نادرات غالب لائبریری مرتبہ ڈاکٹر معین الدین عقیل

نادرات غالب لائبریری: ڈاکٹر معین الدین عقیل۔لاہور:مغربی پاکستان اردو اکیڈمی۔۲۰۱۴ء ۔۱۴۲ص۔۳۰۰روپے۔مجلد

ڈاکٹر معین الدین عقیل اردو ادب کے ان معروف شخصیت میں سے ایک ہیں جنہوں نے اردو ادب میں پی ایچ ڈی کے بعد ڈی لیٹ کی ڈگری حاصل کی۔انکا دوسرا اعزاز یہ ہے کہ انہوں نے نہ صرف پاکستان کی جامعات میں بلکہ بیرون ملک اٹلی بالخصوص جاپان میں اردو تعلیم ، تدریس اور تحقیق میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر اردو کو روشناس کروانے کے لئےاپنا ذخیرہ کتب جاپان منتقل کر دیا۔
ڈاکٹر معین الدین عقیل نہ صرف مزاجا بلکہ تحریر میں بھی متین اور سنجیدہ نیز بردبار شخصیت اور معتبر مقام کے حامل ہیں۔انکی کئی کتابیں اور بے شمار مضامین شائع ہو چکے ہیں۔تحقیق میں چونکہ ماخذ سے رہنمائی ملتی ہےاس لئے انھوں نے کئی موضوعاتی فہرستیں بھی مرتب کی ہیں۔"نادرات غالب لائبریری"انکی تازہ ترین تالیف ہے۔

نادر کتب سے مراد وہ کتاب ہےجو نایاب اور کمیاب ہے۔ اس کی تاریخی اہمیت ہے۔اس تالیف کے مرتب کرنے کا اہم مقصد یہ ہے کہ نادر و نایاب کتب کی اس فہرست سے محققین استفادہ حاصل کر سکیں۔ یہ کتاب مرزا ظفر الحسن کی زندگی میں مرتب ہونا شروع ہوئی اور انکے انتقال کے بعد پائہ تکمیل کو پہنچی۔اس کی اشاعت کا اہتمام مغربی پاکستان اردو اکیڈمی،لاہور نے کیا۔

زیر تبصرہ کتاب "نادرات غالب لائبریری" غالب لائبریری میں محفوظ کمیاب کتابوں کی وضاحتی فہرست کا انتساب غالب لائبریری کے بانی و مہتمم مرزا ظفرالحسن مرحوم کی آخری یادگاروں بیگم مرزاظفرالحسن اور نسیم احمد کےنام ہے۔فہرست موضوعات کے بعد "معروضہ" ڈاکٹر معین الدین عقیل کی جانب سے ۸جون ۲۰۱۱ء کو پیش کیا گیا ہے۔

فہرست موضوعات میں مختلف عنوانات کے تحت جو موضوعات پیش کئے گئے ہیں اس میں مذاہب پرعیسائیت کی ایک کتاب،ہندومت کی ۵کتب شامل کی گئی ہیں۔ااسلام کے تحت فلسفہ اسلام کی ۵ کتب، تفسیرو اصول تفسیر ۹، عقائد و فقہ ۱۸، فتاوی چھ، مسائل و عبادت ۱۰،اخلاق و مواعظ۱۱،تاریخ اسلام اور دنیا ئے اسلام پر ۱۰ کتب شامل ہیں۔سوانح کے تحت سیرۃالنبی پر ۱۰کتب،شخصیات پر ۲۳، لغات ۲۱،تاریخ زبان اور قواعد وعروض ۱۸،قانون ۵ ،تعلیم ۳،سائنس ۲،طبیعات ۱،ارضیات ۲،کیمیا ۱، زراعت ۳ اور طب کی ۲ کتب شامل فہرست ہیں۔ادبیات کے تحت داستان پر ۱۸ کتب، ڈراما پر ۳،ناول ۲۷،حکایات قصص وافسانہ۱۲،عالبیات ۲۳،مضامین و مقالات ۹،خطبات ،تقاریر و روداد ۱۰،سوانح ادبی ۲۷، انشاء ۶،مکتوبات ۵، کلیات ودواوین ۱۵۲،مثنویات پر ۲۵ کتابوں پر مشتمل فہرست موجود ہے۔

تاریخ عام کے تحت تاریخ قدیم پر ۹کتب،تاریخ ہند پر ۲۵، تاریخی آثار ۵،معاشرت ۵، سیاسی وقومی مسائل:ترکی ۳، ہندوستان ۵،شخصیات عالمی پر ۸، شخصیات ہندوستانی پر ۳۱ کتب کے اندراجات موجود ہیں۔
یہ اندراجات کتاب کے عنوان کے تحت درج ہیں۔ اس کے بعد مصنف کا نام کہیں تبدیل شدہ شکل میں ہے اور کہیں نہیں۔مصنف کے بعد جگہ اشاعت، ناشر،تاریخ اشاعت اور صفحات کی تعداد کا ذکر ہےاس کے بعد کتاب کی حالت اور موضوع کے بارے میں چند سطریں درج ہیں۔

آخر میں اشاریہ میں فہرست مصنفین اور فہرست کتب کو شامل کیا گیا ہے۔ موضوعات ۴۹ ہیں اور ان کی تقسیم ڈیوی اسکیم کے مطابق کی گئی ہے۔ کتاب کی جلد، مضبوط، اوراق معیاری اور چھپائی نفیس ہے۔محققین کے لئے افادیت کی حامل ہے۔