خطرناک عادات جنہیں ہم مفید سمجھتے ہیں

صحت پانے کے چکر میں روزمرہ معمولات انجام دیتے بہت سے لوگ ایسے عمل بھی اپنا لیتے ہیں جو فائدہ کم، نقصان زیادہ پہنچاتے ہیں اور نہ صرف یہ کہ یہ خطرناک عمل ہم خود کرتے ہیں بلکہ اپنے بچوں کو بھی انہیں عمل کو اپنانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ذیل میں انہی اعمال کا تذکرہ پیش ہے اور انھیں درست طریقے سے اپنانے کا سلیقہ بھی!
 

دانت برش کرنا
بچوں بڑوں میں یہ نظریہ مقبول ہو چکا کہ ہر کھانے کے بعد دانت برش کرنے چاہئیں تاکہ وہ جراثیم سے پاک رہ سکیں۔مسئلہ یہ ہے، بہت سی غذائیں ہمارے دانتوں پہ تیزابی اثرات مرتب کرتی ہیں۔ چناں چہ تیزاب کی موجودگی سے دانتوں کی حفاظت کرنے والا قدرتی مادے،اینمل کمزور پڑ جات اہے۔ لہذا جب ہم کھانے کے فوراً بعد دانت برش کریں، تو کمزور ہوئے اینمل کا کچھ حصہ اتر سکتا ہے۔اور جب اینمل نہ رہے، تو ہمارے دانت بھربھرے ہو کر بوسیدگی کا نشانہ بن جاتے ہیں۔اس خرابی سے بچنے کا طریق کار یہ ہے کہ کھانے کے بعد صرف کُلی کیجیے تاکہ دانتوں میں پھنسے غذائی ریشے باہر نکل جائیں۔جبکہ صرف رات اور صبح کو نرمی سے دانت صاف کریں۔ مزید براں جدید تحقیق سے انکشاف ہوا ہے ، دانت صاف کرنے کا بہترین طریق یہ ہے کہ برش کو دانتوں پہ گھمایا جائے۔یوں دانتوں اور مسوڑھوں سے چمٹے جراثیم دور ہو جاتے ہیں۔جبکہ دائیں بائیں یا اوپر نیچے برش کرنے سے نہ صرف جراثیم صحیح طرح صاف نہیں ہوتے، بلکہ مسوڑھوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

image


ایک وقت کا کھانا چھوڑنا
کئی مرد وزن ناشتہ یا دوپہر کا کھانا یہ سوچ کر نہیں کھاتے کہ وہ اگلے وقت کھا لیں گے۔ایسے لوگ مصروف یا پھر کم کھا کر وزن کم کرنے کے چکر میں ہوتے ہیں۔ مگر اس چلن میں خرابی یہ ہے کہ غذا نہ ملے، تو نہ صرف ہماری بھوک بڑھتی ہے، بلکہ ہمارا جسم بے چینی کا بھی اظہار کرتا ہے۔اسی لیے انسان عموماً بعد ازاں ایک آدھ چپاتی زیادہ کھا جاتا اور یوں موٹاپے کو دعوت دیتا ہے۔ صحیح طریق یہ ہے کہ اعتدال کے ساتھ ناشتہ کیجیے اور دوپہر کا کھانا کھائیے۔ یوں رات کو آپ دسترخوان پہ بیٹھے،تو ہرگز یہ تمنّا نہیں کریں گے کہ پلیٹ سالن سے بھر لیں۔

image


بوتل والا پانی پینا
ہمارے ہاں بوتل والا(Bottled)پانی پینے کا رواج جڑ پکڑ چکا ہے ۔وجہ یہی کہ نلکے کے پانی کو جراثیم آلودہ اور گندا سمجھا جاتا ہے۔مگر بوتل والے پانی کا نقصان یہ ہے کہ اس میں فلورائڈ موجود نہیں ہوتا۔یہ قدرتی نمک ہمارے دانتوں کو شکست و ریخت سے بچاتا ہے۔اسی باعث ماہرین طب اب مشورہ دیتے ہیں کہ واٹر فلٹر سے نکلا پانی نوش کیجیے۔ فلٹر پانی کو تمام جراثیم اور آلودگی سے پاک کر دیتا ہے،مگر اس میں موجود فلورائڈ ضائع نہیں کرتا ۔

image


ایروبک ورزش کرنا
بہت سے لوگ ایروبک(Aerobics) ورزشوں مثلاً پیدل چلنے،سائیکل چلانے، تیرنے یا دوڑنے کے ذریعے خود کو فٹ رکھنے کی سعی کرتے ہیں۔مگر اس نظام ِورزش کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ ہمارا جسم جب ایروبک ورزشوں کا عادی ہو جائے، تو کم چکنائی جلانے لگتا ہے۔ سو تب وہ سود مند نہیں رہتیں۔ اس خرابی سے بچنے کا گُر یہ ہے کہ ہفتے میں ایک دن صرف اناایروبک(Anaerobic) ورزشیں کیجیے۔ان میں وزن اٹھانے والی سبھی ایکسرسائزیں شامل ہیں۔ یوں انسانی بدن ایروبک ورزش کا عادی نہیں بن پاتا اور وہ صحت پہ خوشگوار اثرات مرتب کرتی ہے ۔

image


ملٹی وٹامن گولیوں کا استعمال
آج خصوصاً تعلیم یافتہ خواتین و حضرات یہ سمجھتے ہیں کہ فارمی غذاؤں میں غذائیت (وٹامن و معدنیات)نہیں ہوتی۔سو وہ ملٹی وٹامن گولی تقریباً روزانہ کھا کر مطلوبہ غذائیت پانے کی سعی کرتے ہیں۔ مگر جدید تحقیق انکشاف کر چکی کہ فارمی اور دیسی غذاؤں میں ذائقے کا فرق تو ہوتا ہے،غذائیت کے معاملے میں وہ تقریباً یکساں ہوتی ہیں۔اسی لیے وٹامن والی گولیوں کا خصوصاً روزانہ استعمال نقصان دہ بھی بن سکتا ہے۔وجہ یہ کہ جب انسانی بدن میں بعض وٹامن یا معدنیات کثیر تعداد میں جمع ہو جائیں،تو وہ خطرناک ثابت ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پہ وٹامن اے کی زیادتی شکم میں نشوونما پاتے بچے کو معذور بنا سکتی ہے۔وٹامن سی کی سطح بڑھ جائے،تو وہ معدے کا نظام تہہ وبالا کر ڈالتا ہے۔ وٹامن بی کی زیادتی سے ہمارے اعصاب پہ بُرا اثر پڑتا ہے۔ درج بالا خرابیوں کے باعث ہی ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ مطلوبہ غذائیت ملٹی وٹامن گولیاں نہیں صحت بخش خوراک کھا کر حاصل کیجیے۔حتٰی کہ جسم میں کسی وٹامن یا معدن کی کمی ہو جائے،تو ایسی غذائیں کھائیے جن میں وہ بکثرت ملتا ہو۔مثلاً آپ میں کیلشیم کی کمی ہے،تو پالک کھائیے یا دودھ پیجئیے۔گولیاں کھانی ہی ہیں،تو صرف ڈاکٹر کے مشورے سے کھائیے۔

image

بشکریہ: (سید عاصم محمود - دنیا)

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

There are some of common habits that every common person think that these are good for our health but these habbits are very dangerous for human life such as brush after taking lunch or dinner is very harmful for teeth and many more like these habbits..