جشن آزادی پاکستان اور تارکین وطن

برائے اشاعت خاص،آزادی ایڈیشن،14اگست

اگست کاتاریخی مہینہ شروع ہوچکایہ وہ مہینہ ہے جس میں بے شمار قربانیوں کے بعد پاکستان وجود میں آیاتھا ہرپاکستانی کواپنے وطن سے بے حد محبت ہے اگست کامہینہ شروع ہوتے ہی ملک بھرمیں 14اگست کوجشن آزادی منانے کے لئے سیمینارز،مقابلہ جات،تقریبات کی تیاریاں شروع ہوجاتی ہیں سبزہلالی پرچموں سے شہروں کوسجایا جاتاہے جبکہ قومی ترانوں کوگونج بھی ہرگھرسے سنائی دیتی ہے مساجد میں نوافل اداکیے جاتے ہیں جبکہ پاکستان کی لمبی عمرکے لئے دعائیں کی جاتی ہیں ہرچھوٹے بڑے کوجشن آزادی کی مبارک دی جاتی ہے پوری پاکستانی قوم اس دن خوشی سے سرشار ہوتی ہے کیونکہ انہیں اس دن ایک الگ ملک اور ہندو کے تسلط سے آزادی ملی تھی جہاں ملک بھر میں جشن آزادی کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں وہیں ملک سے باہر محنت مزدوری کرنیوالا طبقہ تارکین وطن بھی ملک سے جتنی محبت کرتاہے کوئی نہیں سوچ سکتاوہ بھی اس دن جشن آزادی پاکستان بڑے جوش وخروش سے مناتے ہیں بیرون ممالک میں رہتے ہوئے بھی انکے دلوں کے اندرپاکستان کی محبت ہے اورکیوں نہ ہوپاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیاجانے والا اسلامی ملک ہے تارکین وطن کوپاکستان کے ساتھ اتنا والہانہ لگاؤ ہے کہ پاکستان کوپہنچنے والے نقصان سے انکے دل تڑپ جاتے ہیں اوروہ ملک کی سلامتی کے لئے دعائیں کرتے رہتے ہیں تارکین وطن بیرون ممالک میں جشن آزادی کیسے مناتے ہیں آئیے اس کی ایک جھلک دیکھتے ہیں

فرانس میں مقیم پاکستانی جشن آزادی پاکستان بڑے جوش وخروش سے مناتے ہیں یوم آزادی کے موقع پرسفارتخانے میں تقریب منعقد کی جاتی ہے جہاں سفیرپاکستان دس بجے پرچم کشائی کرتے ہیں اس موقع پرقومی ترانہ بھی پڑھا جاتاہے جشن آزادی کی اس تقریب میں فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مقامی لوگوں کوبھی مدعو کیاجاتاہے جشن آزادی کے موقع پر فرانس کے مختلف علاقوں میں پاکستانی بچوں کے درمیان مقابلہ حسن قرآت ومقابلہ حسن نعت بھی کروائے جاتے ہین جبکہ کبڈی کے میچز بھی 14اگست کوکروائے جاتے ہیں جس میں یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں سفارتخانے کے علاوہ ادارہ منہاج القرآن اورعوامی تحریک بھی یوم آزادی کی تقریبات منعقد کرتی ہیں جن میں فرانس کی تمام سیاسی مذبہی سماجی ،کلچر تنظیمں اورکاروباری شخصیات کومدعو کیاجاتاہے ان تقریبات میں ملی نغمے پیش کیے جاتے ہیں ااوریوم آزادی و نظریہ پاکستان پرگفتگوکی جاتی ہے۔

جاپان میں رہنے والے پاکستانی بھی 14 اگست کوجشن آزادی پاکستان مناتے ہیں اس دن مختلف تقریبات کاانعقاد کیاجاتاہے گنماکین، ٹوکیو،سندھائی ودیگر علاقوں سے پاکستانی اکٹھے ہوتے ہین اوریوم آزادی کی تقریب بڑے جوش وخروش سے مناتے ہیں تقریب میں مقررین جشن آزادی پاکستان پرخطابات کرتے ہیں جبکہ ملی نغموں سے ان محفلوں کوسجایا جاتاہے جاپان میں جشن آزادی پاکستان کی ہونے والی ان تقریبات میں بڑوں اوربچوں کے لئے کوئینرپروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں جبکہ پروجیکشن کے ذریعے تاریخ پاکستان اورقائداعظم کے متعلق فلمیں بھی دکھائی جاتی ہیں جاپان میں جشن آزادی کے جلسے مسلم لیگ(ن) بھی منعقد کرتی ہے جس میں پاکستانی باشندوں کے علاوہ مقامی لوگ بھی شرکت کرتے ہیں اوران تقربیات سے محظوظ ہوتے ہیں۔

ہالینڈ میں پاکستان کے سفیرکی رہائش گاہ پرجشن آزادی پاکستان کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں پاکستانی خواتین ومرد،بچے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں تلاوت قرآن سے شروع ہونے والی اس تقریب میں ملی نغموں کی گونج پاکستانیوں کے چہروں کوخوشگوار کردیتاہے اس تقریب میں پاکستان کاسبزہلالی پرچم بھی لہرایا جاتاہے جبکہ مقررین قائداعظم محمدعلی جناح،علامہ اقبال کوجدوجہد پاکستان پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں اورپاکستان کی بقاء کے لئے دعائیں بھی مانگی جاتی ہیں-

آسٹریلیا میں بھی پاکستان کایوم آزادی پورے جوش وجذبے اورپاکستان کے استحکام کے لئے کی گئی دعاؤں کے ساتھ منایا جاتاہے پاکستانی ہائی کمیشن میں جشن آزادی کی تقریب ہرسال 14اگست کومنعقد کی جاتی جس میں کینڈا میں مقیم پکاکستانیوں کے علاوہ سڈنی ودیگر علاقوں سے بھی پاکستان ومقامی لوگ شرکت کرتے ہیں اس تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کی عمارت کے سامنے پاکستان کے ہائی کمشنرپاکستانی خواتین وحضرات کی موجودگی میں پاکستانی پرچم لہراتے ہیں اس وقت وہاں موجود افراد قومی ترانہ بلندآواز میں ملکر پڑھتے ہیں گزشتہ سال ہائی کمیشن میں منعقد ہونے والی تقریب میں صدرپاکستان اوروزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کرسنائے گئے جس کے بعد ہائی کمیشنرعزت مآب جلیل عباس جیلانی نے حاضرین کویوم آزادی کی مبارکباد دی اورکہاکہ پاکستان کی آزادی قائداعظم کی مدبرانہ قیادت اوران بے شمار قربانیوں کی مرہون منت ہے جن کی لہوکی خوشبو آج بھی وطن عزیز کی مٹی میں موجود ہے انہوں نے مزیدکہاکہ ہم اس موقع پرمقبوضہ کشمیر کے عوام کوبھی فراموش نہیں کرسکتے جنہیں ایک بارپھرمقبوکشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کاسامنا اس تقریب میں شعراء نے اپنااپنا کلام بھی پیش کیا اورملک کی بقاء کیلئے دعاکی۔

امریکہ میں پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر15اگست 2008 گزشتہ سال ایک مشاعرہ پاکستان سینڑہیوسٹن میں پاکستان ایسوی ایشن آف گہریٹر ہیوسٹن کے زیراہتمام منعقدہواجس کے مہمان خصوصی جناب حمایت علی شاعرتھے اس مشاعرے میں آزادی پاکستان کے متعلق اشعار پیش کیے گئے حصول پاکستان کے لئے دی گئی قربانیوں کاتذکرہ بھی کیا گیا۔

پاکستانی جہاں کہیں بھی ہو وہ14اگست کونہیں بھول پاتا جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے ضرورتقریبات کے علاوہ استحکام پاکستان کے لئے دعائیں کرتے ہیں اپنے وطن عزیزکوچھوڑ کردیارغیرمیں بسنے والے پاکستانی 14اگست کوجشن آزادی بڑے جوش وخروش سے مناتے ہیں فرانس،جاپان،ہالینڈ،امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی طرح ڈنمارک کے تارکین وطن بھی جشن آزادی بڑے دھوم دھام سے مناتے ہیں ،کوپن ہیگن کے نواح میں باکن میلہ کی جگہ ہرسال پاکستان کایوم آزادی بڑے شان وشوکت سے منایا جاتاہے دورونزدیک سے ہزاروں اہل وطن بچوں فیملیوں سمیت جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کرکے اپنے وطن عزیز کے ساتھ محبت کاثبوت دیتے ہیں اس تقریب میں ہرسال تقاریر،ترانوں ونغموں کاسلسلہ رات دس بجے تک چلتا رہتا ہے،دس بجے کیک اورآتشبازی کے ساتھ اس تقریبب کااختتام ہوتاہے۔

دبئی میں جشن آزادی کی خوشیوں کوشایان شان طریقے سے منانے کے لئے ہرسال کی طرح اے ٹی وی دبئی سنٹر ایک شاندار پروگرام اس سال بھی ترتیب دے رہاہے جس میں پاکستان کے نمایاں فنکار شرکت کریں گے پروگرام کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اس پروگرام میں ملی نغموں کے علاوہ پرچم کشائی اورکوئز مقابلے بھی کروائے جاتے ہیں جس میں چھوٹے بڑے سب حصہ لیتے ہیں دبئی میں بسنے والی پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد جشن آزادی پاکستان میں شرکت کرتی ہے۔

ناروے میں بھی پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پرمختلف تقریبات کاانعقاد کیاجاتاہے جس میں بچوں اوررخواتین کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے ان تقریبات میں پاکستانی شلوار قمیض میں ملبوس ہوکرشرکت کرتے ہیں اور پاکستان کلچر کونمایایاں کرتے ہیں گزشتہ سال پاکستان کلچرل سوسائٹی شیمشوناروے میں ہونے والی 14اگست کی تقریب میں مقررین نے اپنے خطابات میں14اگست کے پس منظر پرروشنی ڈالی اورملکی استحکام بقاء کیلئے دعائیں کیں تقریب کے اختتام پرملی ترانے گائے گئے اورمہمانوں کوگلدستے پیش کئے گئے ۔

اسپین میں بھی مقیم پاکستانی جشن آزادی منانے میں کسی سے پیچھے نہیں منہاج القرآن انٹرنیشل سپین دیگر مقامی تنظیمات سے ملکر بارسلونا سنٹر میں جشن آزادی کاسب سے بڑے پروگرام کاانعقاد کرتی ہے جس میں پاکستانی کے علاوہ مقامی لوگ بھی بڑی تعدادمیں شرکت کرتے ہیں پاکستان کاقومی ترانہ پیش کرنے دوران پاکستانی ومقامی لوگ سب ترانے کے احترام میں کھڑے ہوجاتے ہیں تقریب میں شریک بچے ملی نغمے گاتے ہیں جبکہ مقررین قیام پاکستان کے موضوع پرخطابات بھی کرتے یں گزشتہ سال اس تقریب میں قونصل جنرل آف پاکستان سیدایازحسین نے بھی شرکت کی اورپاکستان کمیونٹی کوجشن آزادی پرمبارکبار پیش کی اورملی نغموں،کوئز مقابلہ جات میں حصہ لینے والوں میں شیلڈزتقسیم کیں۔

ہماری طرف سے تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی مبارک ہو۔
Mumtaz Awan
About the Author: Mumtaz Awan Read More Articles by Mumtaz Awan: 267 Articles with 175989 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.