جشنِ ولادت منانے کی برکت

آپﷺ کے چچا ابو لہب کی لونڈی''ثویبہ''خوشی میں دوڑتی ہوئی گئی اور''ابو لہب''کو بھتیجا پیدا ہونے کی خوشخبری دی تو اس نے اس خوشی میں شہادت کی انگلی کے اشارہ سے ''ثویبہ''کو آزاد کر دیا جس کا ثمرہ ابو لہب کو یہ ملاکہ اس کی موت کے بعد اس کے گھر والوں نے اس کو خواب میں دیکھااور حال پوچھا،تو اس نے اپنی انگلی اٹھا کر یہ کہا کہ تم لوگوں سے جدا ہونے کے بعد مجھے کچھ(کھانے پینے)کو نہیں ملا بجز اس کے کہ"ثویبہ"کو آزاد کرنے کے سبب سے اس انگلی کے ذریعہ کچھ پانی پلا دیا جاتا ہوں۔(صحیح البخاری، الحدیث۵۱۰۱، ج۳، ص۴۳۲)

اس موقع پر حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے ایک بہت ہی فکرانگیز اور بصیرت افروز بات تحریر فرمائی ہے جو اہل محبت کے لئے نہایت ہی لذت بخش ہے،وہ لکھتے ہیں کہ اس جگہ میلاد کرنے والوں کے لئے ایک سند ہے کہ یہ آنحضرت ﷺکی شب ولادت میں خوشی مناتےہیں اور اپنا مال خرچ کرتےہیں ۔مطلب یہ ہے کہ جب ابو لہب کو جو کافر تھااور اس کی مذمت میں قرآن نازل ہوا، آنحضرت ﷺ کی ولادت پر خوشی منانے،اور باندی کا دودھ خرچ کرنے پرجزا دی گئی تو اس مسلمان کا کیا حال ہو گا جو آنحضرت ﷺ کی محبت میں سرشار ہو کر خوشی مناتا ہے اور اپنا مال خرچ کرتا ہے۔(مدارج النبوۃ ج۲ ص۱۹)

شیخ عبدُالحقّ مُحَدِّ ث دِہلوی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ مزید فرماتے ہیں ،ہمارے پیارے نبی ﷺکی ولادت کی رات خوشی منانے والوں کی جَزاء یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں فضل و کرم سے جنات النعیم میں داخِل فرمائے گا۔ مسلمان ہمیشہ سے محفِلِ میلادمنعقد کرتے آئےہیں اور وِلادت کی خوشی میں دعوتیں دیتے ، کھانے پکواتے اور خوب صدقہ وخیرات دیتے آئے ہیں۔ خوب خوشی کا اِظہار کرتے اور دل کھول کر خرچ کرتے ہیں نیز آپ ﷺ کی وِلادتِ باسعادت کے ذکر کا اہتمام کرتےہیں اوراپنے مکانوں کوسجاتے ہیں اور ان تمام افعالِ حَسَنہ کی برکت سے ان لوگوں پر اللہ عزوجل کی رَحمتوں کا نزول ہوتا ہے۔(ما ثبت بالسُّنَّۃ ص ۷۴ مرکز الاولیاء لاہور)
 

Nasir Memon
About the Author: Nasir Memon Read More Articles by Nasir Memon: 103 Articles with 180607 views I am working in IT Department of DawateIslami, Faizan-e-Madina, Babul Madinah, Karachi in the capacity of Project Lead... View More