ !واﷲ میں نے کل ہی حضورﷺ کویہ دعافرماتے ہوئے سناتھاکہ یاالٰہی !عمربن خطاب ؓ اورعمربن ہشام دونوں میں سے ایک کے ذریعے دین اسلام کوتقویت پہنچااﷲ پاک نے اپنے محبوبﷺکی دعاقبول فرمالی اوردین اسلام کوتمہارے ذریعے تقویت پہنچائی ۔آپؓ کے قلب پررقت طاری ہوئی اورحضرت خباب بن الارت سے کہنے لگے کہ مجھے حضورﷺ کی خدمت میں لے جاؤ۔آقاﷺ اس وقت کوہِ صفاکے نواح میں دارِارقم میں موجودتھے ۔ حضرت سید ناعمرفاروقؓ دارِارقم روانہ ہوگئے ۔صحابہ کرام علہیم الرضوان نے جب عمرِفاروقؓ کوآتے دیکھاتوآقاﷺ کواس بات کی اطلاع پہنچائی ۔حضورﷺ کے چچاسیدناحضرت حمزہ ؓ جوکہ اسوقت آقاﷺ کے پاس موجودتھے انہوں نے حضرت عمرفاروقؓ کے متعلق سناتوفرمایاکہ عمرکوآنے دواگرتووہ بھلائی کے ارادے سے آیاہے تواسکے ساتھ بھلائی ہی ہوگئی اوراگرکسی برائی کے ارادے سے یہاں آیاہے تومیں اس کاسرقلم کردوں گا۔حضرت سیدناعمرفاروقؓ جس وقت دارِارقم میں داخل ہوئے توآقاﷺ نے آپؓ کادامن پکڑکرفرمایاعمرؓ !کیاارادہ لے کرآئے ہو؟آپؓ نے عرض کیایارسول اﷲﷺ !اسلام قبول کرنے کے لئے حاضرخدمت اقدس ہواہوں ۔آقاﷺ نے آپؓ کی با ت سن کرنعرہ تکبیربلندکیااورصحابہ کرام علہیم الرضوان نے جواب میں اﷲ اکبرکانعرہ بلندکیاجس سے کوہِ صفاکی پہاڑیاں گونج اٹھیں۔جب آپؓ نے اسلام قبول کیاتوابوجہل کے گھرجاکرفرمایامیں تمہیں بتانے آیاہوں کہ میں نے اسلام قبول کرلیاہے اوراگراب تم نے آقاﷺ کے بارے میں کچھ غلط کیایاکہاتومجھ سے براکچھ نہ ہوگا۔آپؓ نے اسلام قبول کرنے کے بعدآقاﷺ سے عرض کیایارسول اﷲﷺ !جب ہمارادین برحق ہے اورمشرکین باطل ہیں توپھرہم اس دین کوپوشیدہ رکھ کرکیوں عبادت کرتے ہیں آپﷺ مجھے اجازت دیجیے رب کعبہ کی قسم جس نے آپﷺ کودین حق کے ساتھ مبعوث فرمایاہے اسلام قبول کرنے سے پہلے میں کفریہ مجالس میں بھی اعلانیہ شرکت کرتاتھااب میں دین اسلام کی محافل کاخوب چرچاکروں گااوردیکھوں گاکہ کس میں اتنی جرأت ہے کہ وہ آپﷺ اورصحابہ کرام علہیم الرضوان کی طرف گندی نظروں سے دیکھ سکے ۔آقاﷺ کی اجازت کے بعدآپؓ خانہ کعبہ میں تشریف لے گئے اورمشرکین مکہ کومخاطب کرتے ہوئے فرمایااے لوگو!جوشخص مجھے جانتاہے اسے خوب معلوم ہے اورجومجھے نہیں جانتااسے معلوم ہوناچاہیے میں عمربن خطاب ہوں اے مشرکین مکہ!میں نے اسلام قبول کرلیاہے اورآقاﷺ کی اطاعت اختیارکرلی ہے میں تمہیں آقاﷺ کی اطاعت کی دعوت دیتاہوں اگرتم نے اس دعوت کوقبول کرنے میں سستی دکھائی توعنقریب میری تلوارتمہاری گردنوں پرہوگی۔اس اعلان کے بعدآپؓ نے بیت اﷲ شریف کاطواف کیااوربلندآواز سے کلمہ طیبہ کاوردجاری رکھا۔ابن سعدکی روایت ہے کہ جب حضرت سیدناعمرفاروقؓ نے اسلام قبول کیااسکے بعدسے اسلام کوکبھی زوال نہ آیااورمسلمانوں کوکبھی رسوائی کاسامنانہ کرناپڑا۔

ام المومنین حضرت عائشۃ الصدیقہؓ سے مروی ہے کہ جب حضرت سیدناابوبکرصدیقؓ کے وصال کاوقت قریب آیاتوآپؓ نے حضرت سیدناعمرفاروقؓ کوبطورِ خلیفہ نامزدکیاحضرت سیدناعلی المرتضیٰ ؓ اورحضرت طلحہؓ اس وقت سیدناابوبکرصدیقؓکے پاس تشریف لائے اوردریافت کیاکہ آپؓ نے کس کوخلفیہ نامزدکیاہے ؟آپؓ نے جواب دیاکہ میں نے عمرؓ کوخلفیہ نامزدکیاہے دونوں صحابہ کرام ؓ نے بیک وقت پوچھاآپؓ!اپنے رب کوکیاجواب دیں گے؟فرمایاکیاتم مجھے اﷲ پاک سے ڈراتے ہوبے شک میں اﷲ اورعمرؓ کوتم دونوں سے زیادہ جانتاہوں ،میں کہوں گاکہ میں لوگوں میں سے بہترین کوخلیفہ مقررکرکے آیاہوں ۔منصب خلافت سمنبھالتے وقت آپؓ کی عمرمبارک قریباًباون سال تھی ۔آپؓ نے منصب خلافت سمنبھالنے کے بعدسب سے پہلے فوجی معاملات اورعراق کی مہم کی جانب اپنی توجہ مبذول فرمائی اورحضرت خالدبن ولیدؓ کوکمانڈرانچیف کے عہدے سے ہٹاکرحضرت عبیدہ بن الجراح ؓ کوکمانڈرانچیف مقررکیا۔تاریخ اسلام میں کوئی بھی شخص حضرت سیدناعمرفاروقؓ کے پایہ کافاتح نہیں ہوآپؓ کی فتوحات کااندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ آپؓ کے دورخلافت میں چھتیس سوعلاقے فتح ،نو۹۰۰سوجامع مساجداور۴۰۰۰عام مساجدتعمیرہوئیں ۔آپؓ کے دورِ خلافت میں مفتوح علاقوں کاکل رقبہ بائیس لاکھ مربع میل ہے ۔آپؓ کے ساڑھے دس سالہ دورِ حکومت میں کئی بڑے علاقے اورملک فتح ہوئے ۔آپؓ کی بہترین جنگی حکمت عملی کے باعث مسلمان ملک عرب سے باہرنکل کرایک بڑے حصے پرقابض ہوئے اوراسلام کاجھنڈالہرایا۔خلافت کاآغازحضورنبی کریم کے دنیاسے ظاہراًپردہ فرمانے کے بعدحضرت سیدناابوبکرصدیقؓ کے خلفیہ بنتے ہی شروع ہوگیاتھامگرانتظامی امورجن کے لئے محکموں کاقیام ضروری تھاوہ حضرت سیدناابوبکرصدیقؓ کے دورِخلافت میں معرضِ وجودمیں نہ آسکے کیونکہ اسکی بڑی وجہ یہ تھی کہ حضرت سیدناابوبکرصدیقؓ جب خلفیہ مقررہوئے تواس وقت مختلف فتنے برپاہوگئے جن میں نبوت کے جھوٹے دعویدار،منکرین زکوٰۃ وغیرہ جس کی وجہ سے حضرت سیدناابوبکرصدیقؓ نے اُمت کی یکجہتی کے لئے ان کے خلاف جہادشروع کیااورآپؓ کے مختصردورِ خلافت میں ان تمام فتنوں کاسدِ باب کیاگیا۔حضرت عمرفاروقؓ کے دورِخلافت میں مجلس شوریٰ قائم کی گئی ۔آپؓ نے ملک کوآٹھ صوبوں میں تقسیم فرمایاجن کے نام یہ مکۃ المکرمہ،مدینۃ المنورہ،شام،جزیرہ،بصرہ،کوفہ، مصراورفلسطین ہیں ۔صوبوں کے انتظامی امورکوچلانے کے لئے گورنرمقررکیے اورگورنرکی مددکے لئے دیگرعہدیدارمقررکئے گئے جن کی تفصیل یہ ہے ۔صاحب بیتُ المال (وزیزخزانہ) قاضی(جس کاکام ہرقسم کے مقدمات کافیصلہ کرناتھا)صاحب احداث(پولیس کااعلیٰ افسر)صاحب الخراج(محکمہ زکوٰۃ کاانچارج) کاتب دیوان (فوجی دفترکامنشی)کاتب(جوگورنرکی خط وکتابت کرتا)آپؓ کی جانب سے حکومت کے تمام عہدیداروں کوتنخواہ دی جاتی تھی تاکہ وہ حکومتی کام کے علاوہ کوئی اورکام نہ کریں ۔آپؓ کے دورِ خلافت میں بیت المال کاقیام ۱۵ہجری معرض وجودمیں آیا۔حضرت ابوہریرہؓ سے مروی ہے کہ حضرت ابوموسیٰ اشعری ؓ آٹھ لاکھ درہم لے کرحضرت عمرفاروقؓ کی خدمت میں حاضرہوئے اتنی کثیررقم چونکہ فوری طورپرخرچ نہیں کی جاسکتی تھی اس لئے حضرت عمرفاروقؓ نے اس رقم کواپنے پاس رکھ لیا۔حضرت عمرفاروق ؓ اس رات کوسونہ سکے بلکہ سوچتے رہے اتنی بڑی رقم کاکیامصرف ہوناچاہیے ۔ نمازِفجرکے وقت آپؓ کی بیوی نے آپؓ سے دریافت کیاکہ کیاوجہ تھی کہ آپؓ رات بھرسونہ سکے؟آپؓ نے فرمایاکہ میرے پاس لوگوں کی امانت موجودتھی اوراتنامال دین اسلام کے بعدکبھی بھی ہمارے پاس نہیں آیامجھے خطرہ تھاکہ کہیں میں مرجاؤں اوریہ مال میرے پاس رہ جائے ۔اس کے بعدآپؓ نے صحابہ تمام اکابرصحابہؓ کواکٹھاکیااوران سے رائے طلب فرمائی کہ اس رقم کاکیاکرناچاہیے؟کیامیں لوگوں کوناپ تول کرکے ساری تقسیم کردوں ۔تمام اکابرصحابہ کرام علہیم الرضوان نے بیک زبان ہوکرکہاکہ ایسے مت کیجیے لوگ اسلام میں داخل ہوتے رہیں گے اورمال کثیرہوتارہے گاآپؓ لوگوں کولکھ کردیجیے پس جب کبھی لوگ زیادہ ہوں اورمال زیادہ ہوتوآپؓ اسی تحریرکے مطابق ان کودیتے رہیئے گاآپؓ نے فرمایاکہ پھرمیں اس کی تقسیم حضورﷺ کے خاندان سے شروع کروں گااوراس کے بعدحضرت سیدابوبکرصدیقؓ کاخاندان اورپھرترتیب سے چنانچہ رجسٹرتیارکیاگیاجس میں بنی ہاشم ،پہلے،بنی مطلب دوسرے،بنی عبدشمس تیسرے،بنی نوفل چوتھے بنی عبدمناف پانچویں،بن عبدشمس چھٹے اوراسی طرح باقی ترتیب بنائی گئی ۔آپؓ نے بیت المال کے قیام کے بعدتمام صوبوں کے گورنروں کوہدایت کہ وہ اپنے مصارف کے لئے رقم نکال کربقایارقم اورمال مرکزی بیت المال کوروانہ کردیاکریں ۔ایک مرتبہ صدقے کے کچھ اونٹ بیت المال میں آئے حضرت سیدناعمرفاروقؓ نے حضرت سیدناعثمان غنیؓ اورحضرت سیدناعلی المرتضیٰ ؓ کوبلابھیجاتاکہ ان کے کوائف تیارکیے جائیں اس دوراب آپؓ خوددھوپ میں کھڑے ہوکران اونٹوں کے رنگ ،عمراورحلیہ لکھواتے رہے ۔آپؓ نے بیت المال کے لئے عمارت تعمیرکروائیں جن کومسجدوں سے ملحقہ رکھاگیاتاکہ مسجدوں میں ہروقت لوگوں کی موجودگی کی وجہ سے چوری کاامکان نہ رہے بیت المال میں آمدنی کے ذرائع جووضع کئے گئے تھے ۔خراج بیت المال میں آمدنی کاسب سے بڑاذریعہ خراج تھااﷲ پاک نے جس وقت اسلام کوملک عرب سے باہرفتح دینی شروع کی تولشکراسلام کے سپاہیوں نے تقاضاکیاکہ مفتوحہ علاقوں کی زمینیں ان میں تقسیم کردی جائیں آپؓ نے ان کی اس تجویزکوردکیااورحکم جاری کیاکہ زمینیں ان کے سابقہ مالکوں کے پاس ہی رہیں گی اوران پرٹیکس کانظام نافذکیاجائے گاجس پرزمینوں کے مالک سالانہ رقم کی ادائیگی کریں گے ۔بیت المال کی آمدنی کاایک اورذریعہ جزیہ تھا جولشکراسلام لوگوں کوامان دینے کے سلسلے میں وصول کرتاتھا۔مسلمانوں کی ملکیت میں جوزمینیں تھیں آپؓنے ان پرخراج کی بجائے عشرکانظام رائج کیاجس کے مطابق وہ اپنی پیدوارکادسواں حصہ بیت المال میں جمع کروانے کاپابندتھا۔ عشورکانظام جوآپؓ کی ایجادتھی ۔کوئی مسلمان تاجراپناسامانِ تجارت دوسرے ملک لے کرجائے گاتووہ پہلے اپنے مال کادس فیصدٹیکس اورجو دوسرے ممالک سے اپنے سامانِ تجارت فروخت کرنے والے تاجربھی اپنے مال کادس فیصدٹیکس بیت المال میں جمع کروائے گا۔زکوٰۃ، صدقات،مال غنیمت وغیرہ ۔آپؓ نے بیت المال کے اخراجات کے لئے مدارج مقررفرمائے جن کے تحت بیت المال کی رقوم کوخرچ کیاجاتارہا۔بنوہاشم کے ہرفردکے لئے سالانہ۱۵۰۰ہزاردرہم ،حضرت سیدناعباسؓ کے لئے سالانہ۱۴۰۰ہزاردرہم ،اصحاب بدرکے لئے سالانہ ۵۰۰۰ہزاردرہم ،ہرانصاری کے لئے سالانہ ۴۰۰۰ہزاردرہم،مہاجرین حبشہ کے لئے سالانہ ۴۰۰۰ہزاردرہم ،اسامہ بن زیدؓ کے سالانہ ۴۰۰۰ہزاردرہم،حضرت عبداﷲؓ کے سالانہ ۳۰۰۰ہزاردرہم،ازواجِ مہاجرین وانصارکے لئے سالانہ ۲۶۰۰سودرہم ،اہل مکہ کے لئے سالانہ ۸۰۰سودرہم،حضرت صفیہ بن عبدالمطلب کے لئے سالانہ۶۰۰۰ہزاردرہم ،ہرمعصوم بچے کاسالانہ وظیفہ۱۰۰سودرہم بچے کابالغ ہونے پرسالانہ وظیفہ ۵۰۰سودرہم اس کے علاوہ تمام وہ لوگ جوکسی نہ کسی طرح حکومتی کام میں مددگارتھے اورحکومت کے ملازم تھے ان کی تنخواہیں بھی ان کے کام کے حساب سے مقررکی گئیں۔لوگوں کی تجویزپرآپؓ کے لئے بیت المال سے وظیفہ لینے کی تجویزپیش کی گئی تھی جووظیفہ حضرت سیدناابوبکرصدیقؓ کے لئے مقررتھاآپؓ نے وہی وظیفہ اپنے لئے مقررکیا۔بعدمیں تمام اکابرصحابہ کرام علہیم الرضوان نے متفقہ طورپراضافہ کی منظوری دے دی ۔غیرمسلموں کے لئے وظائف مقررکئے گئے ۔آپؓ نے بیت المال کی اضافی رقم سے بہت سے تعمیرات بھی کروائیں جن میں سب سے اہم سڑکوں کی تعمیرہے تاکہ لوگوں کوآمدورفت میں آسانی ہواس مقصدکے لئے سڑکوں کاجال بچھایاگیا۔پُل تعمیرکئے گئے اورچوکیاں قائم کی گئیں ۱۷ہجری میں حرمین شریفین کے درمیان سڑک کاکام مکمل ہواجہاں ہرمنزل پرایک فوجی چوکی قائم کی گئی سرائے بنائی گئیں ،ہرمنزل پرپانی کاانتظام کیاگیا،جس کے لئے کنویں اورچشمے تعمیرکئے گئے ۔آپؓ کے دورِ خلافت میں فتوحات کادائرہ وسیع ہوااورلوگ جوق درجوق دائرہ اسلام میں داخل ہونے لگے توہرسال حج کرنیوالے زائرین کی تعدادمیں بھی اضافہ ہونے لگاجس کے باعث بیت اﷲ شریف کی توسیع ناگزیرہوگئی آپؓ نے ۱۷ہجری میں بیت اﷲ شریف کے گردوبیش کے مکانات خریدکرگرادیئے اوراس جگہ کوبیت اﷲ شریف کے صحن میں شامل کرکے چاردیواری تعمیرکروادی ۔اسی طرح ۱۷ہجری میں مسجدنبویﷺ کی توسیع کاحکم دیا۔قحط سالی میں پریشانی سے بچنے کے لئے غلہ کے گودام تعمیرکروائے جس میں سرکاری غلہ کومحفوظ رکھاجاتا۔آپؓ نے سیلابی پانی کوشہروں میں داخل نہ ہونے کے لئے دریاؤں پربندتعمیرکروائے تھے ۔آپؓ نے مہمان خانوں کی تعمیرکروائی ۔ تاکہ دوسرے شہروں سے آئے ہوئے مسافروں کوکسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔آپؓ نے باقاعدہ فوج کامحکمہ قائم کیاجس میں باقاعدہ لوگوں کوبھرتی کیاگیا ان کی تنخواہیں مقررکی گئیں تاکہ بوقت ضرورت اس بات کاانتظارنہ کرناپڑے کہ لوگ جمع ہوں اورجہادشروع کیاجاسکے ۔اس کے بعددیگرعلاقوں میں فوجی مراکزقائم کئے گیے اسلامی مملک کے مختلف حصوں میں چھاؤنیوں کی تعمیرکی گئی ۔آپؓ نے فوج کی آسانی کے لئے بہت سے انتظامات کیے ۔آپؓ نے اپنے دورِخلافت میں تعلیم کے لئے بھی باقاعدہ ایک محکمہ قائم کیا۔آپؓ نے نصاب ِتعلیم میں قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم اورحفظ قرآن ،عربی لغت اورعربی ادب کی تعلیم کوبصابِ تعلیم کاجزوبنایا۔رفتہ رفتہ جب نظام تعلیم چل پڑاتوآپؓ نے نظام تعلیم میں حدیث وفقہ کی تعلیم اورفن وکتابت کوبھی اس نصاب کاحصہ بنادیااس کے علاوہ ہرطالب علم کونیزہ باری،شمشیرزنی،تیراندازی،نشانہ بازی اورشہسواری کی تعلیم بھی دی جاتی تھی ۔آپؓ نے نظام تعلیم کوروانی سے چلانے کے لئے ان اساتذہ کابندوبست کیاجوکہ حفاظ تھے،مفسرتھے،محدث تھے ،فقیہہ تھے،ادیب تھے ،مجاہدتھے اورخاص کربارگاہ نبویﷺ سے فارغ التحصیل تھے ۔آپؓ نے ان اساتذہ کی معقول تنخواہیں مقررکیں تاکہ وہ دلجمعی سے طلباء کوتعلیم دے سکیں ۔آزادعدلیہ کاقیام بھی آپؓ کے دورخلافت کابڑاکارنامہ تھا۔آپؓ نے اپنے دورِخلافت میں ہجری سال کاآغازکیا۔آپؓ نے اپنے دورخلافت میں دین کی اشاعت کے لئے بڑھ چڑھ کرکام کیا۔

شہادت
مدینہ منورہ میں مغیرہ بن شعبہ کاایک نصرانی غلام فیروزابولولورہتاتھاجوکہ نہاوندکے معرکہ میں قیدہوکرمدینہ منورہ میں لایاگیاتھا۔ایک دن فیروزابولولوامیرالمومنین حضرت سیدناعمرفاروق ؓ کی خدمت میں حاضرہوتااورکہتاہے کہ میراآقامجھ سے زیادہ محصول وصول کرتاہے ۔امیرالمومنین نے اس سے محصول کی رقم دریافت کی تواس نے کہاکہ دودرہم روزانہ ،امیرالمومنین حضرت سیدناعمرفاروقؓ نے اس سے دریافت کیاکہ تم کام کیاکرتے ہو؟اس نے کہاکہ امیرالمومنین میں نقاشی اورنجاری کاکاکام کرتاہوں ۔آپؓ نے فرمایاکہ ان ہنروں کے آگے یہ رقم زیادہ نہیں ۔فیروزابولولونے جب یہ سناتووہ امیرالمومنین ؓ سے دل میں بغض رکھنے لگا۔ذی الحجہ ۲۳ہجری نمازفجرکے وقت جب تمام مسلمان مسجدنبویﷺمیں نمازکے لئے جمع ہوئے توفیروزابولولوایک تیزدھارخنجرلے کرمسجدنبویﷺمیں داخل ہوا۔امیرالمومنین حضرت سیدناعمرفاروقؓ نمازفجرکے وقت تشریف لائے اورنمازکے لئے صفیں درست کروانے لگے ۔جب آپؓ صفیں درست کروانے کے بعدامامت کے لئے کھڑے ہوئے اورتکبیرکہہ کرنمازشروع کی توفیروزابولولواس دوران نمازیوں کی صفیں چیرتاہواتیزی سے آگے بڑھااور آپؓ پریکے بعددیگرے چھ وارکئے جن سے ایک وارزیرناف لگاجس سے آپؓ نڈھال ہوگئے ۔آپؓ نے حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ کوپکڑکرامامت کے لئے آگے کیااورآپؓ بے ہوش گئے ۔فیروزابولولونے حضرت سیدناعمرفاروقؓ پرحملہ کرنے کے بعدبھاگنے کی کوشش کی اورجب لوگوں نے اسے پکڑلیاتوفیروزابولولو نے اپنے ہی خنجرسے خودکشی کرلی ۔نمازفجراداکرنے کے بعدامیرالمومنین سیدناعمرفاروقؓ کوگھرلایاگیا۔آپؓ نے ہوش میں آتے ہی پوچھامیراقاتل کون ہے ؟آپؓ کوبتایاگیاکہ فیروزابولولو اوراس نے اپنے خنجرسے خودہی خودکشی کرلی ہے ۔آپؓ نے اﷲ رب العالمین کاشکراداکیاکہ میراقاتل کوئی مسلمان نہیں ہے اس دوران طبیب کوبلایاگیاجس نے آپؓ کودودھ اورنبیذپلایاجوکہ زخم کے راستے سے باہرنکل آیا۔آپؓ کی حالت آہستہ آہستہ مزیدخراب ہونے لگی ۔آپؓ نے اپنے بیٹے حضرت عبداﷲ بن عمرؓ کواُم المومنین سیدتناحضرت عائشۃ الصدیقہؓ کے پاس بھیجاکہ وہ انہیں حضورنبی کریمﷺاورحضرت سیدناابوبکرصدیقؓ کے پہلومیں سپردخاک ہونے کی اجازت مراحمت فرمادیں ۔حضرت عبداﷲ بن عمرؓ جب اُ م المومنین سیدتناحضرت عائشۃ الصدیقہؓ کے پاس پہنچے اوران سے امیرالمومنین حضرت سیدناعمر فاروقؓ کی خواہش کااظہارکیاتواُم المومنین سیدتناحضرت عائشۃ الصدیقہؓ نے فرمایایہ جگہ تومیں نے اپنے لئے رکھی ہوئی تھی لیکن میں حضرت سیدناعمرفاروقؓ کی ذات کوخودپرترجیح دیتی ہوں اوریہ جگہ ان کوعطاکرتی ہوں ۔امیرالمومنین حضرت سیدناعمرفاروقؓ کوجب بتایاگیاکہ اُم المومنین سیدتناحضرت عائشۃ الصدیقہؓ نے جگہ مرحمت فرمادی ہے توآپؓ نے اپنے بیٹے حضرت عبداﷲ عمرؓ سے فرمایاکہ میرے سرکے نیچے سے تکیہ ہٹادوتاکہ میں اپناسرزمین سے لگاسکوں اوراﷲ پاک کاشکراداکروں ۔

آپؓ نے بوقت وصال اپنے بیٹے حضرت عبداﷲ بن عمرؓ سے کہاکہ دیکھومیراوپربیت المال کاکتناقرض ہے ؟حضرت عبداﷲ بن عمرؓ نے فرمایاکہ چھیاسی ہزارآپؓ نے فرمایاکہ تم میراتمام مال فروخت کرکے بیت المال میں جمع کرادینااوراگریہ رقم ناکافی ہوتوپھراپنے مال سے اسکواداکرنااوراگرپھربھی ناکافی ہوتوبنی عدی بن کعب سے لے لینااوراگرپھربھی یہ قرضہ پورانہ ہوتوقریش سے قرضہ کی ادائیگی کاسوال کرنااوران کے علاوہ کسی سے نہ کہنا۔

جب آپؓ کے وصال کاوقت قریب آیاتوصحابہ کرام ؓ کی ایک جماعت نے آپؓ سے خلفیہ کی نامزدگی کامطالبہ کیاآپؓ نے حضرت ابن عباسؓ سے فرمایاکہ تم جاکر حضرت عثمان غنیؓ ،حضرت علی المرتضیٰؓ،حضرت طلحہ بن عبیداﷲؓ،حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ،حضرت زبیربن العوام اورحضرت سعدبن ابی وقاصؓ کوبلالاؤ۔جب یہ صحابہ کرام علہیم الرضوان حاضرِ خدمت ہوئے توآپؓ نے فرمایاکہ میں خلافت کاامرتمہارے سپردکرتاہوں کہ حضورنبی کریمﷺ اپنے وصال کے وقت تم سب سے راضی تھی ۔اس لئے میں یہ امرتمہارے سپردکرتاہوں اورتم خودمیں سے ایک شخص کوخلیفہ مقررکرلو۔آپؓ نے حضرت عبداﷲ بن عمرؓ کووصیت کرتے ہوئے فرمایاکہ بیٹا!جب میں مرجاؤں تومیری آنکھیں بندکردینااورمیرے کفن میں میانہ روی اختیارکرنااوراسراف نہ کرناکیونکہ اگرمیں اﷲ پاک کی بارگاہ میں مقبول ہوامجھے دنیاسے بہترکفن مل جائے گااوراگرمیں اﷲ پاک کی بارگاہ میں مقبول نہ ہواتویہ کفن میرے پاس نہیں رہے گااورمجھ سے چھین لیاجائے گا۔میری قبرکوزیادہ لمبی اورچوڑی نہ کرناکیونکہ اگرمیں اﷲ پاک کے نزدیک معتبرہواتووہ میری قبرکوحدنگاہ وسیع کردے گاورنہ میری قبرجتنی مرضی چوڑی ہووہ اتنی تنگ کردی جائیگی کہ میری پسلیاں ٹوٹ جائیں ۔آپ۲۶ذی الحجہ ۲۳ہجری کوزخمی ہوئے تھے ۔آپؓ کاوصال یکم محرم الحرام ۲۴ہجری بروزہفتہ کو ہوا۔(اِنّالِلّٰہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْن )وصال کے وقت آپؓ کی عمرمبارکہ قریباً63 برس تھی ۔آپؓ کوامیرالمومنین سیدناحضرت ابوبکرصدیقؓ کے پہلومیں دفن کیاگیا۔آپؓ کوبیری کے پتوں میں ابلے ہوئے پانی سے تین مرتبہ غسل دیاگیا۔آپؓ کی نمازہ جنازہ حضرت صہیب رومیؓ نے پڑھائی جوکہ نبی کریم رؤف رحیمﷺ کے منبراورمزارکے درمیان ریاض الجنۃ میں اداکی گئی جبکہ حضرت سیدناعثمان غنیؓ ،حضرت سیدناعلی المرتضی شیرخداؓ ،حضرت زبیربن العوام ،حضرت عبدالرحمن بن عوف اورحضرت عبداﷲ بن عمرؓ نے آپؓ کے جسم مبارکہ کوقبرمبارک میں اتارا۔ اﷲ رب العزت ہم سب کے صغیرہ کبیرہ گناہوں کومعاف فرمائے بروزقیامت آقائے دوجہاں سرورکون ومکاںﷺکی شفاعت نصیب فرمائے۔آمین

Hafiz kareem ullah Chishti
About the Author: Hafiz kareem ullah Chishti Read More Articles by Hafiz kareem ullah Chishti: 179 Articles with 273709 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.