تمام اہل وطن کوعید سعید مبارک ھو

رمضان کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔اس مہینہ کے آتے ہی مسلمانوں کی زندگی میں بہار آجاتی ہے۔مسلمانوں کا ذوق عبادت آسمان کو چھونے لگتا ہے۔ مسلمان اہتمام کے ساتھ رمضان میں روزہ رکھتے ہیں، نماز پڑھتے ہیں اور ذکرو تلاوت قرآن کرتے ہیں۔

روزہ اسلام کا تیسرا بنیادی رکن ہے جسکی پابندی ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے
“اے ایمان والو!تم پر اسی طرح روزے فرض کئے گئے ہیں جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے، تاکہ تم پرہیزگار بن جائو’’۔
ایک اور جگہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا :
“پس تم میں سےجوکوئ اس مہینہ کو پالے تو وہ اس کے روزے ضرور رکھے”۔
روزہ رکھنے کے بے شمار فائدے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ
“روزہ خاص میرے لئے ہیں اور میں ہی اسکی جزا دوں گا”۔
حضرت ابو ہریرہ ؓؓ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ‘‘روزہ دار کے منہ کی ہوا اﷲ تعالیٰ کے نزدیک یوم قیامت مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ بہتر ہے”۔

رمضان کا مہینہ تین عشروں پر محیط ہوتا ہے۔ پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے نجات کا عشرہ ہے۔تیسرے عشرہ میں لوگ اعتکاف میں بیٹھتے ہیں اور شب قدر تلاش کرتے ہیں۔

رمضان کا مہینہ دوسرے تمام مہینوں سے اعلیٰ و افضل ہےاسکی کئ وجوہات ہیں جن میں سے چیدہ چیدہ خصوصیات یہ ہیں۔اﷲتعالیٰ نے اپنے پیارے نبی ﷺ کو نبوت رمضان کے مہینے میں عطا کی۔ اس بات پر علماء متفق ہیں کہ شب قدر جو ہزار مہینوں سے بہتر ہےوہ بھی رمضان کے مہینے میں پایا جاتا ہے۔ قرآن جو اللہ تعالیٰ کی مقدس ترین کتاب ہے اللہ تعالیٰ نے اس کو شب قدر میں نازل کرنا شروع کیااور دوسری آسمانی کتابیں بھی اسی مہینے میں نازل ہوئیں۔ پاکستان جو کہ ایک نظریاتی ریاست ہے رمضان کی ستائیسویں شب یعنی کے شب قدر کی رات دنیا کے نقشے پر وجود میں آیا۔ اگر ہم نعرہ پاکستان یعنی اس جملہ پر غور کریں “پاکستان کا مطلب کیا ۔ لاالہ اللہ’’ تو مندرجہ بالا دلائل کی روشنی میں یہ بات صاف طور پر عیاں ہو جاتی ہے کہ ریاست پاکستان قدرت کا ایک خاص تحفہ ہے لہٰذا ہمیں دل و جان سے اس کی خدمت کرنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ کے اس نعمت پر اس کا شکر ادا کرتے رہنا چاہئیے۔

بد قسمتی سے چند مسلح دہشت گرد جنہیں غیر ملکیوں کی مدد حاصل ہےپاکستان کی ساکھ کو چیلنج کر رکھا ہے ۔پاکستان میں امن و امان کو تباہ کرنے ، پاکستانیوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے اور ملکی املاک کو تباہ و برباد کرنے کا پورا ارادہ کر رکھا ہے۔پاک افواج نے“ آپریشن ضرب عضب ”کے نام سے انکے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ پہلے مرحلے میں فضائ حملہ کیا گیا اور پھر زمینی کاروائ شروع کی گئ۔ پاک فوج بڑے ہی مہارت سے یہ آپریشن کر رہی ہے اور اسے کامیابی بھی مل رہی ہے لیکن اس آپریشن میں فوج کے جوان بھی شہید ہورہے ہیں ۔ یہ آپریشن رمضان کے مہینے میں بھی جاری ہے۔ مجھے امید ہے کہ جس طرح پاکستان رمضان کے مہینے میں معرض وجود میں آیا تھا اسی طرح یہ آپریشن بھی ضرور کامیاب ہوگا اور پاکستان کی رٹ ضرور بحال ہوگی۔ انشاء اللہ تعالیٰ۔

عید اللہ تعالیٰ کے طرف سے مسلمانوں کے لئے ایک تحفہ ہے جو انہیں رمضان کے روزے رکھنے کی صورت میں بطور انعام دیا جاتا ہے۔ مسلمان عید والے دن عید کی نماز پڑھتے ہیں اور ایک دوسرے سے گلے ملتے ہیں اور اس طرح وہ اپنی خوشیوں کا اظہار کرتے ہیں۔ میری پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی خوشیوں میں آپریشن ضرب عضب کے متاثریں جنہیں آئ ڈی پیز بھی کہتے ہیں کو بھی شامل کریں اور اپنی دعائوں میں پاک فوج کے شہیدوں اور فلسطین کے مسلمانوں کو ضرور یاد رکھیں۔
siraj
About the Author: sirajCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.