چھے کلموں کے فضائل اور برکات

سرکار مدینہ ﷺ کی شفاعت کا حق دار کون؟
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ آقائے دو جہاں حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ تمام اذکار میں افضل لا الہ الا اللہ ہے اور تمام دعاؤں میں افضل الحمدللہ ہے۔ (مشکوٰۃ شریف)٭ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ میں نے آقا دوجہاں ﷺ سے پوچھا کہ قیامت کے دن آپ کی شفاعت سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا کون ہوگا۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جودل کے خلوص کے ساتھ لاالہ الا اللہ کہے گا وہ میری شفاعت سے زیادہ مستفید ہوگا۔ (بخاری) ٭حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ تم اپنے ایمان کی تجدید کرتے رہا کرو ہم نے عرض کیا کہ یارسول اللہ ﷺ ہم اپنے ایمان کی تجدید کیسے کیا کریں تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا لاالہ الا اللہ کثرت سے پڑھا کرو۔ (طبرانی شریف)

جنت کی کنجیاں آپ کے ہاتھ
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ لا الہ الااللہ کی شہادت (گواہی) جنت کی کنجیاں ہیں۔ (مشکوٰۃ شریف) ٭حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن میری امت میں سے ایک شخص کو منتخب فرما کر تمام لوگوں کے سامنے بلائیں گے پھر اس کے ننانوے اعمال نامے کھولے جائیں گے جو کہ گناہوں سے بھرے ہونگے۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے تیرے پاس کوئی عذر ہے؟ بندہ عرض کرے گا مولا میرے پاس کوئی عذر نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ ہمارے پاس تیری ایک نیکی ہے پھر ایک کاغذ کا پرزہ لیا جائے گا جس پر کلمہ لکھا ہوا ہوگا۔ پھر ترازو کے ایک پلڑے میں گناہوںسے بھرے ہوئے ننانوے اعمال نامے رکھ دئیے جائیں گے اور دوسرے پلڑے میں کلمہ شہادت والا پرزہ رکھ دیا جائے گا پس یہ پرزہ اعمال ناموں پر بھاری ہوگا۔ (ترمذی شریف)

احد پہاڑ سے زیادہ ثواب
تیسرا کلمہ اللہ تعالیٰ کی تسبیح‘ تحمید اور تہلیل پر مشتمل ہے۔ احادیث میں اس کی بہت فضیلت بیان ہوئی ہے۔
٭ آقائے دوجہاں ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ کیا تم میں سے کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو احد پہاڑ کے برابر عمل کرلیا کرے؟ عرض کی کہ وہ کیسے یارسول اللہ ﷺ؟ آپﷺ نے فرمایا کہ ہر شخص کرسکتا ہے کیونکہ سبحان اللہ پڑھنے کا ثواب احد سے زیادہ ہے۔ لاالہ الا اللہ کا ثواب احد سے زیادہ ہے۔ الحمدللہ کا ثواب احد سے زیادہ ہے۔ اللہ اکبر کا ثواب احد سے زیادہ ہے۔ (جمع الفوائد)

آسمانوں کے دروازے کھل گئے
حضور خاتم المرسلین ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس نے اخلاص کے ساتھ لاالہ الااللہ کہا وہ جنت میں داخل ہوگا کسی نے پوچھا کہ اخلاص کیا ہے؟ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا حرام کاموں سے رک جائے۔ (طبرانی)
٭ تاجدار کائنات ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب بھی کوئی شخص لاالہ الا اللہ کہتا ہے تو اس کے لیے آسمانوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں یہاں تک کہ یہ کلمہ عرش تک پہنچتا ہے بشرطیکہ وہ کبیرہ گناہوں سے بچا رہے۔ (ترمذی)
شیطان کی خطرناک چال سے بچیے
پانچواں کلمہ استغفار پر مشتمل ہے۔ استغفار کے معنی ہے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں گناہوں کی معافی مانگنا اور توبہ کرنا اس عمل کی احادیث میں بہت زیادہ فضیلت بیان ہوئی ہے۔
٭شفیع المسلمین ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ لاالہ الا اللہ اور استغفار کثرت سے پڑھا کرو کیونکہ شیطان کہتا ہے کہ میں نے لوگوں کو گناہوں سے ہلاک کیالوگوں نے مجھے لاالہ الا اللہ اور استغفار سے ہلاک کردیا جب میں نے یہ معاملہ دیکھا تو انہیں خواہشات نفس میں ڈال دیا جبکہ وہ اپنے آپ کو غلط فہمی سے ہدایت پر ہی سمجھتے رہے۔ (جامع الصغیر)

ایمان اور تقویٰ کی سلامتی
چھٹے کلمے میں مسلمان کفر و شرک‘ جھوٹ‘ غیبت‘ بدعت‘ چغلی‘ بے حیائی‘ بہتان طرازی اوردیگر گناہوں سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگتا ہے ۔ کفر و شرک کی وجہ سے انسان اپنے خالق و مالک سے مکمل قطع تعلق کا شکار ہوجاتا ہے۔ جھوٹ انسان میں منافقت پیدا کرتا ہے‘ غیبت اور بہتان طرازی انسان کی نیکیوں کو مٹا دیتی ہے جس طرح آگ لکڑیوں کو جلاڈالتی ہے بے حیائی کی وجہ سے انسان عفت و عصمت اور پاکدامنی کی دولت سے محروم ہوجاتا ہے چنانچہ اس کلمہ میں مومن کو ترغیب دی گئی ہے کہ وہ ہر حال میں ان گناہوں سے بچنے کیلئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں پناہ کی درخواست کرتا رہے تاکہ اس کا ایمان اور تقویٰ سلامت رہے۔

عبقری سے اقتباس
Jaleel Ahmed
About the Author: Jaleel Ahmed Read More Articles by Jaleel Ahmed: 383 Articles with 1178900 views Mien aik baat clear karna chahta hoon k mery zeyata tar article Ubqari.org se hoty hain mera Ubqari se koi barayrast koi taluk nahi. Ubqari se baray r.. View More